اسلام آباد: چینی صدر شی چن پنگ کے دورہ پاکستان سے بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے جبکہ بھارتی میڈیا بھی پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہے۔
چینی صد شی چن پنگ کے دورہ پاکستان کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے وہیں بھارتی حکام کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں، بھارتی وزیراعظم بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔
بھارتی وزیراعظم کی جانب سے چینی صدر کے دورہ پاکستان پر چینی عوام کا دل جیتنے کیلئے ایک بار پھر ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انٹیلی جنس اداروں کی سخت مخالفت کے باوجود وزیرِاعظم نریندر مودی چینی شہریوں کیلئے بھارت آنے کا طریقہ کار آسان بنا رہے ہیں۔
نریندر مودی آئندہ ماہ چینی شہریوں کیلئے ویزہ آن آرائیول کی سہولت کا اعلان کرنے والے ہیں۔
بھارتی وزارتِ داخلہ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انٹیلی جنس اداروں نے وزیرِاعظم کے اس فیصلے پر سرخ جھنڈا لگا دیا ہے جبکہ سیکریٹری داخلہ ایل سی گوٹیل نے بھی نریندر مودی کو اپنا فیصلہ تبدیل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔