Tag: چیمپئنز ٹرافی 2025

  • بابراعظم کو نمبر 3 پر ہی کھیلنا چاہیے: محمد عامر

    بابراعظم کو نمبر 3 پر ہی کھیلنا چاہیے: محمد عامر

    چیمپئنز ٹرافی 2017 کی فاتح ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا ہے کہ بابراعظم کو نمبر 3 پر ہی کھیلنا چاہیے۔

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 29 سال بعد آئی سی سی کا ایونٹ ہورہا ہے ان سب کا کریڈٹ پی سی بی کو جاتا ہے۔

    محمد عامر نے کہا کہ شائقین کیلئے خوشی کی بات ہے کہ پاکستان میں یہ ایونٹ ہونے جارہا ہے، قوم کو مایوس نہیں ہونا ہے ہماری ٹیم بھی اچھا کھیلے گی۔

    آئی سی سی پلیئرز رینکنگ: ون ڈے میں بابر کی پہلی پوزیشن 4 سال بعد چھن گئی

    انہوں نے کہا کہ 2017 کے چیمپئنز ٹرافی میں رینکنگ میں پاکستانی ٹیم آٹھویں نمبر پر تھی، اور پاکستانی ٹیم کسی کی بھی فیورٹ ٹیم نہیں تھی، اس دفعہ کی صورتحال بھی ایسی ہی ہے۔

    محمد عامر نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی خوبصورتی ہے کہ آپ اس ٹیم کے لیے کوئی پیشگوئی نہیں کرسکتے کیوں کہ کبھی بھی میچ کا پانسہ پلٹ جاتا ہے اور ہماری ٹیم جیت جاری ہے۔

     فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ میں بابر کے اوپنر آنے کے حق میں نہیں ہوں، بابر بڑا کھلاڑی ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ اسے نمبر تین پر ہی کھیلنا چاہیے، وہ نمبر 3 کا بیسٹ پلئیر ہے۔

    محمد عامر نے کہا کہ فخر کے ساتھ عثمان اوپن کر سکتے تھے، ہمارے پاس اوپنر کا ایک اچھا کمبینیشن تھا جس سے اچھے رنز ہوسکتے ہیں تو میں سمجھتا ہوں کہ  بابر اعظم کو نمبر 3 پر ہی کھیلنا چاہیے۔

    واضح رہے کہ بابر اعظم سہ فریقی سیریز کے تین میچوں میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 10، 23 اور 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے جس کے بعد قومی ٹیم کے سابق کھلاڑیوں نے  ٹیم انتظامیہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بابر کو نمبر تین پر کھلائیں۔

  • کراچی میں چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ، پارکنگ اور ٹریفک پلان جاری

    کراچی میں چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ، پارکنگ اور ٹریفک پلان جاری

    کراچی میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ کیلئے شائقین کرکٹ کے پارکنگ کے لیے خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 29 سال بعد پاکستان میں آج کرکٹ کا بین الاقوامی میلہ سجے گا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا بڑا مقابلہ ہوگا اس افتتاحی میچ کے مہمان خصوصی صدر آصف زرداری ہونگے۔

    دوسری جانب کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ کے موقع پر ٹریفک پلان جاری کردیا گیا جس پر عمل کرکے شہری دوران سفر مشکلات سے بچ سکتے ہیں اور شائقین کرکٹ کو پارکنگ میں بھی دشواری کا سامنا نہیں ہوگا۔

    ٹریفک پلان کے مطابق سرشاہ سلیمان روڈ کے دونوں ٹریک کھلے رہیں گے، سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد 10 نمبر سے حسن اسکوائر، پیپلز چورنگی سے یونیورسٹی روڈ،  کارساز  سے اسٹیڈیم اور ملینیم تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

    نیو ٹاؤن اسٹیڈیم سگنل سے حسن اسکوائر ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا، اس کے علاوہ وی آئی پیز اور خصوصی پاسز والی گاڑیوں کی پارکنگ اسٹیڈیم کے اندر رکھی گئی ہے۔

    اسٹیڈیم میں داخلے کیلئے شائقین گیٹ نمبر 4، 5، 6، 12، 13، چودہ استعمال کر سکیں گے صرف وی آئی پیز اور اسٹیکر والی گاڑیاں گیٹ نمبر 8 سے داخل ہوسکیں گی۔

    اس کے علاوہ اسٹیڈیم کے احاطے میں سی این جی سلنڈر والی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی، اسٹیڈیم کے تمام گیٹ میچ شروع ہونے سے تین گھنٹے پہلےکھول دیئے جائیں گے۔

    اسٹیڈیم میں داخلے کیلئے اصل قومی شناختی کارڈ اور اصل ٹکٹ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے، آن لائن ٹکٹس پر اسٹیڈیم میں داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔

    تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں کھانے  پینے کی کوئی بھی چیز لانے کی اجازت نہیں ہوگی، کھانے پینے اور ریفریشمنٹ کی اشیا اسٹیڈیم کے اندر لگے اسٹالز پر دستیاب ہوں گی، اسٹیڈیم اور اطراف میں ہر قسم کے ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی ہوگی۔

  • سرفراز احمد چیمپئنز ٹرافی 2025 کا حصہ بن گئے

    سرفراز احمد چیمپئنز ٹرافی 2025 کا حصہ بن گئے

    پاکستان کے چیمپئن کپتان سرفراز احمد چیمپئنز ٹرافی 2025 کا حصہ بن گئے آئی سی سی نے انہیں میگا ایونٹ کا ایمبسیڈر مقرر کر دیا ہے۔

    پاکستان کو پہلی بار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فاتح بنانے اور اپنی قیادت میں دو آئی سی سی ٹرافیاں جتوانے والے ریکارڈ ساز سابق قومی کپتان سرفراز احمد چیمپئنز ٹرافی 2025 کا حصہ بن گئے ہیں۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سرفراز احمد کو چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ایمبسیڈر مقرر کر دیا ہے۔

    آئی سی سی نے سرفراز احمد کے ساتھ سابق بھارتی کھلاڑی شیکھر دھون، سابق کیوی کرکٹر ٹم ساؤتھی اور آسٹریلیا کے سابق آل راؤنڈر شین واٹسن کو بھی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ایمبیسڈر مقرر کیا ہے۔

     

    واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہو رہا ہے۔ پاکستان میزبان ملک ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھی ہے۔

    میگا ایونٹ کا افتتاحی میچ 19 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    https://urdu.arynews.tv/australian-spinners-bowling-action-declared-suspect/

  • امام الحق کو چیمپئنزٹرافی کیلئے پاکستان ٹیم کا حصہ کیوں نہیں بنایا گیا؟ اہم انکشاف

    امام الحق کو چیمپئنزٹرافی کیلئے پاکستان ٹیم کا حصہ کیوں نہیں بنایا گیا؟ اہم انکشاف

    چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے اوپنر امام الحق کو پاکستان ٹیم میں کیوں شامل نہیں کیا گیا اس حوالے سے ممکنہ وجوہات سامنے آئی ہیں۔

    قومی اسکواڈ کے ناموں کے اعلان سے قبل تجربے اور ریکارڈ کے اعتبار سے لیفٹ ہینڈ اوپنر امام الحق سلیکشن کے لیے مضبوط امیداوار تصور کیے جارہے تھے، صائم ایوب کی غیرموجودگی میں ان کا نام زیرغور تھا، تاہم چند وجوہات کی بنا پر سلیکشن کمیٹی نے ان کے نام پر غور نہیں کیا۔

    پاکستان ٹیم میں فخر زمان کی واپسی کے ساتھ ہی سلیکشن کمیٹی نے ٹیسٹ کپتان شان مسعود اور امام الحق کو ان فٹ صائم ایوب اور عبداللہ شفیق کی جگہ اسکواڈ میں بطور اوپنر شامل نہیں کیا۔

    امام الحق ویسٹ انڈیز کے خلاف گزشتہ ماہ سہ روزہ میچ میں ایک دن پہلے ٹیم سے علیحدہ ہوگئے تھے، سلیکڑز کو اس بات پر تحفظات تھے۔

    سہ روزہ میچ میں امام پہلی اننگز میں 5 رنز بناکر آوٹ ہوئے تھے، دوسری اننگز میں محمد حریرہ کے ساتھ اننگز کا آغاز عمیر بن یوسف نے کیا تھا، امام الحق تیسرے دن اسلام آباد سے کوچ عمرگل سے اجازت لے کر لاہور چلے گئے تھے جس کی وجہ نامعلوم ہے۔

    ملتان میں ویسٹ انڈیز کیخلاف محمد حریرہ نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا، دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم منیجمنٹ فاسٹ بولر کو ڈراپ کرکے امام الحق کو کھلانا چاہتی تھی، تاہم اطلاعات کے مطابق 29 سالہ کرکٹر کی فٹنس پر سوالات اٹھے تھے۔

    24-2023 کے سینڑل کنڑیکٹ کی ’بی‘ کیٹگری کا حصہ رہنے والے امام کو فٹنس مسائل کی بنا پر 25-2024 کے سینڑل کنڑیکٹ کی کسی کیٹگری میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ ٹیسٹ اوپنر امام الحق نے پاکستان کے لیے 72 ون ڈے میچز میں 48.27 کی اوسط سے 3138 رنز بنائے ہیں وہ اب تک اپنے کیریئر میں 9 سینچریاں اور 20 نصف سینچریاں اسکور کرچکے ہیں، انھوں نے آخری ون ڈے 27 اکتوبر 2023 کو چنائے میں کھیلا تھا۔

  • چیمپئنز ٹرافی 2025: فخر زمان کے ساتھ اوپنر کون ہوگا؟ نام سامنے آگیا

    چیمپئنز ٹرافی 2025: فخر زمان کے ساتھ اوپنر کون ہوگا؟ نام سامنے آگیا

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز پاکستان میں ہونے جا رہا ہے، کرکٹ شائقین کو اس بات کا شدت سے انتظار تھا کہ صائم ایوب کی انجری کے بعد پاکستان کی اوپنگ جوڑی کیا ہوگی۔

    رپورٹس کے مطابق چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم فخر زمان کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے۔ عاقب جاوید اور کوچز نے سابق کپتان کو اوپنر کی حیثیت سے کھیلنے پر راضی کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سابق کپتان بابر اعظم کے ساتھ سلیکٹر کی کئی میٹنگز منعقد ہوئیں، بابر اعظم کو کریز پر زیادہ وقت اور اوورز کھیلنے کا مشن سونپا گیا ہے۔

    صائم ایوب کے زخمی ہونے کے باعث بابر اعظم نے اہم ذمے داری کو قبول کرلیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے لیے 15 رکنی پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا بھی کردیا گیا ہے۔

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی ٹیم کی قیادت محمد رضوان کریں گے جبکہ فخر زمان، خوشدل شاہ، سعود شکیل اور فہیم اشرف کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

    اسکواڈ میں نائب کپتان سلمان علی آغا، بابر اعظم، کامران غلام، طیب طاہر شامل ہیں۔ عثمان خان، اسپنر ابرار احمد، حارث رؤف، محمد حسنین، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

    نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا کے خلاف سہ فریقی ون ڈے سیریز میں بھی یہی ٹیم کھیلے گی۔

    سلیکٹر اسد شفیق کا کہنا ہے کہ فخر زمان کے اوپننگ پارٹنر بابر اعظم یا سعود شکیل ہوسکتے ہیں، ہوم کنڈیشنز میں عمدہ کارکردگی کے حامل کرکٹرز کا سلیکشن کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اندازہ ہے صائم ایوب کے لیے چیمپئنز ٹرافی نہ کھیلنا کتنا تکلیف دہ ہے، ہم جلد بازی میں کوئی بھی فیصلہ نہیں کرنا چاہتے۔

    شاہد آفریدی نے کیریئر کا بہترین چھکا بتا دیا

    واضح رہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی میں اپنا پہلا میچ 19 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلے گا۔

  • ہم چیمپئنز ٹرافی وانکھیڑے اسٹیڈیم میں لائیں گے، روہت شرما

    ہم چیمپئنز ٹرافی وانکھیڑے اسٹیڈیم میں لائیں گے، روہت شرما

    بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کو اٹھانے کی خواہش ظاہر کردی۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان اور یو اے ای میں ہوگا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا میچ 19 فروری کو کھیلا جائے گا۔

    روہت شرما نے کہا کہ ہم چیمپئنز ٹرافی جیتنے کی پوری کوشش کریں گے مجھے یقین ہے کہ جب ہم چیمپئنز ٹرافی کے لیے دبئی میں اتریں گے تو 140 کروڑ بھارتیوں کی خواہشات ہمارے ساتھ ہوں گی۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے اور چیمپئنز ٹرافی کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں لائیں گے۔

    روہت شرما نے یہ گفتگو ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں 50ویں سالگرہ کی تقریبات کے دوران کہی، تقریب میں سچن ٹنڈولکر، سنیل گواسکر، اجنکیا رہانے اور روی شاستری بھی موجود تھے۔

    علاوہ ازیں بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے ٹیم کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری کی ہے، کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کو بتا دیا گیا ہے کہ ٹیم کے کسی رکن کے لیے الگ گاڑی کا انتظام نہ کیا جائے۔

    صدر کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال سنیہاسیش گنگولی کا کہنا ہے کہ بھارتی بورڈ نے بورڈر گواسکر ٹرافی میں شکست کے بعد 10 نکاتی گائیڈ لائنز بنائی ہیں جس کے تحت بھارتی اسکواڈ کے تمام اراکین ٹیم بس میں ہی سفر کریں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ پورے پریکٹس سیشن کے دوران تمام کھلاڑی موجود رہیں گے، بس پر آئیں گے اور بس پر اکٹھے جائیں گے، بھارتی بورڈ کی گائیڈ لائن پر مکمل عمل ہو گا، بھارتی ٹیم کے لیے صرف ایک بس کا انتظام کیا گیا ہے، کسی کھلاڑی یا آفیشلز کا ذاتی مینجر یا اسسٹنٹ بھی ٹیم ہوٹل میں قیام پذیر نہیں ہو گا۔

  • چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت مقابلہ، کونسے پلیئرز اہم ہونگے؟ فخر زمان نے بتادیا

    چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت مقابلہ، کونسے پلیئرز اہم ہونگے؟ فخر زمان نے بتادیا

    پاکستان کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان نے چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت مقابلے سے قبل ان بھارتی پلیئرز کے نام بتائے ہیں جو اہم ہونگے۔

    آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے لیے دبئی میں موجود فخر زمان نے بھارتی یوٹیوب اسپورٹس چینل سے گفتگو کرتے کہا کہ ہاردک پانڈیا، ویرات کوہلی اور روہت شرما میری نظر میں بھارت کیلئے اہم پلیئرز ثابت ہوں گے، ہم بھی اپنی تیاری کررہے ہیں اور بھارتی کرکٹرز بھی اپنی تیاری کررہے ہوں گے۔

    فخر زمان نے کہا ہے کہ ویرات کوہلی اور روہت شرما کافی کرکٹ کھیل چکے ہیں، اس لیے ان کی فارم کو نہیں ان کے معیار کو دیکھ کر تیاری کرتے ہیں، اگر دونوں پلیئرز کے کچھ میچز برے ہوئے یا وہ فارم میں نہیں ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ انھیں آسان لیا جائے۔

    جارح مزاج پاکستانی اوپنر نے کہا کہ ویرات اور روہت اتنی کرکٹ کھیل چکے ہیں کہ ان کی فارم کو نہیں ان کے معیار کو دیکھ کر تیاری کرتے ہیں، ان کے اگر کچھ میچز برے ہوئے یا فارم نہ ہوں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ان کو آسان سمجھیں گے۔

    فخر زمان کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم میں واپسی کا امکان

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جسپریت بمرا ورلڈ کلاس بولر ہے، تاہم میچ میں کسی ایک پلیئر کیلئے تیاری نہیں ہوتی، پورے 11 پلیئرز کیلئے تیاری کی جاتی ہے۔

    فخر زمان نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان آتی تو اچھا ہوتا لیکن یہ چیزیں ہمارے کنٹرول میں نہیں ہیں، ہمارے کنٹرول میں یہی ہے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں،

    روایتی حریف کیخلاف ہوم کراؤڈ کی کمی محسوس ہوگی لیکن امید ہے اس میچ میں دبئی میں بھی سپورٹ ملے گی لیکن سب سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ ہماری ٹیم گراؤنڈ میں کس طرح کی کارکردگی پیش کرتی ہے۔

    فخر زمان نے مزید کہا کہ دبئی کی وکٹیں اب پہلے کی طرح سلو نہیں ہوتیں، گراؤنڈ اسٹاف پر منحصر ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کیسی وکٹیں ہوتی ہیں۔

  • چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارت نے ٹیم کا اعلان کردیا

    چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارت نے ٹیم کا اعلان کردیا

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت نے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

    رپورٹس کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم کا کپتان روہت شرما کو اور شبمن گل کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

    چیف سلیکٹر اجیت اگرکر اور بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے پریس کانفرنس کے دوران ٹیم کا اعلان کیا۔

    ویرات کوہلی، شریاس ایئر، کے ایل راہول اور ہاردیک پانڈیا کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

    اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ بھی ٹیم میں شامل ہیں، اس کے علاوہ محمد شامی، ارشدیپ سنگھ، یشسوی جیسوال، رشبھ پنت اور رویندرا جڈیجا بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

    دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی سے قبل بھارتی کرکٹ شائقین کے لئے ایک بری خبر سامنے آگئی، ویرات کوہلی بھی مبینہ طور پر انجری کا شکار ہوگئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کیلئے تیار ویرات کوہلی گردن کی تکلیف میں مبتلا ہیں، جس کے باعث رنجی ٹرافی کے ابتدائی میچز میں ان کی شرکت مشکوک ہے۔

    بھارت کے اسٹار بلے باز کو یہ انجری ایک ایسے وقت پر ہوئی ہے جب 23 جنوری کو رنجی ٹرافی شروع ہونے والی ہے اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آغاز میں بھی صرف ایک ماہ رہ گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایک ذائع نے انکشاف کیا ہے کہ کوہلی کو گردن میں کھچاؤ پڑنے کی وجہ سے شدید درد ہوا اس کے لئے انہوں نے انجیکشن بھی لگوایا تھا۔

    روہت شرما پاکستان آرہے ہیں؟ بھارتی بورڈ کا اہم بیان

    رپورٹ کے مطابق کوہلی نے 23 جنوری کو رنجی ٹرافی میں سوراشٹرا کے خلاف دہلی ٹیم کی نمائندگی کرنی ہے تاہم ایونٹ میں ان کی دستیابی کے حوالے سے ابھی تصدیق نہیں کی گئی۔

  • فخر زمان کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم میں واپسی کا امکان

    فخر زمان کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم میں واپسی کا امکان

    قومی ٹیم کے اسٹار بیٹر فخر زمان کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم میں واپسی کا امکان ہے۔

    چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان ٹیم سات بیٹر، چار فاسٹ بولرز، تین اسپنرز اور ایک وکٹ کیپر پر مشتمل متوازن اسکواڈ کی تیاری کررہا ہے، توقع ہے کہ کپتان محمد رضوان ٹیم میں واحد وکٹ کیپر ہوں گے۔

    فخر زمان کو دورہ آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقا میں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

    تاہم چیمپئنز ٹی 20 ٹورنامنٹ میں فخر زمان نے شاندار فارم دکھائی اور دس میچوں میں 30.30 کی اوسط سے 303 رنز بنائے جس میں دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔

    اس سے قبل فخر زمان نے سوشل میڈیا پر بابر اعظم کو آرام دینے کے پی سی بی کے فیصلے کیخلاف ٹوئٹ کیا تھا جو ان کے ٹیم سے باہر ہونے کا سبب بنا تھا۔

    فخر زمان کا کہنا تھا کہ میں نے سوچا کہ یہ بہتر ہوتا کہ اگر میں ٹوئٹ نہیں کرتا لیکن لوگوں یہ غلط فہمی ہے کہ میں نے بورڈ کے فیصلے پر تنقید کی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ میرا ٹوئٹ صحافیوں اور سابق کرکٹرز کے لیے تھا جو پاکستانی اسکواڈ سے اسٹار بلے باز کو ڈراپ کرنے کا کہہ رہے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے دو ماہ آرام کرنے کی درخواست کی تھی کیونکہ وہ فٹنس مسائل سے دوچار تھے۔

  • چیمپئنز ٹرافی 2025 ہائبرڈ ماڈل پر ہوگی، تحریری معاہدہ ہوگیا

    چیمپئنز ٹرافی 2025 ہائبرڈ ماڈل پر ہوگی، تحریری معاہدہ ہوگیا

    کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی سمیت آئندہ آنیوالے تمام ایونٹس 2024-27 ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    غیرملکی ویب سائٹ کے مطابق چیمپئنز ٹرافی 2025 ہائبرڈ ماڈل پر ہوگی، اس حوالے سے آئی سی سی اور بورڈ ممبرز میں تحریری معاہدہ ہوگیا۔

    چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارتی ٹیم پاکستان کے بجائے نیوٹرل وینیو پر کھیلے گی، پاکستان ٹیم بھی 2026 میں بھارت نہیں جائیگی، نیوٹرل وینیو پر میچز کھیلے جائیں گے۔

    غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے اس ماڈل پر ووٹنگ کرانے کا امکان ہے، معاہدہ چیمپئنز ٹرافی ویمنز ورلڈکپ اور 2026 ٹی 20 ورلڈکپ پر لاگو ہوگا۔

    آئی سی سی کی جانب سے بھی تصدیق کردی گئی ہے کہ چیمپئنزٹرافی ہائبرڈ ماڈل پر ہوگی، بیان میں کہا گیا ہے کہ 2024 سے2027 تک کے میچز نیوٹرل وینیو پر ہونگے۔

    آئی سی سی کے مطابق چیمپئنز ٹرافی پاکستان اور ایک نیوٹرل وینیو پر ہوگی، آئی سی سی ویمنزٹی 20 ورلڈکپ کی میزبانی پاکستان کرےگا۔

    غیر ملکی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا کہ 2028 کا خواتین کا ٹی 20 ورلڈکپ پاکستان میں  ہوگا، بھارت کیلئے نیوٹرل وینیو پر انتخاب پاکستان کر ے گا۔

    غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان نے بھارت کی ساتھ نیوٹرل وینیو پر سہ فریقی ٹورنامنٹ کی تجویز بھی دی ہے، آئی سی سی کو سہ فریقی ٹورنا منٹ پر کوئی اعتراض نہیں۔

    چیئرمین پی سی بی کا بیان:

    چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ وطن عزیز پاکستان کی عزت ہے اس پر کسی قسم کا حرف نہیں آنے دیں گے۔

    گورننگ بورڈ کا 76 واں اجلاس چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں گورننگ بورڈ کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

    اجلاس کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پر اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔گورننگ بورڈ کو قذافی، نیشنل اور راولپنڈی اسٹیڈیم کی تعمیر نو پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

    چیئرمین پی سی بی نے گورننگ بورڈ کو چیمپئنز ٹرافی سے متعلق اعتماد میں لیا۔ اس موقع پر اراکین نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے متعلق چیئرمین پی سی بی کے اصولی موقف کو سراہا۔

    چیئرمین پی سی بی اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پہلے دن سے ہی پاکستان اورکرکٹ کی جیت کی بات کر رہا ہوں، پی سی بی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے ہر لحاظ سے تیار ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لئے ہر طرح کی تیاریاں مکمل ہیں، پاکستان کے اصولی موقف کو ہر کسی نے سراہا ہے، تمام ٹیموں کودل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہیں گے۔

    چیئرمین پی بی سی کا کہنا تھا کہ پاکستانی تمام ٹیموں کو اپنے گراؤنڈز پر کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔

    پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرا ون ڈے آج کھیلا جائیگا

    چیئرمین نے کہا کہ کرکٹ میں سیاست کیخلاف ہوں، یہ کھیل ہے جس سے کروڑوں شائقین محبت کرتے ہیں، کھیل کو کھیل رہنا چاہیے۔