Tag: چینی قونصل خانہ

  • نمایاں کاکردگی پر صحافیوں کے لیے چینی قونصل خانے کی جانب سے ایوارڈز

    نمایاں کاکردگی پر صحافیوں کے لیے چینی قونصل خانے کی جانب سے ایوارڈز

    کراچی میں چینی قونصل خانے میں پاکستان میں صحافت کے شعبے میں نمایاں کارکردگی انجام دینے والے صحافیوں کو ایوارڈ دینے کی تقریب ہوئی.

    تفصیلات کے مطابق تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے اور بہترین اسٹوریز پر اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے محمد صلاح الدین کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

    چینی قونصل جنرل یانگ یون ڈونگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں صحافی شعبہ صحافت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں

    انھوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کے حوالے سے مثبت کوریج اہم ہے۔ پاکستانی صحافی جاں فشانی سے کام کر رہے ہیں ان کی خدمات کو سراہتے ہیں۔

    چینی قونصل جنرل نے کہا کہ چین پاکستان کے گہرے دوستانہ تعلقات ہیں۔ آج کی دنیا میں ملکوں کے تعلقات میں میڈیا کا اہم کردار ہے۔

    دوست ملک کے قونصل خانے کی جانب سے سجائی گئی تقریب میں کراچی میں مختلف میڈیا اداروں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو انکی خدمات کے اعتراف مینں ایوارڈز دیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے محمد صلاح الدین کو بھی ڈپلومیٹک ریلیشن پر مثبت کوریج کے باعث ایوارڈ سے نوازا گیا۔ واضح رہے کہ سینئر رپورٹر محمد صلاح الدین کو جرمن قونصل خانہ نے بھی ایوارڈ سے نوازا۔

  • چینی قونصل خانے پر حملے کا مرکزی ملزم شارجہ سے پاکستان منتقل

    چینی قونصل خانے پر حملے کا مرکزی ملزم شارجہ سے پاکستان منتقل

    کراچی: خلیجی ریاست میں گرفتار کیے جانے والے چینی قونصل خانے پر حملے کے مرکزی کردار راشد بروہی کو پاکستان منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چینی قونصل خانے پر حملے کے مرکزی کردار راشد بروہی کو خلیجی ریاست سے پاکستان منتقل کردیا گیا۔ ملزم کو رواں برس جنوری میں شارجہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ راشد بروہی چینی قونصل خانے پر حملے کے دوران نگرانی کرتا رہا، ملزم نے حملہ آوروں کو مکمل سہولیات فراہم کیں جبکہ اس کا تعلق کالعدم بی ایل اے سے ہے۔ راشد بروہی کو 9 لاکھ روپے فراہم کیے گئے تھے۔

    راشد کو رواں برس جنوری میں گرفتار کیا گیا تھا جس کی گرفتاری کا انکشاف محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ڈی آئی جی عبد اللہ شیخ نے کیا تھا۔

    عبداللہ شیخ کے مطابق سہولت کار نے گرفتاری کے بعد بتایا تھا کہ شارجہ میں را اور دیگر تنظیمیں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرتی ہیں، چینی قونصلیٹ پر حملے کے لیے 9 لاکھ ملے جو دہشت گردوں میں تقسیم کیے۔

    ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ شارجہ پولیس پہلے ملزم کو محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے حوالے کرنا چاہتی تھی تاہم ملزم کے انکشافات کے بعد باقاعدہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنا دی گئی۔ حملے کے وقت ملزم کراچی میں ہی موجود تھا تاہم چینی قونصل خانے پر حملے کے فوری بعد ملزم شارجہ فرار ہوگیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس 23 نومبر کو چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار اور 2 شہری شہید ہوئے جبکہ 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

    دہشت گردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اور تمام عملہ محفوظ رہا تھا۔

    حملے کے گرفتار 5 دہشت گردوں کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) رپورٹ کے مطابق چینی قونصل خانے پر حملے کے لیے 15 لاکھ کی رقم خرچ کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق 15 لاکھ روپے مختلف وقت میں حملہ آوروں اور سہولت کاروں کو دیے گئے، پیسوں کی منتقلی کے لیے مختلف بینک اکاؤنٹس کا استعمال کیا گیا۔ پیسے ایک دہشت گرد امان اللہ کے اکاؤنٹ میں منتقل کیے جاتے تھے۔ امان اللہ سہولت کاروں میں ماہانہ پیسے تقسیم کرتا تھا۔

    جے آئی ٹی رپورٹ میں پانچوں دہشت گردوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔

  • چینی قونصل خانے پرحملہ:عدالت کا تفتیشی افسرکو24جنوری کومقدمےسے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم

    چینی قونصل خانے پرحملہ:عدالت کا تفتیشی افسرکو24جنوری کومقدمےسے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم

    کراچی: چینی قونصل خانے پرحملے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سی ٹی ڈی کی تفتیش پر عدالت نے اعتراضات لگا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں چینی قونصل خانے پرحملے سے متعلق انسداد دہشت گردی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔

    عدالت میں سماعت کے دوران سی ٹی ڈی حکام نے مقدمہ داخل دفترکرنے کی رپورٹ جمع کرائی جس پر عدالت نے اعتراضات لگا دیے۔

    انسداد دہشت گردی عدالت نے استفسار کیا کہ اتنے بڑے واقعے کا مقدمہ اے کلاس کیوں کیا؟، ملزمان گرفتار نہیں ہوئے تو مقدمہ اے کلاس کردیں۔

    عدالت نے تفتیشی افسر کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ پیش کی گئی رپورٹ میں ایس پی کا نام کیوں نہیں ہے، آئندہ سماعت پررپورٹ میں ایس پی کا نام بھی لکھ کرجمع کرائیں۔

    تفتیشی افسر نے بتایا کہ کیس میں اب تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا، جب تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوتا کیس داخل دفترکیا جائے، اے کلاس رپورٹ میں اسلم اچھو کو عدم گرفتار ظاہر کیا گیا ہے۔

    سی ٹی ڈی کی رپورٹ کے مطابق اسلم اچھو کے مارے جانے کی اطلاع ہےلیکن تصدیق نہیں ہوئی،4 کلاشنکوف، 2آئی ای ی، ڈیٹونیٹر، دستی بم، باردو، گولیاں برآمد ہوئیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خیر بخش مری کے بیٹے حربیار مری کا نام ملزمان میں شامل ہے، نامزد ملزمان میں رحمان گل ، شیخو، منشی، شیردل و دیگر شامل ہیں۔

    سی ٹی ڈی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقدمے میں دہشت گردی، سندھ اسلحہ ایکٹ اور دیگر دفعات شامل ہیں۔

    انسداد دہشت گردی عدالت نے چینی قونصل خانے پرحملے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران تفتیشی افسرکو24 جنوری کومقدمے سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    چینی قونصل خانے پرحملے کی کوشش ناکام ‘ 2 پولیس اہلکار شہید ‘ 3 دہشت گرد ہلاک

    یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل پر حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

  • چینی قونصل خانہ حملہ، سندھ پولیس کا ایکشن، مزید سہولت کارگرفتار

    چینی قونصل خانہ حملہ، سندھ پولیس کا ایکشن، مزید سہولت کارگرفتار

    کراچی : کراچی پولیس چیف امیر شیخ نے کہا کہ چینی قونصل خانہ حملے میں ملوث مزید سہولت کاروں کوگرفتار کرلیا ہے ، ، چینی قونصل خانے پر حملے کی تحقیقات کو سی ٹی ڈی لیڈ کررہی ہے، جوں ہی پیش رفت ہوگی اس کے بارے میں بتائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس چیف امیر شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی قونصل خانہ حملے میں ملوث مزید سہولت کاروں کوگرفتار کیا ہے، دہشت گرد کس ہوٹل میں ٹھہرے تھے، اس کاسراغ لگالیا ہے، ہوٹل سے کئی گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔

    امیر شیخ کا کہنا تھا کہ چینی قونصل خانے پر حملے کی تحقیقات کو سی ٹی ڈی لیڈ کررہی ہے، رینجرز، اینٹیلجس ایجنسیز اورپولیس بھی اس کیس میں کام کر رہے ہیں، جوں ہی پیش رفت ہوگی اس کے بارے میں بتائیں گے، روزانہ کی بنیاد پر سی ٹی ڈی سے معلومات اور پیش رفت کے بارے میں پوچھ گچھ کرتا ہوں۔

    اس سے قبل پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چینی قونصلیٹ پرحملے میں ملوث 2 مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کیا تھا ،ایک سہولت کارکو کراچی جبکہ دوسرے کو شہدادپورسے گرفتارکیا۔

    مزید پڑھیں : چینی قونصل خانے پر حملے میں ملوث 2 مبینہ سہولت کار گرفتار

    انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کا کہنا تھا کہ چینی قونصلیٹ حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے قبول کی اور اس کے پیچھے ’را‘ کا ہاتھ ہے۔

    وزیرداخلہ بلوچستان سلیم کھوسہ نے چینی قونصلیٹ پر حملے کے ماسٹر مائنڈ اسلم اچھو کی بھارت میں موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بھارت ملوث ہے۔

    ذرائع کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی اور این ڈی ایس نے دہشت گردوں کی مالی مدد کی، حملے میں بھارتی خفیہ ایجنسی اور این ڈی ایس کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔

    واضح رہے یاد رہے 23 نومبر کو چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی تھی ، جس کے نتیجے میں دوپولیس اہلکار اور دو شہری شہید ہوئے جبکہ تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا، دہشت گردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اورتمام عملہ محفوظ رہا تھا۔

  • چینی قونصلیٹ حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے: وزیراعلیٰ سندھ

    چینی قونصلیٹ حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے: وزیراعلیٰ سندھ

    سکھر: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ چینی قونصلیٹ حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے.

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں جلسے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس ضمن میں تفتیش جاری ہے.

    وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام صوبے آئین کے دائرے میں رہ کر کام کریں گےتوبہترہوگا، آئین سے لاعلمی کے باعث مسئلے بڑھ رہے ہیں.

    انھوں نے مزید کہا کہ پانی اور این ایف سی کا مسئلہ بھی آئین کے تحت حل ہوگا، اس کا کوئی اور حل نہیں.

    سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ملز بند ہونے سے گنے کے کاشت کاروں کو مشکلات ہوئی ہیں، گنے کے نرخ سے متعلق جلد پیش رفت نظر آئے گی.

    انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی بتاچکی ہے کہ حکومتی پروگریس زیرو ہے، چیف جسٹس نےکہا کہ سندھ کے اسکول دیگر صوبوں سے بہت ہیں.


    مزید پڑھیں: کے فور منصوبے کو مل کر مکمل کرنے پر سندھ اور وفاق میں اتفاق

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جلسے میں بلاول بھٹو اور آصف زرداری شریک ہوں گے اور خطاب کریں گے.

    یاد رہے کہ آج وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی ملاقات میں اتفاق کیا گیا ہے کہ کے فور کو سندھ اور وفاقی حکومتیں مل کر مکمل کریں گی۔

  • چینی قونصل خانے پرحملہ، وزیراعلیٰ سندھ کا بلوچستان حکومت سے رابطےکا فیصلہ

    چینی قونصل خانے پرحملہ، وزیراعلیٰ سندھ کا بلوچستان حکومت سے رابطےکا فیصلہ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چینی قونصلیٹ پر ہونے والے حملے کی فوری تحقیقات اور سہولت کاروں کی گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہلخانہ کا خیال رکھنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے چینی قونصلیٹ پر حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے خاندان کا بھرپور خیال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زخمی ہونے والے پرائیوٹ سیکیورٹی گارڈ کا بھی خیال رکھا جائے۔ چینی قونصلیٹ پر حملے کی ابتدائی رپورٹ وزیر اعلیٰ سندھ کو پیش کردی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق واقعے میں ملوث 3 حملہ آوروں میں سے ایک کی شناخت ہوگئی، مذکورہ حملہ آور حکومت بلوچستان کا ملازم ہے۔ حملہ آورعبد الرازق ولد دین محمد کا تعلق خاران سے ہے۔

    رپورٹ کے بعد سندھ حکومت نے بلوچستان حکومت سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے جس میں حملہ آوروں سے متعلق معلومات شیئر کی جائیں گی۔

    اجلاس میں آئی جی سندھ نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تینوں حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی۔

    وزیر اعلیٰ نے استفسار کیا کہ حملہ آور کہاں سے آئے؟ کلفٹن تک کیسے پہنچے، راستے میں چیکنگ کیوں نہیں کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم کہاں کوتاہی کر رہے ہیں نشاندہی کی جائے۔ یہ کیسے ممکن ہوا کہ دہشت گرد اپنی کارروائیاں کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے بہترین قسم کی تحقیقات چاہئیں جس میں ہر چیز واضح ہو۔ اس قسم کے واقعات سے نمٹنے کے لیے ایس او پی بنانا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور ساؤتھ پولیس اس واقعے کی تحقیقات کریں گے۔ واقعے میں ملوث سہولت کاروں کو بھی ہرصورت گرفتار کیا جائے۔

    خیال رہے کہ آج صبح پیش آنے والی بزدلانہ کارروائی میں 4 دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے پر حملہ کیا، تاہم سیکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔ فورسز کی کارروائی میں 3 دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے۔

  • پاکستان میں سفارتکاروں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے: وزیر خارجہ کی چینی ہم منصب کو یقین دہانی

    پاکستان میں سفارتکاروں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے: وزیر خارجہ کی چینی ہم منصب کو یقین دہانی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب سے گفتگو میں یقین دہانی کروائی کہ پاکستان میں تعینات سفارتکاروں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ مذموم واقعے کی مکمل تحقیقات کروائیں گے اور گھناؤنے کرداروں کو بے نقاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں چینی قونصل خانے پر ہونے والے حملے کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ ژی کو ٹیلی فون کیا۔ ٹیلی فونک گفتگو میں چینی وزیر خارجہ کو قونصلیٹ پر دہشت گردی کے واقعے سے متعلق سے آگاہ کیا گیا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بروقت کارروائی کر کے حملہ آوروں کو جہنم واصل کیا، بزدلانہ کارروائیاں پاک چین دوستی پر اثر انداز نہیں ہوسکتیں۔ پاکستان میں تعینات سفارتکاروں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، پاک چین دوستی اور اقتصادی راہداری کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش کی گئی۔ ایسی کوششوں کو مل کر کچل دیں گے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں۔ ریاست مخالف عناصر کو منہ کی کھانا پڑے گی۔

    انہوں نے چینی ہم منصب کو یقین دہانی کروائی کہ مذموم واقعے کی مکمل تحقیقات کروائیں گے، گھناؤنے کرداروں کو بے نقاب کریں گے۔

    چینی وزیر خارجہ نے فورسز کی بروقت کارروائی پر شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے واقعے میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

    خیال رہے کہ آج صبح پیش آنے والی بزدلانہ کارروائی میں 4 دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے پر حملہ کیا، تاہم سیکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔

    بعد ازاں فورسز کی کارروائی میں 3 دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے۔

  • دہشت گردوں سے مقابلے میں خاتون پولیس افسر سب سے آگے

    دہشت گردوں سے مقابلے میں خاتون پولیس افسر سب سے آگے

    کراچی: کلفٹن میں چینی قونصل خانے پر حملے کے دوران پولیس کی نڈر خاتون افسر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) سوہائے عزیز سب سے پہلے دہشت گردوں سے مقابلے کے لیے پہنچیں، وزیر اعلیٰ سندھ نے خاتون افسر کو شاباشی دی۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح کراچی میں چینی قونصل خانے کے حملے کے موقع پر پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچیں۔ ایسے میں سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) سوہائے عزیز سب سے آگے رہیں اور دہشت گردوں سے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

    قونصل خانے کو دہشت گردوں سے کلیئر کرا لیے جانے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آئی جی) امیر شیخ نے سوہائے عزیز کی تعریف کی۔

    وزیر اعلیٰ نے خاتون افسر کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے بہادری کی مثال قائم کی، یہ ہیں ہماری خواتین جو سب سے آگے ہیں۔

    ایڈیشنل آئی جی پولیس امیر شیخ نے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی سہائی عزیز آپ کمانڈو کنگ ہیں۔

    اس موقع پر سوہائے عزیز نے کہا کہ ڈیوٹی سب سے اہم ہوتی ہے، وردی میں کوئی مرد یا عورت نہیں ہوتا۔

    وقوعہ پر موجود چینی قونصلر جنرل، وفاقی وزیر فیصل واوڈا، اور مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے بھی ایس پی کی تعریف اور حوصلہ افزائی کی۔

    خیال رہے کہ آج صبح پیش آنے والی بزدلانہ کارروائی میں 4 دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے پر حملہ کیا، تاہم سیکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔

    بعد ازاں فورسز کی کارروائی میں 3 دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے۔