Tag: چینی بحران

  • "حکومت چینی بحران کا حل نکالے،70 فیصد شوگر ملز میں اسٹاک ختم ہوچکا”

    "حکومت چینی بحران کا حل نکالے،70 فیصد شوگر ملز میں اسٹاک ختم ہوچکا”

    اسلام آباد: صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت چینی بحران کا فوری حل نکالے، بیشتر شوگر ملز کے پاس اسٹاک ختم ہوچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ کا کہنا ہے کہ سینٹرل پنجاب کی 70 فیصد شوگر ملز کے پاس چینی کا اسٹاک ختم ہو چکا ہے، جنوبی پنجاب کی شوگر ملز نے 4 دن سے سپلائی بند کررکھی ہے۔

    آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر نے چینی کی کمیابی کی نشاندہی کرتے ہوئے مزید کہا کہ جس دکان پر چینی نہیں اسے سیل کردیا جاتا ہے جو ظلم ہے۔

    اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ کریانہ ریٹیلرز کی گرفتاریوں سے چینی کا بحران ختم نہیں ہوگا، بحران ڈنڈے سے نہیں اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت سے ختم ہوگا۔

    جوڑیا بازار میں تاجروں نے چینی کی فروخت بند کردی

    گزشتہ دنوں وفاقی حکومت کی جانب سے چینی درآمد کا ایک اور ٹینڈر جاری کیا گیا تھا، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا ٹینڈر جاری کیا ہے، چینی کا یہ نیا ٹینڈر 11 اگست کو کھولا جائے گا۔

    ٹی سی پی ذرائع کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی چینی درآمد کرنے کے لیے ٹینڈر جاری کیا گیا تھا، گزشتہ ٹینڈر میں 4 کمپنیوں نے بولیاں جمع کرائی تھیں۔

    ذرائع کے مطابق ریٹ زیادہ ہونے کے باعث گزشتہ ٹینڈر منسوخ ہونے کا امکان ہے، گزشتہ ٹینڈر میں درآمدی چینی کی قیمت 227 روپے فی کلو بتائی گئی۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-convinces-imf-to-waive-taxes-on-imported-sugar/

  • یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کا بحران ختم ہونے کی راہ ہموار

    یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کا بحران ختم ہونے کی راہ ہموار

    اسلام آباد : یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے چالیس ہزار میٹرک ٹن چینی کا ٹینڈر کھول دیا، جس سے چینی کا بحران ختم ہونے کی راہ ہموار ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کا بحران ختم ہونے کی راہ ہموار ہوگئی، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے چالیس ہزار میٹرک ٹن چینی کا ٹینڈر کھول دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کارپوریشن کو بیس ہزار میٹرک ٹن چینی کی خریداری کیلئے بولی موصول ہوئی، یوٹیلیٹی اسٹورز کو ایک سو پینتیس روپے ستائیس پیسے فی کلو کے حساب سے بولی موصول ہوئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ اخراجات ملاکر کارپوریشن کو فی کلو چینی تقریباً ڈیڑھ سو روپے میں پڑے گی۔

    گزشتہ کئی روزسے یوٹیلیٹی اسٹورز پر اسٹاک ختم ہونے سے چینی کا بحران ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز نے ایک سوستاون روپے فی کلو کے حساب سے موصول بولی مسترد کی تھی۔

  • چینی بحران ختم کرنے کے اقدامات کو بڑا دھچکا

    چینی بحران ختم کرنے کے اقدامات کو بڑا دھچکا

    اسلام آباد: یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی بحران کو ختم کرنے کے اقدامات کو بڑا دھچکا لگ گیا،  وزارت صنعت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کو خریدی گئی چینی بیچنے سے روک دیا۔

    ذرائع یوٹیلیٹی اسٹورز کے مطابق  وزارت صنعت وپیداوار نے یوٹیلیٹی اسٹورز کو خریدی گئی چینی بیچنے سے روک دیا جس سے غیر معینہ مدت تک چینی کی دستیابی کے امکانات ختم ہوگئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کی وزیر صنعت وپیداوار نے مہنگی چینی خریداری کا کہہ کر ہدایت دے کر چینی بیچنے سے روک دیا ہے دوسری جانب وزیراعظم پیکچ کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر شہری مسلسل سستی چینی خریدنے سے محروم ہیں۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ خریدی گئی چینی اٹھانے کا عمل شروع کردیا تھا، کارپوریشن نے حال ہی میں 10 ہزار میٹرک ٹن چینی خریدی تھی جو کہ فی کلو چینی 130 روپے کے حساب سے خریدی گئی تھی۔

    ذرائع یوٹیلیٹی اسٹورز کا بتانا ہے کہ اخراجات ملاکر فی کلو چینی تقریباً 140 روپے میں پڑے گی، وفاقی حکومت نے وزیر اعظم پیکچ کے تحت چینی پر بھاری سبسڈی مختص کی ہے۔

  • چینی بحران کی تحقیقات ، ایف آئی اے کے اہم انکشافات

    چینی بحران کی تحقیقات ، ایف آئی اے کے اہم انکشافات

    لاہور : ایف آئی اے نے چینی بحران کی تحقیقات میں انکشاف کیا کہ ترکی کی کمپنی نے مقامی ایجنٹ کمپنی کے ساتھ مل کر فراڈ کیا اور جعلی دستاویزات جمع کرائی ، جس کے باعث حکومت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی تحقیقات میں گزشتہ سال چینی بحران اور قیمتوں میں اچانک اضافہ سے متعلق اہم انکشافات سامنے آگئے۔
    .
    ایف آئی اے نے بتایا کہ گزشتہ سال اپریل میں ٹریڈنگ کارپوریشن نے چینی کے لیے ٹینڈرزکھولے ، ترکی کی کمپنی نےسب سےکم بولی لگائی اورٹینڈرحاصل کیا ، ترکی کی کمپنی جیمنی گروپ نے447امریکی ڈالر فی میٹرک ٹن کی بولی لگائی۔

    ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ٹینڈر کے ذریعے 50ہزارمیٹرک ٹن چینی سپلائی کی جانی تھی ، سپلائرکی جانب سے گارنٹی کے طور پر جعلی دستاویزات جمع کرائی گئیں۔

    تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ سپلائر نے بینک آف پنجاب کےجعلی دستاویزات جمع کراکرفراڈکیا، کمپنی نےروس کی بھی گارنٹی جمع کرائی تھی، جس تاریخ کی روس کی گارنٹی جمع کرائی گئی وہاں عام تعطیل تھی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ جعلی دستاویز،گارنٹی سامنے آنے پر ٹریڈنگ کارپوریشن نے ٹینڈر منسوخ کیا تاہم ترکی کی کمپنی نے مقامی ایجنٹ کمپنی کے ساتھ مل کر فراڈ کیا۔

    ایف آئی اے کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن نے چینی کی برآمدات کے لیے دوبارہ ٹینڈرجاری کیے ، دوبارہ ٹینڈر جاری کرنے سے حکومت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ، دوسری بارٹینڈر میں526 امریکی ڈالر فی میٹرک ٹن کے ریٹ مقرر ہوئے۔

    ایف آئی اے نے مقامی کمپنی اور ترکی کی کمپنی کے خلاف مقدمات درج کیے اور کیس میں مقامی کمپنی کےنمائندے محمدعباس کو گرفتارکر لیا گیا۔

  • چینی بحران میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری مقدمات دائر کرنے کا فیصلہ

    چینی بحران میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری مقدمات دائر کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم نے شوگر انڈسٹری کو ریگولیٹ کرنے کی سفارشات کی منظوری دے دی، چینی بحران میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری مقدمات دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت شوگر انکوائری رپورٹ سے متعلق اجلاس میں چینی بحران میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری مقدمات دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ سفارشات کے مطابق کیسز نیب اور ایف آئی اے کو بھجوائے جائیں گے، وزیر اعظم نے شوگر انڈسٹری کو ریگولیٹ کرنے کی سفارشات کی بھی منظوری دے دی ہے۔

    وزیر اعظم نے اجلاس میں چینی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے میکنزم تیار کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی انکوائری رپورٹ کی سفارشات پر من و عن عمل کیا جائے گا، رپورٹ میں ذمہ دار قرار دیے جانے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

    اجلاس میں وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ملک بھر کی تمام شوگر ملز کا فارنزک آڈٹ کیا جائے، غریب قوم سے ناجائز فائدہ اٹھانے والے احتساب سے نہیں بچ سکتے، چینی سمیت اشیائے ضروریہ کے شعبوں کی ریگولیشن کی جائے گی۔

  • حکومت چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف آج بڑا فیصلہ کرے گی

    حکومت چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف آج بڑا فیصلہ کرے گی

    اسلام آباد: ذرایع نے کہا ہے کہ حکومت چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف آج بڑا فیصلہ کرے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف آج بڑا فیصلہ کرے گی، رپورٹ کی روشنی میں متعین کرداروں سے متعلق فیصلہ اعلیٰ سطح اجلاس میں ہوگا۔

    وزیر اعظم عمران خان اس اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کریں گے، ذرایع کا کہنا ہے کہ شوگرانکوائری رپورٹ میں ذمہ دار قرار دیے گئے افراد کے خلاف ایکشن کا فیصلہ ہوگا، اجلاس میں چینی بحران میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات دائر کرنے کا بھی فیصلہ ہوگا۔

    اجلاس کے بعد کیے گئے فیصلوں کا اعلان وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کریں گے۔

    شبلی فراز نے اس سلسلے میں آج ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم نے شوگر مافیا کی سرپرستی اور فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیا ہے، وزیر اعظم کا وعدہ جلد پورا ہوگا، آج بنی گالہ میں انتہائی اہم اجلاس کے بعد پریس کانفرنس ہوگی۔ شہزاد اکبر نے بھی ٹویٹ میں لکھا شوگر کمیشن رپورٹ پر فیصلے منظوری کے لیے آج وزیر اعظم کو پیش کیے جائیں گے، وزیر اعظم کو مخصوص پینل ایکشنز، ریگولیٹری اقدامات اور ریکوری میکنزم پیش کیا جائے گا، ایکشن کا آغاز آج سے ہوگا۔

    یاد رہے کہ 31 مئی کو وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا تھا 15 دنوں میں چینی بحران میں ملوث تمام لوگ بے نقاب ہو جائیں گے۔ ادھر اپوزیشن کا بھی مطالبہ ہے کہ آٹا چینی بحران کے اصل ذمہ داران کے خلاف ٹھوس کارروائی کی جائے۔

    یاد رہے کہ ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیا کی سربراہی میں تحقیقاتی رپورٹ کا فرانزک کرنے کے لیے بننے والے 6 رکنی تحقیقاتی کمیشن نے حتمی رپورٹ میں جہانگیر ترین، مونس الہیٰ، اومنی گروپ اور مخدم خسرو بختیار کے بھائی عمر شہریار کو چینی بحران کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔

    رپورٹ میں کمیشن نے چینی بحران کا ذمہ دار ریگولیٹرز کو قرار دیا ہے، جن کی غفلت کے باعث چینی بحران پیدا ہوا اور قیمت بڑھی، کمیشن نے کیسز نیب، ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن کو بھجوانے کی سفارش کی ہے۔

  • چینی بحران: وزیراعظم عمران خان نے اہم اجلاس طلب کر لیا

    چینی بحران: وزیراعظم عمران خان نے اہم اجلاس طلب کر لیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کل اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا جس میں چینی بحران میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات دائر کا فیصلہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کل اعلیٰ سطح کا اجلاس ہو گا جس میں شوگر انکوائری رپورٹ میں ذمہ دار قرار دیے گئے افراد کے خلاف ایکشن کا فیصلہ ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں چینی بحران میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات دائر کرنے کا بھی فیصلہ ہوگا۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ پہلی حکومت ہے جس نے چینی بحران کمیشن کی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی اور وزیراعظم عمران خان نے بلا امتیاز و تفریق ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

    یاد رہے کہ ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء کی سربراہی میں تحقیقاتی رپورٹ کا فرانزک کرنے کے لیے بننے والے 6 رکنی تحقیقاتی کمیشن نے حتمی رپورٹ میں جہانگیر ترین، مونس الہیٰ، اومنی گروپ اور مخدم خسرو بختیار کے بھائی عمر شہریار کو چینی بحران کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔

    رپورٹ میں کمیشن نے چینی بحران کا ذمہ دار ریگولیٹرز کو قرار دیا ہے، جن کی غفلت کے باعث چینی بحران پیدا ہوا اور قیمت بڑھی، کمیشن نے کیسز نیب، ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن کو بھجوانے کی سفارش کی ہے۔

  • چینی بحران کی انکوائری پر پوری قوم کی نظر ہے، علیم خان

    چینی بحران کی انکوائری پر پوری قوم کی نظر ہے، علیم خان

    لاہور: وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ چینی بحران کی انکوائری پر پوری قوم کی نظر ہے، عوام کا پیسہ لوٹنے والوں کو بے نقاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ وقت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کا نہیں ہے،اس وقت ہم سب پر بڑی ذمہ داریاں ہیں۔

    علیم خان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمیں کرونا کی وبا سے مل کر لڑنا ہے،اس وقت عمران خان وزیراعظم پی ٹی آئی نہیں پاکستان ہیں،اس وقت ہمیں کرائسز سے مل کر نکلنا ہے۔

    وزیر خوراک پنجاب نے کہا کہ شہباز شریف تھوڑا انتظار کرلیں رپورٹ آئے جائے تو پڑھ لیں۔عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ چینی بحران کی انکوائری پر پوری قوم کی نظر ہے، عوام کا پیسہ لوٹنے والوں کو بے نقاب کریں گے۔

    چینی بحران پر انکوائری کمیشن کو مزید 3 ہفتے کا وقت دینے کی منظوری

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا تھا جس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا تھا اور متعدد کی منظوری دی گئی تھی

    وفاقی کابینہ نے چینی بحران پر ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ کا فرانزک کرنے والے انکوائری کمیشن کو اپنی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کرنے کے لیے مزید 3 ہفتے دینے کی منظوری دی تھی۔

  • چینی بحران ،  انکوائری کمیشن کا افسر شوگر ملز مالکان کا مخبر نکلا

    چینی بحران ، انکوائری کمیشن کا افسر شوگر ملز مالکان کا مخبر نکلا

    اسلام آباد: شوگر انکوائری کمیشن کے افسر ایڈیشنل ڈائریکٹرسجاد باجوہ کو معطل کردیا گیا، سجاد باجوہ پر شوگرانکوائری کمیشن کی معلومات لیک کرنے اور مبینہ طور پر کمیشن کو گمراہ کرنے کا الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شوگر انکوائری کمیشن کا افسرشوگر ملز مالکان کا مخبر نکلا، ابتدائی انکوائری کے بعد ایڈیشنل ڈائریکٹرسجاد باجوہ کو معطل کردیا گیا ہے اور معطلی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔

    سجاد باجوہ پر شوگرانکوائری کمیشن کی معلومات لیک کرنے اور مبینہ طور پر کمیشن کو گمراہ کرنے کا الزام ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر غلط معلومات دیکرانکوائری کمیشن کوگمراہ کرتا رہا اور انکوائری کمیشن کی معلومات خسرو بختیار، چوہدری برادران ودیگرمل مالکان کو دیتا رہا، تاہم دیگر افسران اور متعلقہ افسر کی معلومات میں فرق آنے پر ابتدائی انکوائری کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق ایف آئی اے حکام کی جانب سےوزیر اعظم کومعاملے سےآگاہ کردیا گیا ہے اور انکوائری کمیشن میں شامل دیگر افسران کی مانیٹرنگ مزید سخت کردی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر آٹے اور چینی بحران کی انکوائری رپورٹ جاری کی جا چکی ہے، رپورٹ ایف آئی اے کے سربراہ واجد ضیا نے تیار کی، اس رپورٹ میں جہانگیر ترین، مونس الہی اور خسرو بختیار کے رشتے دار کے نام سمیت کئی نامور سیاسی خاندانوں کے نام شامل ہیں، رپورٹ پبلک کرنے سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے اس کا خود جائزہ لیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ 25 اپریل کو کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے پر مزید ایکشن ہوگا، کمیشن کی رپورٹ کے بعد جو بھی ملوث ہوا قانون کے تحت اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

  • ملک میں جب بزنس مین سیاست دان بنا تو مافیا مضبوط ہو گیا: شیخ رشید

    ملک میں جب بزنس مین سیاست دان بنا تو مافیا مضبوط ہو گیا: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چینی مافیا سے متعلق ایف آئی اے رپورٹ وقت سے پہلے آ گئی ہے، 25 کے بعد آتی تو اچھا ہوتا، ملک میں جب بزنس مین سیاست دان بنا تو مافیا مضبوط ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ موجودہ فیصلہ عمران خان کا بھی امتحان ہے، دیکھنا یہ ہے کہ فرانزک رپورٹ آنے کے بعد وہ کیا سلوک کرتے ہیں، جو فیصلے عمران خان نے کیے مجھے بھی ان کے بارے میں علم نہیں تھا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کوئی دو گروپ نہیں ہیں، کپتان نے بس اپنی فیلڈنگ بدلی ہے، جہانگیر ترین اور عمران خان میں کوئی اختلاف نہیں، ہماری لیڈر شپ پر کوئی کرپشن کی بات نہیں کر سکتا۔

    آٹا، چینی بحران کی تحقیقاتی رپورٹ، وفاقی کابینہ میں رد و بدل

    شیخ رشید نے کہا کہ اسد عمر ای سی سی کو ہیڈ کر رہے تھے لیکن سبسڈی میں ان کا کوئی رول نہیں تھا، چینی بحران کے ذمہ داروں کو سبسڈی کا مجھے نہیں پتا کہ وہ کس طرح سبسڈی لے کر نکل گئے۔

    جہانگیر ترین کو چیئرمین زرعی ٹاسک فورس کے عہدے سے ہٹا دیا گیا

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے چند دن قبل چینی آٹا بحران کے ذمہ داروں سے متعلق ایف آئی اے کی مرتب کردہ چشم کشا رپورٹ جاری کر دی تھی، گزشتہ روز وفاقی کابینہ میں اس رپورٹ کی روشنی میں اہم تبدیلیاں کی گئیں، وفاقی وزیر خسرو بختیار کا قلم دان تبدیل کیا گیا، جہانگیر ترین کو چیئرمین زرعی ٹاسک فورس کے عہدے سے ہٹایا گیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے نتائج سامنے آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔