Tag: چیمپیئنز لیگ

  • برازیلین فٹبالر کو جنسی ہراسانی کے جرم میں قید کی سزا

    برازیلین فٹبالر کو جنسی ہراسانی کے جرم میں قید کی سزا

    اسپین کی عدالت نے برازیل کے سابق فٹبالر ڈینی ایلوس کو جنسی ہراسانی کے جرم میں ساڑھے 4 سال قید کی سزا سنا دی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق فٹبالر ڈینی ایلوس پر دسمبر 2022 میں بارسلونا کے ایک نائٹ کلب میں نوجوان خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کا الزام تھا۔

    رپورٹ کے مطابق 3 بار چیمپیئنز لیگ جیتنے والے ڈینی ایلوس کو عدالت نے جیل کی سزا پوری کرنے کے بعد 5 سال پروبیشن کرنے کی ہدایت کی ہے اور ساتھ ہی عدالت نے فٹبالر کو متاثرہ خاتون کو ایک لاکھ 50 ہزار یورو معاوضہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

    عدالت نے کہا کہ یہ ثابت ہوتا ہے کہ ’ فٹبالر نے متاثرہ خاتون سے زبردستی کی تھی ، خاتون کی مرضی شامل نہیں تھی اور متاثرہ خاتون کی گواہی کے علاوہ ایسے شواہد موجود ہیں جس سے ان کا جرم ثابت ہوگیا ہے‘۔

    عدالت نے فیصلہ کیا ہے کہ فٹبالر نے شکایت کنندہ نوجوان خاتون سے زبردستی کی، اسے زمین پر پھینکا اور اس کی مرضی کے خلاف جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، اس دوران خاتون نے بھی مزاحمت کرنے کی کوشش کی‘۔

    استغاثہ نے 40 سالہ فٹبالر کے لیے 10 سال پروبیشن کے ساتھ 9 سال قید کی سزا کی درخواست کی تھی۔

    واضح رہے کہ فٹبالر ایلوس جنوری 2023 میں گرفتاری کے بعد سے پولیس کی حراست میں ہیں، ضمانت کی درخواستوں کے باوجود عدالت نے انہیں ملک چھوڑنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے رہا کرنے سے انکار کردیا تھا۔

    ڈینی ایلوس فٹبالر کی دنیا میں جانا مانا نام ہے، انہوں نے اپنے کامیاب کیریئر میں 42 ٹرافیاں جیتیں، وہ سال 2008 سے 2016 تک بارسلونا کے ساتھ رہے جہاں انہوں نے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی، جس کے دوران انہوں نے 23 ٹرافیاں جیتیں۔

  • روس کے ہاتھوں سے چیمپیئنز لیگ فائنل کی میزبانی نکل گئی

    روس کے ہاتھوں سے چیمپیئنز لیگ فائنل کی میزبانی نکل گئی

    مانچسٹر: روس کے ہاتھوں سے 2022 چیمپیئنز لیگ فائنل کی میزبانی نکل گئی، یوکرین پر حملے کی وجہ سے روس سے چیمپیئنز لیگ فائنل کی میزبانی واپس لے لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق یورپین فٹبال ایسوسی ایشن نے روس سے میزبانی واپس لے لی، چیمپیئنز لیگ کا فائنل اب پیرس میں ہو گا، اس سلسلے میں یورپین فٹبال ایسوسی ایشن نے ایگزیکٹو کمیٹی کا غیر معمولی اجلاس طلب کیا تھا۔

    ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں روس سے فائنل کی میزبانی واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔واضح رہے کہ یورپ کے سب سے باوقار کلب مقابلے کا فائنل 28 مئی کو سینٹ پیٹرزبرگ میں کھیلا جانا تھا۔

    جمعے کو ہونے والی یورپین فٹبال ایسوسی ایشن کی تقریب

    جمعہ کو ہونے والی میٹنگ کے بعد، یو ای ایف اے نے تصدیق کی کہ یہ میچ گیز پروم ایرینا میں نہیں ہوگا، بلکہ اس کی بجائے یورپی فٹ بال کی گورننگ باڈی نے فیصلہ کیا ہے کہ اسے پیرس کے اسٹیڈ ڈی فرانس میں منعقد کیا جائے گا۔

    فائنل کے لیے پیرس کا انتخاب فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی جانب سے بحران میں کھیل کو بحران سے محفوظ رکھنے کی حمایت پر کیا گیا، ایسویسی ایشن کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ کھلاڑیوں اور اُن کے خاندانوں کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام اقدامات کرے گی۔

    اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ مقابلوں میں حصہ لینے والے روسی اور یوکرینی کھلاڑی اگلے فیصلے تک تمام ہوم میچز غیر جانب دار مقامات پر ہی کھیلیں گے۔