Tag: چیف سلیکٹر اجیت اگرکار

  • بنگلہ دیش سے شکست کا خوف، بھارت ہوم سیریز کیلئے مضبوط اسکواڈ منتخب کریگا

    بنگلہ دیش سے شکست کا خوف، بھارت ہوم سیریز کیلئے مضبوط اسکواڈ منتخب کریگا

    پاکستان کو وائٹ واش کرنے والی بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے مقابلے کے لیے بھارت ہوم سیریز میں مضبوط اسکواڈ کا چناؤ کریگا۔

    اجیت اگرکار کی سربراہی میں بی سی سی آئی کی سلیکشن کمیٹی بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان دلیپ ٹرافی کا پہلا راؤنڈ ختم ہونے کے بعد کریگی، ڈومیسٹک ایونٹ کا آغاز جمعرات سے بنگلورو اور اننتاپور میں ہوگا۔

    بھارتی سلیکٹر آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے بھارت کی مضبوط ٹیم منتخب کرنے کے خواہاں ہیں، بنگلہ دیش کے ہاتھوں پاکستان کی شرمناک شکست کے بعد بھارت کو بھی اپنی سرزمین پر بنگال ٹائیگرز کے ہاتھوں شکست کا خوف کہیں نہ کہیں درپیش ہے۔

    ایسے میں بھارتی بورڈ اور سلیکٹرز ہوم سیریز کے حوالے سے محتاط ہیں اور کسی قسم کا رسک لینے کے بجائے ایک متوازن اسکواڈ منتخب کرنا چاہتے ہیں۔

    دلیپ ٹرافی میں تقریباً تمام ہی انٹرنیشنل بھارتی کرکٹرز حصہ لے رہے ہیں جن میں کے ایل راہول، شبمن گل، کلدیپ یادیو، یشسوی جیسوال، سرفراز خان، ریشبھ پنت اور دیگر بڑے نام شامل ہیں۔

    کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے دلیپ ٹرافی کے پہلے راؤنڈ کے اختتام پر بھارتی پلیئرز کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا،

    دلیپ ٹرافی کے ڈومیسٹک میچز اور ان میں سامنے آنے والی پرفارمنسز کو دیکھ کر چیف سلیکٹر اجیت اور ان کی ٹیم کو بھارتی اسکواڈ منتخب کرنے میں آسانی ہوگی۔

    بھارت کو اپنی سرزمین پر بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے جس کا آغاز 19 ستمبر سے ہوگا، 2024 کے آغاز میں انگلینڈ کو سیریز میں شکست فاش دینے کے بعد بھارتی ٹیم کے لیے ہوم گراؤنڈ پر یہ پہلی سیریز ہوگی۔

  • بھارتی ٹی ٹوئنٹی کپتان کی ون ڈے ٹیم میں کوئی جگہ نہیں!

    بھارتی ٹی ٹوئنٹی کپتان کی ون ڈے ٹیم میں کوئی جگہ نہیں!

    چیف سیلکٹر اجیت اگرکار نے واضح کردیا ہے کہ بھارت کے ٹی ٹوئنٹی کپتان سوریا کمار یادیو کی ون ڈے سائیڈ میں جگہ نہیں بنتی ہے۔

    سابق بھارتی پیسر اگرکار نے بھارت کی سری لنکا روانگی سے قبل پریس کانفرنس میں کہا کہ حقیقت یہی ہے کہ ون ڈے اسکواڈ کے لیے سوریا کمار کے نام پر کوئی بات نہیں کی گئی کیونکہ ٹیم مینجمنٹ مڈل آرڈر میں شریاس آئیر، کے ایل راہول اور رشبھ پنت سے مطمئن ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم نے اس وقت سوریا کی ون ڈے اسکواڈ میں شمولیت پر نہیں سوچا، شریاس اور کے ایل راہول واپس آگئے ہیں، انھوں نے ون ڈے ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھائی تھی۔

    اجیت اگرکار کا کہنا تھا کہ رشبھ پنت بھی اچھی فارم میں ہیں، اس لیے ہمارا مڈل آرڈر معیاری ہے لہذا اس وقت سوریا صرف ایک ٹی ٹوئنٹی کھلاڑی ہیں۔

    خیال رہے کہ بھارت نے ہارک پانڈیا کو نظرانداز کرتے ہوئے جارح مزاج بیٹر سوریا کمار یادیو کو روہت شرما کی جگہ نیا ٹی ٹوئنٹی کپتان تعینات کیا ہے۔

    سوریا کے ون ڈے اعداد و شمار ٹی ٹوئنٹی میچز کے بالکل برعکس ہیں، انھوں نے بھارت کے لیے 37 ون ڈے کھیلے ہیں جس میں 25.76 کی کم اوسط سے انھوں نے محض 773 رنز بنائے ہیں۔