Tag: چینی کی قیمت

  • حکومت نے چینی کی قیمت سے متعلق واضح ہدایت جاری کردی

    حکومت نے چینی کی قیمت سے متعلق واضح ہدایت جاری کردی

    اسلام آباد : وفاقی وزیر رانا تنویر حسین  نے کہا ہے کہ چینی کی قیمت میں کوئی تضاد نہیں مقررہ ریٹ کا سختی سے نفاذ کیا جائے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے چینی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق دعوے مسترد کردیے۔

    اس حوالے سے وفاقی وزیر رانا تنویرحسین کی زیرصدارت چینی کی قیمتوں سے متعلق اجلاس منعقد کیا گیا جس میں چینی کی قیمتوں سے متعلق دعوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، سیکرٹری صنعت، دیگرحکام کے علاوہ چاروں صوبوں کے نمائندے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔

    اس موقع پر ملک بھر میں طے شدہ نرخوں کے نفاذ کو یقینی بنانے پرتبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس کو چینی کی ایکس مل اور ریٹیل قیمتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    وفاقی وزیر رانا تنویر نے چینی کی قیمتوں میں تضاد کےدعوؤں کو سختی سے مسترد کردیا، انہوں نے کہا کہ تمام شوگر ملز چینی کی تھوک قیمت159روپے فی کلومقرر کرنے پر متفق ہوچکی ہیں، انہوں نے تمام صوبوں کو اس معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ،

    پنجاب کے نمائندے نے صوبے بھرکے اضلاع کے تفصیلی ڈیٹا کے ساتھ اپنی رپورٹ پیش کی، حکومت پنجاب کے نمائندے کا مؤقف تھا کہ چینی کی تھوک قیمت159روپے،ریٹیل قیمت اوسطاً164روپےفی کلو ہے۔ رپورٹ کموڈیٹی پرائس مینجمنٹ سسٹم سے حاصل کی گئی تھی۔

    نمائندہ سندھ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ سندھ میں چینی کی ریٹیل قیمت168روپے فی کلو ہے، یہ رپورٹ سندھ بیورو آف پرائسز کے اعداد وشمار کے مطابق ہے۔

    خیبرپختونخوا کے نمائندے کا مؤقف تھا کہ کے پی کے میں ایکس مل چینی کی قیمت164روپے فی کلو ہے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر نے کے پی حکام کو پی ایس ایم اے کے طےشدہ نرخ159روپے کے یقینی نفاذ کی ہدایت کی۔

    بلوچستان کے نمائندوں نے چینی کی قیمتوں میں کمی کے رجحان کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں چینی کی موجودہ قیمت168روپے فی کلو ہے۔

    رانا تنویر حسین نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں کسی بھی قسم کی بےضابطگی ناقابل قبول ہے، صوبے تھوک قیمت159روپے اور ریٹیل قیمت164روپے فی کلو کا سختی سے نفاذ کریں۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی نگرانی اور کسی بھی خلاف ورزی پرفوری کارروائی کی جائے، وزیراعظم کی قیادت میں حکومت عوامی فلاح وبہبود کیلئے انتہائی فکرمند ہے، وزارت قومی غذائی تحفظ قیمتوں کے استحکام، غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/govt-sets-sugar-price-at-rs164-kg/

  • چینی کی قیمت اور حکومتی وزرا کی تنخواہیں بڑھ رہی ہیں، بیرسٹر سیف کی سخت تنقید

    چینی کی قیمت اور حکومتی وزرا کی تنخواہیں بڑھ رہی ہیں، بیرسٹر سیف کی سخت تنقید

    پشاور: ترجمان خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر محمد علی سیف نے چینی کی قیمتوں کے معاملے پر وفاقی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔

    مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ چینی کی قیمت اور حکومتی وزرا کی تنخواہیں بڑھ رہی ہیں، اور اس اضافے کی وجہ یہ ہے کہ کارخانوں اور حکومت کے مالکان ایک ہیں۔

    بیرسٹر سیف نے کہا ’’خام چینی درآمد کا حکومتی فیصلہ دراصل حکمران چینی مافیا کو فائدہ پہنچانے کی کوشش ہے، شوگر مافیا نے ناجائز منافع سے اپنی عید تو میٹھی کر لی لیکن عوام کی عید پھیکی کر دی ہے۔

    کے پی ترجمان نے کہا ’’عرفان صدیقی سے اپیل ہے کہ وزیر اعظم سے کہیں تنخواہ لے لیں لیکن چینی کی قیمت کم کرا دیں۔‘‘


    حکومت کا دہرا معیار : اشرافیہ کو ریلیف اور تنخواہ دار طبقہ محروم، ایسا کیوں؟


    بیرسٹر سیف نے کہا سرکولیشن سمری سے وزرا کی تنخواہوں میں 188 فی صد اضافے کی منظوری لی گئی ہے، اس سے 20 مارچ کے وفاقی کابینہ کا رضا کارانہ کام کرنے کا اعلان جھوٹ ثابت ہو گیا ہے۔

    مشیر اطلاعات نے پاک افغان مسئلے پر کہا کہ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ معاملات کا حل مذاکرات ہیں، وفاق کو افغانستان کے ساتھ باضابطہ رابطہ کرنا چاہیے، اس سلسلے میں نمائندہ خصوصی محمد صادق کا دورہ افغانستان اچھی پیش رفت ہے۔

    بیرسٹر سیف نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’اعتراض ہے‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغان سرحدی علاقے کو کوئی کنٹرول نہیں کر سکتا، یہ دنیا کی مشکل ترین سرحدوں میں سے ایک ہے، وفاق اگر ہمیں ہمارے پیسے دے دے تو دہشت گردی کی جنگ میں وفاق کی ضرورت ہی نہ پڑے۔

  • چینی کی قیمت پر عوام کو پھر’’چونا‘‘ لگا دیا گیا؟

    چینی کی قیمت پر عوام کو پھر’’چونا‘‘ لگا دیا گیا؟

    اسلام آباد : شوگرملز مالکان نے حکومت سے اپنی بات منوالی اور حکومت نے چینی کی ریٹیل قیمت 164 روپے فی کلو رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق چینی کی قیمتوں پرعوام سے پھر ہاتھ ہوگیا، شوگر ملزمالکان نے حکومت سے اپنی بات منوالی۔

    حکومت نے چینی کی ریٹیل قیمت 164 روپے فی کلو رکھنے کا فیصلہ کرلیا ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے شوگر ملز مالکان کے ساتھ اجلاس کے بعد کہا چینی کی قیمت ایک سو چونسٹھ روپے سے اوپر نہیں جانی چاہیے۔

    اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ جو بھی چینی کی قیمت مصنوعی طریقے سے بڑھانے کی کوشش کرے گا، اس کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

    نائب وزیراعظم نے بتایا کہ آج کے اجلاس میں طے ہوا ہے، رانا تنویر شوگرملزکے ساتھ مل کر قیمتوں کا تعین کریں گے۔

    خیال رہے چینی برآمد کی اجازت سے پہلے ایسوسی ایشن نے چینی کی قیمت ہول سیل میں 140 اور ریٹیل میں 145 روپے رکھنےکا وعدہ کیا تھا۔

    خیال ریے رمضان المبارک سے پہلے ایک سو پچیس روپے فی کلو فروخت ہونے والی چینی ایک سو پچھتر سے ایک سو اسّی روپے میں بکنے لگی ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ چینی مہنگی ہوئی تو زندگی سے مٹھاس ہی چلی گئی۔

    افطار کے لیے مشروبات کی تیاری میں چینی کا استعمال لازمی ہوتا ہے جبکہ سحری میں دہی کے ساتھ چینی کا استعمال بھی اٹوٹ ہے، ایسے میں مہنگی چینی خریدنا لوگ کے بس میں نہیں رہا۔

  • چینی کی قیمت میں کمی کے حوالے سے آج اہم فیصلہ متوقع

    چینی کی قیمت میں کمی کے حوالے سے آج اہم فیصلہ متوقع

    اسلام آباد : چینی کی قیمت میں کمی کے حوالے سے آج اہم فیصلہ متوقع ہے، شوگر ملز ایسوسی ایشن کی 175 روپے فی کلو ایکس مل قیمت کا تخمینہ دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق چینی مہنگی ہونے کے معاملے پر نائب وزیراعظم کی زیرصدارت کمیٹی اجلاس آج پھر ہوگا۔

    ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزرارانا تنویر، اعظم نذیر، ڈاکٹر توقیر شاہ، طارق باجوہ شریک ہوں گے جبکہ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندگان بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ شوگر کی قیمت میں کمی کے حوالے سے اقدامات پر غور کیا جائے گا اور چینی کی ایکس مل قیمت کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔

    ذرائع نے کہا کہ اجلاس میں آج چینی کی قیمت میں کمی کے حوالے سے فیصلہ متوقع ہے ، شوگر ملز ایسوسی ایشن قیمت کے حوالے سے اپنی تجاویز دے گی۔

    گزشتہ روز اجلاس میں حکومت شوگر ملز کے ایکس مل قیمت کو مسترد کرچکی ہے ، شوگر ملز ایسوسی ایشن کی 175 روپے فی کلو ایکس مل قیمت کا تخمینہ دیا تھا۔

    حکومتی مؤقف میں کہا گیا کہ چینی کی اوسط پیداواری قیمت 153 روپے کلو ہے، انڈسٹری کو خود ہی چینی کی قیمتیں کم کرنی چاہئیں تاہم شوگر ملز نے چینی کی قیمتوں کے حوالے سے وقت مانگا تھا۔

    وزیراعظم نے چینی کی قیمتوں میں اضافے پر کمیٹی تشکیل دی تھی ، کمیٹی کو 3 روز کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    چینی کی قیمت میں 1روپے فی کلواضافےسے شوگر ملزکو2.8ارب روپے کا فائدہ ہوا ، چینی برآمد کی اجازت کے بعد سے ملک میں چینی 19 فیصد تک مہنگی ہوچکی ہے، ملک میں چینی کی فی کلو قیمت 180 روپے تک ہے۔

  • شوگر ملز کا  چینی کی قیمت کم کرنے سے انکار ،  سپلائی روکنے کی دھمکی

    شوگر ملز کا چینی کی قیمت کم کرنے سے انکار ، سپلائی روکنے کی دھمکی

    لاہور : شوگر ملز نے چینی کی قیمت کم کرنے سے انکار کردیا اور خبردار کیا حکومت قیمت کم کرنے کی کوشش کرے گی توچینی نہیں ملے گی۔

    تفصیلات شوگر ملز مالکان اورحکومت کے درمیان چینی کی قیمت پرتنازع برقرار ہے، ذرائع نے بتایا کہ شوگر ملزنے140 روپے فی کلو چینی دینےسےانکار کر دیا، چینی کی قلت ہے عید پر مزید ریٹ بڑھ سکتے ہیں۔

    شوگر مل کے نمائندوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت پاکستان نے قیمتیں کم کرنے میں مداخلت کی تو مارکیٹ میں چینی کی سپلائی روک دی جائے گی۔

    انہوں نے یہ نشاندہی کی کہ حکومت نے خود چینی کی برآمد کی اجازت دی ہے تو اب شکوہ کیوں؟ اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی قلت کی شکایت نہیں کرنی چاہیے۔

    اس وقت ریٹیل مارکیٹوں میں چینی 170 سے 175 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے قیمتوں کو مستحکم کرنے کی کوششوں کے باوجود کوئی خاص کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔

    خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے ریٹ کے استحکام کی یقین دہانی پر شوگر ملز کو چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی، ذرائع نے 14 مارچ کو بتایا کہ وزیر اعظم (پی ایم) شہباز شریف نے مہنگائی کا نوٹس لیتے ہوئے چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا تھا۔

    شہباز شریف نے زور دے کر کہا تھا کہ چینی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کے لیے چینی ذخیرہ اندوزی اور فرضی ٹریڈنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • وزیراعظم  کا چینی کی قیمت مسلسل بڑھنے پر اظہارِ ناراضی، شوگر مل مالکان اور بڑے ڈیلروں کو بلالیا

    وزیراعظم کا چینی کی قیمت مسلسل بڑھنے پر اظہارِ ناراضی، شوگر مل مالکان اور بڑے ڈیلروں کو بلالیا

    اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے تحریری معاہدے کے باوجود چینی مہنگی ہونے پر شوگر مل مالکان اور بڑے ڈیلروں کو آج اسلام آباد بلا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے چینی کی قیمت مسلسل بڑھنے پر اظہار ناراضی کیا، جس پر وزارت پیداوار نے شوگر مل مالکان اور بڑے ڈیلروں کو آج اسلام آباد بلا لیا ہے.

    حکومت اور شوگر ملز مالکان کے درمیان تحریری معاہدہ ہوا تھا کہ چینی قیمت نہیں بڑھے گی۔

    شوگرملز ایسوسی ایشن نے ایکسپورٹ کی اجازت پر معاہدہ کیا تھا اور برآمدات کی اجازت کے بعد چینی کی قیمت کوایک سوچوبیس سےایک سو اسی روپے تک لے گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے کئی شہروں میں چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور سٹےبازوں کی فہرست تیار اور ذمےداروں کا تعین کیا جا رہا ہے۔

    مزید پڑھیں : ملک میں چینی کی قیمت 180 روپے فی کلو تک پہنچ گئی

    خیال رہے حکومتی کوششوں کے باوجود چینی کی قیمت 180 روپے تک پہنچ گئی ہے، رمضان میں چینی کی قیمت 14 روپے کلو تک بڑھی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ راولپنڈی، اسلام آباد اور کراچی والے مہنگی چینی خریدنے پرمجبورہیں۔3

    فروری میں شوگر ملوں کے پاس چینی کے 45 لاکھ ٹن کے ذخائر تھے جبکہ حکومت نے 7 لاکھ 41 ہزارمیٹرک ٹن چینی بیرون ملک بھیجی۔

  • ملک میں چینی کی قیمت 180 روپے فی کلو تک پہنچ گئی

    ملک میں چینی کی قیمت 180 روپے فی کلو تک پہنچ گئی

    اسلام آباد : ملک میں چینی کی قیمت 180 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ، راولپنڈی، اسلام آباد اور کراچی کے شہری سب سے زیادہ مہنگی چینی خرید رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سرپلس اسٹاک اور کرشنگ سیزن کے باوجود مسلسل پندرہویں ہفتے چینی کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ملک میں چینی کی قیمتوں کے اعدادوشمارجاری کردئیے گئے۔

    ادارہ شماریات نے بتایا کہ رمضان المبارک میں چینی کی اوسط 14 روپے 22 پیسے فی کلو مہنگی ہوچکی ہے اور ملک میں چینی کی قیمت 180 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ راولپنڈی، اسلام آباد اور کراچی کے شہری سب سے زیادہ مہنگی چینی خرید رہے ہیں، جہاں جڑواں شہروں اور کراچی میں چینی کی قیمت 180 روپے کلو تک ہے۔

    کوئٹہ میں چینی کی فی کلو قیمت 176روپے، گوجرانوالہ، سیالکوٹ ، لاہور اور پشاور میں چینی 175 روپے کلو تک میں فروخت ہورہی ہے۔

    فیصل آباد ، سرگودھا، ملتان، بہاولپور میں چینی 170 روپے کلو اور حیدرآباد، لاڑکانہ، بنوں 170 روپے کلو دستیاب ہے جبکہ سکھر 168 اور خضدار میں چینی 171 روپے کلو تک دستیاب ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ ملک میں سات ماہ کی چینی کا ذخیرہ موجود ہے، ملک میں اکتوبر 2025 تک چینی کے ذخائر موجود ہیں، فروری تک ملک میں 56 ملین ٹن گنا کرشنگ کے لیے لایا گیا، فروری تک شوگر ملز نے 53 لاکھ ٹن چینی گنے سے تیار کی۔

    ذرائع کے مطابق ملک میں چینی کے سابقہ ذخائر 9.5 لاکھ ٹن ہیں، فروری شوگر ملز کے پاس چینی کے 40 سے 45 لاکھ ٹن ذخائر ہیں اور حکومت 7 لاکھ 41 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرچکی ہے۔

  • چینی کی فی کلو قیمت میں مزید 15 روپے کا اضافہ

    چینی کی فی کلو قیمت میں مزید 15 روپے کا اضافہ

     ملک کے مختلف شہروں میں رمضان میں چینی کی قیمت کو پر لگ گئے، کوئٹہ میں چینی کی فی کلو ریٹیل قیمت میں 15 روپے کا مزید اضافہ کر دیا گیا۔

    مارکیٹ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں چینی کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، شہر میں چینی کی فی کلو ریٹیل قیمت میں 15 روپے کا مزید اضافہ ریکارڈ ہونے کے بعد 180روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔

    مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی 175 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے، چینی کی فی کلو قیمت میں 2 روز کے دوران 25 روپے کا اضافہ ہوا، ریٹیل مارکیٹ میں دو روز قبل چینی 155 روپے میں فروخت کی جارہی تھی۔

    دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں رمضان میں چینی کی قیمت کو پر لگ گئے، لاہور میں ایک کلو چینی کی قیمت میں 10روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ایک کلو چینی 170 روپے ہوگئی، چینی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔

    صدر کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ شوگر ملز اور ڈیلرز کارٹل کو توڑا نہیں جا سکا۔

    پشاور میں بھی دس روپے کے اضافے کے بعد ایک کلو چینی 170 روپے کی ہوگئی، رمضان سے پہلے چینی 160 روپے کلو فروخت کی جا رہی تھی۔

    کراچی میں رمضان سے قبل 145 روپے کلو میں فروخت ہونے والی چینی ہول سیل میں 168 اور ریٹیل میں 180 روپے کلو میں فروخت کی جارہی ہے۔

  • وزیراعظم شہباز شریف چینی کی قیمت میں کمی کے لیے متحرک

    وزیراعظم شہباز شریف چینی کی قیمت میں کمی کے لیے متحرک

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کی قیمتوں میں استحکام کیلئے خصوصی اجلاس طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف چینی کی قیمت میں کمی کے لیے متحرک ہوگئے اور چینی کی قیمتوں میں استحکام کے لیے خصوصی اجلاس طلب کرلیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ چینی کے شعبے میں ٹیکس چوروں کے خلاف بڑے ایکشن کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ملک میں چینی کی کوئی قلت نہیں، ملک میں 7.5 ماہ کی چینی موجود ہے، ملک میں اکتوبر کے وسط تک چینی کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔

    ذرائع نے کہا کہ فروری تک ملک میں 56 ملین ٹن گنا کرشنگ کے لیے لایا گیا، فروری تک شوگر ملز نے 53 لاکھ ٹن چینی گنے سے تیار کی، ملک میں چینی کے سابقہ ذخائر 9.5 لاکھ ٹن ہیں، فروری شوگر ملز کے پاس چینی کے 40 سے 45 لاکھ ٹن ذخائر ہیں۔

    شوگر انڈسٹری میں جعلی ٹریک اینڈ ٹریس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، جعلی ٹریک اینڈ ٹریس کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا اور چینی کی بوری کا ٹریک اینڈ ٹریس دوبارہ استعمال کرنے بھی کارروائی ہوگی۔

    عالمی منڈی میں چینی کی قیمت 250 روپے کلو کے لگ بھگ ہے، خام چینی امپورٹ کرکے چینی تیار کی گئی تو لاگت 190 روپے تک آئے گی۔

  • چینی کی قیمت 170 روپے کلو تک جا پہنچی، ڈبل سنچری کا امکان

    چینی کی قیمت 170 روپے کلو تک جا پہنچی، ڈبل سنچری کا امکان

    لاہور: چینی کی قیمت بڑھتے بڑھتے 170 روپے کلو تک جا پہنچی ، دکانداروں کا کہنا ہے کہ چینی مزید مہنگی ہوگی، ڈبل سنچری کر سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان کے مہینے میں مال کمانے کے لیے چینی مافیا سرگرم ہیں ، وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے چینی مہنگی ہونے کا نوٹس لینے کے باوجود چینی کی قیمت میں اضافہ نہ رک سکا۔

    چینی کی قیمت بڑھتے بڑھتے 170 روپے کلوتک جا پہنچی، تاجروں کا کہنا ہے شوگر کی قیمت میں اضافہ کی بڑی وجہ حکومت کی ایکسپورٹ پالیسی ہے۔

    چئیرمین پنجاب کریانہ ایسوسی ایشن حافظ عارف گجر نے کہا کہ حکومت نے قیمت میں اگر اضافہ نہ روکا تو آنے والے دنوں میں قیمت 200 روپے فی کلو سے تجاوز کر جائے گی۔

    عارف گجرکا کہنا تھا کہ حکومت کی چینی برآمد کرنے کی پالیسی سے نرخ بڑھے، مل مالکان نے مصنوعی قلت پیدا کی، ذخیرہ اندوزوں پربھی ہاتھ ڈالاجائے۔

    الیاس مجید تاجر رہنما الیاس مجید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے گزشتہ روز اجلاس میں چینی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت کی تھی، وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کا حکم دیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/dollar-currency-rate-pakistan-today/