Tag: چینی بحری جہاز

  • چین سے 2 بلک کارگو بحری جہاز کل کراچی پہنچیں گے، سخت حفاظتی اقدامات

    چین سے 2 بلک کارگو بحری جہاز کل کراچی پہنچیں گے، سخت حفاظتی اقدامات

    کراچی: چین سے 2 بلک کارگو بحری جہاز کل اور پرسوں کراچی پہنچ رہے ہیں، جس کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی ٹی اجلاس میں گزشتہ روز فیصلہ کیا گیا ہے کہ چین سے آنے والے دونوں بلک کیریئر جہازوں کو آؤٹر اینکریج پر لنگر انداز کیا جائے گا۔

    آؤٹر اینکریج پر جہاز پر کارگو کی فیومیگیشن اور اسپرے کو یقینی بنایا جائے گا، جہاز کے عملے کی مکمل اسکریننگ کی جائے گی، اور عملے کو پورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    اس سلسلے میں کراچی پورٹ ٹرسٹ نے گزشتہ روز اہم اجلاس طلب کیا تھا، جس میں کے پی ٹی پر کارگو ہینڈلنگ سے پہلے تمام تر احتیاطی اقدامات کرنے پر اہم فیصلے کیے گئے۔

    خیال رہے کہ چین سے دو بلک کارگو بحری جہاز منگل اور بدھ کو کے پی ٹی پہنچ رہے ہیں، چین سے آنے والے ایم وی امبر نامی بحری جہاز کل 17 مارچ کو کے پی ٹی پہنچے گا جب کہ 18 مارچ کو ایم وی وی ٹی سی گلوری پہنچے گا۔

    خیال رہے کہ نہایت مہلک ثابت ہونے والا نیا کرونا وائرس چین کے شہر ووہان سے دنیا بھر میں پھیلا، چین میں اب تک اس وائرس سے 3,213 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ مجموعی متاثرین کی تعداد 80,860 تک پہنچ گئی ہے۔ دنیا بھر میں پھیلاؤ کے ساتھ ساتھ اب یہ پاکستان بالخصوص سندھ میں پنجے گاڑ چکا ہے اور صرف سندھ میں کرونا کے کیسز کی تعداد 76 ہو چکی ہے۔

  • چینی بحری جہاز کی تیاری‘ امریکہ‘ انڈیا اور جاپان کیلئے چیلنج

    چینی بحری جہاز کی تیاری‘ امریکہ‘ انڈیا اور جاپان کیلئے چیلنج

    بیجنگ : چین کا سب سے بڑا اور جدید ترین بحری جہاز مشرق وسطیٰ میں قائم امریکی اجارہ داری کےلیے بڑا چیلنج ثابت ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین اور امریکہ کی جدید اسلحے میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی دوڑ برسوں پرانی ہے مگر اب تھنک ٹٰینک نے دعوی کیا ہے کہ چین اپنا تیسرا اور بڑا طیارہ بردار بحری جہاز تیار کر رہا ہے۔

    خبر رساں ادارے رائٹرز نے چینی سرکاری میڈیا کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکہ کے پاس 11 طیارہ بردار بحری جہاز ہیں اور چین امریکہ کا مقابلہ کرنے کے لیے کم از کم چھ طیارہ بردار جہاز بنانا چاہتا ہے جن میں سے تیسرا اور چین میں اب تک تیار کیا جانے والا سب سے بڑا بحری بیڑہ تیاری کے مراحل میں ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس بحری جہاز کو ٹائپ 002 کا نام دیا گیا ہے تاہم چینی سرکاری میڈیا کی جانب سے دیے جانے والے اشاروں کے باوجود چین کی وزارت دفاع نے اس موضوع پر بات کرنے سے انکار کیا ہے اور اس منصوبے کو راز میں رکھا جا رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی تھینک ٹینک سنٹر فار سٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل سٹڈی کی جانب سے شائع کردہ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چین میں شنگائی کے قریب جیانگ نان شپ یارڈ میں ایک بڑا جنگی جہاز گزشتہ چھ ماہ سے زیر تعمیر ہے۔

    امریکی ادارے پینٹا گان نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ چین میں طیارہ بردار بحری جہاز پر کام شروع ہو چکا ہے لیکن اس وقت کوئی تصاویر شائع نہیں ہوئی تھی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی اور مشرقی افواج اور دفاعی تجزیہ نگار اس جنگی بیڑے کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے یہ چین کا سب سے بڑا اور جدید ترین جہاز ہے جو ہر طرح کا حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ یہ بیٹرہ چین کی اپنی فوج کو جدید اسلحے سے لیس کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے اور امریکہ کی مشرقی ایشیا میں کئی دہائیوں سے قائم اجارہ داری کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہو سکتا ہے۔