Tag: چیئرمین

  • آرمی چیف سے ازبکستان کے اسٹیٹ سیکیورٹی سروسز کے چیئرمین کی ملاقات

    آرمی چیف سے ازبکستان کے اسٹیٹ سیکیورٹی سروسز کے چیئرمین کی ملاقات

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ازبکستان کے اسٹیٹ سیکیورٹی سروسز کے چیئرمین عبدالسلام عزیزو کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں فوجی رابطوں، تربیت اور انسداد دہشت گردی کے امور کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ازبکستان کے اسٹیٹ سیکیورٹی سروسز کے چیئرمین عبدالسلام عزیزو کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    دوران ملاقات دونوں جانب سے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کے امور بھی زیر غور آئے، دونوں کے درمیان فوجی رابطوں، تربیت اور انسداد دہشت گردی کے امور کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    ازبک مہمان نے علاقائی استحکام کے لیے پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی۔

    گزشتہ روز آرمی چیف اور وزیر اعظم عمران خان کی ملاقات بھی ہوئی تھی جس میں ملکی سلامتی اور سیکیورٹی کی صورتحال پرتبادلہ خیال ہوا۔

    گزشتہ ہفتے آرمی چیف نے وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ امریکا کا دورہ کیا تھا۔ اپنے دورہ امریکا کے دوران انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کی تھی۔

    آرمی چیف اور امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں امریکی اور پاکستانی قیادت کی ملاقات کے پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا جبکہ افغان قیادت میں افغان کنٹرولڈ حل پر بھی زور دیا گیا۔

    آرمی چیف نے امریکی دفاعی ہیڈ کوارٹر پینٹا گون کا دورہ بھی کیا تھا جہاں ان کا تاریخی استقبال ہوا اور انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

  • ایران روسی شہریوں کے حقوق کا احترام کرے، روس

    ایران روسی شہریوں کے حقوق کا احترام کرے، روس

    ماسکو : روس کے ایوان بالا کی خارجہ کمیٹی کے چیئرمین کوسٹیٹکن کوساچیووف نے کہا ہے کہ روس اس بات کو یقینی بنائے کہ ایران آبنائے ہرمز میں ضبط ٹینکر پر سوار روسی شہریوں کے حقوق کا احترام کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کی طرف سے ضبط کئے گئے ٹینکر سے متعلق کمپنی نے ایران میں روسی سفارت خانے کو اطلاع دی ،کوساچیو وف نے کہا کہ ہمیں ایران کے ساتھ موجودہ موثر مواصلاتی ذرائع کی مدد سے جلد سے جلد اس معلومات کی تصدیق کرنے کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر اس کی معلومات کی تصدیق ہو جاتی ہے تو روس کو اس بات کا یقینی بنانا ضروری ہے کہ ایران ہمارے شہریوں کے حقوق کا احترام کرے۔

    کوسا چیووف نے کہا کہ ہمارے شہریوں کو مغربی ممالک اور ایران کے درمیان جاری سیاسی رسہ کشی میں یرغمال نہیں بنایا جانا چاہیے۔

    واضح رہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے جس برطانوی آئل ٹینکر کو اپنی تحویل میں لیا ہے، اس میں سوار عملے کے 23 افراد میں سے اٹھارہ کا تعلق بھارت سے ہے جبکہ دیگر پانچ شہریوں کا تعلق فلپائن اور روس سے ہے۔

     بھارت اور فلپائن کی حکومتوں نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ  آبنائے ہرمز سے ایرانی قبضے میں لیے جانے والے برطانوی آئل ٹینکر کے عملے میں ان کے شہری بھی شامل ہیں۔

    بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے بتایا کہ بھارتی حکام ایران میں متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ بھارتی شہریوں کی بازیابی جلد از جلد ممکن بنائی جائے، انہوں نے کہا کہ اس بحری جہاز میں اٹھارہ بھارتی موجود ہیں۔

    منیلا میں وزرات خارجہ نے کہا کہ تہران میں ان کے سفیر کوشش میں ہیں کہ اس ٹینکر میں سوار ایک فلپائنی شہری کو جلد از جلد رہا کر دیا جائے۔

  • پورے خاندان کو جیل بھیج دیں،  آئین کے تحفظ کے عزم سے پیچھے نہیں ہٹیں گے: بلاول بھٹو

    پورے خاندان کو جیل بھیج دیں، آئین کے تحفظ کے عزم سے پیچھے نہیں ہٹیں گے: بلاول بھٹو

    سکھر:  بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم آئین کے تحفظ کے عزم سے پیچھے نہیں ہٹیں گے.

    ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیپلز پارٹی نے  سکھر میں پی پی پی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا.

    بلاول بھٹو نے تقریر کا آغازبے نظیر بھٹوکو منظوم خراج عقیدت پیش کرکے کیا، انھوں نے کہا کہ عوام کے لیے ہماری پارٹی نے بے شمار قربانیاں دیں.

    بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری ہنستےہوئےجیل چلے گئے، فریال تالپور نے قربانی دی، قیادت کو آگے بھی جتنی قربانی دینی پڑیں، ہم پوری طرح تیار ہیں.

    پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ آئین کے لیے ذوالفقاربھٹو نے پھانسی کا پھندا قبول کیا، جمہوریت کے لیے شہید بے نظیر بھٹو نے جان دی.

    مزید پڑھیں: اسپیکر قائمہ کمیٹی کے اجلاس منسوخ کرنے کا فیصلہ واپس لیں: بلاول بھٹو زرداری

    انھوں نے کہا کہ جمہوریت اور آئین پرآج ہرطرف سے حملے ہو رہے ہیں، آئینی، معاشی اور جمہوری حقوق پرڈاکا مارا جا رہا ہے، ہم نے آئینی، معاشی اورجمہوری حقوق جانیں دے کر چھینے ہیں.

    بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آئین اور انسانی حقوق کے تحفظ پرآج پھرمل کر جدوجہدکرنی ہوگی، یہ سمجھتے ہیں کہ یہ ہمیں جیل بھیج کرڈرا لیں گے.

    بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ قیادت پوری طرح تیار ہے، یہ پورے خاندان کوجیل بھیج دیں، ہم آئین کے تحفظ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے.

  • سرفراز، پرسکون رہیں، بے بنیاد خبروں پر توجہ نہ دیں، قوم آپ کے ساتھ ہے: احسان مانی

    سرفراز، پرسکون رہیں، بے بنیاد خبروں پر توجہ نہ دیں، قوم آپ کے ساتھ ہے: احسان مانی

    لاہور: چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو پرسکون رہنے کا مشورہ دے دیا.

    تفصیلات کے مطابق چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے کپتان سرفراز احمد سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، چیئرمین پی سی بی نے کپتان کا حوصلہ بڑھایا اور پرسکون رہنے کی ہدایت کی.

    احسانی مانی نے قومی ٹیم کے کپتان سے کہا کہ ٹیم کو ابھی چار اہم میچز کھیلنے ہیں، چار میچوں میں اچھی کارکردگی پر فوکس کریں، باقی باتوں‌ کو بھول جائیں.

    احسان مانی نے سرفراز احمد سے کہا کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں ابھی موجود ہے، بے بنیاد خبروں پر توجہ دے کر کھیل سے دھیان نہ ہٹائیں.

    مزید پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کھلاڑیوں پر برس پڑے

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ شائقین کرکٹ کو ٹیم سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں، قوم آپ کے ساتھ ہے، آپ اچھا کھیلیں.

    خیال رہے کہ بھارت کے خلاف شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا ہے. ٹیم میں  گروہ بندی کی بھی خبریں  ہیں.

    یاد رہے کہ بھارت کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کے بعد کپتان سرفراز احمد نے ڈریسنگ روم میں‌ ٹیم ارکان کے سامنے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر میں گیا، تو اکیلا نہیں جاؤں گا.

  • شہبازشریف بلامقابلہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین منتخب

    شہبازشریف بلامقابلہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین منتخب

    اسلام آباد : قومی اسمبلی میں قائد خزب اختلاف شہبازشریف بلامقابلہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔

    پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے لیے شہبازشریف کا نام شیخ روحیل اصغر نے تجویز کیا، ملک عامر ڈوگر اور مشاہد حسین سید نے شہبازشریف کے نام کی تائید کی۔

    پی اے سی کا چیئرمین منتخب ہونے پر شہبازشریف نے کہا کہ تمام اراکین کے اعتماد کا مشکور ہوں، سب کوساتھ لے کرچلوں گا، احتساب کا عمل شفاف ہوگا۔

    شہبازشریف کا کہنا تھا کہ احتسابی عمل کوبہتر بنانا ضروری ہے، پی اے سی ایک موثرفورم ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ دورکے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لینے کے لیے کنوینربناؤں گا۔

    یاد رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے شہبازشریف کو پی اے سی کا سربراہ نامزد کیا گیا تھا لیکن حکومت کے انکار کے بعد معاملے پر سخت ڈیڈ لاک تھا۔

    حکومت اوراپوزیشن شہبازشریف کوچیئرمین پی اے سی بنانے پرمتفق


    بعدازاں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیردفاع پرویز خٹک کی جانب سے اپوزیشن سے معاملات طے کرنے کے بعد حکومت نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین نامزد کرنے کا اختیار اپوزیشن کو دے دیا تھا۔

  • سرفراز احمد ورلڈ کپ تک ٹیم کے کپتان ہوں گے: چیئرمین پی سی بی

    سرفراز احمد ورلڈ کپ تک ٹیم کے کپتان ہوں گے: چیئرمین پی سی بی

    کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد ورلڈ کپ تک ٹیم کے کپتان ہوں گے، آئندہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کروانے کی کوشش کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کے معاملات شفاف ہوں گے، پی سی بی میں تبدیلیاں آئیں گی۔ ہمیں بہت کچھ ٹھیک کرنا ہے۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ نجم سیٹھی نے لیگل نوٹس دیا جس کا انہیں جواب دے چکے ہیں، گزشتہ پیٹرن ان چیف نے 2 لوگوں کو فائز کیا تھا وہ مستعفی ہوچکے۔ جسٹس قیوم رپورٹ پر لاہور میں سوال اٹھایا گیا تھا، بہت کم لوگ ہیں جنہوں نے یہ رپورٹ پڑھی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ محسن حسن خان اچھے کرکٹر تھے، کپتان پر تنقید محسن حسن خان نے سال پہلے کی تھی۔

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ سرفراز احمد ٹیم کے کپتان ہیں، سرفراز کا تنازعہ میڈیا نے کھڑا کیا۔ وہ ورلڈ کپ تک ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

    پاکستان سپر لیگ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل انشا اللہ کراچی میں ہوگا۔ آئندہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کروانے کی کوشش کریں گے۔ باہر کے پلیئرز کے یہاں آکر کھیلنے سے دیگر کھلاڑیوں کو سپورٹ ملتی ہے، نامور کھلاڑی پاکستان آئیں گے اور بہت اچھی خبریں ملیں گی۔

    احسان مانی نے کہا کہ پی ایس ایل، پی سی بی کے تحت ہوگا کوئی اپنا بزنس نہیں کرے گا۔ بھارت سے کرکٹ سے متعلق بات چیت چل رہی ہے۔ بھارت میں انتخابات ہو رہے ہیں اس لیے سرد مہری ہے۔ ’انتخابات کی وجہ سے کرکٹ کے معاملات بھی سیاسی ہوجاتے ہیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم پر بہت پیسہ خرچ ہو رہا ہے بڑے میچز یہاں ہوں گے، جو کرکٹرز کراچی سے آئے ان کا متبادل نہیں ہے۔ کراچی کرکٹ کی نرسری ہے یہاں سے بہترین پلیئرز دیے گئے۔

    چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ 8 اسٹیڈیم چلا رہا ہے، دنیا میں کوئی ایک بورڈ بتا دیں جو 8 اسٹیڈیم چلا رہا ہو۔

  • پرویز خٹک الیکشن میں مبینہ دھاندلی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین منتخب

    پرویز خٹک الیکشن میں مبینہ دھاندلی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین منتخب

    اسلام آباد: وفاقی وزیر پرویز خٹک کو الیکشن 2018 میں مبینہ دھاندلی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق آج پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں پیپلزپارٹی کے رکن نویدقمر نے پرویز خٹک کو اس عہدے کے لیے نام زد کیا، انتخاب کے بعد پرویز خٹک نے اپوزیشن اورحکومت کا شکر یہ ادا کیا.

    پرویز خٹک نے کہا کہ  کمیٹی کو نیک نیتی سےچلاؤں گا، سب سے پہلے ٹی او آرز  بنائیں گے، جس کے لیے سب کمیٹی قائم کرنےکافیصلہ کیا گیا ہے۔

    اجلاس میں سب کمیٹی کے لئے  تین تین نام فائنل کیےگئے ہیں، جب کہ ایک ایک نام پر مشاورت ہوگی.

    حکومتی کی جانب سے شیریں مزاری، شفقت محمود، طارق بشیرچیمہ کے نام سامنے آئے ہیں، اپوزیشن نے رانا ثنا اللہ، نوید قمر، حاصل بزنجوکے نام فائنل کیے ہیں.

    حکومت ایم کیوایم یا جی ڈی اے میں سے ایک رکن سے متعلق مشاورت کرے گی، جب کہ اپوزیشن کی جانب سے ایک نام مزید دیا جائے گا.


    مزید پڑھیں: الیکشن شفاف ترین تھے، اگر کسی کے پاس دھاندلی کے ثبوت ہیں‌ تو سامنے لائے، ترجمان پاک فوج


    واضح رہے کہ الیکشن 2018 کے بعد اپوزیشن کی جانب سے نتائج پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دھاندلی کا الزام عائد کیا گیا تھا، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اپنی اولین تقریر میں الزامات کی تحقیقات کی پیش کش کی تھی۔

    پارلیمانی کمیٹی کا قیام اسی سلسلے کی کڑی ہے، جس کی چیئرمین شپ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کو سونپی گئی ہے۔ 

  • وزیر اعظم سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی ملاقات

    وزیر اعظم سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مسلح افواج سے متعلق معاملات پر اظہار خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں مسلح افواج سے متعلق معاملات پر اظہار خیال کیا گیا جبکہ باہمی دلچسپی کے امور بھی زیر غور آئے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی بھی ملاقات ہوئی تھی۔ ملاقات میں قومی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں ملک میں پائیدار امن اور استحکام کے عزم کا اظہار کیا گیا تھا جبکہ خطےمیں امن کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

    گزشتہ روز یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور انٹیلی جنس ایجنسی نے جنگ کے دوران شان دار کارکردگی دکھائی۔ کوئی بھی ملک ہماری افواج اور انٹیلی جنس ایجنسی کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔

  • صرف پٹواری یا تھانیدار کا نہیں، سب کا احتساب ہوگا: چیئرمین نیب

    صرف پٹواری یا تھانیدار کا نہیں، سب کا احتساب ہوگا: چیئرمین نیب

    کوئٹہ: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب کے ادارے کا مقصد ہر صورت پورا کیا جائے گا، اب بات شروع ہوگی تو اوپر سے شروع ہوگی پٹواری یا تھانیدار سے نہیں، کوئی کسی بھی عہدے پر رہا احتساب سب کا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں قومی احتساب بیورو (نیب) بلوچستان کے دفتر میں تقریب ہوئی۔

    تقریب میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال اور نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین نے شرکت کی۔ تقریب میں کرپشن کیس میں برآمد کی گئیں جائیدادیں بلوچستان حکومت کو دیں گئی۔

    برآمد کی گئی جائیدادوں کی مجموعی مالیت 1 ارب 25 کروڑ روپے ہے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کے ادارے کا مقصد ہر صورت پورا کیا جائے گا، کرپشن کو ختم کرنے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ احتساب ہوگا تو بلا تفریق ہوگا ورنہ نہیں ہوگا۔ ’اب بات شروع ہوگی تو اوپر سے شروع ہوگی پٹواری یا تھانیدار سے نہیں، کوئی کسی بھی عہدے پر رہا احتساب سب کا بلا تفریق ہوگا‘۔

    چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی کی عزت نفس کا پورا خیال رکھا جائے گا، کسی ایک شخص یا جماعت نہیں ہر شخص کا بلا تفریق احتساب ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ 5 لاکھ کی جگہ 5 کروڑ خرچ کریں تو نیب نے سوال پوچھا، سوال پوچھ لیا تو کیا گستاخی کی۔ ایسا کوئی اقدام نہیں اٹھائیں گے جو الیکشن پر اثر انداز ہو یا کسی جماعت کی سپورٹ کا تاثر جائے۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پہلے ترقی کی پھر زوال کا شکار ہوگیا۔ زوال کی تہہ تک پہنچیں تو پتہ چل جائے گا کرپشن نے تباہی کی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایک سابق وزیر اعلیٰ کی انکوائری کی جا رہی ہے، 2 کی انکوائری الیکشن کے بعد ہوگی۔ نیب کچھ کر رہا ہے تو اس میں انتقامی کارروائی کا کوئی دخل نہیں، ہر بیورو کریٹ کو نیب کا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی نیب بلوچستان نے کہا کہ لوٹی دولت کی واپسی سے ملک کی معیشت مستحکم ہوگی۔ لوٹی رقم کی واپسی کے لیے نیب شفاف طریقے پر عمل پیرا ہے۔ ماضی میں کرپشن پر بچ جانے والے اب نہیں بچیں گے۔

    ڈی جی نیب بلوچستان نے کہا کہ مشتاق رئیسانی کیس میں 1 ارب 25 کروڑ روپے ریکور کیے۔ یہ بلوچستان سے سب سے بڑی ریکوری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ غلط ذرائع سے کمائی آمدنی کے لیے زیرو ٹالرنس ہونی چاہیئے، جن اقوام نے ترقی کی انہوں نے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نیب نے حسن اور حسین نواز کو انٹر پول کے ذریعے وطن لانے کی منظوری دے دی

    نیب نے حسن اور حسین نواز کو انٹر پول کے ذریعے وطن لانے کی منظوری دے دی

    لاہور: چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ قانون پر عمل درآمد ضروری ہے۔ جو قانون پر عمل نہیں کرے گا اس سے کروایا جائے گا۔ نیب کے نوٹس دعوت نامے نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ ہمارے کوئی سیاسی عزائم نہیں۔ کسی پارٹی کو ٹارگٹ نہیں کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لوگ الیکشن مہم چلائیں اور جب نیب بلائے تو پیش ہوں۔ کرپشن کے خاتمے کے لیے نیب الیکشن سے پہلے بھی کام کر رہا تھا۔ الیکشن کے بعد بھی کرپشن کے خاتمے تک مہم جاری رہے گی۔

    چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ قانون پر عمل درآمد ضروری ہے۔ جو قانون پر عمل نہیں کرے گا اس سے کروایا جائے گا۔ نیب کے نوٹس دعوت نامے نہیں۔ نوٹس قانون کے مطابق تحقیقات کے لیے بھجوائے جا رہے ہیں۔

    جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے مزید کہا کہ حسن اور حسین نواز کو انٹر پول کے ذریعے لانے کی منظوری دے دی، ڈی جی نیب اب خط لکھیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔