Tag: چیلنج

  • مراد سعید کا بلاول بھٹو کو چیلنج

    مراد سعید کا بلاول بھٹو کو چیلنج

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ حلقہ منتخب کریں میں الیکشن لڑوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مراد سعید نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ایوان میں آتا ہوں اپوزیشن کی کوشش ہوتی ہے مجھےموقع نہ ملے، جب مجھےموقع ملتا ہے تو یہ بیان دے کرفوری بھاگنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سنبھالی تو تمام ادارے دیوالیہ کے قریب تھے، اپوزیشن نے تمام عمارتوں کوگروی رکھا ہوا تھا، ہم نے حکومت سنبھالی تو 24 ہزار ارب قرضہ، پورا ملک گروی رکھا ہوا تھا۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ وصیت اور پرچی لے کرسیاست میں آنے والے سلیکٹڈ کی بات کرتے ہیں، پرچی لہرا کر سیاست میں آتے ہیں اور ہمارے قائد پر تنقید کرتے ہیں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کا رخ سندھ کی طرف کیا تو پی پی نے اسے کیوں روکا، سندھ حکومت نے کہا ہمیں صحت انصاف کارڈ کے نام پر اعتراض ہے، سندھ حکومت کہتی ہے صحت انصاف کارڈ کانام تبدیل کر کے بی بی کے نام سے رکھنا ہے۔

    مراد سعید نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ حلقہ منتخب کریں میں الیکشن لڑوں گا۔انہوں نے کہا کہ ابھی میں اپنی پچ پر کھیل رہا ہوں، پرچی لے کر اسمبلی میں نہیں آیا، درست احتساب ہو تو بلاول بھٹو کو اپنی آکسفورڈکی فیس بھی واپس کرنا ہوگی۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اللہ کی شان ہے آج زرداری کا بیٹا ہمیں باتیں سنا رہا ہے، آئندہ اگر ہمارے وزیراعظم کے خلاف بات کی تو بلاول کو قومی اسمبلی میں بات نہیں کرنے دوں گا۔

  • لاڑکانہ میں شکست: بلاول بھٹو کا انتخابی نتائج چیلنج کرنے کا اعلان

    لاڑکانہ میں شکست: بلاول بھٹو کا انتخابی نتائج چیلنج کرنے کا اعلان

    کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ پی ایس 11 میں ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کی شکست پر انتخابی نتائج چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کی شکست پر انتخابی نتائج چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سچ کو چھپایا نہیں جا سکتا۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ مجھے اپنے جیالوں پرفخر ہے، دباؤ کے باوجود جیالوں نے قابل عزت انتخاب کے لیے جدوجہد کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نیب نے پی پی ورکرز، ان کے خاندانوں کو نوٹسز بھیج کرقبل از الیکشن دھاندلی کی۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہماری خواتین ووٹرز کو ہراساں کیا، ہمارے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا اور پی پی کی حمایت والے پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ تاخیر سے شروع ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ پیلزپارٹی کے نامزد امیدوار کو پولنگ اسٹیشنوں کے اندر داخل نہیں ہونے دیا گیا، ہم مسلسل صورت حال سنبھالنے کا کہتے رہے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہم اس دھاندلی کو ہر فورم پر چیلنج کریں گے، سچائی چھپ نہیں سکتی، ہم دوبارہ انتخاب کرائیں گے اور اس نشست کو واپس لیں گے۔

    لاڑکانہ ضمنی انتخابات، پی پی کو ہوم گراؤنڈ پر شکست کا سامنا

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 11 کے ضمنی انتخابات میں پی پی کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار نے ساڑھے پانچ ہزار ووٹوں سے میدان مارا۔

    غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ضمنی انتخابات کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق جی ڈی اے کے معظم علی 31 ہزار 557 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔

  • آرٹیکل370 ختم کرنے کا اقدام بھارتی سپریم کورٹ میں چیلنج

    آرٹیکل370 ختم کرنے کا اقدام بھارتی سپریم کورٹ میں چیلنج

    نئی دہلی : بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر سے آرٹیکل370ختم کرنے کا اقدام بھارتی سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا اور کہا گیا حالیہ ترمیم اختیارات سے تجاوز اور بدنیتی پر مبنی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے آئین کے آرٹیکل 370 میں ترمیم کو بھارتی سپریم کورٹ چیلنج کر دیا گیا۔

    جوڈیشل ایکٹوازم پینل نے 370 اے کو چیلنج کرنے کیلئے بھارتی سپریم کورٹ کو درخواست بھیجی ہے، جس میں چیف جسٹس سپریم کورٹ آف انڈیا سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے معاملہ پر ازخود نوٹس لینے کی درخواست کی گئی ہے۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ جموں کشمیر اسمبلی پہلے قرداد منظور کرے گی، پھر ترمیم کی جاسکے گی، گورنر کے ذریعے یہ تبدیلی ممکن نہیں ہے، حالیہ ترمیم اختیارات سے تجاوز اور بدنیتی پر مبنی ہے اور بھارتی سپریم کورٹ بھی آرٹیکل 370 میں اس طرح سے کی گئی ترامیم کو کالعدم قرار دے چکی ہے۔

    اقوام متحدہ کی قرارداد کے تحت جموں کشمیر انڈیا کا حصہ نہیں ہے، ترمیم 1972 میں کئے گئے شملہ معاہدے اور لاہور معاہدہ 1999کی بھی خلاف ورزی ہے۔

    درخواست گزار نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ آرٹیکل 370 میں کی گئی ترمیم آئین انڈین 1950سے متصادم ہےْ

    جوڈیشل ایکٹوازم پینل نے عالمی وکلاء بیرسٹر ایم این بیگ، بیرسٹر امجد ملک اور بیرسٹر محسن ملک کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔

    جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے اظہر صدیق کے مطابق انہوں نے 370 اے کو چیلنج کرنے کے لئے بھارتی سپریم کورٹ کے رجسٹرار سے طریقہ کار میں معلومات مانگ لی ہیں۔

    مزید پڑھیں : بھارت نےمقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی

    واضح رہے بھارتی پارلیمنٹ کے اجلاس میں بھارتی وزیرداخلہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل پیش کیا گیا تھا، بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کا عہدہ ختم کرکے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیئے تھے ، جس کے بعد مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہوگئی تھی۔

    پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اعلان مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کاکوئی بھی یکطرفہ قدم کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم نہیں کرسکتا بھارتی حکومت کافیصلہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کیلئےناقابل قبول ہے۔

  • بھارت میں ایک ساتھ تین طلاق کا قانون سپریم کورٹ میں چیلنج

    بھارت میں ایک ساتھ تین طلاق کا قانون سپریم کورٹ میں چیلنج

    نئی دہلی:بھارت کی ریاست کیرالا میں علما کی تنظیم سمستھا کیرالا جمعیت العلما نے ایک ساتھ تین طلاق کو قابل سزا جرم دینے کے قانون کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قانون کو غیر آئینی قرار دینے کے لیے کیرالا میں مسلمانوں کی علما اور اسکالرز کی سب سے بڑی تنظیم نے گزشتہ روز عدالت سے رجوع کیا تھا۔

    واضح رہے کہ 30 جولائی کو بھارت میں لوک سبھا (ایوانِ زیریں) کے بعد راجیا سبھا (ایوان بالا) سے بھی ایک ساتھ تین طلاق کو قابل سزا جرم قرار دینے کا بل کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا تھاجس پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی مسلم ویمن (پروٹیکشن رائٹس آن میریج) بل 2017 منظور ہونے پر مسرت کا اظہار کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بل کے تحت ایک ساتھ تین طلاق دینے والے شخص کو 3 سال کی سزا ہوگی۔

    سمستھا کیرالا جمعیت العلما کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ اگر مقصد ازدواجی تعلقات پر ناخوش مسلم عورت کو تحفظ فراہم کرنا ہے تو ایک ساتھ طلاق دینے پر شوہر کر ناقابل ضمانت تین سال قید کی سزا ناقابل فہم ہے۔

    تنظیم کے وکیل ذوالفقار نے کہا کہ شوہروں کی قید سے بیویوں کا تحفظ ممکن نہیں ہوسکتا،انہوں نے کہا کہ 2017 میں بھارتی سپریم کورٹ نے اپنے ایک فیصلے میں مسلمان مردوں کی جانب سے ایک ہی وقت میں 3 طلاق کے عمل کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔

  • کاپی کیٹ چیلنج مہنگا پڑگیا، پولیس نے آئس کریم خراب کرنے والے شہری کو گرفتار کرلیا

    کاپی کیٹ چیلنج مہنگا پڑگیا، پولیس نے آئس کریم خراب کرنے والے شہری کو گرفتار کرلیا

    واشنگٹن : پولیس نے سپر مارکیٹ میں آئسکریم چاٹ کر واپس فریج میں رکھنے والی خاتون کی طرز پر آئسکریم چکھنے اور واپس شیلف میں رکھنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق دو روز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک اور ویڈیو میں ایک سیاہ فام شخص کو فیملی سائز بلو بیل آئس کریم کا ڈبّہ کھول کر چاٹنےاور واپس فریج میں رکھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ لینیائز مارٹن تھری ٹیکساس کی سپر مارکیٹ میں آئسکریم چکھ کر واپس رکھنے والی خاتون کی طرح ویڈیو اسٹنٹ کررہا تھا۔

    میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ ویڈیو پرینک کی کاپی کیٹ  بنانے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    سوشل میڈیا پر وائر ل ہونےو الی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مارٹن تھری بلوبیل آئسکریم کا ٹب فریج سے نکالتا ہے اور انگلی سے چکھنے کے بعد زبان آئسکریم چاٹ کر واپس فریج میں رکھ دیتا ہے۔

    امریکی ریاست لوویزیانا کی پولیس نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ وہ اس ظالمانہ حرکت کی نقل کرنے کوشش نہ کریں کیونکہ اگر کوئی پکڑا گیا تو اسے مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    تحقیق کارروں کا کہنا ہے کہ 36 سالہ مارٹن لوویزیانا کے بیلی روز سپرمارکیٹ میں واپس گیا اور ثبوت کے طور پر آئسکریم خریدنے کی سلپ بھی فراہم کی۔

    برطانوی خبرر ساں ادارے کاکہنا تھا کہ پولیس نے مارٹن تھری کے خلاف غیرقانونی ویڈیو کرنے اور شہرت و پبلک سٹی کےلیے کنزیومر اشیاء کو نقصان پہنانے کے جرم میں مقدمہ درج کیا ہے اور مذکورہ شخص تاحال پولیس کی تحویل میں ہے۔

    پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ہم ظالمانہ و ناپسندیدہ حرکت کی نقل بنانے کی حوصلہ شنکی کریں گے‘ ۔

    پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ کام غیر قانونی ہے اور اس سے دوسروں کی صحت کو خطرہ ہے اور کوئی ایسا کام کرتا نظر آیا تو اس کےخلاف مقدمہ درج ہوگا۔

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک خاتون کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں خاتون کو بلو بیل کمپنی کی آئسکریم کا فیملی سائز کھول کر چکھنے اور واپس شیلف میں رکھتے دیکھا گیا تھا، خاتون کا یہ ویڈیوکلپ ابتک 1 کروڑ 10 لاکھ افراد ٹویٹر پر دیکھ چکے ہیں۔

    پولیس نے کہنا تھا کہ خاتون کو کنزیومر اشیاء سے چھیڑ چھاڑ کرنے کے جرم میں 20 سال قید اور 8 ہزار ڈالر جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • آصف زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کیس منتقلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

    آصف زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کیس منتقلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

    اسلام آباد : سابق صدر آصف زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کیس منتقلی کا فیصلہ چیلنج کردیا، جس میں کہا گیا آصف زرداری پی پی پی پی کے صدر و بے  نظیر کے خاوند ہیں، انھیں سیاسی انتقام کانشانہ بنایاجاتارہاہے، جعلی اکاونٹس کیس کی جےآئی ٹی سےتحقیقات کرائیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کیس منتقلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا، مقدمہ بینک کورٹ سےاحتساب عدالت اسلام آبادمنتقلی کیخلاف اپیل دائر کی گئی۔

    درخواست میں کہا گیا آصف زرداری پی پی پی پی کےصدروبےنظیرکےخاوندہیں، ان کوسیاسی انتقام کانشانہ بنایاجاتارہاہے، وہ سیاسی انتقام کےمقدمات میں جیل بھی رہے اور من گھڑت اورجھوٹےمقدمات سےبری ہوئے۔

    دائر درخواست میں کہا گیا ایف آئی اےنےجعلی اکاونٹس کیس کی تحقیقات کاآغازکیا، آصف زرداری کوعبوری چالان میں ملزم نہیں بنایاگیا، عدالت نے جعلی اکاونٹس کیس کی جےآئی ٹی سےتحقیقات کرائیں۔

    درخواست میں چیئرمین نیب اوربینکنگ کورٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیب کی درخواست پر بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس کراچی سے راول پنڈی منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگرملزموں کی ضمانتیں خارج کر دی تھیں۔

    مزید پڑھیں : منی لانڈرنگ کیس منتقلی، سندھ ہائی کورٹ نے درخواستیں مسترد کردیں

    بعد ازاں آصف علی زداری اور فریال تالپور نے بینکنگ کورٹ کے فیصلے کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا، سندھ ہائی کورٹ نے منی لانڈرنگ منتقلی کیس کے حوالے سے دائر تمام درخواستیں مسترد کردیں تھیں۔

    واضح رہے 7 جنوری کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں چیف جسٹس نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کامعاملہ نیب کو بھیجا تھا، فیصلے میں کہا گیاتھا کہ نیب رپورٹ کا جائزہ سپریم کورٹ کا عمل درآمد بینچ لے گا، نئےچیف جسٹس نیب رپورٹ کا جائزہ لینے کیلئے عمل درآمد بینچ تشکیل دیں۔

    جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور اور مرادعلی شاہ نے فیصلے پر نظرثانی درخواستیں دائر کیں تھیں ، جسے سپریم کورٹ نے مسترد کردیاتھا۔

    خیال رہے جعلی بینک اکاؤنٹ کیس میں جے آئی ٹی رپورٹ میں بلاول ہاؤس اور زرداری خاندان کے دیگر اخراجات سے متعلق انتہائی اہم اور ہوشربا انکشافات سامنے آئے تھے کہ زرداری خاندان اخراجات کے لیے جعلی اکاؤنٹس سے رقم حاصل کرتا رہا ہے

  • چینی بحری جہاز کی تیاری‘ امریکہ‘ انڈیا اور جاپان کیلئے چیلنج

    چینی بحری جہاز کی تیاری‘ امریکہ‘ انڈیا اور جاپان کیلئے چیلنج

    بیجنگ : چین کا سب سے بڑا اور جدید ترین بحری جہاز مشرق وسطیٰ میں قائم امریکی اجارہ داری کےلیے بڑا چیلنج ثابت ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین اور امریکہ کی جدید اسلحے میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی دوڑ برسوں پرانی ہے مگر اب تھنک ٹٰینک نے دعوی کیا ہے کہ چین اپنا تیسرا اور بڑا طیارہ بردار بحری جہاز تیار کر رہا ہے۔

    خبر رساں ادارے رائٹرز نے چینی سرکاری میڈیا کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکہ کے پاس 11 طیارہ بردار بحری جہاز ہیں اور چین امریکہ کا مقابلہ کرنے کے لیے کم از کم چھ طیارہ بردار جہاز بنانا چاہتا ہے جن میں سے تیسرا اور چین میں اب تک تیار کیا جانے والا سب سے بڑا بحری بیڑہ تیاری کے مراحل میں ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس بحری جہاز کو ٹائپ 002 کا نام دیا گیا ہے تاہم چینی سرکاری میڈیا کی جانب سے دیے جانے والے اشاروں کے باوجود چین کی وزارت دفاع نے اس موضوع پر بات کرنے سے انکار کیا ہے اور اس منصوبے کو راز میں رکھا جا رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی تھینک ٹینک سنٹر فار سٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل سٹڈی کی جانب سے شائع کردہ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چین میں شنگائی کے قریب جیانگ نان شپ یارڈ میں ایک بڑا جنگی جہاز گزشتہ چھ ماہ سے زیر تعمیر ہے۔

    امریکی ادارے پینٹا گان نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ چین میں طیارہ بردار بحری جہاز پر کام شروع ہو چکا ہے لیکن اس وقت کوئی تصاویر شائع نہیں ہوئی تھی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی اور مشرقی افواج اور دفاعی تجزیہ نگار اس جنگی بیڑے کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے یہ چین کا سب سے بڑا اور جدید ترین جہاز ہے جو ہر طرح کا حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ یہ بیٹرہ چین کی اپنی فوج کو جدید اسلحے سے لیس کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے اور امریکہ کی مشرقی ایشیا میں کئی دہائیوں سے قائم اجارہ داری کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہو سکتا ہے۔

  • لاہورہائی کورٹ میں حج پالیسی2019 کے خلاف درخواستوں پرسماعت کل تک ملتوی

    لاہورہائی کورٹ میں حج پالیسی2019 کے خلاف درخواستوں پرسماعت کل تک ملتوی

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ میں حج پالیسی 2019 کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی، عدالت نے وکلاء کو کل حتمی بحث کے لیے طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں حج پالیسی 2019 کے خلاف درخواستوں پر جسٹس عائشہ اے ملک کی سربراہی میں سماعت ہوئی۔

    درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حج پالیسی کے مطابق سبسڈی ختم کر دی گئی ہے۔ پرائیویٹ حج آپریٹر حکومت سے سستا حج کرواسکتے ہیں لیکن سستا حج کروانے والے آپریٹرز کو کوٹہ نہیں دیا جا رہا ہے۔

    وزارت مذہبی امورنے حج پالیسی 2019 جاری کردی

    یاد رہے کہ رواں سال 12 فروری کو وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2019 جاری کی تھی جس کے مطابق رواں سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی حج ادا کرسکیں گے۔

    حج پالیسی 2019 کے مطابق سرکاری حج اسکیم کو 60 فیصد اور نجی حج اسکیم کے لیے 40 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا۔

    وزارت مذہبی امور نے گزشتہ 3 سال سے مسلسل ناکام درخواست گزاروں کے لیے 10 ہزار کا کوٹہ مختص کیا ہے جن کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگا۔

    واضح رہے کہ نئی حج پالیسی کے مطابق 2014 سے 2018 کے دوران حج کرنے والے حاجی رواں سال دوبارہ حج ادا کرنے کے اہل نہیں ہوں گے جبکہ عازمین کو پی آئی اے، سعودی ایئرلائن اور ائیربلیو کے ذریعے حجازمقدس روانہ کیا جائے گا۔

  • فردوس شمیم نقوی نے سندھ اسمبلی کا رول 143 چیلنج کردیا

    فردوس شمیم نقوی نے سندھ اسمبلی کا رول 143 چیلنج کردیا

    کراچی: سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے اسمبلی رولز 143 کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے اسمبلی رولز 143 کو عدالت میں چیلنج کردیا

    سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں حکومت سندھ، وزیر خزانہ اور قانون و پارلیمانی امور کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہرسال جنوری تا مارچ پری بجٹ سیشن بلانا لازمی ہے، قوانین کے باوجود اجلاس نہیں بلایا گیا۔

    فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ پری بجٹ اجلاس میں تمام ارکان تجویز دیتے ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ حکومت کو پری بجٹ اجلاس بلانے کا حکم دیا جائے۔

    انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں بات نہیں سنی جا رہی ،عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑ رہا ہے، قوانین کےتحت پری بجٹ سیشن جنوری اور مارچ میں ہونا تھا۔

    قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اجلاس ملتوی کررہے ہیں 70سال میں سب سے طویل التوا دیا گیا، ہمیں پتہ ہے سندھ میں کس طرح لوٹ مار کی جا رہی ہے۔

    فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ حواس باختہ اسپیکر اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ رول 143 بھول گئے ہیں۔

  • آصف زرداری نے نیب میں طلبی کا نوٹس سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا

    آصف زرداری نے نیب میں طلبی کا نوٹس سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا

    کراچی :پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نےنیب کےکال اپ نوٹس کوچیلنج کردیا، جس میں کہا گیا نیب کے کال اپ نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے اور نیب کو گرفتار کرنے سے بھی روکا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے نیب میں طلبی کو  سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ، آصف زرداری نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ نیب کے کال اپ نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے، نجی کمپنیوں کےلین دین کےمعاملے پر نیب مداخلت نہیں کرسکتا، نیب کوگرفتار کرنے سے بھی روکاجائے۔

    ذرائع کا کہنا ہے درخواست کی سماعت آج ہی متوقع ہے، نیب کا مؤقف ہے دونوں باپ بیٹے پارک لین اسٹیٹ کمپنی کے پچیس پچیس فیصد شیئر ہولڈرز ہیں۔

    یاد رہے نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو کل پارک لین کرپشن معاملے پرطلب کررکھاہے۔

    مزہد پڑھیں : نیب نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو 20 مارچ کو طلب کرلیا

    خیال رہے چئیرمین نیب کی درخواست پر بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس کراچی سے راول پنڈی منتقل کرنے کا حکم دیا تھا اور سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگرملزموں کی ضمانتیں واپس لیتے ہوئے زر ضمانت بھی خارج کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔

    واضح رہے 7 جنوری کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں چیف جسٹس نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کامعاملہ نیب کو بھجوایا تھا، فیصلے میں کہا گیاتھا کہ نیب رپورٹ کا جائزہ سپریم کورٹ کا عمل درآمد بینچ لے گا، نئےچیف جسٹس نیب رپورٹ کا جائزہ لینے کیلئے عمل درآمد بینچ تشکیل دیں۔

    بعد ازاں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور اور مرادعلی شاہ نے فیصلے پر  نظرثانی درخواستیں دائر کیں ، جسے سپریم کورٹ نے مسترد کردیں تھیں۔

    خیال رہے جعلی بینک اکاؤنٹ کیس میں جے آئی ٹی رپورٹ میں بلاول ہاؤس اور زرداری خاندان کے دیگر اخراجات سے متعلق انتہائی اہم اور ہوشربا انکشافات سامنے آئے تھے کہ زرداری خاندان اخراجات کے لیے جعلی اکاؤنٹس سے رقم حاصل کرتا رہا ہے۔