Tag: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ

  • ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر قومی ٹیم پر ڈالرز کی بارش ہوگی، چیئرمین پی سی بی کا بڑا اعلان

    ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر قومی ٹیم پر ڈالرز کی بارش ہوگی، چیئرمین پی سی بی کا بڑا اعلان

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر ہر کھلاڑی کو ایک لاکھ ڈالر انعام  دینے کا اعلان کردیا۔

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی قومی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے قذافی اسٹیڈیم پہنچ گئے جہاں انہوں نے کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ملاقات کی۔

    چیئرمین پی سی بی محسن نقوی 2 گھنٹے تک کھلاڑیوں کیساتھ رہے، آفیشلز سے گفتگو کی جبکہ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کی حکمت عملی پر تفصیلی بات چیت کی۔

    اس دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر ہر کھلاڑی کو ایک لاکھ ڈالر انعام  دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ پاکستان کی جیت کے سامنے اس انعام کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

    چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں سے کہا کہ امید ہے  آپ اس بار پاکستانی سبز ہلالی پرچم بلند کریں گے، کسی دباؤ کے بغیر میدان میں اتریں اور بھرپور مقابلہ کریں، میدان میں مقابلہ ہوتا نظر آنا چاہیے۔

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ جیت آپ کے لئے اور ہار میرے لیے ہوگی، کسی کی پرواہ نہ کریں صرف پاکستان کے لئے کھیلیں، اگر میدان میں ٹیم ورک کا مظاہرہ کریں انشاللہ فتح قدم چومے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تمام کھلاڑی متحد  اور اکٹھے ہیں، شاہین آفریدی ورلڈ کپ میں بھرپور پرفارمنس دیں گے، قوم کو آپ سے بہت سی توقعات ہیں، آپ نے پورا اترنا ہے۔

  • سری لنکن ٹیم کی آمد سے دنیا کو پیغام جائے گا پاکستان محفوظ ملک ہے: احسان مانی

    سری لنکن ٹیم کی آمد سے دنیا کو پیغام جائے گا پاکستان محفوظ ملک ہے: احسان مانی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ 13 سال بعد سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد سے عالمی کرکٹ کے راستے کھلیں گے، ٹیم کی آمد سے دنیا کو پیغام جائے گا کہ پاکستان محفوظ ملک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد خوش آئند ہے، 13 سال بعد سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد سے عالمی کرکٹ کے راستے کھلیں گے۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم کی آمد سے دنیا کو پیغام جائے گا پاکستان محفوظ ملک ہے، پاکستان سری لنکا کرکٹ سیریز شیڈول کے مطابق ہو رہی ہے۔ ثابت ہوگیا پاکستان اور سری لنکن بورڈز میں کتنے گہرے تعلقات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امن و امان کا کریڈٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جاتا ہے، کرکٹ کی واپسی میں پاک فوج، رینجرز اور پولیس کا اہم کردار ہے۔ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی میں پی ایس ایل کا بڑا کردار ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ ہی سری لنکا کو سپورٹ کیا ہے۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم پر لاہور میں حملہ ہوا تھا اس کے باوجود وہ پاکستان آرہی ہے، پی سی بی اور سری لنکن بورڈ کے روابط بہت پرانے ہیں۔ سری لنکن ٹیم کو ٹیسٹ کیپ دلانے میں پاکستان کا اہم کردار تھا۔ کولمبو واقعے کے 10 روز بعد بھی ہماری انڈر 19 ٹیم سری لنکا گئی تھی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پہلے دن کہا تھا کہ کرکٹ کے لیے بھارت کے پیچھے نہیں بھاگوں گا، اگر بھارت کو ہم سے کرکٹ کھیلنی ہے تو کھیلے۔ سی ای او کرکٹ انگلینڈ بورڈ ڈائریکٹر کے ساتھ آرہے ہیں۔ ہم آج ایک قدم اٹھائیں تو 2 سے 3 سال میں منزل تک پہنچیں گے۔

  • پی ایس ایل ایک فیملی ہے جہاں کراچی و لاہور بڑے بھائی ہیں، نجم سیٹھی

    پی ایس ایل ایک فیملی ہے جہاں کراچی و لاہور بڑے بھائی ہیں، نجم سیٹھی

    اسلام آباد : چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میں حصہ لینے والی تمام ٹیمیں بچوں کی طرح ہیں اور جیسے ماں کو بچے پیارے ہوتے ہیں ویسے ہی سب ٹیمیں پیاری ہیں جس میں کراچی اور لاہور کو بڑے بھائیوں سی حیثیت حاصل ہے۔

    وہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے ساتھ میٹنگز میں پی ایس ایل کی تیاریوں میں مصروف ہیں، تمام تیاریاں مکمل ہیں، ہمیں بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، کھلاڑی بھی دبئی پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور سنسنی مقابلوں کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

    چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ چھ میں پانچ ٹیمیں ایک ہوٹل میں قیام کریں گی جب کہ جگہ نہ ہونے کی وجہ سے ایک ٹیم کو الگ ہوٹل میں ٹہرایا جائے گا، انتظامی امور سے متعلق تمام کام مکمل ہوچکا ہے اور انشااللہ پی ایس ایل کا یہ ایڈیشن دوسرے ایڈیشن کی نسبت زیادہ بہتر نظر آئے گا۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے فائنل کے لیے کراچی اسٹیڈیم میں تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں اور کئی برسوں بعد اہل کراچی کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی جس سے سندھ میں کرکٹ اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو عروج حاصل ہوگا۔

    نجم سیٹھی نے کہا کہ ملتان کی ٹیم پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا حصہ ہوگی اور اپنی کارکردگی سے ثابت کرے گی کہ ملتان سلطانز پی ایس ایل میں ایک اچھا اضافہ ہے جسے مات دینا پرانی ٹیموں کے لیے آسان نہ ہوگا، تمام ٹیمیں محنت کر رہی ہیں اور میرے لیے سب ایک سی ہیں۔

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ سے شائقین کرکٹ کو اچھی کرکٹ ہی دیکھنے کو نہیں ملتی بلکہ اس ٹورنامنٹ نے پاکستان کی قومی ٹیم کو نیا اور باصلاحیت ٹیلنٹ فراہم کیا ہے جس سے قومی ٹیم کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • آئندہ برس اپریل میں بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان آئے گی، شہریار خان

    آئندہ برس اپریل میں بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان آئے گی، شہریار خان

    کولمبو : پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ فی الحال بنگلہ دیش کی ہائی پرفارمنس ٹیم پاکستان سیریز کھیلنے آئے گی جب کہ بنگلہ دیش کی قومی ٹیم کی آمد آئندہ سال اپریل میں متوقع ہے۔

    اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے سری لنکا میں موجود شہریار خان کا کہنا تھا کہ جولائی اگست میں پاک بنگلہ کرکٹ سیریز ہو گی اور اس سیریز کے لیے سری لنکا کو نیوٹرل وینیو بنانے پر غور وخوص جاری ہے اور بنگلہ دیش بورڈ سے بات چیت جاری ہے۔

    بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش بورڈ کچھ باگزیر وجوہات کی بناء پر فی الحال اپنی قومی ٹیم پاکستان نہیں بھیجنا چاہتا تاہم اپنی ہائی پرفارمنس ٹیم بھیجنے پر رضامندی کا اظہارکیا ہے جب کہ بنگلہ دیش کی قومی ٹیم کا آئندہ سال اپریل میں پاکستان کا دورہ متوقع ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ کولمبو میں پاکستان ، سری لنکا اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہان کی ملاقات ہوئی ہے اور بگ تھری سمیت کئی اہم معاملات زیر بحث آئے ہیں جب کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی بی سی بی کے اعلیٰ حکام سے بھی حوصلہ افزا بات چیت ہوئی ہے۔