Tag: چیمپئن شپ

  • والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز

    والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز

    ایشین والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے پہلے میچ میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تھائی لینڈ کو تین دو سے ہرا دیا۔

    والی بال چیمپئن شپ میں فاتحانہ آغاز کرنے والی گروپ بی میں شامل پاکستانی ٹیم نے ڈھائی گھنٹے کا میچ کانٹے دار مقابلے کے بعد بائیس ۔ پچیس، پچیس۔ تیئس، اکیس ۔ پچیس، پچیس۔ تیئس اور پندرہ ۔ بارہ کے اسکور سے جیتا۔

    پاکستان نے ہر سیٹ میں زبردست کم بیک کیا لیکن فیصلہ کن سیٹ میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئن شپ کا فاتحانہ آغاز کیا۔

    ٹیم کو فتح دلوانے میں والی بال ٹیم کے تجربے کار کھلاڑی ایمل کان نے کلیدی کردار ادا کیا۔

    پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ پیر کی صبح ہانگ کانگ سے کھیلے گی اور اس میچ میں جیت پاکستان کی کوارٹر فائنل تک رسائی کو یقینی بنادے گی۔

    واضح رہے کہ والی بال چیمپئن شپ کے میچز جاپان میں کھیلے جارہے ہیں۔

  • اسلام آباد اوپن فرینڈ شپ کراٹے چیمپئن شپ کا آغاز

    اسلام آباد اوپن فرینڈ شپ کراٹے چیمپئن شپ کا آغاز

    اسلام آباد: اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام دوسری اوپن فرینڈ شپ کراٹے چیمپئن شپ (کل) 5 جنوری سے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے حمیدی ہال میں کھیلی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن کے صدر اعجازالحق نے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور شرکت کی خواہش رکھنے والے کھلاڑی اپنے اپنے ناموں کا اندراج 4 جنوری تک کروا سکتے ہیں۔

    5 جنوری کو صبح کھلاڑیوں کے وزن اور ایونٹ کے ڈراز کا اعلان کیا جائے گا۔

    بوائز انفرادی کو متے اور انڈر-16 کے مقابلوں میں منفی 35 کلوگرام، منفی 40 کلوگرام، 45 کلوگرام، 50 کلوگرام ویٹ کیٹگریز شامل ہیں بوائز انڈر- 18 کے مقابلوں میں منفی 55 کلوگرام، 60 کلوگرام، 67 کلوگرام، 70 کلوگرام اورانفرادی کومتے شامل ہیں۔

    اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ مزید معلومات کے لیے اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن کے اسیکرٹری اویس رشید مغل سے رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے اور چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

  • آل پاکستان جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کب ہوگی؟

    آل پاکستان جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کب ہوگی؟

    پشاور: آل پاکستان جونیئر اسکواش چیمپئن شپ 2 سے 7 دسمبر تک پشاور کے پی اے ایف ہاشم خان اسکواش کمپلیکس میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیمپئن شپ کے لیے تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں اس سلسلے میں خیبرپختونخوا اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر قمرزمان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ چیمپئن شپ میں انڈر15 اور انڈر17 کیٹیگریز کے مقابلے منعقد ہوں گے، کوالیفائنگ راﺅنڈ دو سے تین دسمبر تک منعقد ہوگا۔

    جبکہ مین راﺅنڈ 4 سے 7 دسمبر تک منعقد ہوگا جس کے لیے انعامی رقم دو لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں اسکواش لیجنڈ قمرزمان نے کہا کہ کوالیفائنگ راﺅنڈ میں 32 کھلاڑی شرکت کررہے ہیں جبکہ مین راﺅنڈ میں 16 کھلاڑی حصہ لیں گے جس میں گیارہ کھلاڑی براہ راست ‘ایک وائلڈ کارڈ اور 4 کوالیفائنگ راﺅنڈ سے کھلاڑی شامل ہوں گے۔

    چالیس سال اسکواش پر حکمرانی کرنے والا پاکستان ورلڈ ٹیم اسکواش چیمپین شپ سے باہر

    دوسری جانب ورلڈ ٹیم اسکواش چیمپئن شپ ٹورنامنٹ 14 سے 22 دسمبر تک واشنگٹن ڈی سی میں کھیلا جائے گا جس میں 32 ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اس وقت ورلڈ اسکواش ٹیم چیمپئن شپ کا دفاعی چیمپئن مصر ہے، جسے مضبوط امیدوار کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

    پاکستان 6 بار ورلڈ اسکواش ٹیم چیمپئن شپ کا حصہ رہا ہے، پاکستان 1993 میں آخری بار اس ایونٹ کا چیمپین بنا، البتہ اب ہاکی کے مانند اسکواش بھی انتطامیہ کی عدم توجہی کا شکار ہو کر اپنی اہمیت کھو بیٹھا ہے۔

  • عثمان عمر نے ساؤتھ ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ جیت کرملک کا نام روشن کیا ہے، عثمان بزدار

    عثمان عمر نے ساؤتھ ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ جیت کرملک کا نام روشن کیا ہے، عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ عثمان عمر نے ساؤتھ ایشین باڈی بلڈنگ اینڈفزیک چیمپئن شپ جیت کرسبز ہلالی پرچم بلند کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ساؤتھ ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک چیمپئن شپ جیتنے پرعثمان عمر کو مبارکباد دی اور کہا کہ عثمان نے چیمپئن شپ جیت کر ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ عثمان عمر نے ایشین باڈی بلڈنگ اینڈفزیک چیمپئن شپ جیت کرسبز ہلالی پرچم بلند کیا ہے۔

    عثمان عمر نے بارہویں ساؤتھ ایشین فزیک چیمپئین شپ جیت لی

    واضح رہے کہ بارہویں ساؤتھ ایشین فزیک چیمپئین شپ نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو میں منعقد ہوئی جس میں عثمان عمر نے جنوبی ایشیا میں سب سے بہترین فزیک رکھنے والے شخص کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

    پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو بھی مقابلے میں شکست دی، ساؤتھ ایشین فزیک چیمپئین شپ 2019 میں بھارت نے دوسری اور بھوٹان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    عثمان عمر پنجاب یونی ورسٹی شعبہ اسپورٹس سائنسز میں ایم ایس سی اسپورٹس سائنس 2012 سیشن میں گولڈ میڈل حاصل کر چکے ہیں، وہ چئیرمین شعبہ اسپورٹس سائنسز ڈاکٹر ظفر اقبال بٹ کے طالب علم اور شعبے کے وزیٹنگ لیکچرار رہے۔

  • ایشین ٹور اوپن گالف چیمپئن شپ، پاکستانی کھلاڑی کی سبقت

    ایشین ٹور اوپن گالف چیمپئن شپ، پاکستانی کھلاڑی کی سبقت

    کراچی: ایشین ٹور اوپن گالف چیمپئن شپ کا پہلا روز مکمل ہوگیا، پاکستان کے احمد علی بیگ اور تھائی گالفر نوم چوک مشترکہ طور پر سبقت قائم کرنے میں کامیاب رہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی گالف کورس میں کھیلے جانے والے ایشین ٹور گالف چیمپئن شپ کے پہلے روز مختلف ممالک سے شرکت کرنے والے گالفرز کے درمیان بھرپور مقابلہ ہوا۔

    ایمیچر کیٹیگری میں احمد بیگ اور تھائی گالفر نے شاندار کارکردگی دکھائی، دونوں نے پانچ انڈر پار کے ساتھ باہتر کا اسکور بورڈ پر سجایا۔

    پاکستان ہی کے معروف گالفر شبیر اقبال اور بھارتی گالفر ہنی بسویا کے درمیاب بھی کانٹے کا مقابلہ رہا، دونوں مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کرسکے۔

    پاکستان میں گیارہ سال بعد ایشین ٹور اوپن گالف چیمپئین شپ کی واپسی

    چار روزہ ایونٹ میں ایٹ ٹین ہولز کے مقابلے ہورہے ہیں، غیرملکی گالفرز نے ایشین ٹور کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا ہے، ایونٹ کا فائنل اور اختتامی تقریب چودہ اکتوبر کو ہوگی۔

    کراچی گالف کلب کھیلے جانے والے ایشین ٹور اوپن گالف چیمپیئن شپ میں پاکستان سمیت اٹھارہ ممالک کے ایک سو بیس گالفرز مختلف کیٹیگری کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

    میگا ایونٹ کی انعامی رقم تین لاکھ ڈالر ہے۔ بھارت کے پروفیشنل گالفروجے سنگھ، ہنی بسیوا اور چراغ کمار بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

  • پاکستان جونیئرہاکی ٹیم آسٹریلیا روانہ

    پاکستان جونیئرہاکی ٹیم آسٹریلیا روانہ

    لاہور: پاکستان جونیئرہاکی ٹیم آسٹریلیاروانہ ہوگئی جہاں قومی ٹیم جونیئرچیمپیئن شپ میں حصہ لےگی۔

    تفصیلات کےمطابق پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم جنید منظور کی قیادت میں لاہورایئرپورٹ سے آسٹریلیا کےلیےروانہ ہوگئی۔ قومی ٹیم 19 سے 29 اپریل تک ہوبارٹ میں ہونے والی آسٹریلیا کی انڈر 28 چیمپئن شپ میں حصہ لے گی۔

    آسٹریلیا میں ہاکی چیمپیئن شپ کےبعد مینجمنٹ کےاراکین وطن واپس آجائیں گے جبکہ ہاکی ٹیم کےکھلاڑی آسٹریلیا میں ہی قیام کریں گے۔

    قومی جونیئرہاکی ٹیم تین ماہ کے قیام کےدوران مختلف کلبوں کی جانب سے ٹریننگ پروگرام اور میچز میں حصہ لیں گے۔

    جونیئرہاکی ٹیم کے کوچ مدثرعلی خان کاکہناہےکہ اس طویل دورے سے نوجوان کھلاڑیوں کو جدید ہاکی سیکھنے کا موقع ملےگا۔


    یومِ پاکستان پرہاکی ٹیم کاہم وطنوں کوشاندار تحفہ


    یاد رہےکہ گزشتہ ماہ پاکستان اورنیوزی لینڈ کےخلاف پانچ میچوں کی سیریزمیں قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 1-2 سے ہرا کر سیریزاپنے نام کرلی تھی۔

    واضح رہےکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کےسیکرٹری شہبازسینئر کا کہناتھاکہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہاکی سیریز کی کامیابی یوم پاکستان پر قوم کو تحفہ ہے۔

  • عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی لاہور کی مسیحی کھلاڑی

    عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی لاہور کی مسیحی کھلاڑی

    لاہور: مضافاتی علاقوں کی تنگ گلیوں، چھوٹے گھروں میں رہنے والوں کے خواب اونچے تو ضرور ہوسکتے ہیں، مگر ان میں چند ایک ہی ایسے ہوتے ہیں جن کی قسمت کا ستارہ چمکتا ہے اور وہ عروج پر پہنچنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔

    بلند مقاصد پر نظر رکھنے والے قسمت کی اس تبدیلی سے بے نیاز صرف اپنی محنت پر یقین رکھتے ہیں اور یہ سوچ کر اپنی جدوجہد جاری رکھتے ہیں کہ ایک نہ ایک دن ان کی قسمت کا ستارہ ضرور چمکے گا۔ لاہور کی رہائشی ٹوئنکل سہیل اور سونیا عظمت بھی اسی بات پر یقین رکھتی ہیں۔

    t4

    خواتین کی پاور لفٹنگ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی یہ دونوں خواتین مسیحی برادری سے تعلق رکھتی ہیں۔ گزشتہ برس ٹوئنکل نے پہلی بار ویٹ لفٹنگ میں پاکستانی خواتین کی نمائندگی کرتے ہوئے ایشین بنچ پریس چیمپئن شپ کے جونیئر ایونٹ میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔

    اس ایونٹ میں اگلے ہی دن ان کی ٹیم میٹ سونیا نے پاکستان کے لیے دوسرا سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ یوں دونوں خواتین پاکستانی کھیلوں کی تاریخ میں منفرد مقام بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔

    اسی ایونٹ میں ایک اور پاکستانی ویٹ لفٹنگ کی کھلاڑی شازیہ کنول نے بھی پاکستان کے لیے تیسرا گولڈ میڈل جیتا۔

    t5

    ان خواتین کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے انہیں اگلے سال امریکی ریاست فلوریڈا میں ہونے والی ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں بھی بھیجا جارہا ہے۔

    ٹوئنکل نے اپنے کیریئر کا اغاز ایک سائیکلسٹ کی حیثیت سے کیا، لیکن ورزش کے دوران ان کے کوچز نے ان کی صلاحیتوں کی نشاندہی کی اور انہیں پاور لفٹنگ کی طرف جانے کا مشورہ دیا۔

    t3

    سونیا کے والد اپنے خاندان سے الگ رہتے ہیں اور والدہ مختلف نوکریاں کر کے زندگی کی گاڑی کھینچ رہی ہیں۔ سونیا کی والدہ اپنی بیٹی کی صلاحیتوں پر بے حد فخر کرتی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ایک دن پاکستان ان کی بیٹی کے نام سے جانا جائے گا۔

    t8

    سونیا اور ٹوئنکل کھیلوں کے عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی پہلی اقلیتی خواتین نہیں ہیں۔ اس سے قبل ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والی ایک اور کھلاڑی شیتل آصف بھی عالمی مقابلوں میں شرکت کر چکی ہیں۔

    سونیا اور ٹوئنکل کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے والی ان کی دوست حرا ارشد بھی اپنی دوستوں کی کامیابی پر خوش ہیں۔ وہ کہتی ہیں، ’ان دونوں کی کامیابی نہ صرف میسحی برادری بلکہ پورے ملک کی خواتین کے لیے ایک مثال ہے۔ ان کی کامیابی تمام پاکستانی لڑکیوں کو مہمیز کرے گی کہ وہ آگے بڑھیں اور اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرلیں‘۔

    t2

    t9

    سونیا اور ٹوئنکل کو اپنی صلاحیتوں اور جدوجہد پر پورا بھروسہ ہے اور انہیں یقین ہے کہ ایک دن وہ اپنے خوابوں کی تعبیر ضرور حاصل کریں گی۔ پاکستانی لڑکیوں کے لیے ان کا پیغام ہے، ’آؤ، آگے بڑھو اور پاکستان کو عروج کی نئی بلندیوں پر لے جاؤ‘۔