Tag: چیئرمین سینیٹ

  • عالمی برادری کشمیر، فلسطین کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرے، چیئرمین سینیٹ

    عالمی برادری کشمیر، فلسطین کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرے، چیئرمین سینیٹ

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ عالمی برادری فلسطین، مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے بری الذمہ نہیں ہوسکتی، عالمی دنیا کشمیر، فلسطین کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ہالینڈ کے سفیر نے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔

    چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور ہالینڈ میں دیرینہ،دوستانہ تعلقات ہیں، پارلیمانی تعلقات مربوط بنا کر معاشی روابط کو فروغ دیا جا سکتا ہے، باہمی تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کریں۔

    صادق سنجرانی نے کہا کہ پارلیمان اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے معاونت کو تیار ہے، پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں اضافہ ضروری ہے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دنیا کی توجہ کی منتظرہیں، عالمی برادری بھارتی جارحیت کے خلاف آواز اٹھانے میں کردار ادا کرے۔

    اس موقع پر ہالینڈ کے سفیر نے کہا کہ معاشی تعاون سے دیگر شعبوں میں روابط مربوط بنانے میں مدد ملے گی، تصفیہ طلب مسائل کا پر امن حل چاہتے ہیں۔

    بعدازاں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے فلسطین کے سفیر نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کا فلسطین کے معاملے پر مؤقف واضح ہے، فلسطین کےعوام کی سیاسی، سفارتی، اخلاقی مدد جاری رکھیں گے۔

    صداق سنجرانی نے کہا کہ عالمی دنیا فلسطین، مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے بری الذمہ نہیں ہوسکتی، عالمی دنیا کشمیر، فلسطین کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرے۔

    فلسطینی سفیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کا کردار ہمیشہ مثالی رہا، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسئلےکے حل کے لیے عالمی کاوشیں ناکافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دیرینہ مؤقف، معاونت پر فلسطینی قوم شکر گزار ہے۔

  • سیکرٹری داخلہ پارلیمان کو کوئی اہمیت نہیں دیتے، چیئرمین سینیٹ

    سیکرٹری داخلہ پارلیمان کو کوئی اہمیت نہیں دیتے، چیئرمین سینیٹ

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ سیکرٹری داخلہ پارلیمان کو کوئی اہمیت نہیں دیتے، ایک سرکاری ملازم کی وجہ سے بداعتمادی پیدا ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ کی غیرحاضری کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری داخلہ کی غیرحاضری ایوان کی بےتوقیری کے مترادف ہے۔

    صادق سنجرانی نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ ایوان میں آتے ہیں نہ ہی کمیٹیوں کے اجلاس میں، سیکرٹری داخلہ پارلیمان کو کوئی اہمیت نہیں دیتے، ایک سرکاری ملازم کی وجہ سے بداعتمادی پیدا ہو رہی ہے۔

    چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وزیر پارلیمانی امور وزیراعظم کو خط لکھ کر آگاہ کریں، وزیراعظم تک پیغام پہنچائیں سیکرٹری داخلہ کے خلاف ایکشن لیں۔ انہوں نے حکومت سے سیکرٹری داخلہ کے خلاف کارروائی پر رپورٹ طلب کرلی۔

    یاد رہے کہ 4 روز قبل چیئرمین سینیٹ نے ایوان بالا کے اجلاس میں اپوزیشن کی تحریک پر بحث کے دوران وزارت داخلہ کے افسران کی عدم موجودگی پر سیکرٹری داخلہ سے تین روز میں وضاحت طلب کی تھی۔

    سیکرٹری سینیٹ محمد انور نے سیکرٹری داخلہ کو چیئرمین سینیٹ کی ہدایت پر خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ قواعد کے مطابق تحریک التوا پر بحث کے دوران سیکرٹری داخلہ کا موجود ہونا ضروری تھا۔ خط میں کہا گیا تھا کہ ارکان نے اجلاس میں سیکرٹری داخلہ کی عدم موجودگی کی نشاندہی کی تھی۔

  • حکومت نواز شریف کو فوری طور پر بیرون ملک بھیجے، چیئرمین سینیٹ

    حکومت نواز شریف کو فوری طور پر بیرون ملک بھیجے، چیئرمین سینیٹ

    اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج کے لئے فوری طور پر بیرون ملک بھیجنے اور ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت اوربیرون ملک جانے دینے کا معاملہ سینیٹ میں پہنچ گیا ، مسلم لیگ ن کے سینیٹر جاوید عباسی نےنقطہ اعتراض پرمعاملہ اٹھاتے ہوئے کہا نواز شریف کی صحت خراب ہے، عدالتیں ضمانت دے چکیں ، حکومتی میڈیکل بورڈ نے کہا نواز شریف کی  صحت کو خطرات ہیں، نوازشریف کانام ای سی ایل سے غیر مشروط نکالا جائے۔

    جاویدعباسی کا کہنا تھا کہ حکومت غیر قانونی طور پر شیورٹی بانڈ مانگ رہی ہے، حکومت نئی روایات ڈال رہی ہے، وقت گزر جاتا ہے حادثے یاد رہتے ہیں۔

    چیئرمین سینیٹ نے کہا آصف زرداری اور نواز شریف معاملے پر کوئی سیاست نہ کرے، حکومت آصف زرداری، نواز شریف کو صحت کی سہولتیں فراہم کرے اور نوازشریف کو فی الفورباہر بھیجے۔

    مزید پڑھیں : نوازشریف کو 4 ہفتے کیلئے بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت

    یاد رہے کہ ذیلی کمیٹی نے وفاقی کابینہ کے فیصلے پر قائم رہتے ہوئے نوازشریف کو بیرون ملک جانے کے لیے عائد کردہ شرائط کو برقرار رکھا تھا، کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے سربراہ فروغ نسیم نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوازشریف کو4 ہفتے کے لیے بیرون ملک جانے کی ون ٹائم اجازت ہوگی جبکہ نوازشریف یا شہبازشریف 7 ارب روپے کے سیکیورٹی بانڈزجمع کرائیں گے۔

    بعد ازاں مسلم لیگ ن نے حکومتی مطالبہ مسترد کردیا تھا اور ضمانتی بانڈز کی شرط کوعدالت میں چیلنج کرنے پر مشاورت شروع کردی تھی۔

  • چیئرمین سینیٹ سے ناروے سفیر کی ملاقات، سفیر کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اظہار تشویش

    چیئرمین سینیٹ سے ناروے سفیر کی ملاقات، سفیر کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اظہار تشویش

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ناروے کے سفیر نے ملاقات کی ہے، جس میں باہمی دل چسپی کے امور سمیت، علاقائی اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ سے ناروے سفیر یلگونر ایرکسن نے ملاقات کی، صادق سنجرانی نے ناروے سفیر سے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، کشمیر میں بھارتی اقدامات سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

    ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے سفیر کو آگاہ کیا اور کہا مقبوضہ وادی کو اوپن جیل بنا دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے انسانی بحران پیدا ہو گیا ہے، ناروے بھارتی ظلم رکوانے کے لیے کردار ادا کرے۔

    سفیر ناروے یلگونر ایرکسن نے وادی کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات تشویش ناک ہو چکے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پارلیمانی سفارت کاری، پاکستان کے ہاتھوں بھارت کو تاریخی شکست

    انھوں نے کہا کہ ناروے میں مقیم پاکستانی ناروے کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں، چیئرمین سینیٹ نے کہا دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سفارت کاری سےعوام کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔

    یاد رہے ایک ہفتہ قبل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسلام آباد میں امریکی سینیٹرز کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی تھی، انھوں نے امریکی سینیٹرز کا کشمیر کے دیرینہ مسئلے پر حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

    یاد رہے کہ پارلیمانی سفارت کاری کے میدان میں گزشتہ دنوں پاکستان کو شان دار فتح حاصل ہوئی تھی جب سربیا، بلغراد میں بھارتی وفد کی بھرپور کوشش کے باوجود پاکستانی امیدوار کا انٹر پارلیمانی یونین کی مجلس عاملہ کے لیے انتخاب عمل میں آ گیا تھا۔

  • چیئرمین سینیٹ 3 روزہ نجی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

    چیئرمین سینیٹ 3 روزہ نجی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی تین روزہ نجی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ تین روزہ نجی دورے پر وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے، اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق بھی صادق سنجرانی کے ہمراہ ہیں، سینیٹر غوث نیازی، محمد ایوب، سینیٹر دلاور خان اور سید عباد حسن بھی وفد میں شامل ہیں۔

    صادق سنجرانی نے وفد کے ہمرا مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری دی، چیئرمین سینیٹ نے ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

    چیئرمین سینیٹ وفد کے ہمراہ کل عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے، وہ عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوں گے۔

    مزید پڑھیں: وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب اور ایران کا شیڈول تیار

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ایران اور سعودی عرب کا شیڈول تیار کرلیا گیا۔ وزیر اعظم ایک روزہ دورے پر 15 اکتوبر منگل کو سعودی عرب جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے اور انھیں ایران دورے پر اعتماد میں لیں گے، خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کل ایران کا دورہ کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ایران سعودیہ تعلقات میں کشیدگی کم کروانے کے لیے کوشاں ہیں، وزیر اعظم دورہ ایران میں ایران کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔

  • چیئرمین سینیٹ سے جرمن سفیر کی ملاقات، دوطرفہ اقتصادی روابط بڑھانے پر زور

    چیئرمین سینیٹ سے جرمن سفیر کی ملاقات، دوطرفہ اقتصادی روابط بڑھانے پر زور

    اسلام آباد چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے جرمن سفیر برن ہارڈ سٹیفن شیلک نے ملاقات کی، اس موقع پر دوطرفہ اقتصادی اور پارلیمانی روابط مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے جرمنی کے سفیر برن ہارڈ سٹیفن شیلک نے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ اقتصادی اور پارلیمانی روابط کو مزید بڑھانے کے علاوہ اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، جرمنی پاکستان کو کوالٹی کنٹرول کے شعبوں میں معاونت فراہم کرے اور کوالٹی کنٹرول بہتر ہونے سے پاکستان میں ادوایات اور خوارک کا معیار بہتر ہوگا۔

    صادق سنجرانی نے تجارتی روابط کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارتی تعاون کے لئے بھر پور مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ پارلیمانی رابطہ کاری معاشی تعاون میں مددگار ثابت ہو گی۔

    دریں اثنا جرمنی کے سفیر نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں اور اس سلسلے میں مختلف شعبوں سے متعلق جرمن وفود جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    جرمن سفیر کی بیٹے کے ہمراہ صفائی کرتی ہوئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

    انہوں نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی تعاون تجارتی روابط کوفروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

    چیئرمین سینیٹ نے جرمنی کے سفیر کو بین الاقوامی پارلیمنٹرین کانگریس کے قیام اور اس کے اغراض و مقاصدسے بھی آگاہ کیا جبکہ ادارہ جاتی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قانون سازی اور دیگر شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے راہیں ہموار کی جا سکتی ہیں۔

  • اراکین پارلیمنٹ کشمیر سے متعلق اہم کانفرنس میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں، صادق سنجرانی

    اراکین پارلیمنٹ کشمیر سے متعلق اہم کانفرنس میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں، صادق سنجرانی

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے زور دیا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ مقبوضہ کشمیر سے متعلق قومی پارلیمنٹرین کانفرنس میں بھر پور شرکت کو یقینی بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اپنے ایک اہم ویڈیو پیغام میں قومی قیادت بشمول اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلی اور قانون ساز اسمبلیوں کے نمائندوں پر زور دیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق قومی پارلیمنٹرین کانفرنس میں بھر پور شرکت کو یقینی بنائیں۔

    اس کانفرنس کا انعقاد 18 ستمبر کو کنونشن سینٹر اسلام آباد میں کیا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے تمام سیاسی قوتوں پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے لائیں اور مودی سرکار کا بھیانک چہرہ بے نقاب کریں۔

    مسئلہ کشمیر : اقوام متحدہ اور عالمی برادری تباہی کے ذمہ دار ہوں گے، نعیم الحق

    اس کانفرنس کا مقصد بین الاقوامی برادری تک کشمیریوں کی آواز کو پہنچانا ہے، جبکہ اس کانفرنس کے ذریعے بھارتی جارحیت کو بے نقاب کیا جائے گا۔

    ادھر وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ مودی سرکار مسئلہ کشمیر پر مذاکرات سے انکاری ہے، عالمی طاقتوں نے اقدامات نہ کیے تو اقوام متحدہ اور عالمی برادری خطے کی تباہی کے ذمہ دار ہوں گے۔

  • یوم دفاع ، اسپیکرقومی اسمبلی اورچیئرمین سینیٹ کا شہدا کو خراج عقیدت پیش

    یوم دفاع ، اسپیکرقومی اسمبلی اورچیئرمین سینیٹ کا شہدا کو خراج عقیدت پیش

    اسلام آباد : اسپیکرقومی اسمبلی اسدقیصر اور چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے کہا بہادرافواج نے ملک کا دفاع کیا اورقربانیاں دیں، یوم دفاع کو اپنے شہدا اور غازیوں کے نام کرتے ہیں، شہداکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق یوم دفاع پر اسپیکرقومی اسمبلی اسدقیصر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا یوم دفاع ہماری تاریخ کا بہت اہم دن ہے، پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ہماری بہادر افواج نے ہمیشہ ملکی دفاع کے لیے قربانیاں دیں۔

    اسدقیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور دفاع کے لیے ہمیں عہدکرنا ہے ، آج بھی پوری قوم اورفوج ہردم تیار ہے، یوم دفاع کو اپنے شہدا اور غازیوں کے نام کرتے ہیں۔

    مودی سرکارکسی خوش فہمی میں نہ رہے،کشمیریوں کیساتھ ہیں


    دوسری جانب چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا آج کے دن بہادر افواج نے ملک کا دفاع کیا اور قربانیاں دیں، شہدا کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

    چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا شہداکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ملک دشمن عناصرکیخلاف پاک فوج کا کردارقابل تعریف ہے، مودی سرکار کسی خوش فہمی میں نہ رہے، کشمیریوں کیساتھ ہیں۔

    خیال رہے ملک بھر میں یوم دفاع یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جا رہا ہے جس کا مقصد وطن عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے ساتھ ساتھ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔

  • مضبوط ایوان بالاء ہی مضبوط ریاست کی ضمانت ہے، چیئرمین سینیٹ

    مضبوط ایوان بالاء ہی مضبوط ریاست کی ضمانت ہے، چیئرمین سینیٹ

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سینیٹ آف پاکستان نے ان 47 برسوں کے سفر میں بہت سے نشیب و فراز عبور کرتے ہوئے صوبوں کے مفادات کا تحفظ کرنے اور ان کے حقوق کی ضمانت کیلئے ہر ممکن کوشش کی۔

    سینیٹ کے 47 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ یوم تاسیس ہم اس عزم کےساتھ منا رہے ہیں کہ ایوان بالاء وفاقی اکائیوں کے درمیان اتفاق و اتحاد پیدا کرنے کیلئے اپنا آئینی کردار ادا کرتا رہے گا۔

    انہوں نے کہا ہے کہ مضبوط ایوان بالاء ہی مضبوط ریاست کی ضمانت ہے، یہ دن ہر سال ہمیں ایک نئے جوش اور ولولے کا پیغام دیتا ہے اور وفاقی اکائیوں کی موثر نمائندگی کرنے کا حوصلہ پیدا کرتا ہے۔

    چیئرمین سینیٹ کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر دنیا بھر کی پارلیمنٹس کے نام خط

    ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ آف پاکستان نے ان 47 برسوں کے سفر میں بہت سے نشیب و فراز عبور کرتے ہوئے صوبوں کے مفادات کا تحفظ کرنے اور ان کے حقوق کی ضمانت کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہے۔

    چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آج کا دن اس لئے بھی بہت اہم ہے کہ آج پوری قوم کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اس ضمن میں ایوان بالاءنے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے، اس حوالے سے سینیٹ کی پاس کی جانے والی قرادادیں اور سفارشات قابل ذکر ہیں۔

  • مولانا فضل الرحمان کا اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ

    مولانا فضل الرحمان کا اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ

    اسلام آباد: سینیٹ میں صادق سنجرانی کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد اپوزیشن رہنماؤں کے رابطے ایک بار پھر شروع ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن رہنما شہباز شریف کو ٹیلی فون کر کے مختلف معاملات پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔

    اس سلسلے میں ذرایع کا کہنا ہے کہ ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں کے درمیان اگلے ہفتے ملاقات پر اتفاق کیا گیا۔

    ذرایع نے کہا کہ ٹیلی فونک گفتگو میں سینیٹ انتخابات کے بعد سے پیدا ہونے والی صورت حال پر بات چیت کی گئی، ان کا کہنا تھا کہ جن اراکین نے ووٹ نہیں دیا ان کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہوگی۔

    گفتگو میں کہا گیا کہ موجودہ صورت حال میں رہبر کمیٹی کا اجلاس بلانا چاہیے، جو آیندہ کی حکمت عملی طے کرے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلاول بھٹو کو مولانا فضل الرحمان کا ٹیلی فون، اگلے ہفتے ملاقات پر اتفاق

    خیال رہے اس سے قبل آج مولانا فضل الرحمان نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بھی فون پر رابطہ کر کے موجودہ صورت حال پر بات چیت کی تھی۔

    مولانا اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ حکومت کو بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جب کہ اگلے ہفتے ملاقات بھی کی جائے گی۔

    اس موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں حکومت کو بے نقاب کرنا اپوزیشن کی اخلاقی فتح ہے، حکومت کا غیر جمہوری رویہ دراصل اپوزیشن کی جیت ہے۔

    واضح رہے کہ سینیٹ میں تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد اپوزیشن رہنما ایک بار پھر اکھٹے ہو کر حکومت کے خلاف نئی حکمتِ عملی ترتیب دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔