Tag: چینی سٹہ مافیا

  • جہانگیر ترین اپنے جوابات سے ایف آئی اے ٹیم کو مطمئن نہ کر سکے، ذرائع

    جہانگیر ترین اپنے جوابات سے ایف آئی اے ٹیم کو مطمئن نہ کر سکے، ذرائع

    لاہور: جہانگیر ترین اور علی ترین کی ایف آئی اے میں پیشی کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں اپنے جوابات سے وفاقی تحقیقاتی ادارے کی ٹیم کو مطمئن نہیں کر سکے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چینی اسکینڈل میں ایف آئی اے میں پیشی کے موقع پر سوالات کے جواب میں جہانگیر ترین نے کہا انھیں نہیں معلوم کہ جے کے فارمز کے بیچے گئے اثاثوں کی فہرست کہاں ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے سوال کیا کہ کمپنی کی 4 ارب قیمت کا تعین کس نے اور کیسے کیا، گنے کا کاروبار بیچنے کی قیمت چار ارب پینتیس کروڑ روپے کیسے لگائی گئی؟ جہانگیر ترین نے جواب دیا کہ 4.35 ارب قیمت مل کے ملازمین نے مقرر کی تھی، علی ترین نے اپنے رقم خرچ کرنے کے حوالے سے جواب میں کہا کہ 4.35 ارب روپے سے خاندان کی کمپنی کے ذمے قرضے اتارے۔

    جہانگیر ترین نے ایف آئی اے ٹیم کو بتایا کہ ان کے بیرون ملک اثاثے ایف بی آر میں ظاہر ہیں۔

    بڑی پیش رفت ، جہانگیر ترین خاندان کے 36 بینک اکاونٹس منجمد

    انھوں نے کہا کہ ایم سی بی کے کہنے پر انھوں نے فاروقی پلپ میں سرمایہ کاری کی تھی، لیکن اس سرمایہ کاری میں 3 ارب روپے کا نقصان ہوا، اس سلسلے میں پبلک شیئر ہولڈرز سے کوئی حقیقت نہیں چھپائی گئی۔

    واضح رہے کہ ایف آئی اے نے جہانگیر ترین اور ان کے صاحب زادے کو 7 ارب سے زائد کے مبینہ مالیاتی فراڈ کی تفتیش کے لیے طلب کیا تھا، جہانگیر ترین کے خلاف ایف آئی اے میں 2 ایف آئی آر درج ہیں۔ دونوں باپ بیٹے سے پانچ پانچ سوالات پوچھےگئے تھے، جہانگیر ترین نے 10 اپریل تک ضمانت قبل از گرفتاری بھی کرا رکھی ہے۔

    شیئر ہولڈرز کے ساتھ فراڈ، ایف آئی اے نے جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے سے 5 اہم سوالات پوچھ لیے

    آج وفاقی تحقیقاتی ادارے نے چینی سٹہ مافیا اور جے ڈی ڈبلیو کیس میں علی ترین کے 21، اور جہانگیر ترین کے 14 اور اہلیہ کا ایک اکاؤنٹ منجمد کیا ہے، ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ان اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے موجود ہیں، 9 سرکاری، نجی بینکوں میں جہانگیر ترین اور ان کے خاندان کے 36 اکاونٹس منجمد کیےگئے ہیں۔

  • چینی سٹہ مافیا کے 40 سرکردہ ارکان کے بینک اکاونٹس منجمد

    چینی سٹہ مافیا کے 40 سرکردہ ارکان کے بینک اکاونٹس منجمد

    لاہور : وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے چینی سٹہ مافیا کے 40 سرکردہ ارکان کے بینک اکاونٹس منجمد کرتے ہوئے خفیہ اثاثوں کی چھان بین کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چینی سٹہ مافیا کی تحقیقات کے لئے ایف آئی اے کی 20 ٹیمیں متحرک ہیں اور چینی سٹہ مافیا کے خفیہ اثاثوں کی چھان بین کا آغاز کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی سٹہ مافیا کے 40 سرکردہ ارکان کے بینک اکاونٹس منجمد کردیئے گئے جبکہ 100 سے زائد جعلی اوربے نامی اکاؤنٹس منجمد کئے۔

    ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ چینی سٹہ مافیا نے غریب عوام کے ساتھ سنگین ترین مالی فراڈ کیا اور غریب عوام کی جیبوں سے 110 ارب نکال لیے۔

    یاد رہے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے چینی سٹےبازی میں ملوث 37 افراد کے آئی ڈی کارڈ بلاک ‏کرا دیئے تھے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان کانام بلیک لسٹ میں بھی شامل کیاجارہاہے، ملزمان پرچینی کی سٹہ ‏بازی سے110 ارب روپے کمانےکا الزام ہے۔

    واضح رہے کہ چینی اسکینڈل کے معاملے پر شوگر ڈیلرز کے گھروں پر رات گئے ایف آئی اے نے چھاپے مارے ‏اور گھروں سے ریکارڈ قبضے میں لے لیا تھا۔