Tag: چینی میڈیا

  • پاکستان میں موبائل فونز کی مکمل مینو فیکچرنگ شروع کرنا چاہتے ہیں: فواد چوہدری

    پاکستان میں موبائل فونز کی مکمل مینو فیکچرنگ شروع کرنا چاہتے ہیں: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان چین کی مدد سے سیمی کنڈیکٹرز زون قائم کرنا چاہتا ہے، پاکستان میں موبائل فونز کی مکمل مینو فیکچرنگ شروع کرنا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے چائنہ اکنامک نیٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کی مدد سے سیمی کنڈیکٹرز زون قائم کرنا چاہتا ہے، منصوبے کا مقصد پاکستان کو جدید آلات میں خود کفیل بنانا ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی نہ صرف پاکستان بلکہ چین کے لیے بھی اہم ہے۔ چاہتے ہیں کہ چین کی ٹیکنالوجی کمپنیاں پاکستان آئیں، پاکستان کو سیمی کنڈیکٹرز مینو فیکچرنگ کا مرکز بنائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں سیمی کنڈیکٹر ڈیزائننگ کا آغاز کرنا چاہتے ہیں، چینی سرمایہ کار پاکستان کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ ٹیکنالوجی زون کو سیمی کنڈیکٹرز زون میں بدل دیا جائے گا، سائنس و ٹیکنالوجی کا بہت بڑا شعبہ ہے جس میں دونوں ممالک تعاون کر سکتے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موبائل فونز کی مکمل مینو فیکچرنگ شروع کرنا چاہتے ہیں، صحت کے شعبہ میں آلات کے حوالے سے دو طرفہ تعاون میں اضافہ ہوا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرونا کے سامان کے حوالے سے بڑا برآمد کنندہ ملک ہے، پاکستان کے پاس ہنر مند لیبر اور ایک بڑی مارکیٹ ہے۔ امید ہے چینی ٹیک کمپنیاں ٹیکنالوجی زون میں ہماری مدد کریں گی۔

  • چین میں سرمائی اولمپکس دیکھنا باعث مسرت ہے: وزیر اعظم

    چین میں سرمائی اولمپکس دیکھنا باعث مسرت ہے: وزیر اعظم

    بیجنگ: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ چین میں سرمائی اولمپکس دیکھنا باعث مسرت ہے، امید ہے نیا سال چین اور دنیا بھر کے لیے امن اور خوشحالی لائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے چینی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 20 سال عالمی سطح پر اسپورٹس میں حصہ لیا، جب سے وزیر اعظم بنا ہوں اسپورٹس دیکھنے کا موقع نہیں ملا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین میں سرمائی اولمپکس دیکھنا باعث مسرت ہے۔

    انہوں نے نئے قمری سال کے آغاز پر چینی عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اس سال کو ٹائیگر سے منسوب کیا گیا ہے جو میرا پسندیدہ جانور ہے، امید ہے نیا سال چین اور دنیا بھر کے لیے امن اور خوشحالی لائے گا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان چین کے دورے پر ہیں، گزشتہ روز انہوں نے بیجنگ میں 24 ویں ونٹر اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی۔

  • چین اور پاکستان کسی کے داخلی امور میں عدم مداخلت پر یقین رکھتے ہیں: صدر مملکت

    چین اور پاکستان کسی کے داخلی امور میں عدم مداخلت پر یقین رکھتے ہیں: صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ چین کی معیشت دنیا بھر میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، چین اور پاکستان کسی کے داخلی امور میں عدم مداخلت پر یقین رکھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ چین کی ترقی پاکستان سمیت پوری دنیا کے لیے مثال ہے، پاکستان کو چین کے ساتھ دوستی پر فخر ہے۔

    صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ چین نے معیشت کے ہر شعبے میں ترقی کی ہے، چین کی معیشت دنیا بھر میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان کسی کے داخلی امور میں عدم مداخلت پر یقین رکھتے ہیں۔

    اس سے قبل ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ملک میں 70 سالوں سے بدعنوانی عام رہی ہے، کرپشن کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ حکومت کرپشن اور سرخ فیتے کے خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لارہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلاک چین ٹیکنالوجی اعداد و شمار میں غلط رد و بدل روکنے میں کارگر ہے، حکومت تاجر برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم اور پاکستان میں کاروبار کو آسان بنارہی ہے۔

    صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پاکستان کے سافٹ ویئر انجینئرز ہیں جو اپنی محنت سے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ ملک میں 70 سال سے بدعنوانی عام رہی موجودہ حکومت بدعنوانوں کا احتساب کر رہی ہے۔