Tag: چینی قونصلیٹ حملہ

  • چینی قونصلیٹ پر حملے کا مرکزی سہولت کار شارجہ سے گرفتار

    چینی قونصلیٹ پر حملے کا مرکزی سہولت کار شارجہ سے گرفتار

    کراچی: چینی قونصلیٹ پر ہونے والے حملے میں ملوث اہم سہولت کار کو شارجہ سے گرفتار کرلیا گیا، ملزم کو چینی قونصلیٹ پر حملے کے لیے 9 لاکھ ملے جو اس نے دہشت گردوں میں تقسیم کیے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں چینی قونصلیٹ پر ہونے والے حملے میں ملوث اہم سہولت کار نے سنسنی انکشافات کر ڈالے۔

    راشد بلوچ نامی ملزم کو شارجہ سے گرفتار کیا گیا تھا جس کی گرفتاری کا انکشاف گزشتہ روز پریس کانفرنس میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ڈی آئی جی عبداللہ شیخ نے کیا۔

    عبداللہ شیخ کے مطابق سہولت کار نے گرفتاری کے بعد بتایا ہے کہ شارجہ میں را اور دیگر تنظیمیں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرتی ہیں، چینی قونصلیٹ پر حملے کے لیے 9 لاکھ ملے جو دہشت گردوں میں تقسیم کیے۔

    ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ شارجہ پولیس پہلے ملزم کو محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے حوالے کرنا چاہتی تھی، ملزم کے انکشافات کے بعد اب باقاعدہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنا دی گئی ہے۔ تفتیشی ٹیم ملزم سے دیگر ساتھیوں کی معلومات بھی حاصل کر رہی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی راشد بلوچ کی حوالگی کے لیے کوششیں کر رہی ہے، حملے کے وقت ملزم کراچی میں ہی موجود تھا، چینی قونصل خانے پر حملے کے فوری بعد ملزم شارجہ فرار ہوگیا تھا۔

    ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ راشد بلوچ چینی قونصل خانے پر حملے کا مرکزی سہولت کار ہے، ملزم سے تفتیش مکمل ہونے کے بعد مزید اہم گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

    واضح رہے کہ 23 نومبر کو کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار اور 2 شہری شہید ہوئے جبکہ 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

    دہشت گردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اور تمام عملہ محفوظ رہا تھا۔ حملے کے پانچوں گرفتار دہشت گردوں کی جے آئی ٹی مکمل ہوگئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 دہشت گرد لطیف اور عارف کی جے آئی ٹی سینٹرل جیل میں مکمل ہوگئی، جے آئی ٹی رپورٹ میں پانچوں دہشت گردوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ چینی قونصل خانے پر حملے کے لیے 15 لاکھ کی رقم خرچ کی گئی۔

  • چینی قونصلیٹ حملہ، چینی حکومت نے شہدا کے ورثا کے لئے 60 لاکھ کی امدادی رقم جاری کردی

    چینی قونصلیٹ حملہ، چینی حکومت نے شہدا کے ورثا کے لئے 60 لاکھ کی امدادی رقم جاری کردی

    اسلام آباد : چینی حکومت نے چینی قونصلیٹ حملے میں شہدا کے ورثا کے لئے 60 لاکھ کی امدادی رقم جاری کردی، چینی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ شہداء سندھ پولیس کے بہادرسپوت تھے، چینی حکومت اور عوام کے لئے شہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چین کی حکومت نے چینی قونصلیٹ حملے میں شہیداہلکاروں کے ورثا کے لئے 60 لاکھ کی امدادی رقم جاری کردی، سینٹرل پولیس آفس کراچی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں چینی قونصل جنرل نے شرکت کی جبکہ شہید اے ایس آئی اشرف داؤد اور کانسٹیبل عامر خان کے ورثا بھی موجود تھے۔

    تقریب میں چینی قونصل جنرل نے کہا شہداء سندھ پولیس کے بہادر سپوت تھے، چینی حکومت اور عوام کے لئے شہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، چینی قونصل جنرل نے شہدا کے ورثا کے لئے 30،30لاکھ حکومتی امداد کا چیک دیا۔

    آئی جی سندھ نے چینی حکومت کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا شہیدکبھی مرتےنہیں بلکہ ہمیشہ زندہ رہتےہیں۔

    یاد رہے 23 نومبر کو چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی ، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار اور دو شہری شہید ہوئے جبکہ تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا، دہشت گردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اورتمام عملہ محفوظ رہا تھا۔

    بعد ازاں بھارت نواز کالعدم تنظیم بی ایل اے نے چینی قونصلیٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

    چین کےعوام چینی قونصل خانے پرحملے کے شہداء کے لیے میدان میں آگئی، چین کے مختلف شہروں میں شہداء کی فیملی کے لئے فنڈ ریزنگ کی تھی،   جمع ہونے والا فنڈ شہدا کی فیملی کو بھجوایا جائے گا۔

    بعد ازاں ترجمان چینی وزارت خارجہ جینگ شوآنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان اورچین کی دوستی سدا بہارہے،چینی قونصلیٹ پرحملے سے پاکستان اورچین کے تعلقات متاثرنہیں ہوں گے، تعلقات میں دراڑڈالنےکی کوئی بھی کوشش ناکام ہوگی۔

  • چینی قونصلیٹ حملہ، پی ٹی آئی وزراء کا متاثرین کی امداد اور سرکاری نوکری دینے کا اعلان

    چینی قونصلیٹ حملہ، پی ٹی آئی وزراء کا متاثرین کی امداد اور سرکاری نوکری دینے کا اعلان

    کراچی: تحریک انصاف کے وزراء علی زیدی اور فیصل واوڈا نے چینی قونصلیٹ پر حملے میں شہید اہلکاروں کے ورثاء اور زخمی سیکیورٹی گارڈ کی امداد کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر علی زیدی نے چینی قونصل خانے پر حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کے ورثاء کی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں شہید اہلکاروں کے ورثاء کو 5،5 لاکھ روپے دئیے جائیں گے، زخمی سیکیورٹی گارڈ جمن کو 3 لاکھ روپے انعام دیں گے۔

    بعدازاں وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے جناح اسپتال کا دورہ کیا، علی زیدی نے چینی قنوصل خانے پر حملے میں زخمی سیکیورٹی گارڈ کی عیادت کی، انہوں نے سیکیورٹی گارڈ کو تین لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔

    وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ شہید اہلکاروں کے بچوں کے تعلیمی اخراجات برداشت کروں گا، سیکیورٹی گارڈ جمن جیسے لوگ قوم کے اصل ہیرو ہیں، جمن نے اپنی جان پر کھیل کر ملک کی لاج رکھی۔

    شہداء کے اہلخانہ کے 2،2 افراد کو نوکری دینے کا اعلان

    دوسری جانب وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے چینی قونصل خانے پر حملے میں شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور اپنی وزارت میں شہداء کے اہل خانہ کے دو، دو افراد کو نوکری دینے کا اعلان کیا۔

    فیصل واوڈا نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یہ اعلان اس لیے نہیں کیا کہ پی ٹی آئی کے نمائندے وہاں سے جیتے ہیں، پی پی یا ن لیگ وہاں سے جیتی ہوتی تو بھی متاثرین کی امداد کرتے، ہم اپنے شہداء کو عزت دیتے ہیں۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل پر حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

    چینی قونصل خانے پرحملے میں دیگر 2 افراد بھی جاں بحق ہوئے تھے جن کی شناخت نیازمحمد اور محمد ظاہرشاہ کے ناموں سے ہوئی تھی، جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کا تعلق کوئٹہ سے تھا جو ویزے کے حصول کے لیے قونصل خانے گئے تھے۔

  • ملک کی خاطر قلم کے ساتھ بندوق بھی اٹھا سکتا ہوں، فیصل واوڈا

    ملک کی خاطر قلم کے ساتھ بندوق بھی اٹھا سکتا ہوں، فیصل واوڈا

    کراچی: تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ چینی قونصل خانے جانے کا مقصد سیاسی شہرت حاصل کرنا نہیں تھا، ملک کو بچانے کے لیے قلم کے ساتھ بندوق اٹھانا بھی جانتا ہوں۔

    اے آر وائی کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ میری بیٹی چینی قونصلیٹ کے قریب واقع اسکول جاتی ہے، انتظامیہ نے سب سے پہلے مجھے فون کر کے بتایا کہ قونصل خانے پر حملہ ہوا اور دھواں اٹھ رہا ہے۔

    تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ’چینی قونصلیٹ حملےکی سب سے پہلے اطلاع میرے آئی جس کے بعد میں نے سب کو آگاہ کیا‘۔

    مزید پڑھیں: چینی قونصلیٹ حملہ، فیصل واوڈا کی کمانڈو اسٹائل میں انٹری

    اُن کا کہنا تھا کہ ’میں کسی سےڈرتانہیں ہوں اور نہ ہی سیاسی شہرت حاصل کرنے کے لیے قونصل خانے گیا، اپنے ملک کے لیے آگے آیا اور آئندہ بھی پاکستان کو جب میری ضرورت پڑی تو حاضر ہوں گا‘۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ’ملک کوبچانےکے لیے قلم کےساتھ بندوق بھی اٹھاناجانتاہوں‘۔

    رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ چینی قونصلیٹ حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار ہمارے اصل ہیرو ہیں، انہوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دہشت گردوں کو پسپا کیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کر کے حملے کو ناکام بنایا‘۔

    یاد رہے کہ دہشت گردوں نے گزشتہ روز صبح 9 بجے کے قریب کراچی میں واقع چینی قونصل خانے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، جسے پولیس اور رینجرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنادیا تھا جبکہ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اپنی پستول کے ہمراہ دہشت گردوں سے مقابلہ کرنے کے لیے پہنچ گئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: چینی قونصلیٹ حملہ، ماسٹر مائنڈ ’اچھو‘ بھارت میں ہے، وزیر داخلہ بلوچستان کی تصدیق

    دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔ فورسز کے فوری ایکشن کی وجہ سے دہشت گرد قونصل خانے کی عمارت میں داخل نہیں ہوسکے تھے، تین دہشت گردوں کو باہر ہی ہلاک کردیا گیا تھا جن کے قبضے سے بھاری اسلحہ، خود کش جیکٹس برآمد ہوئیں تھیں۔

  • چینی قونصلیٹ حملہ، ماسٹر مائنڈ ’اچھو‘ بھارت میں ہے، وزیر داخلہ بلوچستان کی تصدیق

    چینی قونصلیٹ حملہ، ماسٹر مائنڈ ’اچھو‘ بھارت میں ہے، وزیر داخلہ بلوچستان کی تصدیق

    کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان سلیم کھوسہ نے کہا ہے کہ چینی قونصلیٹ پر حملے کا ماسٹر مائنڈ اسلم اچھو بھارت میں ہے، اس کی ہلاکت کی خبریں غلط تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ بلوچستان سلیم کھوسہ نے چینی قونصلیٹ پر حملے کے ماسٹر مائنڈ اسلم اچھو کی بھارت میں موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بھارت ملوث ہے۔

    وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ تینوں دہشت گردوں سے متعلق ہم بھی تحقیقات کررہے ہیں، ہلاک حملہ آور کا نام 2015 سے لاپتا افراد کی فہرست میں شامل تھا۔

    چینی قونصلیٹ حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت

    دوسری جانب پولیس اور حساس اداروں نے سندھ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 3 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے، ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی مقامی سہولت کاروں نے مدد کی تھی۔

    ذرائع کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی اور این ڈی ایس نے دہشت گردوں کی مالی مدد کی، حملے میں بھارتی خفیہ ایجنسی اور این ڈی ایس کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سہولت کاروں نے دہشت گردوں کو گاڑی خرید کر دی تھی، ممکنہ طور پر گرفتار تینوں مشتبہ افراد سہولت کار ہوسکتے ہیں۔

    یہ پڑھیں: چینی قونصلیٹ پر حملے کا ماسٹر مائنڈ اسلم عرف اچھو کا سراغ مل گیا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل پر حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

    چینی قونصل خانے پرحملے میں دیگر 2 افراد بھی جاں بحق ہوئے تھے جن کی شناخت نیازمحمد اور محمد ظاہرشاہ کے ناموں سے ہوئی تھی۔

    جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کا تعلق کوئٹہ سے تھا جو ویزے کے حصول کے لیے قونصل خانے گئے تھے۔

  • چینی قونصلیٹ حملہ، فیصل واوڈا کی کمانڈو اسٹائل میں انٹری

    چینی قونصلیٹ حملہ، فیصل واوڈا کی کمانڈو اسٹائل میں انٹری

    کراچی: چینی قونصلیٹ پر حملے کے وقت وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی کمانڈو اسٹائل میں انٹری نے سب کو حیران کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چینی قونصلیٹ پر ہونے والے حملے کے وقت فیصل واوڈا نے کمانڈو اسٹائل میں انٹری دی، انہوں نے بلٹ پروف جیکٹ پہن رکھی تھی اور اسلحہ بھی موجود تھا۔

    صحافی نے سوال کیا فیصل بھائی کیا آپ خود بھی مقابلے کے لیے تیار ہیں جس پر فیصل واوڈا نے کہا کہ بالکل، ہمارا ملک ہے ہم لڑیں گے، مقابلے کے لیے تیار ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل چینی قونصل خانے پر حملے کے دوران پولیس کی نڈر خاتون ایس ایس پی سوہائے عزیز سب سے پہلے دہشت گردوں سے مقابلے کے لیے پہنچیں، وزیراعلیٰ سندھ نے خاتون افسر کو شاباشی دی۔

    مزید پڑھیں: دہشت گردوں سے مقابلے میں خاتون پولیس افسر سب سے آگے

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خاتون افسر کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے بہادری کی مثال قائم کی ہے، یہ ہیں ہماری خواتین جو سب سے آگے ہیں۔

    ایڈیشنل آئی جی پولیس امیر شیخ نے کہا کہ ایس ایس پی سوہائے عزیز آپ کمانڈو کنگ ہیں، خاتون افسر نے کہا کہ ڈیوٹی سب سے اہم ہوتی ہے وردی میں کوئی مرد یا عورت نہیں ہوتا۔

    واضح رہے کہ دہشت گردوں نے آج صبح سوا نو بجے کے قریب کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملہ کیا، جسے پولیس اور رینجرز نے ناکام بنادیا تھا، کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 اہلکار شہید ہوئے تھے۔

    فورسز کے فوری ایکشن کی وجہ سے دہشت گرد احاطے میں ہی محصور رہے اور عمارت کے اندر داخل نہیں ہوسکے، کارروائی کے دوران تین دہشت گرد باہر احاطے میں ہی مارے گئے جن سے بھاری اسلحہ اور خودکش جیکٹس برآمد ہوئے۔