Tag: چیف کورٹ گلگت بلتستان

  • عدالت نے پسند کی شادی کرنے والی فلک نور کو شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی

    عدالت نے پسند کی شادی کرنے والی فلک نور کو شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی

    گلگت: گلگت بلتستان کی چیف کورٹ نے پسند کی شادی کرنے والی فلک نور کو شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف کورٹ گلگت بلتستان نے فلک نور کیس کا فیصلہ سنادیا، فیصلے میں کہا کہ فلک نورجس کیساتھ رہنا چاہتی ہےاس کیساتھ رہنےدیاجائے تاہم فلک نورگلگت بلتستان کی حدود میں رہے گی۔

    فلک نور نے اپنے شوہر فرید کیساتھ رہنے کا بیان دے دیا، میڈیکل رپورٹ میں فلک نورکی عمر 13 سے 16 سال کےدرمیان بتائی گئی ہے۔

    یاد رہے فلک نور 20 جنوری کو گھر سے لاپتہ ہوئی تھی، جس کے بعد لڑکی کے والد نے 17 سالہ پڑوسی کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا۔

    گلگت بلتستان، کراچی اور اسلام آباد میں احتجاجی مظاہروں اور سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم پر ترجمان جی بی اور وزیر داخلہ جی بی کا رد عمل سامنے آیا تھا۔

    وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس الحق لون نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ فلک نور کیس پر سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کیا گیا، فلک نور کا اپنا ویڈیو بیان آ چکا ہے، اور اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں، تاہم کچھ عناصر اس پر منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ فلک نور کے والد کی رپورٹ کے مطابق اغوا کی ایف آئی آر درج کی گئی، اور پولیس کو مانسہرہ میں ملزمان کی موجودگی کا علم ہوا، پولیس نے چھاپا مارنے کی کوشش کی تو ایسے میں فلک نور کا ویڈیو بیان آ گیا۔