Tag: چینی کی قیمت

  • شوگر ملز مالکان نے چینی کی حکومتی مقرر کردہ قیمتیں مسترد کر دیں

    شوگر ملز مالکان نے چینی کی حکومتی مقرر کردہ قیمتیں مسترد کر دیں

    اسلام آباد: شوگر ملز مالکان نے چینی کی حکومتی مقرر کردہ قیمتیں مسترد کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق شوگر ملز مالکان نے قیمتوں سے متعلق حکومتی فیصلہ حکومتی اپلیٹ کمیٹی میں چیلنج کر دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملز مالکان کا مؤقف ہے کہ وہ فی کلو 115 سے 120 میں پڑنے والی چینی 100 روپے سے کم میں نہیں بیچ سکتے، ان کا کہنا ہے کہ اپلیٹ کمیٹی نے اپیل مسترد کی تو عدالتوں سے رجوع کریں گے۔

    شوگر ملز مالکان کے مطابق حکومتی فیصلے پر عمل درآمد کرنا ممکن نہیں ہے، یاد رہے کہ حکومت نے 20 اپریل کو چینی کی قیمت مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، اور چینی کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمت 98 روپے 82 پیسے فی کلو مقرر کی گئی تھی، جب کہ چینی کی ایکس مل قیمت 95 روپے 57 پیسے فی کلو مقرر کی گئی۔

    حکومت نے چینی کی مقررہ قیمتوں کے خلاف اپیل کے لیے اپلیٹ کمیٹی تشکیل دی ہے، یہ کمیٹی وفاقی سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری پاور ڈویژن پر مشتمل ہے۔

  • چینی کی قیمت میں اضافہ ، 120 روپے فی کلو تک پہنچ گئی

    چینی کی قیمت میں اضافہ ، 120 روپے فی کلو تک پہنچ گئی

    کراچی : چینی کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کر دیا گیا، جس کے بعد ریٹیل میں چینی کی قیمت 120 روپے فی کلو تک پہنچ گئی‌۔

    تفصیلات کے مطابق ماہ صیام کے دوسرے عشرے کا آغاز لیکن مہنگائی کی شرح میں کمی نہ آئی ، چینی کی طلب میں اضافے سے منافع خوروں ذخیرہ اندوزوں نے عوام کی جیبیں خالی کرنے کے لیئے چینی کی قیمت میں اضافہ کردیا۔

    چیئرمین ہولسیل گروسرزایوسی ایشن عبدالرؤف نے بتایا کہ کراچی میں چینی کی ریٹیل فی کلو قیمت میں 10 روپے اضافہ کر دیاگیا، جس کے بعد چینی 10 روز میں 20 روپے تک مہنگی ہوگئی۔

    ریٹیل میں چینی کی قیمت 120 روپے فی کلو اور ہول سیل میں 115 روپے کلو تک پہنچ گئی ، چینی کی زائد مقدار بیرون ملک ایکسپورٹ،افغانستان اسمگل ہو رہی ہے۔

    ہول سیل میں چینی کی 50کلوکی فی بوری 500روپے مہنگی ہوگئی اور چینی کی بوری 5600پرپہنچ گئی ، چینی مہنگی ہونےسے ذخیرہ اندوزی ہے کیونکہ رمضان المبارک میں طلب بڑھ جاتی ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ چینی سمیت تمام اشیاء خورد و نوش قوت خریدسے باہرہوچکی ہیں ، ماہ رمضان میں سحر و افطار میں چینی کا استعمال بڑھ جاتا ہے، چینی مافیا نے افطار میں میٹھے شربت سے بھی محروم کر دیا ہے۔

  • چینی کی قیمت 100 روپے فی کلوتک پہنچ گئی

    چینی کی قیمت 100 روپے فی کلوتک پہنچ گئی

    اسلام‌ آباد : وفاقی دارلحکومت میں چینی کی قیمت 100روپے فی کلو تک پہنچ گئی جبکہ پشاور،کراچی میں چینی 95روپےفی کلوتک فروخت ہورہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کے رہنے والے سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبورہیں، اسلام آباد میں چینی کی قیمت 100روپے فی کلوتک پہنچ گئی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ راولپنڈی، پشاور، کراچی میں چینی 95روپےفی کلوتک فروخت ہورہی ہے جبکہ لاہور،بہاولپور،کوئٹہ میں چینی کی فی کلو قیمت 90 روپے فی کلو تک ہے۔

    ادارہ شماریات کے مطابق لاڑکانہ میں چینی 90 روپے فی کلو تک دستیاب ہے جبکہ فیصل آباد، گوجرانوالہ، حیدرآبادمیں چینی 88روپےفی کلوتک فروخت ہورہی ہے۔

    اسی طرح سرگودھا، ملتان اور بنوں میں چینی 85 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے۔

  • چینی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، حکومتی بیان جاری

    چینی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، حکومتی بیان جاری

    کراچی: وزارت صنعت و پیداوار نے چینی کی قیمتوں پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے، حکومت ایسی میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کرتی ہے اور یہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ چینی کی قیمتوں میں اس قسم کا کوئی اضافہ نہیں ہوا جیسا کہ رپورٹس میں بتایا گیا ہے۔

    وزارت نے کہا ہماری مانیٹرنگ ٹیموں نے کراچی (جوڑیا بازار)، لاہور (اکبری منڈی) اور اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں کو چیک کیا اور بتایا گیا کہ چینی ریٹیل پر 85 روپے فی کلوگرام جب کہ ہول سیل مارکیٹ میں 82 روپے فی کلوگرام کے ریٹ سے دستیاب ہے۔

    البتہ میڈیا میں کچھ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 94 روپے میں چینی فروخت ہونے کی نشان دہی پر اس کا سختی سے نوٹس لے لیا گیا ہے اور ملوث عناصر کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، ملوث افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

    وزارت نے کہا یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ حکومتی پالیسی کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر خریداری کے لیے شناختی کارڈ دیکھنا لازمی ہے تاکہ کثیر مقدار میں اشیائے خورد و نوش کی خریداری کی حوصلہ شکنی کی جا سکے اور عوام کو اشیا رعایتی قیمتوں پر یکساں طور پر دستیاب ہو۔

    وزارت کے مطابق ملک بھر میں بشمول یوٹیلیٹی اسٹورز ایک ہی قمیت 85 روپے فی کلوگرام کے حساب سے چینی دستیاب ہے۔

    وزارت نے کہا حکومت پاکستان چینی اور دیگر اشیائے خورد و نوش کی سپلائی اور رعایتی قمتیوں پر دستیابی کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے حکم کے مطابق عوام الناس کو رمضان کے مہینے میں تمام اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

  • پنجاب میں چینی کی قیمت 80 روپے فی کلو مقرر کرنے کا فیصلہ

    پنجاب میں چینی کی قیمت 80 روپے فی کلو مقرر کرنے کا فیصلہ

    لاہور: پنجاب میں چینی کی قیمت 80 روپے فی کلو مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں چینی کی قیمت اسّی روپے فی کلو مقرر کر دی ہے، اس فیصلے کا اطلاق چینی کی نئی پیداوار آنے پر ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم نومبر سے پنجاب میں کرشنگ سیزن شروع ہو رہا ہے، 210 روپے فی من گنا خرید کر شوگر ملز میں چینی کی تیاری پر 70 روپے فی کلو لاگت آتی ہے۔

    ادھر اس حوالے سے پنجاب حکومت نے کمر کس لی ہے، سرکاری نرخوں پر چینی فروخت نہ کرنے والے شوگر ملز کے خلاف مقدمہ دائر کیا جائے گا۔

    شوگر ملز کو ہراساں نہ کیا جائے: عدالت کا حکم

    ذرائع کے مطابق گنے کے کاشت کاروں کو ادائیگی بذریعہ چیک 15 دنوں کے اندر ہوگی۔

    یاد رہے کہ دس دن قبل لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کو حکم جاری کیا تھا کہ وہ شوگر ملز کو ہراساں‌ نہ کرے، عدالت نے صوبائی حکومت کو شوگر ملز سے چینی کا اسٹاک زبردستی اٹھانے سے روک دیا تھا۔

    یہ فیصلہ جہانگیر ترین کی جے ڈی ڈبلیو مل سمیت دیگر شوگر ملز کی درخواستوں پر سماعت کے بعد سنایا گیا تھا، اب شوگر ملز سے متعلق کیسز جسٹس شاہد جمیل کی عدالت میں دیکھا جا رہا ہے۔

    دراصل ڈپٹی کمشنر کے حکم پر صوبائی انتظامیہ کی جانب سے 12 سو 88 میٹرک ٹن چینی شوگر ملز سے اٹھانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، جسے شوگر ملز نے غیر قانونی دیا تھا۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی، گھی اور آٹا کی قیمت میں بڑا اضافہ

    یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی، گھی اور آٹا کی قیمت میں بڑا اضافہ

    اسلام آباد: یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے 3 اشیائے خورد و نوش مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس میں چینی، گھی اور آٹے کی نئی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے چینی، گھی اور آٹے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا ہے، اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چینی کی فی کلو قیمت میں 17 روپے کا اضافہ کیا گیا۔

    گھی کی قیمت میں 90 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا ہے، جب کہ آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 150 روپے، اور دس کلو تھیلے کی قیمت میں 75 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق چینی کی فی کلو قیمت 68 روپے سے بڑھا کر 85 روپے مقرر کی گئی ہے، 170 روپے والے فی کلو گھی کی قیمت میں 90 روپے اضافے کے بعد گھی فی کلو اب 260 روپے دستیاب ہوگا۔

    20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 150 روپے کے اضافے ساتھ اب 20 کلو آٹے کا تھیلا 800 کی بجائے 950 میں ملے گا، جب کہ آٹے کا دس کلو کا تھیلا 400 روپے سے بڑھا کر 475 روپے فی کلو کر دیا گیا ہے۔

  • چینی کی قیمت 100 روپے تک پہنچ گئی، گھی کی قیمت میں بھی ہوش رُبا اضافہ

    چینی کی قیمت 100 روپے تک پہنچ گئی، گھی کی قیمت میں بھی ہوش رُبا اضافہ

    لاہور: چینی کی قیمت کو ایک بار پھر پَر لگ گئے ہیں، ایک ہفتے کے دوران چینی کی قیمت 100 روپے تک پہنچ گئی، چینی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد لاہور میں گھی کی قیمت میں بھی 20 روپے فی کلو اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق عوام ایک بار پھر ضروری اشیائے صرف کی قیمتوں کے بوجھ تلے دبنے لگے ہیں، ایک ہفتے کے دوران چینی کی قیمت بڑھتے بڑھتے سو روپے تک پہنچ گئی ہے، چینی مہنگی ہونے سے دکان دار اور گھریلو صارفین مشکلات کا شکار ہیں۔

    چینی کی قیمت 80 روپے سے بڑھ کر سو روپے ہوئی ہے، کنٹرول ریٹ پر چینی نہ ملنے کی وجہ سے چھوٹے دکان داروں نے چینی بیچنا ہی چھوڑ دی۔

    مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے چینی کی قیمت میں اضافے کے ساتھ ساتھ دکانوں پر اس کی عدم دستیابی بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے، وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے چینی کی قیمت کنٹرول کرنے کی واضح ہدایات کے باوجود متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام نظر آتے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو ریلیف نہیں مل رہا۔

    دوسری طرف چینی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد لاہور میں گھی کی قیمت میں بھی یکمشت 20 روپے فی کلو اضافہ ہوگیا ہے، اشیائے ضروریہ کی قیتموں میں اضافے سے صارفین شدید پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔

    گھی کی قیمت نے اڑان بھر لی ہے اور چند روز کے دوران مختلف برا نڈز کے گھی کی قیمت فی کلو بیس سے 40 روپے بڑھ گئی، مختلف کمپنیوں کے گھی کی قیمت فی کلو 220 سے بڑھ کر 265 روپے تک جا پہنچی ہے۔

    دکان داروں کا کہنا ہے گھی ملز مالکان اور ڈیلرز نے گھی کی سپلائی کم کر کے قیمت بڑھائی ہے اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں کہیں نظر نہیں آ رہیں، حکومت نے نوٹس نہ لیا تو گھی کی قیمت مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

  • چینی کی قیمت ایک بار پھر 100روپے کلو سے اوپر جانے کا خدشہ

    چینی کی قیمت ایک بار پھر 100روپے کلو سے اوپر جانے کا خدشہ

    اسلام آباد : پاکستان شوگرملزایسوسی ایشن نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط میں چینی کی قیمت ایک بار پھر 100روپے کلو سے اوپر جانے کا خدشہ ظاہر کردیا اور کہا وزیراعظم شوگر ملز کو گنے کی مقرركرده قیمت پرفراہمی یقینی بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان شوگرملزایسوسی ایشن نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھا ، جس میں کہا گیا ہے کہ چینی کےمناسب داموں فروخت کیلئے آپ کےعزائم کی حمایت کرتے ہیں اور چینی کی بڑھتی قیمت پر چند حقائق آپ کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں۔

    پی ایس ایم اے کا کہنا ہے کہ حکومتی احكمات کےمطابق کرشنگ 30 نومبرسےشروع کی گئی، اس نتیجےمیں گنے سے کی جانے والی ریکوری انتہائی کم رہی، ملک تقریبا3 لاکھ ٹن چینی سےمحروم ہوا۔

    خط میں کہا گیا کہ حکومت نےیقین دہانی کرائی تھی مڈل مین کی دخل نہیں ہوگی اور 200 روپے فی من قیمت یقینی بنائی جائے گی ، تاکہ عوام کو چینی 75روپے فی کلو کے مناسب ریٹ پر دستیاب ہو۔

    پی ایس ایم اے نے کہا کہ کین کمیشنرز مڈل مین کا کردار ختم کرانے میں مکمل ناکام رہے، گنے کی فی من قیمت 270 سے 300 روپے تک پہنچ چکی ہے، چینی کی قیمت ایک بار پھر 100روپے کلو سے اوپر جانے کا خدشہ ہے۔

    پاکستان شوگرملزایسوسی ایشن نے خط میں کہا کہ وزیراعظم شوگر ملز کو گنے کی مقرركرده قیمت پرفراہمی یقینی بنائیں، گنے کی مقررہ قیمت سے چینی کی قیمت نیچےلائی جاسکے گی۔

  • چینی کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ نہیں ہونے دیں گے: مشیر تجارت

    چینی کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ نہیں ہونے دیں گے: مشیر تجارت

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ نہیں ہونے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں چینی کی طلب اور سپلائی کی مجموعی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں چینی کی قیمتوں سمیت شوگر انڈسٹری کے لیے طویل مدتی پالیسی پر تبادلۂ خیال کیا گیا، رزاق داؤد نے کہا کہ طویل مدتی پالیسی لانے کا مقصد مسائل کا مستقل حل ہے۔

    مشیر تجارت نے کہا کہ ملک میں چینی کے اسٹاک کی موجودہ صورتِ حال تسلی بخش ہے، چینی کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ نہیں ہونے دیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  رواں سیزن میں پنجاب میں 133 ارب روپے کا گنا خریدا گیا: وزیر اعلیٰ پنجاب

    عبد الرزاق داؤد نے ایف بی آر اور کین کمشنرز کو ہدایت کی کہ چینی کے ذخیرے کا جائزہ لیا جائے، اور ایف بی آر اور کین کمشنرز ایک ہفتے میں رپورٹس جمع کرائیں۔

    مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ چینی برآمدات کے لیے اسٹیٹ بینک نے 5 لاکھ میٹرک ٹن کوٹہ منظور کر لیا ہے۔ انھوں نے اجلاس میں یہ ہدایت بھی کی کہ شوگر انڈسٹری کے لیے طویل مدتی پالیسی کے لیے سفارشات جمع کرائی جائیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  چینی کی قیمت میں بلا جواز اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا: عثمان بزدار

    یاد رہے کہ تین ماہ قبل وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹویٹر پر بتایا تھا کہ رواں سیزن میں پنجاب میں 133 ارب روپے کا گنا خریدا گیا اور صوبے میں گنے کے کاشت کاروں کو 113 ارب روپے ادا کیے گئے۔

    دو ماہ قبل عثمان بزدار نے واضح پیغام دیا تھا کہ عوام کو زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہماری حکومت کا ایجنڈا ہے، اس لیے چینی کی قیمت میں بلا جواز اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور حکومت چینی کی قیمت میں استحکام کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔