Tag: چیئرمین سینیٹ

  • چیئرمین سینیٹ نے اسحاق ڈار کی امیدوں پر پانی پھیر دیا

    چیئرمین سینیٹ نے اسحاق ڈار کی امیدوں پر پانی پھیر دیا

    اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسحاق ڈار کی ورچوئل حلف لینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ورچوئل حلف کوغیر آئینی قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اشتہاری اور مفرور ملزم اسحاق ڈار کو جوابی خط لکھ دیا ، جس میں کہا گیا کہ اسحاق ڈار سے ورچوئل حلف لیناغیر آئینی ہے۔

    جوابی خط میں کہا کہ آپ نے خط میں ورچوئل حلف لینے کی درخواست کی ، آئین کے مطابق ورچوئل حلف ممکن نہیں۔

    چیئرمین سینیٹ نے جوابی خط میں آئین کے آرٹیکل65اور255 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا آئین کے مطابق آپکی ورچوئل حلف کی استدعا مسترد کی جاتی ہے۔

    یاد رہے اشتہاری اور مفرور ملزم اسحاق ڈار نے سینیٹ کی نشست کا حلف اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سے ورچوئل ویڈیو لنک کے ذریعے حلف لینے کی استدعا کی تھی۔

    اسحاق ڈار نے چیئرمین سینیٹ سے آرٹیکل 255 کی ذیلی شق 2 کے تحت حلف لینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ورچوئل ممکن نہ ہو تو آرٹیکل 255 کےتحت برطانیہ میں کسی مجازکےذریعےحلف کاانتظام کریں ، برطانیہ میں زیرعلاج ہونے کےسبب ذاتی طور پر آنے سے قاصر ہوں۔

    خط میں کہا گیا تھا کہ 3 مارچ 2018 کوسینیٹ کی نشست پرمیرے انتخاب کےچیلنج سےپیدا تنازعہ حل ہو چکاہے، 21 دسمبر 2021 کو سپریم کورٹ نے سول اپیل مسترد کر دی، جس کے بعد عدالت عظمی کا8 مئی 2018 کا رکنیت معطلی کاحکم نامہ ختم ہوگیا اورسپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے میری معطلی کانوٹی فکیشن واپس لیا۔

    اسحاق ڈار نے خط میں آئین کے آرٹیکل 255 کی ذیلی شق 2 کا حوالہ بھی شامل کیا ، خط کے متن کہا تھا کہ چیئرمین سینٹ کسی شخص کومنتخب رکن سے حلف لینے کےلیے مقرر کر سکتے ہیں ، حالیہ 2021 میں کی گئی قانونی ترمیم 3 مارچ 2018 کو ہوئےالیکشن پر لاگو نہیں۔

  • چیئرمین سینیٹ کے چھوٹے بھائی ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    چیئرمین سینیٹ کے چھوٹے بھائی ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    کوئٹہ: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے چھوٹے بھائی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لسبیلہ میں ایک کار حادثے میں چیئرمین صادق سنجرانی کے چھوٹے بھائی سالار خان سنجرانی اپنے ڈرائیور سمیت جاں بحق ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سالار خان سنجرانی کی گاڑی کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر اوتھل کے قریب آئل ٹینکر سے ٹکرائی تھی، خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی سالار خان سنجرانی کراچی پہنچائے جانے سے قبل ہی دم توڑ گئے۔

    حادثے میں جاں بحق دوسرا شخص سالار سنجرانی کا ڈرائیور محمد یونس تھا، سالار سنجرانی کراچی سے کوئٹہ جا رہے تھے، کہ اوتھل کے قریب کار ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔

    سالار سنجرانی کی میت کراچی میں ساؤتھ سٹی اسپتال منتقل کی گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ صادق سنجرانی رات 12 بجے نجی ایئر لائن کی پرواز سے کراچی پہنچیں گے۔

    خاندانی ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ کے بھائی کی تدفین دالبندین میں ہوگی، فاتحہ خوانی آبائی گاؤں نوکنڈی میں کی جائے گی، جب کہ نماز جنازہ کے وقت کا اعلان میت پہنچنے کے بعد کیا جائے گا۔

  • پاک بھارت تعلقات میں بڑا بریک تھرو

    پاک بھارت تعلقات میں بڑا بریک تھرو

    اسلام آباد : بھارتی لوک سبھا کے اسپیکر اوم بریلہ نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو دورہ بھارت کی دعوت دے دی ۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بھارت تعلقات میں بڑا بریک تھرو سامنے آیا ، بھارتی لوک سبھا کے اسپیکر اوم بریلہ نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے نام خط لکھا، جس میں انھوں نے چیئرمین سینیٹ کو دورہ بھارت کی دعوت دی۔

    صادق سنجرانی کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی صد سالہ تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے ، خط میں کہا گیا کہ لوک سبھا،پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی صدسالہ تقریب کاانعقاد 4دسمبر کوہوگا، تقریب سے بھارتی صدراور وزیراعظم خطاب کریں گے۔

    اسپیکر بھارتی لوک سبھا کا خط میں کہنا تھا کہ پی اےسی 100سال سےعوامی اخراجات کی نگرانی کررہی ہے، صد سالہ تقریب میں شرکت ہمارے لیےاعزاز ہوگی۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ اسپیکر بھارتی لوک سبھا کی دعوت کے بعد صادق سنجرانی کی تقریب میں شرکت سے متعلق مختلف حلقوں سے مشاورت جاری ہے۔

  • چیئرمین سینیٹ  ایرانی صدر کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کیلیے ایران پہنچ گئے

    چیئرمین سینیٹ ایرانی صدر کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کیلیے ایران پہنچ گئے

    اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ایران کے صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلیے ایران پہنچ گئے ، وزیراعظم نے پاکستان کی نمائندگی کے لیے چیئرمین سینیٹ کو نامزد کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی دو ر وزہ دورے پرایران پہنچ گئے ،سینیٹر دلاور خان، احمد خان، سینیٹر عبدالقادر بھی چیئرمین سینٹ کے ہمراہ ہیں۔

    چیئرمین سینیٹ خصوصی طیار ے کے ذریعے مشہد پہنچے ،اس دوران وہ ایران کے صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے، وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی نمائندگی کے لیے چیئرمین سینیٹ کو نامزد کیا ہے۔

    اپنے دورے کے دوران صادق سنجرانی روضہ حضرت امام رضا پر حاضری دیں گے اور ایران کے صدر سمیت دیگر اعلیٰ قیادت سےملاقات کریں گے، جس کے بعد 5اگست 2021کو ایران سے واپس وطن روانہ ہوں گے۔

    خیال رہے ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری 5 اگست 2021 کو ہوگی ، اس حوالے سے ترجمان دفترِخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران میں اسلامی بھائی چارے اور اعتماد کے برادرانہ تعلقات استوار ہیں، پاکستان برادرانہ ہمسایہ ملک ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔

    واضح رہے کہ ایران میں ہونے والے 13 ویں صدارتی انتخابات میں مضبوط امیدوار ابراہیم رئیسی نے فتح اپنے نام کی تھی۔

  • چیئرمین سینیٹ سے تاجک صدر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور رابطہ کاری کوفروغ دینے پر اتفاق

    چیئرمین سینیٹ سے تاجک صدر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور رابطہ کاری کوفروغ دینے پر اتفاق

    اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور تاجکستان کےصدر کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات،علاقائی صورتحال،رابطہ کاری کوفروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سےتاجکستان کےصدرامام علی رحمان کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ،تاجکستان میں پاکستان کےسفیرعمران حیدر بھی شریک تھے۔

    ملاقات میں دوطرفہ تعلقات،علاقائی صورتحال،رابطہ کاری کوفروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ، چیئرمین سینیٹ نے کہا پاکستان تاجکستان سےدوطرفہ تعلقات کوبہت اہم سمجھتا ہے، خطے کی رابطہ کاری اقتصادی ترقی کیلئےاہم ہے۔

    صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ تجارت سمیت کثیرالجہتی تعاون کوفروغ دیناانتہائی اہم ہے، رابطہ کاری کیلئےپارلیمانی تعاون ،ادارہ جاتی معاونت کوفروغ دیناہو گا، پاکستان،تاجکستان مذہبی،معاشرتی،ثقافتی رشتوں میں جڑےہیں ، وسطی ایشیائی ممالک سےدوطرفہ تعاون کوبڑھانےکاخواہاں ہے۔

    چیئرمین سینیٹ نے تاجک صدر سے گفتگو میں کہا امن،سلامتی،ترقی ہمارامشترکہ وژن ہے، خطےکی ترقی کیلئےامن کواہم سمجھتےہیں، اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں سےتعلقات کومزیدتقویت ملےگی۔

    اس موقع پر تاجک صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کادورہ کرکےخوشی ہوئی،ملاقاتیں انتہائی مفیدرہیں، دوروں سےدوطرفہ روابط کومزیدفروغ ملےگا۔

  • سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ کا اہم بیان

    سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ کا اہم بیان

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ان کا کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صادق سنجرانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ان کا کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے، انھوں نے کہا مجھ سے منسوب سوشل میڈیا پر تمام اکاؤنٹس جعلی ہیں۔

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر سمیت کسی بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس بنانے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ 12 مارچ کو تحریک انصاف کے صادق سنجرانی 48 ووٹ لے کر مسلسل دوسری بار چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے تھے، جب کہ ‏پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ کے یوسف رضا گیلانی 42 ووٹوں کے ساتھ شکست کھا گئے تھے، ان کے 7 ووٹ مسترد ہو گئے تھے، جس کی وجہ سے انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    صادق سنجرانی، سابق وزرائے اعظم کے معاون سے دوسری بار چیئرمین سینیٹ تک

    میر صادق سنجرانی کا تعلق بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی سے ہے، ان کے والد خان محمد آصف سنجرانی کا شمار علاقے کے قبائلی رہنماؤں میں ہوتا ہے، وہ 14 اپریل 1978 کو نوکنڈی میں پیدا ہوئے تھے، انھوں نے ابتدائی تعلیم نوکنڈی میں حاصل کی، بعد ازاں بلوچستان یونی ورسٹی سے ایم اے کیا اور اسلام آباد منتقل ہوگئے۔

  • چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے قبل حکومتی سینیٹرز کو ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار پر بریفنگ

    چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے قبل حکومتی سینیٹرز کو ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار پر بریفنگ

    اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے قبل حکومتی سینیٹرز کو ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی ، حکومتی اوراتحادی سینیٹرز ایک ساتھ ایوان جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صادق سنجرانی کی زیرصدارت حکومتی اور اتحادی سینیٹرز کا اجلاس ہوا ، جس میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور حکومتی اتحادی سینٹرز کی شرکت کی جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی اورچیف وہپ عامر ڈوگر بھی اجلاس میں موجود تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین سینیٹ انتخاب کی حکمت عملی پرغور کیا گیا اور سینیٹرز کو ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق حکومتی اوراتحادی سینیٹرز ایک ساتھ ایوان جائیں گے۔

    خیال رہے چیئرمین سینیٹ کا انتخاب آج تین بجے خفیہ ووٹنگ سے ہوگا، حکومتی امیدوار صادق سنجرانی اور اپوزیشن کے امیدوار یوسف رضا گیلانی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہیں، نئے چیئرمین منتخب ہونے کے بعد ڈپٹی چیئرمین کے لیے ووٹنگ کرائی جائے گی۔

    چیئرمین سینیٹ بننےکےلیےکم ازکم 51ووٹ درکار ہیں ، نمبر گیم میں اپوزیشن اکیاون ووٹ کے ساتھ آگے ہے، حکومتی اتحاد کے پاس اڑتالیس ووٹ ہیں جبکہ جماعت اسلامی نے اکلوتا ووٹ کسی کونہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

  • چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کون جیتے گا؟ شیخ رشید نے بڑی پیشگوئی کردی

    چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کون جیتے گا؟ شیخ رشید نے بڑی پیشگوئی کردی

    اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں صادق سنجرانی کو جیتا ہوا دیکھ رہا ہوں، صادق سنجرانی بلوچستان اور مرزا آفریدی پختون بیلٹ کی وجہ سے زیادہ ووٹ لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا سب کی رائے یہی ہے کہ کیمرے پہلے سے لگے ہوئے ہیں کسی نے لگائے نہیں، جب عمران خان چیخ رہا تھا کہ اوپن بیلٹ الیکشن ہونے چاہئیں، ان دونوں پارٹیوں نے سی اوڈی پر دستخط کررکھے ہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں 50 سال سے دیکھ رہا ہوں ہارنے والا تسلیم نہیں کررہا، یہاں تک کہ ٹرمپ اور پیوٹن بھی اپنی ہار تسلیم نہیں کررہے،ہار تسلیم نہ کرنے سے تو ٹکراؤ کی صورتحال پیدا ہوتی ہے، میں سمجھتا ہوں الیکشن سسٹم بری طرح متاثر ہوا ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ 80ہزار ووٹ سے جیتیں توپھر بھی اگلابندہ پٹیشن پر جاتاہے، صرف پرویزرشید سے کالج میں جیتا تو اس نے مجھے آکرمبارکباددی، بکنے اوربکنےوالوں کی معاشرے میں کمی نہیں،اوپن بیلٹ الیکشن ہوناچاہیے، جمالی صاحب ایک ووٹ سے جیتے تھے وہ ایک ووٹ سے وزیراعظم بنے تھے۔

    چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی بلوچستان کی آواز ہیں، مرزا آفریدی بھی پختون بیلٹ میں ایک آدھ ووٹ لینے میں کامیاب ہوجائیں گے، بلوچستان اور قبائلی امیدوار کی وجہ سے صورتحال مختلف ہے ، میں صادق سنجرانی کو جیتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔

    شیخ رشید نے مزید کہا ان کو بھی اپنی پارٹی کے ایک دو ووٹ نہیں ملیں گے ، کچھ آزاد اور ایک دو ن لیگی بھی سنجرانی کو ووٹ دیں گے، صادق سنجرانی بلوچستان اور مرزاآفریدی پختون بیلٹ کی وجہ سے زیادہ ووٹ لیں گے، مجھے یہ نہیں پتہ کتنے ووٹ پڑیں گے مگر معلوم ہے وہ جیت رہے ہیں۔

    سیاسی صورتحال کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کوئی جیتے یا ہارے ،الیکشن سسٹم ہار گیا ہے، پاکستان کی سیاست میں دو تین ماہ کھینچاؤ آئے گااور کافی سیاسی گہما گہمی رہے گی لیکن عمران خان انشااللہ تمام بحران سے ملک کو نکالیں گے۔

    حفیظ شیخ کی ناکامی سے متعلق انھوں نے کہا کہ حفیظ شیخ کیخلاف ساری خریدوفروخت آصف زرداری نے کی ، ن لیگ نے ٹکٹ بیچنے کی بات فضول میں کی، آصف زرداری نے ہی تاش لگاکربانٹے پھینٹے اور کھیلے۔

  • چیئرمین سینیٹ یار محمد رند کو منانے میں کامیاب

    چیئرمین سینیٹ یار محمد رند کو منانے میں کامیاب

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی کاوشیں رنگ لے آئیں، انھوں نے ناراض پارلیمانی لیڈر یار محمد رند کو منا لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر اور صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند سے ون آن ون ملاقات کی، جس میں وہ یار محمد رند کو منانے میں کامیاب ہو گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار یار محمد رند سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں اپنے بیٹے کی دست برداری کا اعلان کریں گے۔

    واضح رہے کہ سردار یار محمد رند نے سینیٹ ٹکٹس پر بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال سمیت تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، ان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کو سینیٹ کے لیے ٹکٹ دیا گیا جن کو انھوں نے پارٹی میں کبھی نہیں دیکھا۔

    انھوں نے کہا تھا اسلام آباد میں پارٹی کی جانب سے جو پارلیمانی کمیٹی بنائی گئی اس میں بلوچستان کی کوئی نمائندگی نہیں ہے۔

    سینیٹ الیکشن : شاہ زین بگٹی کا ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو ووٹ دینے کا اعلان

    ادھر بی اے پی کی سینیٹ امیدوار ستارہ ایاز بھی نشست سے دست بردار ہو گئی ہیں، ستارہ ایاز نے آج میڈیا سے گفتگو میں کہا میں پنی مرضی سے دست بردار ہوئی ہوں، بی اے پی پارٹی کا حصہ ہوں اور رہوں گی، دست بردار ہو کر اپنی جماعت کے افراد کو موقع دینا چاہتی ہوں۔

    ستارہ ایاز بلوچستان عوامی پارٹی کی سینیٹ کی جنرل نشست پر امیدوار تھیں، انھیں بلوچستان اور بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق نہ ہونے پر شدید تنقید کا سامنا تھا۔

  • چیئرمین سینیٹ نے بھی اوپن بیلٹ کی حمایت کر دی

    چیئرمین سینیٹ نے بھی اوپن بیلٹ کی حمایت کر دی

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی ایوان بالا کے انتخابات کے لیے اوپن بیلٹ کی حمایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق صادق سنجرانی نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کے سلسلے میں صدارتی ریفرنس پر اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔

    انھوں نے جواب میں لکھا کہ آئین میں تبدیلی پارلیمان اور اس کی تشریح کرنا عدلیہ کی صواب دید ہے۔

    یاد رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، پنجاب، خیبر پختون خوا اور بلوچستان حکومتیں پہلے ہی اوپن بیلٹنگ کی حمایت کر چکے ہیں، تاہم سندھ حکومت کی جانب سے اس کی مخالفت کی گئی ہے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے جواب میں کہا تھا کہ آئین سازی یا آئین میں ترمیم پارلیمنٹ کا کام ہے اور آئین کی تشریح کرنا سپریم کورٹ کا استحقاق ہے، عدالت جو بھی فیصلہ کرے اسمبلی اس کی حمایت کرے گی۔

    سینیٹ الیکشن: اسپیکر قومی اسمبلی نے اوپن بیلٹ کی حمایت کر دی

    دوسری طرف سیاسی جماعتوں میں پاکستان پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی پاکستان نے اوپن بیلٹ کی مخالفت کی ہے، الیکشن کمیشن نے بھی صدارتی ریفرنس کی مخالفت کی ہے، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں اپنا جواب جمع کراتے ہوئے کہا تھا کہ سینیٹ انتخابات آئین کے تحت ہی ہوتے ہیں، آئین کے آرٹیکلز 59، 219 اور 224 میں سینیٹ انتخابات کا ذکر ہے۔

    جواب میں کہا گیا کہ آرٹیکل 226 سے واضح ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کے سوا الیکشن خفیہ رائے شماری سے ہوں گے، آئین میں کل 15 انتخابات کا ذکر ہے، آئین پاکستان اوپن بیلٹ کی اجازت نہیں دیتا، آئین میں صرف وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم کے انتخابات کو ہی اوپن کیا گیا ہے۔