Tag: چینی کی فروخت

  • جوڑیا بازار میں تاجروں نے چینی کی فروخت بند کردی

    جوڑیا بازار میں تاجروں نے چینی کی فروخت بند کردی

    کراچی: شہر قائد کی مشہور زمانہ ہول سیل مارکیٹ جوڑیا بازار میں تاجروں نے چینی کی فروخت بند کردی۔

    تفصیلات کے مطابق تاجر شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ہول سیل میں چینی 174روپے کلوسے تجاوز کرچکی ہے جبکہ گزشتہ روز ڈی سی ساؤتھ کے ساتھ اجلاس بھی بے نتیجہ رہا۔

    اُنہوں نے کہا کہ ہمیں ہول سیل میں چینی 170روپے کلوفروخت کرنے کا کہا گیا ہے، مہنگی چینی خرید کر سرکاری نرخ پر فروخت نہیں کرسکتے۔

    اس سے قبل شوگر ملز ایسوسی ایشن نے دعویٰ کیا تھا کہ تمام ملز 165 روپے فی کلو ایکس مل پر چینی فراہم کر رہی ہیں، ملک میں وسط نومبر 2025 تک چینی کے وافر اسٹاکس موجود ہیں۔

    اپنے بیان میں ایسوسی ایشن نے بتایا کہ حکومت کے بعض انتظامی اقدامات سے سپلائی چین متاثر ہوئی تھی اب بہتری آنے پر چینی کی سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے۔

    ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ملز کا تعلق صرف ایکس مل قیمتوں تک ہوتا ہے چینی کی ریٹیل قیمت کا تعین مارکیٹ فورسز کرتی ہیں مگر اب حکومت کر رہی ہے، ڈیلرز گھریلو صارفین کے بجائے چینی صنعتی و کمرشل اداروں کو زیادہ منافع پر دے رہے ہیں، ڈیلرز اور سٹہ مافیا اپنے مقاصد کے تحت چینی کی مصنوعی قلت کا تاثر دے رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ چینی کی قیمتوں کو برآمدات سے جوڑنا حقائق کے منافی ہے گزشتہ سالوں میں ملز کے پیداواری اخراجات میں کئی گنا اضافہ ہوا، گزشتہ کئی سالوں سے شوگر ملز کو کافی نقصان اُٹھانا پڑا، مسلسل نقصان کی وجہ سے 12 شوگر ملز بند اور برائے فروخت ہیں، تمام مسائل کاحل صرف شوگر سیکٹر کی ڈی ریگولیشن کی صورت میں ہی ممکن ہے۔

    حکومت پاکستان ستمبر تک 3 لاکھ ٹن چینی امپورٹ کرنا چاہتی ہے لیکن 3 لاکھ ٹن چینی نجی شعبہ کے ذریعے امپورٹ نہیں ہوسکتی، حکومت چینی کی براہ راست امپورٹ چاہتی ہے۔

    3 لاکھ ٹن چینی کی ٹیکس فری امپورٹ ، آئی ایم ایف نے اعتراض اٹھادیا

    یاد رہے وفاقی کابینہ نے چینی کی قیمت مستحکم رکھنے کے لیے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دی تھی، پہلے مرحلے میں 3 لاکھ میٹرک ٹن درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

  • لاہور ہائی کورٹ نے رمضان بازاروں میں چینی کی فروخت بند کردی

    لاہور ہائی کورٹ نے رمضان بازاروں میں چینی کی فروخت بند کردی

    لاہور : ہائی کورٹ نے رمضان بازاروں میں چینی فروخت کرنے سے روکنے کا حکم دیتے ہوئے کہا چینی عام مارکیٹ میں85 روپے فی کلو فروخت کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں رمضان بازاروں میں چینی کے حصول کیلئےقطاروں کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی ، عدالت نے رمضان بازاروں میں چینی فروخت کرنے سے روکنے کا حکم دیتے ہوئے کہا چینی عام مارکیٹ میں85 روپے فی کلو فروخت کی جائے گی۔

    عدالت نے تمام اضلاع میں عملدرآمد پرمشاورت کیلئے15منٹ کا وقت دیکرسماعت ملتوی کردی، جس کے بعد سماعت کے دوبارہ آغاز پر لاآفیسر نے بتایا کہ رمضان بازار میں چینی بیچنے سے عام مارکیٹ میں قلت ہوئی ، جس پر عدالت نے کہا کس قانون کے تحت ساری چینی رمضان بازار میں بیچی گئی، کورٹ آرڈر پر جو چینی اٹھائی گئی اس کی آڈٹ رپورٹ پیش کی جائے ،عدالت

    عدالت کا کہنا تھا کہ رمضان بازار اور جمعہ بازار لگا کر مذاق بنایا جارہا ہے، اس کا مطلب انتظامیہ عام مارکیٹ میں قیمتیں کنٹرول میں ناکام ہے ، تو لاآفیسر نے کہا رمضان بازاروں کا مقصد غریب لوگوں کو ریلیف کے لئے ہوتاہے۔

    عدالت نے استفسار کیا یہ کس قانون کے تحت ہے ؟ لا آفیسر نے بتایا یہ کابینہ کمیٹی کے انڈر ہوتا ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ آپ نے رمضان کا بجٹ کا غلط استعمال کیا ہے ،رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔

    کمشنر نے بتایا جو کوٹہ مختص کیاگیا وہ کم تھا،رمضان میں چینی کی کھپت 3گنا بڑھ جاتی ہے، جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ اب تک سیکرٹری یہ بتانے سے قاصر ہیں مختص چینی کہاں استعمال ہوئی، مسئلہ صرف چینی کا نہیں بلکہ تمام اشیائےخوردونوش کی قیمتوں کاہے، اشیائےخوردونوش کی قیمتوں کاتعین کرنےکاطریقہ کار نہ ہونامہنگائی کی وجہ ہے۔

    سیکرٹری خوراک کا کہنا تھا کہ ہم نے اس حوالے عدالتی حکم کے مطابق میٹنگز کی گئی ہیں، جس پر عدالت نے کہا میٹنگز کا مطلب چائے پینانہیں،رمضان بازاروں میں لائنیں ختم نہیں کی جاسکی۔

    کمشنر لاہور نے کہا رمضان بازاروں سے غریب کو بہت فائدہ ہوا تو عدالت کا کہنا تھا کہ غریب کو بھکاری بنا دیا گیا،2روپے سستی چیز گھر کے دروازے پرکیوں نہیں ملتی ، چینی عام مارکیٹ میں 85 روپے فی کلو فروحت جائے گی، جس پر کمشنر لاہور نے کہا کل تک یہ لاہور ڈویژن میں عملدرآمد کردیا جائے گا۔