Tag: چیتا

  • چیتا گاؤں میں گھس کر معصوم بچی کو ساتھ لے گیا

    چیتا گاؤں میں گھس کر معصوم بچی کو ساتھ لے گیا

    بلرام پور: بھارت میں ایک گاؤں میں چیتے نے بچوں پر حملہ کردیا جبکہ ایک بچی کو شکار کرکے اپنے ساتھ لے گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ بھارت کے بلرام پور کے ایک گاؤں میں پیش آیا، جہاں چیتے نے 8 سالہ بچی پر حملہ کرکے اسے اپنے ساتھ لے گیا بعد میں بچی کی لاش جنگلات سے برآمد ہوئی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ 8 سالہ انوشکا اتوار  کو شام کے وقت کھیلنے نکلی تھی کہ جھاڑیوں میں چھپے چیتے نے حملہ کیا اور اسے اپنے ساتھ لے گیا۔

    محکمہ جنگلات کے سب ڈویژنل افسر نے کہا کہ بچوں کے چیخنے سے لوگوں کی توجہ مبذول ہوئی، گاؤں والوں نے درندے چیتے کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ بچی کے ساتھ غائب ہو گیا۔

    رپورٹ کے مطابق محکمہ جنگلات کو تلاش کے دوران بچی کی مسخ شدہ لاش ملی، محکمہ نے کہا ہے کہ کھیتوں میں اور اس کے آس پاس دیہاتیوں کی مدد سے چیتے کو تلاش کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کی جائے گی، رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران علاقے میں چیتے کے حملوں میں دو بچی سمیت پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    ضلع مجسٹریٹ نے محکمہ جنگلات کی ٹیم کو موقع پر بھیجا اور جلد از جلد چیتے کو پکڑنے کا حکم دیا ہے۔

  • ویڈیو: چیتے کی دعوت میں انٹری، دیکھتے ہی دیکھتے سعودی ڈش (کسبہ) ہڑپ کر گیا

    ویڈیو: چیتے کی دعوت میں انٹری، دیکھتے ہی دیکھتے سعودی ڈش (کسبہ) ہڑپ کر گیا

    آپ دوستوں کے ساتھ کھانا کھانے بیٹھیں اور اچانک چیتا نمودار ہو اور وہ کھانا ہڑپ کرنے لگے تو کیا ہوگا دلچسپ ویڈیو دیکھیں۔

    آپ کہیں دوست اور احباب کے ساتھ کسی تقریب میں کھانا کھانے بیٹھے ہوں اور وہاں اچانک خونخوار چیتا آجائے تو کیا ہوگا یقیناً بہت سارے لوگ مارے خوف کے دوڑ لگا دیں گے لیکن سعودی عرب میں ایک دعوت کے دوران چیتے نے انٹری دی اور نوجوانوں کے ساتھ عرب کی روایتی بریانی (کسبہ) دعوت اڑائی۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں کچھ سعودی نوجوانوں کو ایک جگہ اکٹھے بیٹھے مقامی روایتی ڈش کسبہ (سعودی بریانی) کھاتے دیکھا جا سکتا ہے کہ اسی دوران وہاں چیتے کی انٹری ہوتی ہے لیکن نوجوان اس خونخوار درندے سے ڈرتے نہیں ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا  ہے کہ سعودی روایات کے مطابق ایک بڑے تھال میں سجے کسبہ کو نوجوان دوستوں کا ایک گروپ کھانے میں مصروف ہے کہ چیتا آن وارد ہوتا ہے اور نوجوانوں کے ساتھ دعوت اڑانے لگتا ہے۔

    نوجوان چیتے کی اس حرکت سے محظوظ ہوتے ہیں اور وہ تھال کے جس حصے کا بھی رخ کرتا ہے تو اس جگہ بیٹھے لوگ اپنا ہاتھ روک لیتے ہیں اور وہ دیکھتے ہیں کہ جنگل کے جانور کو سعودی بریانی کھاتے دلچسپی سے دیکھنے لگتے ہیں۔

    چیتے کی یوں لوگوں کے درمیان کسبہ کھانے کے وقت وہاں موجود لوگوں کا بجائے خوفزہ ہونے کے محظوظ ہونے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کسی کا پالتو جانور ہے۔

    یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی اور اس پر مختلف تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔

    کئی صارفین نے ویڈیو پر  تنقید کرتے ہوئے یاد دہانی کرائی ہے کہ جنگلی حیاتیات کی افزائش کا سرکاری ادارہ گھروں اور پرائیویٹ گیسٹ ہاؤسز (استرحات) میں درندے پالنے پر پابندی لگائی ہوئی ہے۔

    صارفین کا کہنا ہے درندے پالنے پر پابندی کے سخت قانون کے باوجود  مقامی نوجوانوں  نے قانون کی خلاف ورزی کے ساتھ اپنی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈالا ہے۔

  • گھر کے بیڈروم میں چیتا گھس آیا، ویڈیو وائرل

    گھر کے بیڈروم میں چیتا گھس آیا، ویڈیو وائرل

    جانوروں کی ریسکیو ٹیم نے ناسک کے گھر سے چیتے کو بغیر کوئی نقصان پہنچائے اپنی تحویل میں لے لیا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح جانوروں کی ریسکیو ٹیم نے پولیس کے ساتھ مل کر تیندوے کو گھر سے ریسکیو کیا۔

    سابقہ ٹوئٹر (ایکس) پر پوسٹ ہونے کے بعد سے ویڈیو نے مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم پر خاص توجہ حاصل کرلی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ریسکیو ٹیم گھر میں موجود بیڈروم سے ایک تیندوے کو اٹھائے باہر لے جارہی ہے، جبکہ ساتھ ہی پولیس اہلکار بھی موجود ہے۔ جبکہ گھر کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔

    یہ پوسٹ دو روز قبل سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تھی۔ پوسٹ ہونے کے بعد سے، اس پر پانچ لاکھ سے زیادہ کمنٹس کئے گئے، جبکہ 2000 سے زیادہ لائکس بھی ہیں۔

  • اس تصویر میں کتنے شیر ہیں؟

    اس تصویر میں کتنے شیر ہیں؟

    سوشل میڈیا پر اکثر ایسی تصاویر وائرل ہوتی رہتی ہیں جن میں ذہانت کا امتحان لیا جاتا ہے، ایسی ہی ایک اور تصویر آج آپ کو دکھائی جارہی ہے۔

    اس تصویر کو غور سے دیکھیں اور بتائیں کہ اس میں کتنے شیر موجود ہیں۔

    بغور دیکھنے کے بعد یقیناً آپ یہی کہیں گے کہ اس تصویر میں تو صرف ایک ہی شیر موجود ہے، لیکن دراصل آپ کا یہ جواب بھی غلط ہے کیونکہ آپ کو الجھانے کے لیے سوال ہی غلط پوچھا گیا ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ آپ کتنے عقلمند ہیں۔

    پہلی بات تو یہ ہے کہ اس تصویر میں کوئی شیر ہے ہی نہیں بلکہ یہ ایک چیتا ہے۔

    دوسری بات یہ ہے کہ اس چیتے کی کھال پر ہی انگریزی میں چھپے انداز میں لکھا ہے، دا ہیڈن ٹائیگر۔

    لیکن اگر آپ نے اس تصویر میں ایک اور شیر کو تلاش کرنے کی کوشش کی اور ناکام رہے تو آپ بھی انہی لوگوں میں شامل ہیں جو کہ صرف لکھی ہوئی بات کو ہی سچ مان کر اس پر عمل کرنا شروع کر دیتے ہیں۔

  • چیتے نے لوگوں سے بھری گاڑی دانتوں سے کھینچ لی

    چیتے نے لوگوں سے بھری گاڑی دانتوں سے کھینچ لی

    نئی دہلی: بھارت میں ایک نیشنل پارک میں چیتے نے لوگوں سے بھری گاڑی کو دانتوں سے اپنی طرف کھینچ لیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    مذکورہ ویڈیو بھارتی ریاست کرناٹک کے نیشنل پارک میں ریکارڈ کی گئی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چیتا لوگوں سے بھری گاڑی کو اپنی طرف کھینچ رہا ہے۔

    ویڈیو میں چیتے کو گاڑی کے پچھلے بمپر کو دانتوں سے دبوچتے دیکھا جا سکتا ہے، چیتے نے اپنی بھرپورطاقت سے لوگوں سے بھری گاڑی کو پیچھے کی طرف کھینچ لیا۔

    ویڈیو میں گاڑی میں موجود افراد کی چیخ و پکار بھی سنی جاسکتی ہے، پارک میں دوسری گاڑی میں موجود افراد نے اس غیر معمولی واقعے کی ویڈیو بنا کرسوشل میڈیا پر پوسٹ کی جو وائرل ہوگی۔

  • بندر نے چیتے کو سبق سکھا دیا (ویڈیو وائرل)

    بندر نے چیتے کو سبق سکھا دیا (ویڈیو وائرل)

    چیتا پھرتی سے اپنے شکار کو دبوچنے کے لیے مشہور ہے، لیکن ایک بندر کو درخت پر چڑھ کر شکار کرنے کا خیال بلاشبہ اس کے لیے مہنگا ثابت ہو سکتا ہے۔

    ایسا ہی ایک واقعہ ایک چیتے کے ساتھ پیش آیا، جس کی مختصر ویڈیو نے سوشل میڈیا پر صارفین کو بڑی تعداد میں اپنی طرف متوجہ کیا، اور جس نے بھی اسے دیکھا، چیتے کے انجام پر مسکرا کر رہ گئے۔

    یہ ویڈیو بھارتی فاریسٹ افسر پراوین انگوسامی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپ لوڈ کی ہے، جس میں ٹائیگر ایک درخت پر چڑھا ہوا ہے کہ اور نہایت احتیاط کے ساتھ بندر کو شکار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    تیس سیکنڈ کی اس ویڈیو میں درخت پر چیتا دھیرے سے ایک بندر کی طرف بڑھتا دکھائی دیتا ہے، بندر اس سے بس ذرا سے فاصلے پر ایک پتلی شاخ سے لٹک رہا ہے، اور معصومیت سے چیتے کی طرف دیکھ رہا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چیتا خود کو پرسکون رکھنے کی کوشش کر رہا ہے اور احتیاط سے قدم اٹھاتا ہے، اور لپک کر بندر کو دبوچنے کے لیے بالکل تیار ہے، لیکن پھر بندر نے خطرے کے موقع پر اپنی فطری جسمانی چابک دستی کا مظاہرہ دکھا دیا۔

    بندر نے ٹائیگر نے حملے سے قبل ایک اور شاخ پر چھلانگ لگا دی، اور نتیجے میں چیتا کمزور شاخوں پر اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور دھم سے زمین پر جا گرا، زمین پر گرنے کے بعد چیتے نے اوپر دیکھتے ہوئے ہلکی سی غراہٹ نکالی، جو اس کی ناکامی کا اظہار معلوم ہوتا ہے۔

    جب سے یہ ویڈیو شیئر ہوئی، ٹوئٹر پر اسے 15 ہزار کے قریب لوگوں نے دیکھا، اسے فیس بک اور انسٹاگرام پر بھی صارفین نے بڑی تعداد میں شیئر کیا۔

  • ایبٹ آباد، حملے کے بعد مقامی افراد نے جنگلی چیتے کو زیر کر لیا (ویڈیو)

    ایبٹ آباد، حملے کے بعد مقامی افراد نے جنگلی چیتے کو زیر کر لیا (ویڈیو)

    ایوبیہ: ایبٹ آباد کے ایک گاؤں ملکوٹ میں مقامی افراد نے آبادی پر حملہ کرنے والے ایک چیتے کو زیر کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایوبیہ میں واقع گاؤں ملکوٹ میں ایک چیتے نے آبادی کی طرف آ کر حملہ کر کے ایک معمر شہری کو زخمی کر دیا تھا، جس پر مقامی افراد اس کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے نکل آئے۔

    محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد میں مقامی افراد نے فائرنگ کر کے چیتے کو ہلاک کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق سرکل بکوٹ میں چیتے نے دن کے وقت ایک شخص پر حملہ کیا تھا، جس میں 55 سالہ رحیم داد شدید زخمی ہو گئے، تاہم موقع پر موجود ایک نوجوان نے لکڑی مار مار کر چیتے سے ان کی جان بچائی، اور انھیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں، مقامی لوگوں نے مل کر چیتے کو ہلاک کر دیا۔

    یاد رہے کہ جمعرات 18 مارچ کو صوبہ سندھ میں سکھر کے ایک نواحی علاقے میں بھی لوگوں نے چیتے کے بچے کو مار دیا تھا، رپورٹس کے مطابق چیتا آبادی میں گھس آیا تھا جس پر لوگوں نے فائرنگ کر کے اسے مار دیا۔

  • چیتے نے گاؤں پر حملہ کر کے افراتفری مچا دی، متعدد دیہاتی زخمی ہو گئے

    چیتے نے گاؤں پر حملہ کر کے افراتفری مچا دی، متعدد دیہاتی زخمی ہو گئے

    تھرپارکر: صوبہ سندھ کے ایک علاقے میں چیتے نے گاؤں پر حملہ کر کے افراتفری مچا دی، متعدد دیہاتی چیتے کا شکار ہو کر زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع تھرپارکر میں اسلام کوٹ کے نواحی گاؤں میں چیتے نے حملہ کر کے 8 افراد کو زخمی کر دیا، چیتے کے حملے سے گاؤں میں افراتفری مچ گئی۔

    حملے کے بعد دیہاتیوں نے محفوظ رہنے کے لیے خود کو گھروں میں بند کر لیا، تاہم چند علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت ہتھیار لے کر نکلے اور چیتے کو فائرنگ کر کے مار دیا۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ محکمہ جنگلی حیات تھر کو چیتے کی موجودگی کی اطلاع دی گئی تھی مگر محکمے کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں لیا گیا، جس کے باعث گاؤں کے کئی افراد زخمی ہوئے۔

    مارگلہ ہلز میں چیتے کی موجودگی کی تصویر جاری، جنگل جانے سے گریز کی ہدایت

    یاد رہے کہ رواں ماہ وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں چیتے کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ مارگلہ ہلز آنے والے اندھیرا ہونے پر جنگل جانے سے گریز کریں، بورڈ کا کہنا تھا کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں 5 چیتے موجود ہیں۔ چیتے کی موجودگی کی 31 جنوری کو کھینچی گئی تصویر بھی جاری کی گئی تھی۔

    وائلڈ لائف کا کہنا تھا کہ شہزادی نامی مادہ چیتا کی مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں مستقل رہائش پائی گئی ہے، اس چیتے کی رہائش مارگلہ ہلز ٹریلز 4 اور 6 کے درمیان ہے۔

  • مارگلہ ہلز میں چیتے کی موجودگی کی تصویر جاری، جنگل جانے سے گریز کی ہدایت

    مارگلہ ہلز میں چیتے کی موجودگی کی تصویر جاری، جنگل جانے سے گریز کی ہدایت

    اسلام آباد: وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں چیتے کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مارگلہ ہلز آنے والے اندھیرا ہونے پر جنگل جانے سے گریز کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں 5 چیتوں کی موجودگی کی تصدیق کی ہے، چیتے کی موجودگی کی 31 جنوری کو کھینچی گئی تصویر بھی جاری کر دی گئی۔

    وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ شہزادی نامی مادہ چیتا کی مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں مستقل رہائش پائی گئی ہے، اس چیتے کی رہائش مارگلہ ہلز ٹریلز 4 اور 6 کے درمیان ہے۔

    مادہ چیتے کی تصاویر وائلڈ لائف بورڈ کے لگائے گئے کیمروں نے بنائی ہیں، بورڈ کا کہنا ہے کہ چیتے کی موجودگی کی تصاویر 31 جنوری کو کھینچی گئی تھیں، مارگلہ ہلز میں 5 چیتے موجود ہیں۔

    چیئر پرسن وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ رانا سعید خان نے بتایا کہ چیتے دن کے اوقات میں ہائیکنگ ٹریکس پر آنے سےگریز کرتے ہیں، اور چیتے کے زیادہ تر حملے اپنے دفاع کے لیے ہوتے ہیں، جانتے بوجھتے چیتے کا حملہ بہت کم ہوتا ہے۔

    رانا سعید کا کہنا تھا مارگلہ ہلز میں چیتے کی موجودگی کی جگہوں پر وارننگ سائنز آویزاں کر دیے گئے ہیں، مارگلہ ہلز آنے والے اندھیرا ہونے پر جنگل میں جانے سے گریز کریں، اور یہاں گروپس کی صورت میں ہائیکنگ کی جائے، ہائیکنگ کے لیے مارگلہ ہلز جانے والے سورج غروب ہونے سے آدھاگھنٹہ پہلے واپس آ جائیں۔

    انھوں نے تنبیہ کی ہے کہ اندھیرا چھانے کے بعد چیتے ٹریک پر آ سکتے ہیں۔

    وزیر اعظم کے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں چیتے کی موجودگی ایکو سسٹم کی بہتری کی علامت ہے، اسلام آباد کے شہری اس بات پر فخر محسوس کر سکتے ہیں۔

    انھوں نے کہا خطرے سے دوچار جانوروں نے مارگلہ میں مستقل رہائش اختیار کی ہے، چیتے کا شکار کرنا یا انھیں نقصان پہنچانا غیر قانونی ہے۔

  • وہ دہشت ناک لمحے جب سڑک پر چیتا سیاحوں سے ایک قدم کے فاصلے پر آیا (دل دہلا دینے والی ویڈیوز)

    وہ دہشت ناک لمحے جب سڑک پر چیتا سیاحوں سے ایک قدم کے فاصلے پر آیا (دل دہلا دینے والی ویڈیوز)

    ہماچل پردیش: بھارت کے ایک ضلع کُلو میں چیتے اور سیاحوں کا کھلی سڑک پر خطرناک آمنا سامنا ہوا، ان دہشت ناک لمحوں میں بھی لوگ منظر کی ویڈیو بناتے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے ضلع کُلو کی وادی ٹیرتھن میں ایک ایسا منظر لوگوں نے موبائل کیمروں میں قید کیا جسے دیکھ کر سوشل میڈیا پر لوگوں کے دل دہل گئے۔

    ٹیرتھن کے مشہور ہل اسٹیشن پر سیاح گاڑیوں میں سڑک پر جا رہے تھے کہ ان کے سامنے ایک چیتا آ گیا، جو سڑک پر مزے سے چہل قدمی کر رہا تھا، سیاح اسے دیکھ کر گاڑیوں سے اتر گئے۔

    خیال رہے کہ چیتے کو نہایت خطرناک اور پھرتیلا جانور سمجھا جاتا ہے، تاہم اس واقعے کی ویڈیوز نے دیکھنے والوں کو نہ صرف دہشت زدہ کیا بلکہ حیران بھی کیا۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ گردش کرنے لگی تو لوگ حیران رہ گئے، ویڈیو میں ایک چیتے کو دیکھا گیا جو ایک سیاح کی طرف بڑھ رہا ہے، اور پھر اس نے اچھل کر سیاح کے کندھوں پر اپنے اگلے پیر رکھ دیے، مذکورہ سیاح چیتے کو سڑک پر دیکھ کر گاڑی روک کر نیچے اترا تھا۔

    سیاح نے ڈرتے ڈرتے چیتے کو سہلایا، کیوں کہ وہ جانتا تھا کہ چیتے نے اگر جارحانہ رویہ اپنایا تو اسے کوئی نہیں بچا سکے گا۔ اس کے گرد دیگر سیاح اس منظر کو دیکھ کر ویڈیو بنانے لگے اور پھر یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئے۔

    ایک آئی اے ایس افسر سنجیو گپتا نے بھی اسی موقع کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ چیتا ایک اور سیاح کے ساتھ کھیلتا نظر آ رہا تھا، چیتے نے سیاح کا ہاتھ پکڑ رکھا تھا اور سیاح اپنا ہاتھ اس سے چھڑا رہا تھا۔

    سنجیو گپتا نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ دراصل چیتا بھوکا تھا اور لوگوں سے گوشت کا ٹکڑا مانگ رہا تھا لیکن اس کی بجائے لوگ اس کے ساتھ کھیل رہے تھے اور تصویریں لے رہے تھے۔