Tag: چیز

  • ڈبل روٹی سے لذیذ پیزا بنانے کا طریقہ

    ڈبل روٹی سے لذیذ پیزا بنانے کا طریقہ

    پیزا بنانا ایک محنت اور وقت طلب کام ہوسکتا ہے تاہم حال ہی میں ڈبل روٹی سے پیزا بنانے کی ایک ویڈیو بے حد وائرل ہورہی ہے اور صارفین اس آسان پیزا کو تیار کرنے کے لیے نہایت پرجوش نظر آرہے ہیں۔

    ویڈیو شیئرنگ سائٹ ٹک ٹاک پر پوسٹ کی جانے والی یہ ویڈیو فلپائن سے تعلق رکھنے والی مشیل مالٹو کی ہے جس میں وہ پیزا کے ڈو، ٹماٹر اور موزریلا چیز کے بغیر پیزا بناتی نظر آرہی ہیں۔

    مشیل کہتی ہیں کہ وہ یہ پین پیزا اس وقت بناتی ہیں جب وہ کاہلی محسوس کر رہی ہوں۔

    ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ مشیل سب سے پہلے ڈبل روٹی کے 10 سلائسز ایک ساتھ رکھ کر انہیں ہموار کرلیتی ہیں۔ اس کے بعد وہ اس پر ٹماٹو کیچپ پھیلا لیتی ہیں۔

    اس بیس پر مشیل چیڈر چیز پھیلاتی ہیں تاہم مشیل کے مطابق اس میں کسی بھی قسم کا چیز شامل کیا جاسکتا ہے۔ اس کے بعد وہ اس پیزا پر کینڈ بیف اور پیاز ڈالتی ہیں، صارفین کے لیے ان کا مشورہ ہے کہ وہ اپنی پسند کے اجزا اس میں شامل کرسکتے ہیں۔

    اس کے بعد وہ پین کو اوون میں رکھ دیتی ہیں، مشیل کا کہنا ہے کہ چولہے پر پکانے والے افراد اندازے سے اسے اتنی دیر پکائیں کہ وہ اچھی طرح سے پک جائے۔

    مشیل کے مطابق ان کا بنایا ہوا یہ پیزا نہایت خستہ اور لذیذ ہوتا ہے جو ان کے گھر والوں کو بھی بے حد پسند ہے۔

    مشیل کی اس ویڈیو کو لاکھوں صارفین نے دیکھا اور پسند کیا ہے، لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اس آسان ترکیب کو اپنے گھر پر ضرور اپنائیں گے۔

  • مزیدار پنیر آملیٹ آپ کی صحت کا دشمن

    مزیدار پنیر آملیٹ آپ کی صحت کا دشمن

    پنیر کھانا یوں تو صحت کے لیے فائدہ مند ہے اگر اسےاعتدال میں کھایا جائے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں ایک موقع پر یہ آپ کے لیے نقصان دہ بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ ناشتے میں پنیر والا آملیٹ کھاتے ہیں تو آپ خود کو خطرناک نقصان کی دعوت دے رہے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق انڈے کی زردی مفید کولیسٹرول سے بھرپور ہوتی ہے جس کے بعد جسم کو مزید کسی کولیسٹرول کی ضرورت نہیں رہتی۔ ایسے میں انڈے کے ساتھ پنیر کھانا جسم کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

    امریکا میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق ایک دن میں 300 ملی گرام سے زائد کولیسٹرول امراض قلب میں 17 فیصد اضافہ کردیتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق ہفتے میں 3 یا 4 سے زائد انڈے کھانا آپ کی صحت کو نقصان بھی پہنچا سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ ایک انڈہ اوسطاً 85 کیلوریز کے مساوی توانائی رکھتا ہے، انڈے میں پائی جانے والی توانائی ہر موسم میں انسانی جسم کی ضرورت پورا کرنے کے لئے کافی ہوتی ہے۔


    انتباہ: یہ مضمون قارئین کی معلومات میں اضافے کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ مضمون میں دی گئی کسی بھی تجویز پر عمل کرنے سے قبل اپنے معالج سے مشورہ اور ہدایت ضرور حاصل کریں۔

  • لوگ اپنے پالتو کتے پر پنیر کا ٹکڑا کیوں پھینک رہے ہیں؟

    لوگ اپنے پالتو کتے پر پنیر کا ٹکڑا کیوں پھینک رہے ہیں؟

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ہر دوسرے دن کوئی نہ کوئی چیلنج مقبول ہوتا رہتا ہے۔ یہ چیلنج بہت خطرناک بھی ہوتے ہیں اور بعض اوقات نہایت بے ضرر بھی ہوتے ہیں۔

    ان چیلنجز کو پورا کرنے کے لیے لوگ ہر حد تک گزرنے کو تیار ہوتے ہیں جس کی وجہ سے بعض بے ضرر چیلنج بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں، جبکہ بعض صارفین کو ہنسی کا سامان فراہم کرتے ہیں۔

    ایسا ہی ایک اور چیلنج سوشل میڈیا پر مقبول ہورہا ہے جس میں لوگ اپنے پالتو کتوں پر پنیر کا ٹکڑا پھینک رہے ہیں۔

    ڈاگ چیز نامی اس چیلنج میں کوئی شخص اپنے کتے پر اس کی بے خبری میں پنیر کا ٹکڑا پھینکتا ہے۔ وہ پنیر کتے کے جسم کے کسی بھی حصے عموماً پشت پر جاگرتا ہے، جس کے بعد کتا پریشان ہوجاتا ہے کہ اس کے جسم پر کیا گرا ہے۔

    چند لمحوں کی کوشش کے بعد پنیر اس کے جسم سے نیچے گر جاتا ہے جس کے بعد کتا اس پنیر کو کھا لیتا ہے۔

    بظاہر اس چیلنج کا کوئی خاص مقصد نہیں ہے تاہم سوشل میڈیا صارفین اس بے ضرر چیلنج سے بہت لطف اندوز ہورہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ خطرناک چیلنجز کے مقابلے میں یہ ہلکا پھلکا چیلنج کافی متاثر کن ہے۔

    بعض لوگوں نے اس چیلنج کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے کتے کے علاوہ دیگر جانوروں پر بھی پنیر کا ٹکڑا پھینکا جس کے بعد اور مزے کی صورتحال سامنے آئی۔