بیجنگ : وفاقی وزیراحسن اقبال نے انکشاف کیا کہ پاکستان 2026 میں اپنا پہلا خلاباز چینی خلائی اسٹیشن پر بھیجنے کے لیے تیار ہے، جبکہ 2035 تک چاند پر مشن بھیجنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے بیجنگ میں چائنا ایٹامک انرجی اتھارٹی اور چین کی خلائی ایجنسی کے چیئرمین شان زونگڈے سے اہم ملاقات کی۔
جس میں جوہری توانائی اور خلائی تحقیق میں دوطرفہ تعاون کو پاکستان کے ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگ کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کے توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں درپیش بڑی رکاوٹوں کو دور کیا ہے اور اب پاک چین تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا وقت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان جوہری توانائی کے شعبے میں تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے اور پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے متبادل اور پائیدار توانائی ذرائع اپنانے کی فوری ضرورت محسوس کرتا ہے۔
وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ پاکستان 2026 میں اپنا پہلا خلاباز چینی خلائی اسٹیشن پر بھیجنے کے لیے تیار ہے، جبکہ پاکستان کی خلائی تحقیقاتی ایجنسی کو 2035 تک چاند پر مشن بھیجنے کا ہدف سونپ دیا گیا ہے۔
چینی خلائی ایجنسی کے چیئرمین شان زونگڈے نے احسن اقبال کی سی پیک اور پاک چین تعلقات کے فروغ کے لیے گرانقدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات اب روایتی دوستی سے بڑھ کر معاشی تعاون کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چین خلائی تحقیق میں پاکستان سے مکمل تعاون کے لیے تیار ہے، اور دونوں ممالک محفوظ ایٹمی توانائی کے استعمال پر مشترکہ طور پر کاربند رہیں گے۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان سائنسی، تکنیکی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہو سکتی ہے، جو پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔