Tag: چین کی معروف کمپنی

  • حکومتِ پاکستان اور معروف چینی کمپنی کے درمیان سرمایہ کاری کیلئے بڑا معاہدہ

    حکومتِ پاکستان اور معروف چینی کمپنی کے درمیان سرمایہ کاری کیلئے بڑا معاہدہ

    اسلام آباد : پاکستان اور چینی کمپنی کے درمیان گوادر سرمایہ کاری کیلئے معاہدہ طے پاگیا، معاہدے کے تحت موجودہ سہولتوں کی اپ گریڈیشن اور توسیع کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزارتِ بحری امور اور چین کی معروف کمپنی شننگ انٹرپرائز کے درمیان گوادر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس کے تحت دونوں فریقین نے لیٹر آف انٹینٹ (Letter of Intent) پر دستخط کیے ہیں۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے معاہدے کو پاکستان کی میری ٹائم معیشت کے لیے اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے گوادر بندرگاہ کو علاقائی سطح پر ٹرانس شپمنٹ کا مرکز بنانے کی راہ ہموار ہوگی۔

    وفاقی وزیر نے بتایا کہ معاہدے کے تحت گوادر فری زون میں نئی صنعتوں اور منصوبوں کے قیام پر اتفاق رائے ہوا ہے، جس سے بندرگاہ کی تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شننگ انٹرپرائز کے تعاون سے گوادر کی موجودہ بندرگاہی سہولیات کی اپ گریڈیشن اور توسیع کی جائے گی تاکہ گوادر کو عالمی سطح پر ایک فعال میری ٹائم گیٹ وے میں تبدیل کیا جا سکے۔

    جنید انوار چوہدری نے واضح کیا کہ بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری نہ صرف گوادر بلکہ پورے پاکستان کی سمندری معیشت کے فروغ کا ذریعہ بنے گی۔

    انہوں نے مزید کہا۔ "ہم گوادر کو عالمی سطح پر تجارتی مرکز بنانے کے لیے پرعزم ہیں، اور عالمی شراکت داروں کی شمولیت ہماری ترقی کی رفتار کو دوگنا کرے گی۔”

    معاہدے پر دستخط کا یہ عمل پاکستان کے بندرگاہی انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے لیے ایک مثبت اشارہ تصور کیا جا رہا ہے۔