کراچی : مونس علوی کو دوبارہ کے الیکٹرک کا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کردیا گیا ، وہ 30 جولائی 2025 سے بطور سی ای او فرائض انجام دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 7 جولائی 2025 کو ہونے والے اپنے اجلاس میں سید مونس عبداللہ علوی کو 30 جولائی 2025 سے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) کے طور پر دوبارہ تعینات کیا ہے۔
کے الیکٹرک نے سی ای او کی دوبارہ تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا اور اسٹاک ایکسچینج کو بھی سی ای او کی تقرری سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
سید مونس عبداللہ علوی 30 جولائی 2025 سے بطور سی ای او فرائض انجام دیں گے ، وہ کمپنی کے موجودہ سی ای او کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔
مونس عبداللہ علوی نے 2008 میں کے ای میں شمولیت اختیار کی، اور 2018 میں بطور سی ای او تقرری سے قبل تنظیم میں بطور CFO، کمپنی سیکرٹری اور ہیڈ آف ٹریژری کے طور پر اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔
وہ 30 سال کا متنوع مالیاتی تجربہ رکھتے ہیں، انہوں نے مستقبل کے لیے ایک ڈیجیٹل ادارے کی تشکیل کی قیادت کی ہے، جس کے ذریعے صارفین کو توانائی کے حصول کے لیے سرمایہ کاری اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کے۔ الیکٹرک (KE)ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہے، جس کا قیام 1913ء میں عمل میں آیا اور قیام پاکستان کے بعد کے ای ایس سی (KESC) کے نام سے اس کی پاکستان میں شمولیت ہوئی۔
سال 2005 میں کمپنی کی نجکاری کی گئی۔ کے۔ الیکٹرک پاکستان کی واحد عمودی طور پر مربوط پاور یوٹیلیٹی ہے، جو کراچی اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو بجلی فراہم کرتی ہے۔
کمپنی کے 66.4 فیصد اکثریتی حصص (شیئرز) کے ای ایس پاور کی ملکیت ہیں، جو سرمایہ کاروں کا ایک کنسورشیم ہے، جس میں سعودی عرب کی الجومعہ پاور لمیٹڈ، نیشنل انڈسٹریز گروپ (ہولڈنگ) کویت اور انفرا اسٹرکچر اینڈ گروتھ کیپٹل فنڈ (آئی جی سی ایف) شامل ہیں۔
کمپنی میں حکومت پاکستان کے بھی 24.36 فیصد شیئرز ہیں۔بقیہ حصص فری فلوٹ شیئرز کے طور پر درج ہیں۔