Tag: چین کی خبریں

  • آرمی چیف کی چینی ہم منصب سے ملاقات، سی پیک اور دیگر امور پر گفتگو

    آرمی چیف کی چینی ہم منصب سے ملاقات، سی پیک اور دیگر امور پر گفتگو

    راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیپلز لبریشن آرمی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرتے ہوئے چینی ہم منصب سے ملاقات کی، ملاقات میں سی پیک سمیت دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ چینی کمانڈر کے ساتھ ملاقات میں آرمی چیف نے خطے میں سیکورٹی کی صورتِ حال اور سی پیک کے امور پر گفتگو کی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پیپلز لبریشن آرمی کے سربراہ جنرل ہان ویگو کی ملاقات میں باہمی دل چسپی کے امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چینی آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کام یابیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

    چینی کمانڈر ہان ویگو نے پاک فوج کے سربراہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے لیے پاک فوج کی سیکورٹی کا معیار قابلِ تعریف ہے۔

    پیپلز لبریشن آرمی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وہ انسدادِ دہشت گردی کے لیے پاک فوج کے تجربات سے استفادے کے خواہاں ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  آرمی چیف تین روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے، آئی ایس پی آر


    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مثالی باہمی فوجی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دونوں ممالک کی افواج میں تعاون کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کل وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن سے بھی ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ آرمی چیف عوامی جمہوریہ چین کے تین روزہ دورے پر ہیں۔

  • سانحہ مستونگ: چینی صدر شی جن پنگ کا صدر ممنون حسین کو تعزیتی پیغام

    سانحہ مستونگ: چینی صدر شی جن پنگ کا صدر ممنون حسین کو تعزیتی پیغام

    اسلام آباد: چین کے صدر شی جن پنگ نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ہونے والے بم دھماکے پر اپنے پاکستانی ہم منصب ممنون حسین کو تعزیتی پیغام بھیجا۔

    تفصیلات کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے مستونگ میں انتخابی جلسے پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا۔

    چین کے صدر نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انھیں سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں کے ساتھ ہم دردی ہے۔

    چینی صدر شی جن پنگ نے دہشت گردوں کو انسانیت کے مشترکہ دشمن قرار دیا، کہا ’دہشت گرد انسانیت کے مشترکہ دشمن ہیں۔‘

    مستونگ، پشاوراوربنوں دھماکوں پرملک بھرمیں یوم سوگ‘ قومی پرچم سرنگوں


    شی جن پنگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ عوامی جمہوریہ چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

    واضح رہے کہ دو دن قبل صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی کارنرمیٹنگ میں خود کش دھماکے میں سراج رئیسانی سمیت 130 افراد شہید جب کہ 146 زخمی ہوئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پُر امن ہیں لیکن علاقے کا ایک انچ بھی نہیں دیں گے، چینی صدر

    پُر امن ہیں لیکن علاقے کا ایک انچ بھی نہیں دیں گے، چینی صدر

    بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین پُر امن ہی رہے گا لیکن پُرکھوں کے چھوڑے ہوئے ملکی علاقے کا ایک انچ بھی نہیں چھوڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی صدر نے امریکی وزیر خارجہ کے دورے پر اُن سے ملاقات میں واضح کیا ہے کہ چین امن کے حوالے سے پُر عزم ہے لیکن پُرکھوں نے اپنے پیچھے ملک کا جو علاقہ چھوڑا ہے اس کا ایک انچ بھی کسی کو نہیں دیا جائے گا۔

    چینی صدر نے چین کے پہلے دورے پر آئے ہوئے امریکی وزیر خارجہ جیمز میٹس سے کہا کہ چین کا اپنی حاکمیت اور علاقائی سالمیت کے حوالے سے نکتہ نظر انتہائی واضح ہے اور وہ اس حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

    جنوبی بحیرۂ چین کے معاملے پر چین اور تائیوان کے درمیان موجود تناؤ کے تناظر میں چینی صدر کا یہ بیان امریکا کو واضح پیغام ہے کہ جمہوری اور خود مختار تائیوان کے قیام کے لیے اس کی کوششیں کام یاب نہیں ہونے دی جائیں گی۔

    خیال رہے کہ چین کو اس بات کا یقین ہے کہ امریکا تائیوان کو خود مختاری کے لیے مسلح کر رہا ہے، جب کہ چین اس علاقے کو اپنے وجود کا مقدس حصہ سمجھتا ہے۔

    امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران چینی صدر شی جن پنگ نے یقین دہائی کرائی کہ چین کو کسی اور کا علاقہ حاصل کرنے میں کوئی دل چسپی نہیں ہے۔

    چینی فوج کی بحیرہ جنوبی چین میں عسکری سرگرمیاں، امریکا نے وارننگ دے دی


    واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ چین کے تین روزہ دورے پر ہیں جو کہ خطے میں چینی فوجی پیش رفت کے شدید ناقد رہے ہیں، امریکا نے حال ہی میں چین کی بین الاقوامی بحری مشقوں میں بھی حصہ لینے سے انکار کیا ہے۔

    چینی صدر نے ملاقات میں واضح کیا کہ ہم دنیا میں افراتفری پیدا نہیں کرنا چاہتے، دوسری جانب جیمز میٹس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مذاکرات ’انتہائی مثبت‘ رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ 2014 کے بعد سے جیمز میٹس پینٹاگون کے پہلے اعلیٰ عہدے دار ہیں جو چین کا دورہ کر رہے ہیں، انھوں نے چینی وزیر دفاع کو امریکا کے دورے کی دعوت بھی دی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔