Tag: چیئرمین سینیٹ

  • پیپلز پارٹی سمیت کسی جمہوری حکومت نے تعلیم و صحت میں کام نہیں کیا، رضا ربانی

    پیپلز پارٹی سمیت کسی جمہوری حکومت نے تعلیم و صحت میں کام نہیں کیا، رضا ربانی

    کراچی : چیئر مین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ ملک کو ڈکٹیٹرز نے ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے لیکن پیپلز پارٹی سمیت کسی جمہوری حکومت نے بھی تعلیم و صحت کے شعبے میں کوئی کام نہیں کیا ہے۔

    چیئرمین سینیٹ نے بحریہ یونیورسٹی کراچی میں منعقد کردہ ایک تقریب میں’’ آئینی حکمرانی کی اہمیت‘‘ پر طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے کیوں کہ پلی بارگین قانون کی موجودگی تک کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں ہے اس قانون کی وجہ سے نیب کرپشن کے خاتمے کا نہیں بلکہ بڑھاوے کا باعث بن رہا ہے۔

    چئیر مین سینیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان جس مقصدکے لیےحاصل کیاگیا تھا اب وہ تبدیل ہوچکا ہے جس کی بنیادی وجہ ملک میں آئین کی حکمرانی اور پارلیمانی نظام حکومت کو نہ چلنے دینا ہے دوسری منتخب نمائندوں نے بھی اپنی ذمہ داریاں درست طریقے سے نہیں نبھائیں۔

    انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے جمہوریت پر بار بار شب خون نے حالات اس نہج تک پہنچادیئے ہیں اور اس کے ذمہ دار وہ ڈکٹیٹرز ہیں جنہوں نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور طلبا و ٹریڈز یونین پر پابندی عائد کر کے اظہار حق رائے دہی پر قدغن لگائی۔

    رضا ربانی نے کہا کہ سیاستدانوں کے خلاف ہمیشہ منفی پروپیگنڈا کیا گیا اور اس آڑ میں سیاست دانوں پر اور سیاسی سرگرمیوں پر بھی پابندیاں عائد کی گئیں جس کے لیے ملک میں سیاست دانوں کے لیے کچھ اور اور دیگر کے لیے کچھ اور رویوں کو پروان چڑھایا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ سابق صدر ضیاء الحق نے آئین میں ترامیم کرائیں اور مذہبی جماعتوں اور انتہا پسندی کو فروغ دیا جب کہ دانشوروں ، ادیب اور سیاسی و سماجی رہنماؤں پر پابندی لگا کر پابند سلاسل کیا۔

    اس موقع پر میاں رضا ربانی نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سینٹ ہونے کے باجود لاپتہ افراد کے لیے کچھ نہیں کرسکے ہیں اس حوالے سے اپنی کارکردگی پر افسوس بھی ہے اور تشویش بھی ہے۔

    رضاربا نی نے کہا کہ میری اپنی جماعت پیپلزپارٹی سمیت جمہوری حکومتوں کے ادوار میں تعلیم اورصحت کے شعبوں کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے جس کا خمیازہ آئندہ آنے والی نسلوں کو بھی بھگتنا پڑےگا۔

  • دہشت گردی: چیئرمین سینیٹ نے حکومت سے ان کیمرا بریفنگ مانگ لی

    دہشت گردی: چیئرمین سینیٹ نے حکومت سے ان کیمرا بریفنگ مانگ لی

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ نے دہشت گردی کے واقعات پر حکومت سے ان کیمرا بریفنگ مانگ لی اور سینیٹ کے اجلاس میں بریفنگ دینے والے وزیر مملکت بلیغ الرحمان کو جواب دیا ہے کہ وہ اخباری تراشے نہ سنائیں ایوان کو اعتماد میں لیں۔

    سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ملکی سیکیورٹی صورتحال پر وزیر مملکت بلیغ الرحمان نے ایوان کو بریفنگ دی۔

    انہوں نے کہا کہ لاہور دھماکے کی ذمہ دار کالعدم تنظیم افغانستان میں موجود ہے، وہ افغان صوبے لال پور، ننگرہار سے اپنا نیٹ ورک چلارہی ہے، حکومت دہشت گردی کی روک تھام میں سنجیدہ ہے،لاہور دھماکے کی پیشگی اطلاعات موجود تھیں اس لیے دہشت گرد زیادہ نقصان نہیں پہنچا سکے۔

    انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں بی ڈی ایس اہلکار بم ناکارہ بناتے ہوئے شہید ہوئے جن کی شہادت کی تحقیقات جاری ہیں، پشاور حیات آباد دھماکے کی تفصیلات بتاتے ہوئے بلیغ الرحمان نے کہا کہ خود کش حملہ آر پشاور کے علاقے میں ججز کی گاڑی سے ٹکرایا جبکہ مہمند ایجنسی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

    وزیرمملکت نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کی روک تھام کے لیے کوشاں ہے اس لیے ہم نے افغانستان سے احتجاج کیا ہے کہ وہ اپنی زمین دہشت گردی کے استعمال کرنے کی اجازت نہ دے۔

    بلیغ الرحمان کی بریفننگ پر چیئرمین سینیٹ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایوان کو اعتماد میں لیں ہمارا مقصد اخباری خبریں سننا نہیں بلکہ ملک کے لیے قانون سازی کرنا ہے۔

    رضا ربانی نے سیکورٹی صورتحال پر چیئرمین ان کیمرہ بریفنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کل سینیٹ میں مزید تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا۔

  • متعدد شہری لاپتا: چیئرمین سینیٹ نے حکومت سے جواب طلب کرلیا

    متعدد شہری لاپتا: چیئرمین سینیٹ نے حکومت سے جواب طلب کرلیا

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے لوگوں کے لاپتا ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اہم ایشو ہے، اگر ریاست اس کا کھوج نہیں لگاسکتی تو یہ بڑی عجیب بات ہے۔

    سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ شہریوں کے لاپتا ہونے پر سینیٹ کے اجلاس میں معاملہ اٹھایا گیا۔

    چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ پاکستان میں لوگوں کا لاپتا ہونا اہم معاملہ ہے،لوگوں کے لاپتا ہونے کے معاملے کو کم نہیں سمجھتے،اگر ریاست اس کا کھوج نہیں لگاسکتی تو یہ بڑا عجیب معاملہ ہے۔

    وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے کہا کہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے کام کر رہے ہیں، ملک میں 5 افراد لاپتا ہوئے،خبر چلانے والے سے پوچھا تو اس کے پاس ثبوت نہیں تھا، اس معاملے کی انکوائری کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی سے اسلام آباد آنے والا ثمر عباس لا پتا ہوا ہے، اسلام آباد میں جی الیون سے اسے ایس ایم ایس کیا گیا، پولیس انکوائری کررہی ہے،ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

    چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ اگر کوئی ملزم ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے،ریاست کو پتا نہ ہونا پھر پارلیمنٹ کو مکمل بریفنگ نہ دینا غلط ہے، افسوس ہے آپ کے پاس معلومات نہیں ہیں۔

  • احتساب کا موجودہ نظام ناکام ہوچکا ہے، چیئرمین سینیٹ کا کھلا خط

    احتساب کا موجودہ نظام ناکام ہوچکا ہے، چیئرمین سینیٹ کا کھلا خط

    اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ احتساب کا موجودہ نظام ناکام ہوچکا ہے، جمہوری نظام کی بقاء کو خطرات لاحق ہوگئےہیں۔ اب چھوٹی موٹی تبدیلی سے احتساب کے نظام کی بحالی ممکن نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستانی عوام کے نام اپنے کھلے خط میں کیا، چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ روایت سے ہٹ کر تحریر کے ذریعے عوام سے مخاطب ہیں، میرے منصب کا تقاضا ہے کہ میں غیر جانبدار رہوں۔

    مزید پڑھیں: دہشت گردی ایک یا دو آپریشن سے ختم نہیں ہوگی، رضا ربانی

    رضاربانی نے کہا احتساب کا موجودہ نظام ناکام ہوچکا ہے، جس سے جمہوری نظام کی بقاء کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں، اب چھوٹی موٹی تبدیلی سے احتساب کے تن مردہ میں جان نہیں پڑ سکتی۔

    مزید پڑھیں: سینیٹ کے بغیر وفاق کو نہیں چلایا جاسکتا،رضا ربانی

    چیئرمین سینیٹ نے پلی بارگین اوررقوم کی رضاکارانہ واپسی سے متعلق احتساب آرڈیننس کا قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔ رضا ربانی نے خط میں لکھا کہ قوانین پر نظر ثانی لازمی ہو چکی ہے۔ رضا ربانی نے کہا کہ بدعنوانی کے تمام پہلوؤں پر نظر رکھنے والا خود مختار ادارہ قائم کیا جائے جسے چیلنج کرنے والا کوئی نہ ہو۔

  • اسرائیل اور بھارت دونوں سب سےبڑے دہشت گرد ہیں،رضاربانی

    اسرائیل اور بھارت دونوں سب سےبڑے دہشت گرد ہیں،رضاربانی

    اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کا کہنا ہے ’’اسرائیل اور بھارت دونوں سب سے بڑے دہشت گرد ہیں‘‘۔

    تفصیلات کےمطابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کا کہناہے کہ اسرائیل اور بھارت ہمیشہ کو پاکستان کوغیرمستحکم رکھنےکی کوشش کرتاہے۔

    چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کا کہنا تھاکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی پارٹی بی جے پی نے ہندو قوم پرستی کی بنیاد پر انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔

    مزید پڑھیں:سمندری سرحد عبور کرنے والے بھارتی باشندے گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ روز میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے کُھلے سمندر میں کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کی مغربی سمندری سرحد عبور کرنے والے متعدد بھارتی باشندوں کو گرفتار کر کے کشتیاں ضبط کرلی تھیں۔

    مزید پڑھیں:پاکستان نے اپنی حدود میں آنے والا بھارتی ڈرون مار گرایا

    بعدازاں گزشتہ روز پاک فوج نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے بھارتی ڈرون کو مار گرایاتھا ڈرون 60 میٹر تک پاکستانی حدود میں داخل ہوگیا تھا۔

    واضح رہے کہ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ مفاد پرستی کی سیاست عروج پر ہے اوراصول پرستی اورپارٹی سےوفاداری بےمعنی ہورہی ہے۔

  • نیشنل ایکشن پلان کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے، میاں رضا ربانی

    نیشنل ایکشن پلان کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے، میاں رضا ربانی

    کوئٹہ : چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے نیشنل ایکشن پلان کی نگرانی کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دیدی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے بلوچستان ہائیکورٹ میں سانحہ کوئٹہ پر وکلاءرہنماﺅں سے تعزیت کی۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں وکلاء پرخود کش حملہ قتل عام کے مترادف اور ایک بڑا اشارہ ہے ہمیں محتاط ہونا پڑے گا۔

    میاں رضا ربانی نے نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد سے متعلق الزامات کو دہشت گردی کیخلاف جنگ کیلئے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن کیلئے اس جنگ کی اجتماعی ذمہ داری لینی ہوگی، جس کیلئے پارلیمنٹ بہترین فورم ہے۔

    چیئرمین سینیٹ نے سانحہ کوئٹہ میں بھاری جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق وکلاء کے پسماندگان کی دیکھ بھال اور بچوں کی تعلیم و دیگراخراجات کا ذمہ چاروں صوبوں کو اٹھانا چاہیئے جس کیلئے وہ چاروں وزراء اعلیٰ اور وفاقی حکومت سے بات کریں گے۔

     

  • وزراء کی عدم موجودگی پرچیئرمین سینیٹ کا اظہار برہمی

    وزراء کی عدم موجودگی پرچیئرمین سینیٹ کا اظہار برہمی

    اسلام آباد : سینیٹ میں وزراء کی عدم موجودگی پر چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی برہم ہوگئے، وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف کی جگہ وزیر مملکت عابد شیرعلی کو ایوان میں جواب دینے سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس چیئرمین میاں رضا ربانی کی زیر صدارت شروع ہوا تو ایوان میں وزراء کی کم شرکت پرچیئرمین نے برہمی کا اظہار کیا.

    سینیٹ میں کالا باغ ڈیم  سے متعلق الیاس بلور اورعاجز دھامرہ کےتوجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیرعلی نے جواب دینے کی کوشش کی تو چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ اہم معاملہ ہے وفاقی وزیر خواجہ آصف خود ایوان میں آ کر جواب دیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کی ایسی کیا مصروفیات ہیں کہ سینیٹ میں نہیں آسکتے۔ جس کے جواب میں عابد شیر علی نے کہا کہ خواجہ آصف دفاع  کے بھی وزیر ہیں انہیں اس سلسلے میں سارا دن مختلف وفود سے ملنا ہوتا ہے۔

    چیئرمین میاں رضا ربانی نے کہا کہ اگر وزیر دفاع خواجہ آصف دو وزارتیں نہیں سنبھال سکتے تو وزیر اعظم کو بتا دیں۔  بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس بدھ سہ پہر تین بجے تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔

     

  • سول ملٹری بیوروکریسی کے ہاتھ بھی صاف نہیں، رضا ربانی

    سول ملٹری بیوروکریسی کے ہاتھ بھی صاف نہیں، رضا ربانی

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ سول اور ملٹری بیورو کریسی پاک و شفاف نہیں ہیں، احتساب سب کا ہونا چاہیے،یہ نہیں چلے گا کہ سیاسی قوتوں کے لیے اسپیشل کورٹس بنائے جائیں۔

    پیپلزپارٹی کے رہنما رضاربانی جامعہ اردو کی ایک تقریب میں آج بہت فارم میں نظرآئے اور احتساب کرنے والوں پر خوب گرجے انہوں نے تسلیم کیا کہ پیپلزپارٹی کے ورکرزکرپشن میں ملوث ہیں لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہہ دیا کہ ملک میں کوئی بھی مقدس گائے نہیں، سب کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیاجائے۔

    رضاربانی نے کہا کرپشن کی تحقیقات کے لیے اسپیشل کورٹس بنائے جائیں لیکن پھر ہرکلاس کے لوگوں کو بھی وہاں لایاجائے، رضاربانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیب سےمتعلق کرپشن کےقوانین کی وضاحت ہونی چاہیے۔

    رضا ربانی کے بیان پرپی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ فوج کے اندراحتساب کاعمل موجود ہے۔

    ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نیب کا احتساب نامناسب ہے، اے این پی کے رہنما زاہد خان کہتے ہیں احتساب سب کا ہونا چاہیئے، زاہد خان کا کہنا تھا کہ احتساب سب کا ہوگا تو ملک بچ پائے گا۔

  • عرب امارت کے وزیر کا بیان سفارتی آداب کی خلاف ہے، رضا ربانی

    عرب امارت کے وزیر کا بیان سفارتی آداب کی خلاف ہے، رضا ربانی

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی قرارداد قومی امنگوں کی عکاس ہے اور عرب امارت کے وزیر کا بیان سفارتی آداب کی خلاف ہے ۔

    اسلام آباد میں سینیٹرز سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں  رضا ربانی نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ کو زیادہ ذمہ دار ادارہ بنانا چاہتے ہیں اور ایوان بالا میں وزراء اور اراکین کی حاضری یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی ۔

    چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس بات کی یقین دہانی وزیرِاعظم نے بھی کرائی ہے ۔

    رضا ربانی کا کہنا تھا کہ کہ سینیٹ کے اجلاس کے دوران سیکرٹریٹ کا اسٹاف بھی گیلری میں موجود ہوگا اور ان کی حاضری چیک کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ فوجی آمریت اور خاص طور پر پرویز مشرف کے غیر آئینی اقدامات افسوسناک تھے اور انہوں نے پارلیمنٹ کا تقدس پامال کیا ۔

    رضا ربانی نے کہا کہ اب سینیٹ کا اجلاس وقت پر ہوگا اور اجلاس کی کاروائی کم از کم ڈیڑھ سے تین گھنٹے چلے گی، ایوان میں دو یا تین ممبرز ہوں تو بھی کاروائی چلائی جائے گی۔

    سیمینار میں وسیم سجاد،مشاہد حسین سید ،طاہر حسین مشہدی اور دیگر نے بھی شرکت کی، انہوں نے سینیٹ کو مزید فعال بنانے کیلئے تجاویز بھی دیں۔