Tag: چیئرنگ کراس

  • سانحہ بیدیاں اور چیئرنگ کراس سانحات کے چار سہولت کار گرفتار

    سانحہ بیدیاں اور چیئرنگ کراس سانحات کے چار سہولت کار گرفتار

    لاہور : قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سانحہ بیدیاں اور چیئرنگ کراس دھماکے میں ملوث چار سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا، ملزمان کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ بیدیاں لاہور اورچئیرنگ کراس روڈ سانحات کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، سیکیورٹی اداروں نے واقعے میں ملوث چار سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔

    سیکیورٹی اداروں نے دو افراد کو بھٹہ چوک اور دو کو کینٹ کے علاقے سے گرفتار کیا ہے، ذرائع کے مطابق بھٹہ چوک سے گرفتار ہونے والے ولی خان اور اس کے ساتھی کو حراست میں لیا گیا۔

    دونوں افراد کو سانحہ چئیرنگ کراس دھماکے کے شبے میں گرفتارکیا گیا، دوسری جانب کینٹ کے علاقے سے رمضان خان اور ایک افغان باشندے کو حراست میں لیا گیا ہے۔

    دونوں ملزمان پر بیدیاں روڈ پرمردم شماری کی ٹیم پر حملے کا شک ہے، چاروں افراد کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

  • لاہور دھماکہ: شہدا کی نماز جنازہ ادا

    لاہور دھماکہ: شہدا کی نماز جنازہ ادا

    لاہور: پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کے شہدا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں گورنر، وزیر اعلیٰ پنجاب، صوبائی وزرا، عسکری حکام اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    گزشتہ روز لاہور کے مال روڈ پر چیئرنگ کراس کے مقام پر ہونے والے خودکش بم دھماکے میں ڈی آئی جی ٹریفک اور ایس ایس پی سمیت 14 افراد شہید اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

    دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں گورنر پنجاب، وزیر اعلیٰ پنجاب، صوبائی وزرا، کور کمانڈر لاہور، دیگر عسکری حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز دھماکہ اس وقت ہوا جب پنجاب فارما ایسوسی ایشن کے ارکان احتجاج کے دوران خطاب کر رہے تھے۔ اتنظامیہ مظاہرین سے مذاکرات کر رہی تھی کہ وہ احتجاج ختم کریں تو سڑک کھول دی جائے۔ مظاہرین سے نمٹنے کے لیے ڈنڈا بردار پولیس فورس بھی تیار تھی کہ اسی دوران دھماکہ ہوگیا۔

    مزید پڑھیں: لاہور دھماکے کی پیشگی اطلاع

    دوران احتجاج کسی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے جائے وقوع پر پہلے سے امدادی ادارے ریسکیو 1122 کا ٹرک اور پولیس کا ٹرک موجود تھا۔ علاوہ ازیں میڈیا نمائندگان بھی وہاں موجود تھے۔

    دھماکہ آج ٹی وی کی ڈی ایس این جی وین کے بالکل نزدیک ہوا جس کے باعث آج ٹی وی کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ اس کا کیمرا مین اور ڈرائیور زخمی ہوگئے۔

    ترجمان پنجاب حکومت احمد ملک کے مطابق دھماکہ خود کش تھا۔ شہدا میں دو ٹریفک وارڈن اور دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

    حملے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے صوبے میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کردیا جس کے بعد یوم سوگ پر سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔