Tag: چینی ویکسین

  • سائنوویک اور سائنوفارم ویکسینز سے متعلق نئی تحقیق

    سائنوویک اور سائنوفارم ویکسینز سے متعلق نئی تحقیق

    بیجنگ: سائنوویک اور سائنوفارم ویکسین ڈیلٹا ویرینٹ کے خلاف بھی مؤثر ثابت ہو گئی ہیں۔

    چین کی دو سب سے زیادہ استعمال ہونے والی کرونا ویکسینز، سائنوویک اور سائنوفارم کرونا وائرس کے ڈیلٹا ویرینٹ کے خلاف بھی مؤثر ثابت ہو گئی ہیں، اس تحقیق کے نتائج حقیقی دنیا کے اعداد و شمار پر مبنی ہیں، یعنی اسپتالوں میں موجود کرونا کے مریضوں میں ان ویکسینوں کے اثرات کا مشاہدہ کیا گیا۔

    محققین نے مقالے میں لکھا کہ مذکورہ دونوں ویکسینز ڈیلٹا انفیکشن کے خلاف 52 فی صد اور علاماتی بیماری کے لیے 60 فی صد مؤثر ثابت ہوئی ہیں۔

    اینالز آف انٹرنل میڈیسن میں شائع ہونے والے مقالے میں چینی یونیورسٹیوں کے محققین نے کہا کہ اس ریسرچ اسٹڈی میں ان ویکسینوں کے لیے الگ الگ تاثیر کے نتائج کا ڈیٹا تیار نہیں کیا گیا، نہ عمر کے الگ الگ گروپس میں الگ الگ ڈیٹا کو دیکھا گیا۔

    یہ اعداد و شمار گزشتہ سال مئی اور جون میں جنوبی چینی صوبے گوانگ ڈونگ میں ڈیلٹا پھیلنے کے دوران 100 سے زیادہ انفیکشنز اور ان کے 10 ہزار سے زیادہ قریبی روابط کے تجزیے پر مبنی ہیں۔

    تحقیقی مطالعے کے دوران دیکھا گیا کہ یہ دونوں ویکسینز نمونیا کے لیے بھی 78 فی صد اور شدید یا سنگین کرونا انفیکشن کے لیے 100 فی صد مؤثر تھیں۔

    اسٹڈی میں شامل وہ افراد جو مکمل ویکسینیٹڈ تھے، ان میں سے صرف 6 افراد کی عمریں 60 سال یا اس سے زیادہ تھیں۔

  • کینیڈین حکومت  کا پاکستانیوں کیلئے بڑا اعلان

    کینیڈین حکومت کا پاکستانیوں کیلئے بڑا اعلان

    مٹورنٹو : کینیڈین حکومت نے چینی ویکسین لگانے والے مسافروں کو آنے کی اجازت دے دی ، سائینویک اور سائینوفارم ویکسین لگانے والے مسافر 30نومبر سے آسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا نے چینی ویکسین تسلیم کرنے کا اعلان کردیا ، کینیڈین حکومت کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی ویکسین لگانےوالےمسافر وں کو آنے کی اجازت ہوگی، سائینویک اور سائینوفارم ویکسین لگانے والے مسافر 30نومبر سے آسکیں گے۔

    کینیڈا میں فی الحال فائزر،ماڈرنا،اسٹرازینیکا اورجانسن این جانسن تسلیم کی جارہی ہے۔

    یاد رہے جولائی میں کینڈین وزیر اعظم نے غیر ملکی مسافروں پر عائد سفری پابندیاں مشروط طور پر ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ستمبر کے مہینے سے مسافروں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔

    کینڈین وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جن مسافروں نے کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوائیں صرف ان کو ہی داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

    اس کے ساتھ ہی جسٹن ٹروڈو نے وضاحت کی کہ اگر ویکسی نیشن اور عوامی صحت کی صورت حال ایسے ہی رہی تو ہم پابندی کو ختم کریں گے بصورت دیگر فیصلہ واپس لے لیا جائے گا۔

  • چینی ویکسین پوری دنیا کے لیے امید کی کرن بن گئی

    چینی ویکسین پوری دنیا کے لیے امید کی کرن بن گئی

    بیجنگ: دنیا کو لپیٹ میں‌ لینے والی کرونا کی مہلک ترین وبا کے دوران چین ایک ایسا ملک تھا جس کی تیار کی گئی ویکسینز پوری دنیا کے لیے امید کی کرن بن گئی ہیں۔

    چینی وزارت خارجہ کے مطابق چین نے دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ کرونا ویکسین ڈوزز فراہم کی ہیں، اور ترقی پذیر ممالک کی جانب سے زیادہ تر ویکسین چین ہی سے حاصل کی گئی ہیں۔

    دو برس قبل وائرس کے سامنے آتے ہی اس کے خلاف مدافعتی ویکسین کی تیاری کا کام شروع کر دیا گیا تھا، دنیا کو ویکسین کی فراہمی کے لیے کی جانے والی ان کوششوں پر حالیہ دنوں میں‌ دو کتابیں منظر عام پر آئی ہیں، جن میں ایک برینڈن بورل کی کتاب ’دی فرسٹ شاٹس‘ اور دوسری گریگوری زخرمان کی کتاب ’اے شاٹ ٹو سیو ورلڈ‘ ہے۔

    ان کتابوں میں ویکسین کی تیاری اور اس کے پیچھے کار فرما رویوں اور سوچ پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔

    کتاب کے مطابق دو طرح کے رویے دنیا میں سامنے آئے، ایک تحفظ پسندی اور قوم پرستی کا اور دوسرا ویکسین کو عام استعمال کی عوامی پراڈکٹ بنانے اور ویکسین کی منصفانہ تقسیم کا۔

    ایک طرف چین نے دنیا بھر میں ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق بھر پور کام کیا، اور دوسری طرف امریکا سمیت دیگر طاقت ور ممالک نے ویکسین کے سلسلے میں تحفظ پسندی کا مظاہرہ کیا۔

    چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے جمعہ کو پریس بریفنگ میں بتایا کہ ان کا ملک اب تک 110 سے زائد ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کو ویکسین کی 1 ارب 70 کروڑ سے زیادہ ڈوز فراہم کر چکا ہے، اور اس پورے سال میں ویکسین کی 2 ارب ڈوز فراہم کرنے کی کوشش کرے گا۔

    چین نے کوویکس کو ویکسین کی 7 کروڑ سے زیادہ ڈوز فراہم کرتے ہوئے 10 کروڑ امریکی ڈالرکا عطیہ بھی دیا۔

  • ایک اور ملک میں‌ 5 سالہ بچوں کے لیے سائنوویک ویکسین کی منظوری

    ایک اور ملک میں‌ 5 سالہ بچوں کے لیے سائنوویک ویکسین کی منظوری

    پنوم پن: کمبوڈیا نے 5 سال کی عمر کے بچوں کو چین کی سائنوویک ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوب مشرقی ایشیائی ملک کمبوڈیا میں آج سے ملک بھر میں پانچ سالہ بچوں کو سائنوویک کی کرونا وائرس ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔

    وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق کمبوڈیا کے تمام 25 شہروں اور صوبوں میں چھوٹے بچوں کو آج سے چینی کمپنی کی تیار کردہ ویکسین کی 2 ڈوز دی جائیں گی۔

    پہلی اور دوسری ڈوز کے درمیان 28 دن کا وقفہ ہوگا، والدین یا قانونی سرپرستوں کو بچوں کی ویکسینیشن کے لیے ان کے پیدائشی سرٹیفکیٹ، گھرانے کا ریکارڈ یا پاسپورٹ ضرور ساتھ لانا ہوگا۔

    کمبوڈیا میں اب تک 6 سال یا اس سے زیادہ عمر کے 1 کروڑ 37 لاکھ افراد کو کرونا ویکسین کی ایک ڈوز لگائی جا چکی ہے، یہ تعداد کمبوڈیا کی 1 کروڑ 60 لاکھ کی آبادی میں سے 85.6 فی صد بنتی ہے۔

    وزارت صحت کے مطابق 1 کروڑ 30 لاکھ 50 ہزار افراد کو دونوں مطلوبہ ڈوز لگائی جا چکی ہیں، یعنی 81.6 فی صد آبادی مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہو چکی ہے۔

    کمبوڈیا میں 18 لاکھ 30 ہزار افراد، یا 11.4 فی صد نے تیسری یعنی بوسٹر ڈوز بھی لے لی ہے۔

    کمبوڈیا میں شہریوں کو زیادہ تر چینی کمپنیوں سائنوویک اور سائنوفارم کی تیار کردہ ویکسین لگائی گئی ہے۔

  • سائنوویک کی تیسری ڈوز سے کیا تبدیلی آئے گی؟ چین میں سائنسی تحقیق

    سائنوویک کی تیسری ڈوز سے کیا تبدیلی آئے گی؟ چین میں سائنسی تحقیق

    بیجنگ: چینی محققین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی سائنوویک ویکسین کی تیسری ڈوز ڈیلٹا کے خلاف مدافعتی نظام زیادہ طاقت ور بناتی ہے۔

    چائنیز اکیڈمی آف سائنسز، فیورن یونیورسٹی، سائنوویک اور دیگر چینی اداروں کی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ سائنو ویک ویکسین کی تیسری ڈوز کرونا وائرس کی زیادہ متعدی قسم ڈیلٹا کے خلاف اینٹی باڈیز کی سطح میں کمی کو ریورس کر سکتی ہے۔

    اس تحقیق سے عندیہ ملتا ہے کہ سائنوویک کی ویکسین کروناویک کی تیسری ڈوز کرونا کی زیادہ متعدی قسم کے خلاف طویل المعیاد مدافعتی ردعمل کے حصول میں مددگار ثابت ہوتی ہے، اس تحقیق کے مطابق سائنوویک کی کووڈ ویکسین کی تیسری ڈوز وائرس ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز کی تعداد میں نمایاں حد تک اضافہ کر دیتی ہے۔

    اس نئی تحقیق کے نتائج اس وقت سامنے آئے ہیں جب کرونا کی قسم ڈیلٹا دنیا بھر میں دیگر اقسام کو پیچھے چھوڑ چکی ہے اور ان ممالک میں بھی کیسز کا باعث بن رہی ہے جہاں ویکسینیشن کی شرح بہت زیادہ ہے۔ متعدد ممالک میں سائنوویک ویکسین پر بہت زیادہ انحصار کیا گیا ہے اور ان میں سے کچھ میں کروناویک استعمال کرنے والے افراد کو فائزر ویکسین کا بوسٹر ڈوز دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

    اس تحقیق میں بتایا گیا کہ سائنوویک کی 2 ڈوزز استعمال کرنے والے افراد کے نمونوں میں ڈیلٹا کے خلاف وائرس کو ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈی سرگرمیوں کو دریافت نہیں کیا جا سکا۔ تاہم جن افراد کو ویکسین کی تیسری ڈوز استعمال کرائی گئی ان میں 4 ہفتوں بعد دوسری ڈوز استعمال کرنے کے 4 ہفتوں کے بعد کے مقابلے میں ڈیلٹا کے خلاف وائرس ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز میں ڈھائی گنا اضافہ ہوا۔

    اس لیبارٹری تحقیق میں 66 رضاکاروں کے نمونوں کی جانچ پڑتال کی گئی تھی جن میں سے 38 افراد کو ویکسین کی 2 یا 3 ڈوز استعمال کرائی گئی تھیں۔ اس تحقیق کے نتائج ابھی کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئے بلکہ پری پرنٹ سرور پر جاری کیے گئے۔

    اس سے قبل اگست 2021 کے شروع میں بھی کمپنی کی جانب سے تیسری ڈوز کے اثرات کے حوالے سے ایک تحقیق کے نتائج جاری کیے گئے تھے۔ اس تحقیق میں معمر افراد کو ویکسین کی دوسری ڈوز کے استعمال کے 8 ماہ بعد بوسٹر ڈوز دیا گیا، جس سے ان میں وائرس کو ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز میں نمایاں حد تک اضافہ ہوا۔

  • کویت: چینی و روسی ویکسین لگوانے والوں کے لیے خوش خبری

    کویت: چینی و روسی ویکسین لگوانے والوں کے لیے خوش خبری

    کویت سٹی: کویت نے چینی اور روسی ویکسین لگوانے والے افراد کو ریاست میں داخل ہونے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق چینی اور روسی ویکسین سائنوفام، سائنوویک اور اسپوتنک لگوانے والوں کو کویت میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی۔

    یہ فیصلہ گزشتہ رات کویت وزرا کی کونسل نے کیا ہے، تاہم یہ شرط بھی لگائی گئی ہے کہ کویت میں منظور شدہ ویکسینز (فائزر، آسٹرازینیکا، موڈرنا) میں سے کسی ایک کی دو ڈوز یا جانسن اینڈ جانسن ویکسین کی ایک ڈوز لگوانی لازم ہوگا۔

    گزشتہ رات کویت وزرا کونسل نے اپنے ہفتہ وار اجلاس کے دوران کرونا وبائی مرض کے پیش نظر عرصہ دراز سے 6 ممنوعہ ممالک (پاکستان، مصر، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال) کی پروازوں کو ملک میں براہ راست داخلے کی اجازت دے دی ہے۔

    کویتی حکومت کا غیر ملکی پروازوں سے متعلق بڑا اعلان

    یاد رہے کہ کویت کا پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے قریباً 50 ممالک نے ملک ‏میں داخلے کے لیے بڑی سہولت مہیا کر دی ہے، کویتی میڈیا کے مطابق 48 ممالک نے کویتی پاسپورٹ رکھنے والوں کو آن ارائیول ویزا کی سہولت ‏فراہم کی ہے۔

    کویتی شہری اپنے پاسپورٹ کے ذریعے ان ممالک میں داخلے ہو کر آن آرائیول ویزا حاصل کر سکیں ‏گے، ان ممالک میں 9 یورپی، 6 ایشیائی، 4 افریقی، 12 امریکی، 14 عرب، 3 آسٹریلوی اور پڑوسی ممالک ‏شامل ہیں۔

  • سائنوویک ویکسین کی تیسری ڈوز سے متعلق اہم تحقیق

    سائنوویک ویکسین کی تیسری ڈوز سے متعلق اہم تحقیق

    بیجنگ: چین کی تیار کردہ کرونا وائرس کے خلاف سائنوویک ویکسین کی تیسری ڈوز مدافعت میں بڑا اضافہ کر دیتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی محققین کی ایک نئی تحقیق کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ دوسری ڈوز لگنے کے 6 ماہ یا اس سے زیادہ عرصے کے بعد سائنوویک ویکسین کی تیسری ڈوز مہلک وائرس کے خلاف لوگوں کی قوت مدافعت میں نمایاں اضافہ کر دیتی ہے۔

    یہ تحقیق امریکی یونیورسٹی یئل کی طبی تحقیقات شائع کرنے والی ویب سائٹ Medrxiv پر شائع کی گئی ہے۔

    طبی تحقیقی مطالعے میں شامل 500 سے زیادہ افراد کو سائنوویک ویکسین کی دوسری ڈوز کے 6 سے 8 ماہ بعد تیسری ڈوز کا ٹیکا لگایا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ بوسٹر ڈوز اینٹی باڈیز کی سطح میں بہت زیادہ اضافے کا سبب بنی۔

    چینی محققین کی کرونا وائرس کے ماخذ سے متعلق رپورٹ

    تحقیقی نتائج میں دیکھا گیا کہ 14 دن کے بعد اینٹی باڈیز کی کثافت کا اندازہ 137.9 لگایا گیا جو تقریباً تین گنا زیادہ تھیں۔

    چینی محققین نے دیکھا کہ اگرچہ سائنوویک کی 2 ڈوز لگنے کے 6 ماہ بعد غیر جانب دار اینٹی باڈی سطح میں کمی واقع ہوئی، تاہم اس کے باوجود 2 ڈوز پر مبنی شیڈول، وائرس کے خلاف اینٹی باڈیز پیدا کرنے کے حوالے سے اپنی یادداشت برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔

    تحقیقی مطالعے کے نتائج کے مطابق سائنوویک کی تیسری یعنی بوسٹر ڈوز جسم میں کرونا وائرس کے خلاف امیونٹی میں نمایاں اضافہ کر دیتی ہے۔

  • چینی ماہرین کا سائنوویک کی 2 ڈوز سے متعلق انکشاف

    چینی ماہرین کا سائنوویک کی 2 ڈوز سے متعلق انکشاف

    بیجنگ: چینی ماہرین نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی سائنوویک ویکسین لگنے کے بعد بننے والی اینٹی باڈیز 6 ماہ میں ختم ہوجاتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چینی ماہرین نے سائنوویک ویکسین کے اثرات سے متعلق ایک تحقیق کے بعد انکشاف کیا ہے کہ کرونا کے خلاف سائنوویک ویکسین سے بننے والی اینٹی باڈیز 6 ماہ میں ختم ہو جاتی ہیں، اس لیے بوسٹر لگانے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

    ریسرچ کے مطابق سائنوویک کی 2 ڈوز کے بعد تیسری یعنی بوسٹر ڈوز اینٹی باڈیز کو بڑھائے گی، اس حوالے سے 18 سے 59 سال عمر کے افراد پر ریسرچ کی گئی، جن کی اینٹی باڈیز میں سائینوویک کی تیسری ڈوز لگنے سے اضافہ ہوا۔

    محققین کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں ہے کہ اینٹی باڈیز میں کمی سے کس طرح ویکسین ڈوز کی تاثیر متاثر ہوگی، کیوں کہ سائنس دانوں کو واضح طور پر کسی ویکسین کے لیے اینٹی باڈی کی سطحات کی شدت کو ابھی معلوم کرنا باقی ہے، جو ویکسین کو بیماری سے بچاؤ کے قابل بناتی ہے۔

    واضح رہے کہ انڈونیشیا اور تھائی لینڈ موڈرنا اور فائزر کی ویکسینز کے ذریعے ان لوگوں کو تیسری ڈوز کے لیے تیار ہو چکے ہیں، جو سائنوویک کی دو ڈوز لے چکے ہیں، کیوں کہ کرونا وائرس کی زیادہ متعدی قسم ڈیلٹا کے خلاف اس کی تاثیر پر تشویش پائی جاتی ہے۔

    ترکی نے سائنوویک ویکسین لینے والے شہریوں کو سائنوویک یا فائزر کی ویکسینز کے ذریعے تیسری ڈوز دینے کا آغاز کر دیا ہے، خیال رہے کہ جون کے اختتام تک سائنوویک کمپنی ایک ارب ویکسین ڈوز فراہم کر چکی ہے۔

  • کرونا ویکسین کی ایک اور بڑی کھیپ پاکستان منتقلی کے لیے تیار

    کرونا ویکسین کی ایک اور بڑی کھیپ پاکستان منتقلی کے لیے تیار

    اسلام آباد: چین سے کرونا ویکسین کی ایک اور بڑی کھیپ پاکستان منتقلی کے لیے تیار ہے، جو آج پاکستان پہنچ جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق چین سے 15 لاکھ سائنوویک ڈوز آج پی آئی اے کی ایک خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچائی جائیں گی، پاکستان نے یہ 15 لاکھ سائنوویک ڈوزز چینی کمپنی سے خریدی ہیں۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل 13 جولائی کو چین سے 20 لاکھ کرونا ویکسین ڈوز کی کھیپ لائی گئی تھی، جب کہ رواں ماہ کرونا ویکسین کی تقریباً ڈیڑھ کروڑ ڈوز پاکستان پہنچائی جائیں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ماہ 85 لاکھ کرونا ویکسین ڈوز پاکستان لائی جا چکی ہیں، چین سے 20 لاکھ سائنوفارم اور 40 لاکھ سائنوویک ڈوز لائی گئیں، اس کے علاوہ پاکستان کو رواں ماہ کوویکس سے بھی 25 لاکھ ڈوز موڈرنا ویکسین کی مل چکی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خریدی ایک لاکھ فائزر ویکسین کی پہلی کھیپ رواں ماہ پہنچے گی، جب کہ رواں ماہ ہی پاکستان کو کوویکس سے آسٹرازینیکا کی دوسری کھیپ بھی ملے گی۔

  • سعودی عرب نے چینی ویکسین لگوانے والے پاکستانیوں کی مشکل آسان کردی

    سعودی عرب نے چینی ویکسین لگوانے والے پاکستانیوں کی مشکل آسان کردی

    ریاض : سعودی عرب نے چین کی تیار کردہ کورونا ویکسین لگوانے والے پاکستانیوں کو سعودی عرب آنےکی اجازت دے دی تاہم پی سی آرٹیسٹ منفی رپورٹ کی شرط برقرار رکھی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کا سفر کرنے کے خواہش مند پاکستانیوں کیلئے خوش خبری آگئی ، سعودی حکومت نے چینی ویکسین لگوانے والے پاکستانیوں کو سعودی عرب آنےکی اجازت دے دی۔

    سعودی عرب آنے والوں کوملک میں منظورشدہ ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگوانی ہوگی ، چینی ویکسین کی 2خوراکوں کےساتھ ایک بوسٹرخوراک لگوانی ہوگی۔

    سعودی حکام کی جانب سےپی سی آرٹیسٹ منفی رپورٹ کی شرط برقرار رکھی گئی ہے۔

    سعودی عرب میں منظورشدہ ویکسین میں فائزراور آسٹرا زینیکاشامل ہیں جبکہ سعودی حکام نے موڈرنا اور جوہنسوں ویکسین کی بھی منظوری دے رکھی ہے۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل(ر)بلال اکبر نے کہا تھا کہ چینی ویکسین کی منظوری کے سلسلے میں پچھلے2ماہ سےکوشش کر رہےہیں، پہلے مرحلے میں سعودی حکام کی دو ٹیموں نے بیجنگ جا کر سائنو فام اور سائنو ویک کی مینوفیکچرنگ سہولتوں کا جائزہ لیا، اب ٹیمیں خلیجی ممالک میں چینی ویکسین کی مینو فیکیچرنگ اور سپلائی کا جائزہ لیں گی۔

    انھوں نے امید ظاہر کی تھی کہ رواں سال حج کے بعد سعودی عرب میں چینی ویکسین سائنو فارم کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔