کراچی: ملک بھر میں جاری گرمی کی شدید لہر سے ہلاکتوں اور وزیر اعظم کی ہدایت کے بعدنیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بھی حرکت میں آ گئی،صوبے بھر کے تمام سرکاری اداروں میں ہیٹ اسٹروک سینٹرز قائم کرنے کے لئے رینجرز اور آرمی کی مدد طلب کر لی۔
نیشنل ڈزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے وزیر اعظم کی ہدایت پر نیشنل ہیلتھ ایمرجنسی رسپانس نیٹ ورک سے رابطہ کرتے ہوئے صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں اور بیسک ہیلتھ یونٹس میں ہیٹ سٹروک سینٹرز قائم کرنے کی ہدایات جاری کر دی،صورت حال کی سنگینی کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے آرمی اور رینجرز کی مدد لینے کا فیصلہ بھی کیا ہے ۔
اس سلسلے میں این ڈی ایم اے کی جانب سے کورکمانڈر کراچی سے مدد کی درخواست کر دی گئی ہے،تا کہ کنٹونمنٹ کے علاقوں میں موجود سرکاری ہسپتال اور بیسک ہیلتھ یونٹس میں ہیٹ سٹروک سینٹرز قائم کئے جا سکیں ۔
این ڈی ایم نے پی ڈی ایم اے کو متاثرہ افراد کے لئے فوری ہیلپ لائن قائم کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ نیشنل ہیلتھ ایمرجنسی رسپانس نیٹ ورک کو ایدھی اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ تعاون بہتر بنانے کا بھی کہا گیا ہے۔
دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق پاک آرمی اور سندھ رینجرز کی جانب سے قائم ہیٹ اسٹروک سینٹرزمیں مفت طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کیلئے قائم سینٹرز میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اورادویات کا مکمل انتظام موجود ہیں۔۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ ہیٹ اسٹروک لگنے والوں کو فوری طور پر قریبی سینٹر منتقل کریں۔