Tag: چین کے صدر

  • چین کے صدر، وزیراعظم نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا: محسن نقوی

    چین کے صدر، وزیراعظم نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا: محسن نقوی

    اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ چین کے صدر، وزیراعظم اور اعلیٰ قیادت نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے چینی سفارت خانے میں چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کےحالیہ دورۂ چین سے متعلق بات چیت کی گئی۔

    ملاقات کے دوران پاک چین تعلقات کے فروغ اور چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی، اس موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی نے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم کا حالیہ دورہ چین سے دوستی کا رشتہ مضبوط ہوا ہے۔

    محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چین کے صدر، وزیراعظم اور اعلیٰ قیادت نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، محسن نقوی نے اسلام آباد سمیت ملک بھر میں چینی شہریوں کی حفاظت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

    محسن نقوی نے چینی انجینئرز اور عملے کے سیکیورٹی پلان پر بھی بریف کیا جس پر چینی سفیر نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لئے جامع اور موثر ایس او پیز بنائے ہیں، اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کے لئے الگ فورس ایس پی یو بنائی جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنے والے چینی بھائیوں کا تحفظ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، کوشش ہے کسی چینی شہری پرذرہ بھر آنچ بھی نہ آئے، پاک چین دوستی میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا، ایسی کسی سازش کو ہرگز کامیاب نہ ہونے دینگے۔

    دوسری جانب چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے دوست ہیں، پاکستان کے ساتھ  تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان کی چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات

    وزیراعظم عمران خان کی چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات

    بیجنگ : وزیراعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی ، ملاقات میں ہرآزمائش پر پورا اترنے والی پاک چین دوستی مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں وزیراعظم عمران خان کی چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوئی، صدر شی جن پنگ نے انتخابات جیتنے پر وزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد دی۔

    ملاقات میں پاک چین تزویراتی شراکت داری کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور ہر آزمائش پر پورا اترنے والی پاک چین دوستی مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی گئی۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے اور باہمی مفاد کے لئے شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔

    ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی ، پاکستانی وفد میں وزیر خزانہ اسد عمر ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،منصوبہ بندی ، ریلوے کے وزرا اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال شامل ہیں۔

    وزیراعظم ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے، ملاقات میں پاکستان میں اقتصادی تعاون اور معاشی ترقی پر بات چیت ہو گی جبکہ کمیونسٹ پارٹی کے انٹرنیشنل وزیر سے بھی آج ہی ملاقات ہوگی۔

    گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کے بیجنگ پہنچنے پر ان کا بھرپور استقبال کیا گیا، پاکستان میں چینی سفیراورچینی وزیرٹرانسپورٹ نے ان کا استقبال کیا۔

    وفاقی وزرا شاہ محمود، اسد عمر، خسرو بختیار، شیخ رشید، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔

    مزید پڑھیں : وزیرِ اعظم عمران خان 5 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے

    دورہ چین میں وزیراعظم 3 نومبرکو بیجنگ میں پیپلزہیرومونومنٹ کا دورہ کریں گے اور چیئرمین این پی سے ملاقات کریں گے جبکہ سرکاری استقبالیہ تقریب میں شرکت کریں گے جبکہ وزیراعظم کے اعزاز میں گریٹ ہال میں خیرمقدمی تقریب ہوگی، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

    اسی روز مختلف معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں چینی ہم منصب سے ملاقات کریں گے، اس کے بعد وہ چین کے وزیراعظم کی طرف سے دی گئی ضیافت میں جائیں گے۔

    دورے کے دوران 4 نومبرکوعمران خان چین میں اسکول کی تقریب میں شرکت کریں گے اور بیجنگ میں مختلف تقاریب سےخطاب کرنے کے بعد شنگھائی روانہ ہوں گے۔

    وزیراعظم 5نومبرکو پاک چین انٹرنیشنل ایکسپو میں شرکت کریں گے اور میٹروپولیٹن شنگھائی کی مقامی قیادت سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیراعظم پاکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔

    چین کے دورے میں وزیراعظم عمران خان چینی کمپنی کے وفد سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ دورے کے دوران ملاقاتوں میں سی پیک سمیت چینی قیادت سے دوطرفہ امورپر مذاکرات ہوں گے اور مذاکرات میں علاقائی امن اورترقی سمیت دیگر امور زیر غور آئیں گے۔+

    خیال رہے وزیراعظم پاکستان کا عہدہ سنبھالنے کے بعد عمران خان کا پہلا دورہ چین ہے۔

  • چین کے صدر 20  اور 21 اپریل کو پاکستان کا دورہ کریں گے،  دفترخارجہ

    چین کے صدر 20 اور 21 اپریل کو پاکستان کا دورہ کریں گے، دفترخارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے چین کے صدر بیس اور اکیس اپریل کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ چین کے صدر ژی جن پنگ پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے، چین کے صدر ژی جن پنگ کے دورہ پاکستان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی صدر اپنی اہلیہ سمیت ساٹھ رکنی وفد کے ہمرا ہ دو روزہ دورے پر پاکستان آ رہے ہیں، اس موقع پر وہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق چینی صدرپاکستان اور خطے سے متعلق چین کی پالیسی کا اعلان بھی کریں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اہم اہم معاہدے ہونگے۔

    چین نے پارلیمنٹ ہاؤس کی بجلی کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے ایک منصوبے کی بھی پاکستان کو پیشکش کی ہے، اس منصوبے سے ایک اعشاریہ آٹھ میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی،  جسے تیس ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا، یہ منصوبہ چین کی طر ف سے پاکستان کے لئے ایک تحفہ ہے۔

    دوسری جانب پاکستان کومقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تشویش ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

    ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے کشمیری رہنماؤں کے خلاف مقدمات پر اختلافات ہیں، کشمیریوں کی اخلاقی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، بھارت کے دفائی بجٹ میں اضافہ خطے کیلئے نقصان دہ ہے، ہم نے سرینگر کا مسئلہ مناسب فورم پر اٹھایا۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ سعودی وزیر مذہبی امور کا دورہ پاکستان معمول کا تھا، سعودی وزیر مذہبی امور کا دورہ اپنے پاکستانی ہم منصب کی دعوت پر تھا۔سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے پاکستانی وفد آج واپس پہنچے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ یمن میں قید گیارہ پاکستانی کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں، بھارتی کی جانب سے مظاہرین پر تشدد غیر قانونی ہے، ہم ٹویٹ پر رد عمل نہیں دیتے، انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کا کوئی سرکاری بیان نہیں آیا۔

  • چینی صدر آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے

    چینی صدر آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد : چین کے صدر ژی جن پنگ پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے تفصیلات کے مطابق چین کے صدر ژی جن پنگ کے دورہ پاکستان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی صدر اپنی اہلیہ سمیت ساٹھ رکنی وفد کے ہمرا ہ دو روزہ دورے پر رواں ماہ کے آخر یا آئندہ ماہ کے آغاز پر پاکستان آ رہے ہیں۔

    اس موقع پر وہ پارلیمنٹ کے مشتر کہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے ۔ذرائع کے مطابق چینی صدرپاکستان اور خطے سے متعلق چین کی پالیسی کا اعلان بھی کریں گے۔

    چینی صدر کا خطا ب دنیا بھر میں براہ راست نشر کیا جائے گا ۔اس موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

    چین نے پارلیمنٹ ہاؤس کی بجلی کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے ایک منصوبے کی بھی پاکستان کو پیشکش کی ہے۔

    ایک اعشاریہ آٹھ میگاواٹ بجلی اس منصوبے سے پیدا ہو گی جسے تیس ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔یہ منصوبہ چین کی طر ف سے پاکستان کے لئے ایک تحفہ ہے۔