Tag: چیئرمین نیپرا

  • بجلی کی قیمتوں میں کمی کے بعد صارفین کے لئے ایک اور بڑا ریلیف

    بجلی کی قیمتوں میں کمی کے بعد صارفین کے لئے ایک اور بڑا ریلیف

    اسلام آباد : چیئرمین نیپرا وسیم مختارکا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے تک بجلی صارفین کو مختلف ایڈجسٹمنٹس میں پانچ روپے تین پیسے فی یونٹ کا فوری ریلیف ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک روپے اکہتر پیسے سستی کرنے پر نیپرا نے سماعت مکمل کر لی۔

    نیپرا اتھارٹی اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کرے گی، پاور ڈویژن کے حکام کا کہنا تھا کہ معاشی صورتحال بہتر رہنے تک انشااللہ صارفین کو ریلیف ملتا رہے گا، اس وقت سالانہ ری بیسنگ نہیں ہوسکتی اس لیے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت ریلیف دیا جا رہا ہے۔

    سماعت کے دوران پاورڈویژن حکام کا کہنا تھا کہ تین ماہ میں پٹرولیم لیوی کی مد میں اٹھاون ارب سترکروڑکی وصولیوں کا تخمینہ ہے، عوام کو پٹرولیم لیوی کی وصولیوں کے تحت تین ماہ کے لیے بجلی میں ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔

    دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں پانچ آئی پی پیز کے ساتھ ہونیوالےمعاہدوں کا بارہ ارب کا ریلیف ملا ہے جبکہ بتیس آئی پی پیز کے ساتھ نظرثانی معاہدے ہوچکے ہیں۔

    حکام نے کہا کہ گردشی قرضے میں کمی کے لیے آئِی ایم ایف کے ساتھ بات چیت جاری ہے، مذاکرات حتمی نتیجے پر پہنچنے کے بعد اس کا ریلیف عوام کو ملے گا۔

    چئیرمین نیپرا نے کہا کہ بجلی صارفین کو مختلف ایڈجسٹمنٹس سے پانچ روپے تین پیسے فی یونٹ کا فوری ریلیف ملے گا ، ابھی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی درخواستیں آئی ہیں جس سے مزید کمی کا امکان ہے، عوام کو تیسری سہ ماہی ایڈجسٹ٘منٹ کا فوری ریلیف فراہم کیاجائے گا۔

    حکام نے کہا کہ اس سال کی سبسڈی کا حجم دو سوچھیاسٹھ ارب روپے ہوجائے گا۔ حکومتی منصوبہ بندی سے موسم گرما میں عوام کو ریلیف مل رہاہے۔ پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ دو ہزار چار سو ارب روپے تک ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے بجلی کی قیمت میں کمی معاشی صورتحال سے مشروط ہے.

  • حکومت کا جاتے جاتے اہم تعیناتی کا فیصلہ

    حکومت کا جاتے جاتے اہم تعیناتی کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے جاتے جاتے چیئرمین نیپرا کیلئے وسیم مختار کے نام کو حتمی شکل دے دی، چیئرمین نیپرا کی منظوری آج دیئے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کاجاتے جاتے چیئرمین نیپرا کی تعیناتی کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا، ،ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین نیپرا کیلئے وسیم مختارکےنام کوحتمی شکل دےدی گئی ہے، وسیم مختار اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں اسپیشل سیکرٹری تعینات ہیں۔

    کابینہ سے آج سرکولیشن کے ذریعے چیئرمین نیپراکی منظوری دیئےجانےکاامکان ہے ، وسیم مختارایڈیشنل سیکرٹری پاور ڈویژن بھی خدمات سرانجام دے چکےہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ وسیم مختار پیپکو اور سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے ایم ڈی بھی رہ چکے ہیں ، چیئرمین نیپراکی تعیناتی کیلئے سلیکشن کمیٹی نےوسیم مختارکوسر فہرست رکھا ہے۔

    اس کے علاوہ چیئرمین نیپراکیلئے سابق ایم ڈی سی پی پی اےعابدلودھی اور ممبر نیپرا سندھ رفیق شیخ شامل ہیں۔

    سلیکشن کمیٹی وفاقی وزیر اقتصادی امور ایاز صادق کی سربراہی میں قائم کی گئی تھی ، توصیف ایچ فاروقی کی 4 سالہ مدت پوری ہونے کےبعد چیئرمین نیپرا کاعہدہ خالی ہے۔

  • وفاقی حکومت نے چیئرمین نیپرا کی تعیناتی کا عمل شروع کردیا

    وفاقی حکومت نے چیئرمین نیپرا کی تعیناتی کا عمل شروع کردیا

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے چیئرمین نیپرا کی آسامی کا اشتہار جاری کردیا اور امیدواروں سے 15 روز میں درخواستیں طلب کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے چیئرمین نیپرا کی تعیناتی کاعمل شروع کردیا، کابینہ سے منظوری کے بعد چیئرمین نیپرا کی آسامی کا اشتہار جاری کردیا گیا۔

    امیدواروں سے 15 روز میں درخواستیں طلب کی گئیں ہیں اور چیئرمین نیپرا کیلئے عمر کی حد 59 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ چیئرمین نیپراکی تعیناتی 4سال کیلئے ہوگی۔

    خیال رہے توصیف ایچ فاروقی کی بطور چیئرمین نیپرا مدت اگست میں ختم ہورہی ہے۔

  • جو بجلی کے  بل نہیں دیتے وہ تو آج بھی مسکرا رہے ہیں، چیئرمین نیپرا

    جو بجلی کے بل نہیں دیتے وہ تو آج بھی مسکرا رہے ہیں، چیئرمین نیپرا

    اسلام آباد : بجلی کا بل ادا کرنے والوں پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاری کرلی گئی، جس پر چیئرمین نیپرا نے کہا کہ جو بجلی کے بل نہیں دیتے وہ تو آج بھی مسکرا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بجلی صارفین پر تین روپے انتالیس پیسے اضافی سرچارج لگانے کی حکومتی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    چیئرمین نیپرا نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو بیچارے بل ادا کرتے ہیں انہوں نے تین روپے انتالیس پیسے کا سرچارج دینا ہے اور جو بل نہیں دیتے وہ تو آج بھی مسکرا رہے ہیں۔

    چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ کمپنیوں نے جو کام کرنے تھے وہ نہیں کئے تو اب عوام پر ہی سرچارج لگا رہے ہیں۔

    نیپرا نے اضافی سرچارج کی منظوری قانونی رائے سے مشروط کر دی، چیئرمین نیپرا نے کہا کہ پاور ڈویژن پہلے اس پر قانونی رائے دے پھر منظوری کا فیصلہ ہوگا، جس پر پاورڈویژن حکام کا کہنا تھا کہ سرچارج کے نفاذ سے متعلق قانونی سوالات کا جواب پوچھ کر بتادیں گے۔

    چیئرمین نیپرا نے مزید کہا کہ اگر نیپرا اس طرح ریکوری کی اجازت دے تو باقی طریقہ کار تو ختم ہوجائیں گے، نیپرا کے پاس سرچارج کی منظوری یا نامنظور کرنے کی پاور ہی نہیں؟ ہمیں سرچارج کے نفاذ پر حکومت کی لیگل پوزیشن درکار ہے، یہ طاقت حکومت کے پاس ہے تو باہر نکل کر ذمہ داری نیپرا پر نہ ڈالی جائے۔

    ممبر نیپرا کا کہنا تھا کہ پاور ڈویژن کی نااہلی تو وہیں ہے مسئلہ ہر سال بڑھتا جائے گا، انڈسٹری کا ٹیرف بتیس روپے فی یونٹ تک پہنچ جائے گا اور اگر انڈسٹری متبادل آپشن پر چلی جائے تو پھر ریکوری کیسے ہوگی۔

    نیپرا کے مطابق بجلی صارفین پر پہلے ہی تینتالیس پیسے فی یونٹ سرچارج عائد ہے ، اب حکومت اس سرچارج کو تین روپے بیاسی پیسے فی یونٹ تک لے جانا چاہتی ہے۔

  • بجلی  سستی ، صارفین کو بڑا  ریلیف مل گیا

    بجلی سستی ، صارفین کو بڑا ریلیف مل گیا

    اسلام آباد : چیئرمین نیپرا کا کہنا ہے کہ اپریل فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی44پیسے سستی ہوگی ، بجلی سستی ہونے سے صارفین  کو 4 ارب 40کروڑ روپے سے زائد کا فائدہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیپرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اپریل فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی44پیسے سستی ہوگی، اپریل فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کےتحت فی یونٹ بجلی 87پیسے سےزیادہ سستی ہوناتھی۔

    چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ 43پیسے فی یونٹ سے بقایا جات کی مد میں ایڈجسٹ کی اجازت دے دی ہے ، بجلی سستی ہونے سے صارفین کو 4ارب 40کروڑ روپے سے زائد کا فائدہ ہوگا۔

    یاد رہے 22 مئی کو سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا کو بجلی کی قیمتوں میں 84 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست دی ،درخواست میں کہا گیا تھا کہ اپریل میں بجلی کی فی یونٹ پیداواری لاگت 5.76 روپے رہی جبکہ اپریل میں بجلی کی پیشگی پیداواری لاگت6.60 روپےفی یونٹ تھی۔

    نیپرا کا کہنا تھا کہ درخواست اپریل کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی، نیپرا بجلی سستی کرنے کا فیصلہ 2 جون کو کرے گا۔

    خیال رہے 7 مئی کو نیپرا نے مارچ کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 64 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دی تھی اور کہا کمی کا اطلاق صرف مئی کے مہینے کے بلوں پر ہوگا۔

  • کراچی: بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ، نیپرا کی رپورٹ میں کے الیکٹرک ذمہ دارقرار

    کراچی: بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ، نیپرا کی رپورٹ میں کے الیکٹرک ذمہ دارقرار

    کراچی: شہر قائد میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر نیپرا کی ٹیکنییکل ٹیم نےرپورٹ پیش کردی، جس میں کےالیکٹرک کے سب اچھا ہونے کے مؤقف کو مسترد کردیا گیا ہے۔

    ملک کے معاشی حب میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کے حوالے سے نیپرا (نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی) کی ٹیکنیکل ٹیم کی رپورٹ نے کے الیکٹرک کے دعوے کا پول کھول دیا، نیپرا کی وارننگ کے باوجود کے الیکٹرک نےمطلوبہ اقدامات نہ کیے۔

    رپورٹ کے مطابق کمزور بیک اپ سسٹم اور بجلی کی بحالی کے لیے منصوبہ بندی کا فقدان تھا، کےالیکٹرک نے گزشتہ سال کے بعد سسٹم کی مطلوبہ اپ گریڈیشن نہیں کی، نیپرا حکام نے کے الیکٹرک سے رئیل ٹائم ڈیٹا مانگ لیا۔

    تاہم چیئرمین نیپرا نے کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں اضافے کی درخواست مسترد کرکے اس میں کمی کی تجویز دے دی۔

    ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ وہ نیپرا سے مختلف امور پر مسلسل رابطے میں رہتے ہیں اور نیپرا کے قوانین کے مطابق ہی کام کرتے ہیں۔

  • کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی چیئرمین نیپرا برس پڑے

    کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی چیئرمین نیپرا برس پڑے

    اسلام آباد : چیئرمین نیپرا نے کہا ہے کہ  کے الیکٹرک اتنظامیہ نے بارشوں کی  وارننگ پہلے سے مل جانے کے باوجود بجلی کی  بحالی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئےگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک اور نیپرا کے درمیان ہونے والے اجلاس میں چیئرمین اور ممبرانِ نیپرا نے کے الیکٹرک انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کو کراچی میں بارش کے بعد پیش آنے والی صورتحال پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی  پر برہمی کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر چیئرمین  نیپرا  غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’کراچی کے عوام چیخ رہے ہیں مگر کے الیکٹرک کو کسی قسم کی کوئی پرواہ نہیں ہے،شہر کا کوئی علاقہ ایسا نہیں جہاں لوڈ شیڈنگ نہ کی گئی ہو۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’ایسی کارکردگی کے باوجود آپ بجلی کے فی یونٹ 14 پیسے اضافے  کی سمری پیش کررہے ہیں، نیپرا کے حساب سے فی یونٹ 8 پیسے  کی کمی ہونی چاہیے تاہم نرخوں میں کمی کے حوالے سے کام مکمل کرکے تفصیلی فیصلہ جاری کیا جائے گا‘‘۔

    نیپرا حکام نے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے کے الیکٹرک انتظامیہ پر اظہار برہمی کیا اور کہا کہ ’’ کراچی کے مختلف علاقوں میں تاحال بجلی بحال نہیں ہوسکی ، عوام گزشتہ 30 گھنٹوں سے شدید اذیت میں مبتلاء ہیں مگر بجلی کی بحالی کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گیے۔

    چیئرمین نیپرا طارق سدوزئی نے مزید کہا کہ  ’’کراچی کے عوام چیخ رہے ہیں مگرانتظامیہ کو کوئی اثر نہیں پڑا، بجلی کی بحالی میں اگر کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا ہے تو اُسے جلد از جلد دور کر کے شہر میں بجلی کی بحالی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

    واضح رہے منگل کو ہونے والی بارش کے بعد 800 سے زائد فیڈر ٹرپ ہوئے جبکہ بدھ کے روز ہونے والی بارش میں 312 فیڈرز ٹرپ ہوگئے تھے، کے الیکٹرک انتظامیہ کی جانب سے شہر میں بجلی کے بحران کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا تھا کہ شہر میں صرف 200 فیڈرز ٹرپ ہونے سے شہر کے صرف چند علاقوں میں صارفین کو لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی بحالی کے دعویٰ مسلسل جاری ہیں جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں 48 گھنٹے اور30 گھنٹے سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہیں کی جاسکی۔