Tag: چیلنج کردیا

  • منی لانڈرنگ کیس :آصف زرداری اور فریال تالپور نے بینکنگ کورٹ کا فیصلہ چیلنج کردیا

    منی لانڈرنگ کیس :آصف زرداری اور فریال تالپور نے بینکنگ کورٹ کا فیصلہ چیلنج کردیا

    کراچی : پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس میں بینکنگ کورٹ کا فیصلہ سندھ ہائی  کورٹ میں چیلنج کردیا، جس میں کہا گیا بینکنگ کورٹ کےمقدمہ منتقلی کے احکامات غیر قانونی ہیں، فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق میگا منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ، سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور فریال تالپور نے سندھ ہائی کورٹ پہنچے، جہاں انھوں نے بینکنگ کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کردی جبکہ دونوں کی عبوری ضمانت کےلیے حلف نامے بھی جمع کرائے۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بینکنگ کورٹ کےمقدمہ منتقلی کے احکامات غیر قانونی ہیں، بینکنگ کی جانب سے مقدمہ منتقلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

    فاروق ایچ نائیک نے کہا آج صرف فیصلے کو چیلنج کیاہے،درخواست ضمانت بعدمیں دائر کریں گے۔

    مزید پڑھیں: بینکنگ کورٹ کا منی لانڈرنگ کیس راولپنڈی منتقل کرنے کا حکم

    گذشتہ روز چئیرمین نیب کی درخواست پر بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس کراچی سے راول پنڈی منتقل کرنے کا حکم دیا تھا اور سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگرملزموں کی ضمانتیں واپس لیتے ہوئے زر ضمانت بھی خارج کرنے کا بھی حکم دیا۔

    آصف زرداری تاخیر سے بینکنگ کورٹ پہنچے تھے جب تفصیلی فیصلہ جاری ہوچکا تھا، آصف زرداری نے پیشی کے موقع پر کہا تھا کہ کیس منتقلی سے فرق نہیں پڑتا جبکہ وکلاصفائی کاکہناتھا کیس منتقلی کافیصلہ چیلنج کریں گے۔

    بعد ازاں نیب نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں 20 مارچ کو طلب کرلیا تھا۔

  • لاہور ہائی کورٹ میں حج پالیسی 2019 کو چیلنج کردیا گیا

    لاہور ہائی کورٹ میں حج پالیسی 2019 کو چیلنج کردیا گیا

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ میں حج پالیسی 2019 کو چیلنج کردیا گیا، درخواست میں کہا گیا حج فیس میں اضافہ غیر قانونی طور پر منافع کمانے کے لیے کیا گیا،  عدالت حج پالیسی 2019 کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حکومت کو حج پر سبسڈی دینے اور اس حوالے سے نئی پالیسی پیش کرنے کا حکم دے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں حج پالیسی 2019 کیخلاف درخواست دائر کردی گئی، درخواست آصف محمود ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی۔

    درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ نئی پالیسی کے تحت سرکاری حج کی فیس 2 لاکھ اسی ہزار سے بڑھا کر 4 لاکھ چھپن ہزار کردی گئی ہے، حکومت کی جانب سے غریب عازمین حج کو دی جانے والی سبسڈی ختم کردی گئی ہے جس سے حج 65 فیصد تک مہنگا ہوگیا ہے۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ حج فیس میں اضافہ غیر قانونی طور پر منافع کمانے کے لیے کیا گیا، پرائیوٹ حج آپریٹر پونے چار لاکھ میں حکومت سے کم قیمت میں حج کرا رہے ہیں۔

    دائر درخواست میں استدعا کی گئی عدالت حج پالیسی 2019 کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حکومت کو حج پر سبسڈی دینے اور اس حوالے سے نئی پالیسی پیش کرنے کا حکم دے۔

    مزید پڑھیں : وزارت مذہبی امورنے حج پالیسی 2019 جاری کردی

    خیال رہے وفاقی کابینہ اجلاس میں قومی حج پالیسی 2019 کی منظوری دی گئی تھی اور اس برس سبسڈی نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا، رواں سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی حج ادا کرسکیں گے۔

    سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 اور نجی اسکیم کے تحت 71 ہزار 684 عازمین حج کے لیے جائیں گے، حج پالیسی کے مطابق شمالی ریجن کے لیے حج اخراجات بغیر قربانی 4 لاکھ 36 ہزار 975 روپے ہوں گے جبکہ قربانی کے اخراجات 19 ہزار 451 روپے الگ ہوں گے تاہم جنوبی ریجن کے لیے حج اخراجات بغیر قربانی 4 لاکھ 26 ہزار 975 روپے ہوں گے۔