Tag: چیف جسٹس ہائیکورٹ

  • چیف جسٹس پاکستان کے بعد چیف جسٹس ہائیکورٹ کے اختیارات ریگولیٹ کرنے کا اہم معاملہ سامنے آگیا

    چیف جسٹس پاکستان کے بعد چیف جسٹس ہائیکورٹ کے اختیارات ریگولیٹ کرنے کا اہم معاملہ سامنے آگیا

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر ترین جسٹس محسن اختر کیانی نے چیف جسٹس ہائیکورٹ کے اختیارات ریگولیٹ کرنے کا معاملہ انتظامی کمیٹی کو بھیجنے کی سفارش کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کے بعد چیف جسٹس ہائیکورٹ کے اختیارات ریگولیٹ کرنے کا اہم معاملہ سامنے آگیا۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر ترین جسٹس محسن اختر کیانی نے معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کو بھیجنے کی سفارش کر دی ہے۔

    جسٹس محسن اختر کیانی نے ایک کیس میں معاملہ سامنے آنے کے بعد آرڈر میں اضافی نوٹ لکھا ہے کہ ” چیف جسٹس کی عدم موجودگی میں انتظامی جج کے پاس بنچ تشکیل دینے کا اختیار نہیں ، چیف جسٹس کی عدم موجودگی کے باعث حفاظت نہ مل پانا بنیادی حقوق سے متعلق ہے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کی عدم موجودگی کے باعث درخواست گزار کو حفاظت نہیں مل پاتی، بادی النظر میں یہ پہلو درخواست گزار کو مشکل صورتحال میں ڈال دیتا ہے کیونکہ انتظامی جج ہنگامی نوعیت کے کیس کو بھی اُسی دن سماعت کیلئے مقرر نہیں کر سکتا۔

    جسٹس محسن اختر کیانی نے لکھا ‘انتظامی جج کے پاس اہم نوعیت کا کیس بھی اگلے روز کیلئے مارک کرنے کا اختیار ہے، کیس مارک کرنے کے باوجود ایڈمنسٹریٹو جج سماعت کیلئے بینچ تشکیل نہیں دے سکتا، ایڈمنسٹریٹو جج محض چیف جسٹس کے فراہم کردہ اختیارات کے مطابق کیس مارک کر سکتا ہے۔’

    جسٹس محسن کیانی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے انتظامی معاملات چلانے کا اختیار انتظامی کمیٹی کے پاس ہے، معاملہ انتظامی کمیٹی کے سامنے رکھا جائے تاکہ وہ اس پر کوئی فیصلہ کر سکے، ہائیکورٹ رولز اینڈ آرڈرز کے تحت معاملہ فُل کورٹ کے سامنے بھی رکھا جا سکتا ہے۔

  • عابد ملہی کی گرفتاری پر انعام، چیف جسٹس ہائی کورٹ کا ردعمل

    عابد ملہی کی گرفتاری پر انعام، چیف جسٹس ہائی کورٹ کا ردعمل

    لاہور: چیف جسٹس ہائی کورٹ نے گجر پورہ زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری پر انعام پر اظہار برہمی کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے لاہور موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کے ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے انعام کے اعلان پر حیرت کا اظہار کیا۔

    چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے سخت ریمارکس میں کہا ملزم کو پکڑنا پولیس کی ذمہ داری ہے اس پر انعام کیسا، کیا اب پولیس افسر انعام کا انتظار کرے اور پھر ملزم پکڑے۔ چیف جسٹس نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا پولیس سے تو ملزم پکڑا نہیں جاتا اور اہل کار قبضے کرتے پھر رہے ہیں۔

    گجرپورہ زیادتی کیس: عابد کو پولیس نے گرفتار نہیں بلکہ پیش کیا ہے، والد کا دعویٰ

    یاد رہے کہ پولیس کے ساتھ 33 دن کی آنکھ مچولی کھیلنے کے بعد مرکزی ملزم عابد کو اس کے والد نے دو دن قبل گرفتار کروایا، اس سے قبل آٹھ اسپیشل ٹیمیں بھی عابد کا سراغ نہ لگا سکی تھیں، ملزم پولیس کو 3 بار چکما دیکر فرار ہو چکا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم عابد قصور، ننکانہ اور شیخوپورہ سے پولیس کو چکما دے کر فرار ہوا تھا، ملزم کی اطلاع دینے والے کو 25 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔

    عثمان بزدار کا آئی جی پنجاب اور ٹیم کے لیے 50 لاکھ انعام کا اعلان

    پولیس کے اعلیٰ حکام نے گجرپورہ زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد علی کو گرفتار کرنے والے انویسٹی گیشن اور سی آئی اے افسران کے لیے انعام کا اعلان کیا تھا۔ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی آئی جی پنجاب اور ان کی ٹیم کے لیے پچاس لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔