Tag: چینی کی قیمت

  • رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی چینی کی قیمت 165 روپے فی کلو تک پہنچ گئی

    رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی چینی کی قیمت 165 روپے فی کلو تک پہنچ گئی

    اسلام آباد : رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی ملک میں چینی کی قیمت 165 روپے فی کلوتک پہنچ گئی اور شہری مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں چینی کی قیمتوں کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کردیئے گئے، ادارہ شماریات نے بتایا کہ 12 ہفتے کے دوران چینی 23 روپے 42 پیسے فی کلومہنگی ہوئی اور 131 روپے 85 پیسے سے بڑھ کر 155 روپے 27 پیسے فی کلو ہوگئی۔

    دارہ شماریات نے بتایا کہ ملک میں چینی کی قیمت 165روپےفی کلوتک پہنچ گئی ہے، جس سے اسلام آباد اور پشاور کے شہری سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور پشاور میں چینی 165 روپے فی کلو جبکہ راولپنڈی، لاہور، ملتان، کراچی میں چینی 160 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔

    کوئٹہ میں فی کلو چینی 160 روپے، سیالکوٹ اور خضدار میں چینی 158روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے۔

    اس کے علاوہ گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، بہاولپور میں چینی کی قیمت 155 روپے کلو ہے جبکہ بنوں میں چینی 155، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ میں چینی 150 روپے فی کلومیں دستیاب ہے۔

  • رمضان المبارک میں چینی کی قیمت میں اضافہ متوقع

    رمضان المبارک میں چینی کی قیمت میں اضافہ متوقع

    اسلام آباد: رمضان المبارک سے قبل ہی منافع خوروں نے تیاریاں کرلیں، حکومت کو چینی کی قیمت کم کرانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    ذرائع کے مطابق حکومت کو رمضان المبارک میں چینی کی قیمت کم کرانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، حکومت کی گزشتہ ایک ماہ کی کوشش کے باوجودشوگر ملز چینی کی قیمت میں کمی پر تیار نہیں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت رمضان میں 120 روپے فی کلو میں چینی کی قیمت فروخت چاہتی ہے، اس وقت چینی کی سرکاری قیمت 155 روپے فی کلو ہے لیکن شوگر ملز کا مؤقف ہے کہ چینی کی فی کلو لاگت 170 روپے فی کلو ہے۔

    ذرائع کے مطابق شوگر ملز نے حکومت سے چینی کی قیمت میں کمی کیلئے 18 فیصد جی ایس ٹی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، شوگر ملز مالکان کا کہنا ہے کہ جی ایس ٹی ختم ہونے سے چینی کی قیمت میں 25 روپے فی کلو کمی ہو سکتی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شوگر انڈسٹری مالکان کی اکثریت دبئی میں ہیں، حکومت نے مالکان سے چینی کی قیمتوں میں کمی کیلئے جمعہ تک حتمی جواب مانگا ہے۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ چینی کی قیمت میں ایک روپے فی کلو کمی سے شوگر ملز کو ساڑھے 7 ارب کا نقصان ہو گا، جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر سبسڈی نہ دینے سے بھی حکومت کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    دوسری جانب گزشتہ روز وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کا اجلاس ہوا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہر ضلع میں چینی کی تقسیم کے لیے مائیکرو پلان رواں ہفتے سامنے لایا جائے گا۔

    اجلاس میں پی ایس ایم اے نے عوامی استعمال کے لیے کم از کم قیمت پر چینی فروخت کا عزم کیا، وفاقی وزیر نے کہا کہ ​​تھا ​​رمضان میں ہر ضلع میں چینی رعایتی قیمتوں پر دستیاب ہوگی، ​​رمضان سے تین دن قبل چینی کے اسٹالز لگائے جائیں گے، جو 27 رمضان تک جاری رہیں گے۔

  • عوام کے لیے نئی مشکل ! چینی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کا مزید اضافہ

    عوام کے لیے نئی مشکل ! چینی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کا مزید اضافہ

    اسلام آباد : یوٹیلیٹی اسٹورز  پر چینی کی قیمت میں پانچ روپے فی کلو کا مزید اضافہ ہوگیا، جس کے بعد قیمت 145 روپے سے بڑھا کر 150 روپے فی کلو ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کا مزید اضافہ کردیا گیا، ذرائع نے بتایا کہ اسٹورز پر قیمت 145روپے سے بڑھا کر150 روپےفی کلو کردی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں بھی اسٹورز پر  قیمت میں5 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا تھا، ڈیڑھ ہفتے میں مجموعی طور پر شوگر 10 روپے فی کلو مہنگی کی گئی۔

    مزید پڑھیں : رمضان المبارک سے قبل چینی مزید کتنی مہنگی ہونے کا امکان؟

    ذرائع یوایس سی نے کہا کہ  اسٹورز پر ڈیڑھ ہفتے قبل شوگر  کی قیمت140  روپے فی کلو مقرر تھی تاہم اوپن مارکیٹ میں قیمتیں مزید بڑھنے کے باعث شوگر 10 کی قیمت میں اضافہ کیا لیکن مزید اضافے کے باوجود اسٹورز پر شوگر اوپن مارکیٹ سے سستی ہے۔

    خیال رہے وفاقی حکومت نے اگست 2024 میں چینی سمیت 5 بنیادی اشیاء پر سبسڈی روک دی تھی۔

  • ملک میں چینی کی فی کلو قیمت 160 روپے تک جا پہنچی

    ملک میں چینی کی فی کلو قیمت 160 روپے تک جا پہنچی

    اسلام آباد : ملک میں چینی کی قیمت کو پر لگ گئے اور فی کلو قیمت 160 روپے تک پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے مختلف شہروں میں چینی کی قیمت کے اعدادوشمار جاری کردئیے ، جس میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی، اسلام آباد ، پشاور اور کراچی کے شہری سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں پشاوراورکراچی میں چینی کی قیمت 160 روپے فی کلو جبکہ گوجرانوالہ، سیالکوٹ،لاہور میں چینی 155 روپے فی کلوتک میں فروخت ہورہی ہے۔

    اس کے علاوہ فیصل آباد، سرگودھا ملتان لاڑکانہ ، بنوں اور کوئٹہ میں چینی کی فی کلو قیمت 150 روپے تک ہے جبکہ حیدرآباد میں چینی کی قیمت 148 روپے بہاولپورمیں 145 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔

    اعدادوشمار کے مطابق سکھر میں چینی 145 اور خضدار میں فی کلو چینی 155 روپے تک میں دستیاب ہے تاہم ملک میں چینی کی اوسط قیمت 150 روپے 43 پیسے فی کلو تک ہے۔

    اس سے قبل ادارہ شماریات نے ہفتہ وارمہنگائی کے اعدادوشمار جاری کئے، جس میں بتایا کہ مسلسل نویں ہفتے چینی کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ایک ہفتے میں چینی 4 روپے93 پیسے مزید مہنگی ہوگئی ہے۔

    ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے میں 9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ حالیہ ہفتے کیلے5 روپے 89 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔

    برائلر مرغی 4 روپے اورباسمتی چاول 1 روپے 43 پیسے فی کلو مہنگے جبکہ ڈھائی کلو گھی کا ٹن 3 روپے 88 پیسے،بیف 2 روپے 84 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔

    ایک ہفتے میں 16 اشیاء سستی اور 26 اشیا کی قیمتیں برقرار رہیں جبکہ ٹماٹر13روپے42پیسے، پیاز 13روپے 43 پیسے فی کلو ، آلو 6 روپے 8پیسےفی کلو، انڈے 13 روپے 20 پیسے فی درجن سستے ہوئے۔

    دال چنا 13 روپے 18پیسے دال مسورچار روپے فی کلو سستی ہوئی اور آٹے کابیس کلو کا تھیلا 17 روپے 11 پیسے سستا ہوا۔

  • چینی کی قیمت میں 18 روپے کلو اضافہ ریکارڈ

    چینی کی قیمت میں 18 روپے کلو اضافہ ریکارڈ

    لاہور میں کرشنگ ہونے کے باوجود چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی کی قیمت میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے، چند دنوں میں چینی کی قیمت میں 18 روپے کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق چینی کی ایکس مل کا ریٹ 140 سے 143 روپے تک ہے، دسمبر میں چینی کی ایکس مل کا ریٹ 125 روپے کلو تھا۔

    ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ فروری کیلئے فیوچر ٹریڈ نے 145 روپے مقرر کر دیا، چھوٹی دکانوں میں چینی150 روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔

    ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے چینی برآمد کرکے مصنوعی قلت اور قیمت بڑھائی جارہی ہے، مافیا کو کنٹرول نہ کیا تو رمضان میں چینی 170 روپے کلو تک جاسکتی ہے۔

  • چینی کی قیمت میں بڑا اضافہ ،  فی کلو کتنے کی ہوگئی؟

    چینی کی قیمت میں بڑا اضافہ ، فی کلو کتنے کی ہوگئی؟

    اسلام آباد: ایک ہفتے میں چینی کی قیمت 4 روپے 14 پیسے فی کلو مزید بڑھ گئی، جس کے بعد  قیمت اوسط 145 روپے 50 پیسے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے ہفتہ وارمہنگائی کی رپورٹ جاری کردی ، مسلسل آٹھویں ہفتے چینی کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    ایک ہفتےمیں چینی کی قیمت4 روپے 14 پیسے فی کلومزید بڑھ گئی، جس کے بعد چینی کی قیمت اوسط 145 روپے 50 پیسے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

    حالیہ ہفتہ وارمہنگائی کی شرح 0.77 فیصد کم ہوئی جبکہ مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 0.52 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

    لہسن 4 روپے 14 پیسے،کیلے 3 روپے 37 پیسےفی درجن مہنگے، باسمتی چاول 95 پیسے، دال مونگ ایک روپے فی کلو مزید مہنگی ہوئی جبکہ لکڑی، بیف اورچائےکی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

    ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ حالیہ ہفتے 12اشیا سستی 25کی قیمتوں میں استحکام رہا، ٹماٹر 40 روپے83پیسے،انڈے 29 روپے 56پیسے فی درجن سستے ہوئے۔

    پیاز 11روپے 83 پیسے،آلو 6 روپے 32 پیسے فی کلو سستے جبکہ دال چنا، برائلر مرغی، دال ماش اور آٹےکا تھیلا بھی سستا ہوا۔

  • وفاقی ادارہ شماریات نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی تصدیق کر دی

    وفاقی ادارہ شماریات نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی تصدیق کر دی

    اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی تصدیق کر دی ہے، حالیہ 2 ہفتوں میں چینی کی قیمت میں 10 روپے تک فی کلو اضافہ ہوا ہے۔

    ادارہ شماریات کے مطابق کراچی کے شہری ملک میں سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں، جہاں چینی کی قیمت 145 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، گزشتہ 2 ہفتوں میں ملتان میں چینی کی قیمت 10 روپے تک فی کلو بڑھی۔

    خضدار میں چینی کی قیمت میں 8 تک فی کلو اضافہ ہوا، کراچی، لاہور اورفیصل آباد میں چینی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو تک اضافہ ہوا، گزشتہ دو ہفتوں میں سکھر میں چینی کی قیمت میں 4 روپے تک فی کلو اضافہ ہوا۔

    ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں 2 ہفتوں میں چینی کی اوسط قیمت 2 روپے 23 پیسے تک فی کلو بڑھی، ملک میں چینی کی اوسط قیمت 134 روپے 8 پیسے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور میں چینی کی قیمت 140 روپے تک فی کلو ہے، ملتان اور خضدار میں بھی چینی کی قیمت 140 روپے تک فی کلو ہے۔

    پانچ برسوں میں‌ چینی اور تیل کی قیمت میں‌ کتنے فیصد اضافہ ہوا؟ حیران کن اعدا و شمار

    یاد رہے کہ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر نے چینی کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔

  • چینی کی فی کلو قیمت میں کتنا اضافہ ہوا؟

    چینی کی فی کلو قیمت میں کتنا اضافہ ہوا؟

    کراچی: ملک میں گزشتہ ایک ہفتے میں چینی کی فی کلو قیمت میں 8 روپے تک اضافہ ہو گیا ہے۔

    محکمہ شماریات کی دستاویز کے مطابق ملک بھر میں چینی کی اوسط قیمت 143 روپے سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے، گزشتہ سال اسی عرصے میں چینی کی اوسط قیمت 95 روپے 29 پیسے تھی، ایک سال میں چینی کی فی کلو اوسط قیمت میں 48 روپے تک اضافہ ہوا۔

    کوئٹہ میں چینی کی فی کلو قیمت 174روپے تک پہنچ گئی ہے، پشاور اور اسلام آباد میں چینی 150 روپے فی کلو دستیاب ہے، راولپنڈی اور لاہور بھی چینی 150 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔

    سرگودھا، ملتان اور گوجرانوالہ میں چینی 145 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، جب کہ کراچی اور لاڑکانہ میں چینی فی کلو 140 روپے میں دستیاب ہے۔

  • عالمی منڈی : چینی کی قیمت نے تمام ریکارڈ توڑ دیے

    عالمی منڈی : چینی کی قیمت نے تمام ریکارڈ توڑ دیے

    بین الاقوامی مارکیٹ میں چینی کی قیمت 28 سینٹ فی پاؤنڈ اضافے کے بعد گذشتہ 12 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمت میں اضافے کی بڑی وجہ بھارتی برآمدات میں کمی اور برازیل میں رسد کے مسائل کی وجہ سے چینی کی سپلائی میں کمی دیکھی جارہی ہے۔

    انٹرنیشنل شوگر آرگنائزیشن کی رپورٹ کے مطابق 15 دن میں چینی کی اوسط قیمت حالیہ ہفتوں میں 26سینٹ سے اوپر ہی رہی ہے۔

    بھارت نے چاول کے ساتھ چینی کی برآمدات پر بھی پابندیاں بڑھا دی ہیں، یہ اقدام ملک میں قیمتیں بڑھنے کے بعد اٹھایا گیا، بھارتی حکومت حکومت چاہتی ہے کہ تہوار کے ایام میں چینی قیمتیں کنٹرول میں رہیں۔

    واضح رہے کہ بھارت دنیا کا دوسرا سب سے بڑا چینی پیدا کرنے والا ملک ہے اور برآمدات میں کسی بھی قسم کی کمی کا اثر عالمی منڈی پر براہ راست پڑتا ہے۔

    بھارت نے 30 ستمبر کو ختم ہونے والے 2022-2023 کے سیزن کے دوران ملوں کو صرف 6.2 ملین ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی۔

  • ملکی تاریخ میں پہلی بار چینی کی قیمت کی ڈبل سنچری مکمل

    ملکی تاریخ میں پہلی بار چینی کی قیمت کی ڈبل سنچری مکمل

    اسلام آباد: ملکی تاریخ میں پہلی بار چینی کی قیمت کی ڈبل سنچری مکمل کرلی، سرکاری سطح پر بھی چینی کی قیمت 200 روپے فی کلو تک پہنچنے گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے چینی کی قیمتوں کا نیا ڈیٹا جاری کردیا جس کے مطابق سرکاری سطح پر ایک ہفتے میں چینی کی فی کلو قیمت میں 25 روپے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    ادارہ شماریات کا بتانا ہے کہ پشاور اور کوئٹہ میں چینی کی قیمت 200 روپے کلو، کراچی اور راولپنڈی میں 195 روپے جبکہ اسلام آباد میں چینی کی قیمت 190 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔

    ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں پشاور میں چینی کی قیمت میں 25 روپے، راولپنڈی میں 20 روپے جبکہ کراچی اور آسلام آباد میں  فی کلو تک چینی کی قیمت میں 20 روپے اضافہ ہوا۔