Tag: چینی لیبارٹری

  • زمین کی گہرائیوں کی کھوج کے لیے چین کا بڑا قدم

    زمین کی گہرائیوں کی کھوج کے لیے چین کا بڑا قدم

    بیجنگ: چین نے زمین کی انتہائی گہرائی میں سائنسی تحقیق کے لیے بھی ایک لیب قائم کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے زمین کی انتہائی گہرائی میں سائنسی تحقیق اور معدنی وسائل کی نشان دہی کرنے والی ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے ایک نئی لیب کا افتتاح کیا ہے۔

    وزارت قدرتی وسائل کا کہنا ہے یہ لیب چین کی اکیڈمی برائے ارضیاتی سائنسز کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی اثر و رسوخ کا حامل ایک تحقیقی ادارہ بننا ہے۔

    یہ لیب جن شعبوں میں کام کرے گی ان میں زمین کی گہرائیوں میں وسائل اور ساختیاتی دریافت اور زمین میں گہرے ترین سوراخ کھودنا شامل ہیں۔ اس سلسلے میں یہ لیب تحقیقی وسائل کو جمع کرے گی اور اپنے بین الاقوامی ہم منصب اداروں کے ساتھ ان شعبوں میں تعاون کرے گی۔

    زمین کی گہرائیوں سے حاصل ہونے والے ڈیٹا، اور دریافتوں کے لیے درکار آلات کے تبادلے کے حوالے سے بھی یہ لیب اپنی خدمات انجام دے گی۔

    وزارت قدرتی وسائل کے مطابق زمین کی گہرائی میں بہت ساری توانائی، صنعتی خام مال اور آبی وسائل محفوظ ہیں، تاہم زمین کی انتہائی گہرائی میں وسائل کی دریافت میں کئی ایک مشکلات کا سامنا بھی ہوگا جن میں زمین کے اندر کا انتہائی دباؤ اور شدید درجہ حرارت والا ماحول شامل ہیں۔

  • پاکستان نے چینی لیبارٹری سے متعلق بھارتی خبر کو مضحکہ خیز قرار دے دیا

    پاکستان نے چینی لیبارٹری سے متعلق بھارتی خبر کو مضحکہ خیز قرار دے دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے چینی لیبارٹری سے متعلق بھارتی میڈیا کی خبر کو جھوٹ اور سیاسی قرار دے دیا، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے چینی ووہان لیبارٹری کی پاکستان میں غیر قانونی خفیہ آپریشن کی خبر توڑ مروڑ کر بیان کی گئی ہے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق کرونا وبا کے تناظر میں چینی لیبارٹری کے پاکستان میں آپریشنز سے متعلق بھارتی میڈیا کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے، مذکورہ لیبارٹری تشخیص و تحفظ کے نظام کی بہتری کے لیے ہے، گمنام ذرائع کی رپورٹ جعل سازی پر مشتمل ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے چینی ووہان لیبارٹری کی پاکستان میں غیر قانونی خفیہ آپریشن کی خبر پر ردِ عمل میں کہا کہ جو خبر پھیلائی گئی ہے وہ جھوٹی، سیاسی اور توڑ مروڑ کر بیان کی گئی ہے، پاکستان کی بائیو سیفٹی لیول تھری لیبارٹری کوئی راز نہیں، پاکستان اعتماد سازی کے اقدامات سے آگاہی رپورٹ جمع کراتا رہتا ہے، پاکستان حیاتیاتی اور زہریلے ہتھیاروں کے کنونشن (بی ٹی ڈبلیو سی) کے فریق ممالک سے معلومات کا تبادلہ بھی کرتا ہے۔

    ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان کی یہ لیبارٹری تشخیص و تحفظ کے نظام کی بہتری کے لیے ہے، پاکستان اپنی ذمہ داریوں پر بھرپور عمل کر رہا ہے، پاکستان کنونشن کے رکن ممالک پر میکنزم یقینی بنانے کی آواز بھی بلند کرتا آیا ہے، کرونا کے تناظر میں لیبارٹری کے آپریشنز سے متعلق دعویٰ مضحکہ خیز ہے، رپورٹ کے ذریعے کرونا وبا کے پس منظر میں منفی تاثر پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بیماریوں کی نگرانی اور کنٹرول کے لیے عالمی تعاون کی ضرورت پہلے سے بڑھ گئی ہے، یہ تعاون حیاتیاتی و جراثیمی زہر کے کنونشن کے آرٹیکل 10 کے مطابق ہے۔