Tag: چیمپئنزون ڈے کپ

  • پینتھرز نے چیمپئنزون ڈے کپ کی ٹرافی پر قبضہ جمالیا

    پینتھرز نے چیمپئنزون ڈے کپ کی ٹرافی پر قبضہ جمالیا

    فیصل آباد:پینتھرز کی ٹیم نے یکطرفہ مقابلے میں مارخورز کو شکست دیکر چیمپئنز ون ڈےکپ کے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

    چیمپئنزون ڈے کپ 2024 کی ٹرافی پینتھرزکی ٹیم لے اڑی، فائنل میں فاتح سائیڈ نے مارخورز کو 5 وکٹوں سے باآسانی شکست دی، شاداب خان کی ٹیم نے 123 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

    پینتھرز کی طرف سے عبدل بنگلزئین 41 رنز بناکر نمایاں رہے، اس کے علاوہ عمر صدیق نے 19 اور رضوان محمود نے 16 رنز اسکور کیے۔

    اس سے قبل مارخورز کی ٹیم فائنل میں مقابلے میں پہلے کھیل کر صرف 122 بناکر آؤٹ ہوگئی، فخر زمان 46 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ حسیب اللہ خان نے 27 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا۔

    مارخورز کے ایک موقع پر 82 رنز پر 3 وکٹیں گری تھیں، تاہم پھر پوری ٹیم 122 کے مجموعے پر چلتی بنی ، 8 بیٹرز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے، کپتان افتخار احمد صرف 3 رنز بنا پائے۔

    فاتح سائیڈ پینتھرز کی طرف سے حسین اور عرفات منہاس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3،3 وکٹیں اپنے نام کیں، ساجد خان کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں، ساجد خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

  • چیمپئنزون ڈے کپ: ڈولفنز نے آخری راؤنڈ میچ میں لائنز کو زیرکرلیا

    چیمپئنزون ڈے کپ: ڈولفنز نے آخری راؤنڈ میچ میں لائنز کو زیرکرلیا

    فیصل آباد: ڈولفنز نے چیمپئنز ون ڈے کپ کے آخری راؤنڈ میچ میں لائنز کو 16 رنز سے شکست دیدی، فاتح ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔

    لائنز کی ٹیم نے صرف ایک کامیابی کے ساتھ پلے آف مرحلے میں جگہ بنالی، ڈولفنز میچ جیتنے کے باوجود ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی، لائنز کی ٹیم 327 رنز کے تعاقب میں 310 رنز تک محدود رہی، خوشدل شاہ کی 40 گیندوں پر 60 رنز کی جارحانہ اننگز رائیگاں گئی۔

    شکست خوردہ ٹیم کی طرف سے روحیل نذیر 62، محمد طحہٰ 40 اور شاہین آفریدی 33 رنز بناسکے، سعود شکیل نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    اس سے قبل ڈولفنز کی ٹیم پہلے کھیل کر 326 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، عمر امین 75، محمد اخلاق 52 اور ہریرہ 47 رنز بناکر نمایاں رہے۔

    قاسم اکرم نے 31 اور فہیم اشرف نے 30 رنز کی اننگز کھیلی، ڈولفنز کے بیٹر عمر امین کو عمدہ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    عامرجمال نے 3، شاہین آفریدی اور احمد دانیال نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، آخری راؤنڈ میچ کے بعد چیمپئنز ون ڈے کپ کی پلےآف لائن اپ بھی مکمل ہوگئی ہے، مارخورز، پینتھرز، اسٹالینز اور لائنز نے آخری 4 ٹیموں میں جگہ بنالی ہے۔

  • چیمپئنزون ڈے کپ: مارخورز نے اسٹالینز کو بڑے مارجن سے ہرادیا

    چیمپئنزون ڈے کپ: مارخورز نے اسٹالینز کو بڑے مارجن سے ہرادیا

    فیصل آباد: چیمپئنزون ڈے کپ کے چوتھے میچ میں مارخورز نے اسٹالینز کیخلاف 126 رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرلی۔

    فاتح ٹیم مارخورز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو 232 رنز کا ہدف دیا، تاہم ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اسٹالینز کی پوری ٹیم صرف 105 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، بابر اعظم 45 رنز بناکر ٹاپ بیٹر رہے۔

    مارخورز کی جانب سے اسپنر زاہد محمود نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انھیں بہترین بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    دریں اثنا مارخورز جس کی قیادت محمد رضوان کے کررہے ہیں، اس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 45 اوورز میں 231 بنائے اور آل آؤٹ ہوگئی۔

    مارخورز کے افتخار احمد نے 60، سلمان علی آغا نے 51، عبدالصمد 37 اور کپتان محمد رضوان نے 33 رنز بنائے، اسٹالینز کی طرف سے جہانداد خان نے 4 اور مہران ممتاز نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    250 سے کم ہدف کے تعاقب میں بھی اسٹالینز کی ٹیم بری طرح لڑکھڑا گئی اور 24 ویں اوورز میں 105 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، بابر اعظم 45 اور شان مسعود 19 رنز اسکور کرسکے۔

  • چیمپئنزون ڈے کپ: پینتھرز نے ڈولفنز کو باآسانی شکست دیدی

    چیمپئنزون ڈے کپ: پینتھرز نے ڈولفنز کو باآسانی شکست دیدی

    چیمپئنزون ڈے کپ میں پہلے بیٹنگ جیت کی ضمانت بن گئی، ڈولفنز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں پینتھرز کے بولرز کے سامنے ڈھیر ہوگئی۔

    فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں ایونٹ میں ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم تیسرا میچ بھی ہار گئی، پینتھرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے عثمان خان کی شاندار سنچری کی بدولت 329 رنز اسکور کیے، ڈولفنز کی پوری ٹیم 278 رنز پر ہمت ہار گئی۔

    ڈولفنز کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور محمد ہریرہ نے 68 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، محمد اخلاق، سعود شکیل اور آصف علی بڑی اننگز نہ کھیل سکے،

    شکست خوردہ ٹیم کے قاسم اکرم اور صاحبزادہ فرحان کی ففٹیز رائیگاں گئیں، آخر میں فہیم اشرف کی مزاحمت بھی کام نہ آئی۔

    پینتھرز کے محمد حسنین نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 74 رنز دے کر پانچ وکٹیں اڑائیں، اسامہ میر اور مبشر خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، محمد حسنین کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    اس سے قبل حیدرعلی اور شاداب خان نے پینتھرز کی طرف سے جارحانہ نصف سنچری اسکور کی، ڈولفنز کے عثمان قادر نے 63 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں، میرحمزہ اور عباس آفریدی نے 2،2 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔