Tag: چیمپئنز ٹرافی فائنل

  • بھارت نے تیسری بار چیمپئنز ٹرافی جیت لی، نیوزی لینڈ ٹرافی سے پھر محروم

    بھارت نے تیسری بار چیمپئنز ٹرافی جیت لی، نیوزی لینڈ ٹرافی سے پھر محروم

    بھارت نے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر ریکارڈ تیسری بار چیمپئنز ٹرافی جیت لی جب کہ فیورٹ نیوزی لینڈ آئی سی سی کے میگا ایونٹس کے فائنل میں پہنچ کر ایک بار پھر ٹرافی پر قبضہ جمانے میں ناکام رہا۔

    بھارت ایک بار پھر چیمپئنز کا چیمپئن بن گیا۔ ٹی ٹوئنٹی جیتنے کے بعد بھارت چیمپئنز ٹرافی بھی جیت گیا۔ بھارتی ٹیم تین چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

    دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے 252 رنز کے جواب میں کپتان روہت شرما اور شبمن گل نے سنچری اسٹینڈ فراہم کر کے مضبوط بنیاد رکھی۔

    روہت شرما نے کپتانی باری کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ 76 رنز بنائے اور ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔

    رنز کی مشین ویرات کوہلی فائنل میں ناکام رہے اور صرف 1 اسکور بنا کر چلتے بنے۔ مڈل آرڈر میں سریش ایئر اور اکشرپٹیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نہ صرف رنز کی رفتار بڑھائی بلکہ اچھی پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کو دباؤ سے بھی نکالا۔

    ایئر نے 48 اور پٹیل نے 29 رنز بنائے جس کے بعد کےایل راہول نے اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ وہ 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

    نیوزی لینڈ‌کی جانب سے کپتان سینٹنر اور بریسویل نے2، 2 جب کہ رویندرا اور جیسمن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی. ٹاپ اسکورر روہت شرما کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا.

    اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان مچیل سینٹنر نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت کے خلاف کیوی ٹیم کی پہلی وکٹ 57 رنز پر گری، وِل ینگ کو وروُن چکرورتھی نے آؤٹ کیا، جب کہ 69 رنز پر اوپنر رچن رویندرا اسپنر کلدیپ یادیو کا شکار بنے، ولمسن 11 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

    کیوی ٹیم کو چوتھا نقصان ٹام لیتھم کی صورت میں اٹھانا پڑا، ٹم 14 رنز بنا کر رویندرا جڈیجا کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

    نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے 251 رنز بنائے جس میں بریسویل کی ذمہ دارانہ نصف سنچری بھی شامل ہے۔ تجربہ کار ڈیرل مچل نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے۔

    ٹاس کے موقع پر کیوی کپتان مچیل سینٹنر نے بتایا کہ بولر میٹ ہینری انجری کے باعث فائنل نہیں کھیل رہے، انہوں نے کہا کہ توقعات کے مطابق بھارتی شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود ہے۔

    کیوی کپتان مچیل سینٹنر نے کہا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، پچ ویسی ہی ہے جیسے بھارت کے خلاف پچھلےمیچ کی تھی۔

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بہت اچھی ہے، دوسری بیٹنگ سے فرق نہیں پڑتا۔

  • چیمپئنز ٹرافی فائنل: روہت شرما اور ویرات کوہلی آج اپنا آخری میچ کھیل رہے ہیں؟ اہم خبر

    چیمپئنز ٹرافی فائنل: روہت شرما اور ویرات کوہلی آج اپنا آخری میچ کھیل رہے ہیں؟ اہم خبر

    چیمپئنز ٹرافی کا فائنل آج بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے اور یہ روہت شرما اور ویرات کوہلی کا آخری میچ کہا جا رہا ہے۔

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل میچ آج بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے اور اس کے ساتھ ہی اس میچ کو بھارتی کپتان روہت شرما اور سینئر بیٹر ویرات کوہلی کا آخری میچ بھی کہا جا رہا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اجیت اگرکار چیمپئنز ٹرافی کے بعد کپتان روہت شرما کے ساتھ ان کے مستقبل سے متعلق بات چیت کرنے والے ہیں۔ تاہم ویرات کوہلی کے حوالے سے کوئی اپ ڈیٹ نہیں ہے۔

    ایک اور غیر ملکی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ فائنل میچ کے بعد روہت شرما اور ویرات کوہلی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیں گے۔

    دوسری جانب فائنل میچ سے ایک روز قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شبھمن گل نے پریس کانفرنس میں روہت شرما کی ریٹائرمنٹ سے متعلق کوئی حتمی جواب تو نہیں دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کی ریٹائرمنٹ پر ڈریسنگ روم میں کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔

    واضح رہے کہ دونوں کرکٹ سپر اسٹارز کم و بیش 15 برس سے بھارتی ٹیم کا حصہ ہیں۔ وہ 2011 کا ون ڈے ورلڈ کپ، 2013 کی چیمپئنز ٹرافی اور 2024 کا ٹی 20 کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے۔ تاہم دونوں ہی نے گزشتہ سال ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 جیتنے کے بعد اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

    37 سالہ روہت شرما کے ون ڈے کیریئر پر نظر ڈالیں تو ان کے پاس ایک روزہ کرکٹ کے کئی ریکارڈ ہیں۔ وہ ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں (3)، کرکٹ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ سنچریاں (7) اور T20I میں مشترکہ سب سے زیادہ سنچریاں (5) کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔

    اس کے علاوہ وہ پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سنچریاں بنانے والے پہلے کھلاڑی اور 35 گیندوں میں تیز ترین T20I سنچری بنانے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ ون ڈے میچ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور (264) رنز کا ریکارڈ بھی انکے پاس ہے۔

    روہت شرما بطور کپتان ٹی 20 میچ جیتنے والے واحد کھلاڑی اور آئی سی سی کے تمام ٹورنامنٹس کے فائنلز میں کسی بھی ٹیم کی قیادت کرنے والے پہلے کپتان ہیں۔

    دوسری جانب ویرات کوہلی جو ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں (51) بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ ان کی آج کے میچ میں نظریں ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بننے پر مرکوز ہوں گی، جس کے لیے انہیں صرف 55 رنز درکار ہیں۔ ٹاپ پر ٹنڈولکر نے 18 ہزار سے زائد ون ڈے رنز اسکور کر رکھے ہیں۔

    ویرات کوہلی نے رواں چیمپئنز ٹرافی میں روایتی حریف بھارت کے خلاف فتح گر ناقابل شکست سنچری اسکور کی جب کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ بھی 84 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/champions-trophy-2025-varun-chakravarthy-story-actro-to-cricketer/

  • بھارتی ٹیم کو دھچکا : ویرات کوہلی انجری کا شکار ہوگئے

    بھارتی ٹیم کو دھچکا : ویرات کوہلی انجری کا شکار ہوگئے

    دبئی : بھارتی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ سے قبل نیٹ پریکٹس کے دوران انجری کا شکار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے معروف بلے باز ویرات کوہلی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل سے قبل آئی سی سی اکیڈمی میں نیٹ پریکٹس کے دوران زخمی ہوگئے۔

    نیٹ پریکٹس کے دوران ویرات کوہلی کے گھٹنے کے قریب زور دار گیند لگ گئی جس کی وجہ سے ان کو فوری طور پر ٹریننگ چھوڑنا پڑی، فزیو تھراپسٹ نے اسٹار بیٹر کے گھٹنے کے قریب اسپرے کیا اور پٹی باندھی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق کوہلی کو اگرچہ معمولی تکلیف محسوس ہوئی لیکن وہ گراؤنڈ میں ہی موجود رہے اور ٹیم کے بقیہ پریکٹس سیشن کو دیکھتے رہے۔

    اس حوالے سے بھارتی کوچنگ اسٹاف نے تصدیق کی ہے کہ چوٹ زیادہ سنگین نہیں ہے اور ویرات کوہلی فائنل میچ کے لیے مکمل فٹ ہوں گے۔

    بھارت اور نیوزی لینڈ کا فائنل

    اتوار 9 مارچ کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، جو ویرات کوہلی اور روہت شرما کے لیے ممکنہ طور پر آخری بڑا ون ڈے ایونٹ ہو سکتا ہے۔

    36سالہ ویرات کوہلی اور 37 سالہ کپتان روہت شرما نے اس ٹورنامنٹ میں ایسے وقت شرکت کی جب ان کے ریٹائرمنٹ سے متعلق قیاس آرائیاں عروج پر ہیں۔

    دونوں بھارتی کھلاڑی 15 سال سے زائد عرصے تک بھارتی ٹیم کے اہم ستون رہے ہیں، وہ گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق یہ چیمپئنز ٹرافی شاید ان کا آخری ون ڈے ٹورنامنٹ ہو کیونکہ اگلا 50 اوورز کا ورلڈ کپ 2027 میں کھیلا جائے گا۔

  • لگتا ہے چیمپئنز ٹرافی کا فائنل دبئی میں ہی ہوگا، باسط علی

    لگتا ہے چیمپئنز ٹرافی کا فائنل دبئی میں ہی ہوگا، باسط علی

    باسط علی نے آئی سی سی ایونٹ کے حتمی مقابلے کے حوالے سے پیشگوئی کی ہے کہ لگتا ہے چیمپئنز ٹرافی کا فائنل دبئی میں ہی ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہرلمحہ پُرجوش میں گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز باسط علی نے کہا کہ آن پیپر بھارت آسٹریلیا کے مقابلے میں بہت مضبوط ٹیم ہے، آسٹریلیا اگر بھارت کو ہرائے گا تو یہ اپ سیٹ ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ بارش کی وجہ سے آسٹریلیا سیمی فائنل میں آیا ہے، آسٹریلیا کی جگہ افغانستان کو سیمی فائنل میں ہونا چاہیے تھا۔

    ہائبرڈ ماڈل پر سارے بورڈز راضی تھے، اب شور مچانے کا کیا فائدہ؟ باسط علی

    سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں سب سے زیادہ رنز پاکستان کی پچز پر بنے، لاہور اور پنڈی کی پچز بلے بازوں کیلئے جنت جیسی ہیں۔

    اسی پروگرام میں سابق کرکٹر کامران اکمل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دبئی میں میچز پاکستان کے مقابلے میں تھوڑے سلو ہوئے۔

    کامران اکمل کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے اب فیصلہ کرنا ہے آگے کن لڑکوں کو موقع دینا ہے، ساری چیزیں سامنے آگئی ہیں ابھی بھی نہ سمجھ آئے تو اللہ ہی حافظ ہے۔