Tag: چیف سیکریٹری

  • 18 سو سے زائد زائرین کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں: چیف سیکریٹری بلوچستان

    18 سو سے زائد زائرین کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں: چیف سیکریٹری بلوچستان

    کوئٹہ: چیف سیکریٹری بلوچستان کا کہنا ہے کہ 18 سو سے زائد زائرین کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں، صوبے میں کرونا وائرس کے 158 کیسز ہیں جبکہ 19 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کرونا وائرس کے 158 کیسز رپورٹ ہوئے، 18 سو سے زائد زائرین کے ٹیسٹ کیے گئے، 19 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    چیف سیکریٹری کا کہنا ہے کہ دل کے عارضے میں مبتلا ایک خاتون کی حالت تشویش ناک ہے، 8 لوگ گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔ صوبے میں ریلیف پیکج پر تیزی سے کام جاری ہے۔ بی آئی ایس پی میں بھی صوبے حصہ ڈالیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کے لیے 60 ہزار حفاظتی لباس آئندہ ہفتے مل جائیں گے، ضروری جگہوں پر این 95 ماسک پہنچائیں گے۔ این ڈی ایم اے سے کافی حد تک سامان مل چکا ہے۔

    چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ امید ہے شہری ہدایات پر عمل کر کے وائرس کو پھیلنے نہیں دیں گے، کچھ لوگ پکنک اور محفلیں لگانے سے باز نہیں آرہے، امید ہے اگلے ہفتے مزید مریض صحت یاب ہوں گے۔

  • حکومت نے آئی جی خیبرپختونخوا اور چیف سیکریٹری کا تبادلہ کردیا

    حکومت نے آئی جی خیبرپختونخوا اور چیف سیکریٹری کا تبادلہ کردیا

    پشاور: حکومت نے آئی جی خیبرپختونخوا صلاح الدین خان اور چیف سیکریٹری نوید کامران بلوچ کو تبدیل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی خیبرپختونخوا صلاح الدین کو آئی جی آزاد کشمیر تعینات کیا گیا ہے جبکہ آئی جی آزاد کشمیر محمد نعیم خان کو آئی جی خیبرپختونخوا مقرر کیا گیا ہے۔

    چیف سیکریٹری نوید کامران بلوچ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ان کی جگہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 21 کے محمد سلیم کو چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا مقرر کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ نوید کامران بلوچ کو جون 2018 میں نگراں حکومت نے چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا تعینات کیا تھا، چیف سیکریٹری مقرر ہونے والے محمد سلیم 30 اکتوبر 2019 کو ریٹائر ہوجائیں گے۔

    مزید پڑھیں: وفاقی حکومت نے تین صوبوں کے آئی جیز تبدیل کردئیے

    چیف سیکریٹری آزاد کشمیر خواجہ داؤد احمد کو ایڈیشنل رجسٹرار سپریم کورٹ مقرر کیا گیا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تعیناتیوں کو نوٹیفکیشن جاری کردئیے ہیں۔

    مظہر نیاز رانا کو آزاد کشمیر کا نیا چیف سیکریٹری تعینات کردیا گیا ہے وہ اس سے قبل ایڈیشنل سیکریٹری صنعت و پیداوار تعینات تھے۔

  • سندھ ہائی کورٹ نے تھر قحط سے متعلق صوبائی حکومت کی رپورٹ مسترد کردی

    سندھ ہائی کورٹ نے تھر قحط سے متعلق صوبائی حکومت کی رپورٹ مسترد کردی

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے تھر میں قحط سے متعلق صوبائی حکومت کی رپورٹ مستردکری ہے۔ سیشن جج کی رپورٹ میں تھر میں دو سو سے زائد ڈاکٹرز کی اسامیاں خالی ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

    تھر ازخود نوٹس کیس کی سماعت میں چیف سیکریٹری، سیکریٹری صحت اور سیشن جج مٹھی نے اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی، سیشن جج مٹھی کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ تھرمیں چار سوایک ڈاکٹرز کی اسامیوں میں سے دو سو سترہ اسامیاں خالی ہیں۔ اسی طرح انتیس بنیادی ہیلتھ کے مراکز میں سے اٹھارہ غیر فعال ہیں۔

    چیف سیکریٹری کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قحط کے باعث دو سو دس اموات ہوئیں ہیں اور حکومت قحط سالی روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔

    درخواست گزار کے وکیل فیصل صدیقی ایڈوکیٹ نے رپورٹ پر اعتراض اٹھاتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ جوڈیشل رپورٹ کے مطابق چار سو چھبیس افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

    عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومت کو چار دسمبر کو جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی کہ تھر میں قحط سالی روکنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں۔