Tag: چین

  • چین کے نیشنل میوزیم میں پہلا پاکستانی فن پارہ

    چین کے نیشنل میوزیم میں پہلا پاکستانی فن پارہ

    کراچی: معروف پاکستانی مصور جمی انجینیئر کا شاہکار فن پارہ بیجنگ کے نیشنل آرٹ میوزیم کو عطیہ کیا گیا ہے۔

    میوزیم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہلی بار میوزیم میں کسی پاکستانی فنکار کے فن پارے کو جگہ دی گئی ہے۔ یہ فن پارہ پاک چین دوستی اور تعلقات کو اور بھی مضبوط کرے گا۔

    art-2

    میوزیم میں رکھے جانے والے جمی کے فن پارے کا عنوان ’انٹرنیشنل آرکی ٹیکچرلر کمپوزیشن‘ ہے۔

    بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانہ بہت جلد ایک نمائش کا ارادہ بھی رکھتا ہے جس میں جمی انجینئر کا فن پارہ بھی رکھا جائے گا۔

    واضح رہے کہ جمی انجینئر ایک معروف مصور اور سماجی کارکن ہیں جو اپنے فن پاروں میں مختلف معاشرتی مسائل کو اجاگر کرتے ہیں۔

    art-9

    ان کا زیادہ تر کام پاکستانی ثقافتی اور تاریخی ورثے کو پیش کرتا ہے۔

    art-4

    art-3

    وہ نہ صرف اپنے فن بلکہ اپنی سماجی سرگرمیوں کے اعتراف میں بے شمار اعزازات اور ایوارڈز حاصل کر چکے ہیں جن میں امریکا کا نیشنل انڈومنٹ آف دا آرٹس ایوارڈ 1988، روٹری کلب آف پاکستان کی جانب سے گولڈ میڈل اور ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان کی جانب سے ہیومن رائٹس میڈل شامل ہے۔

    سنہ 2005 میں انہیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا جبکہ انہیں چائنا ورلڈ پیس فاؤنڈیشن کی جانب سے 2016 میں پیس ایمبسڈرز کا میڈل عطا کیا گیا۔

  • چین کی فضائی آلودگی ہر روز 4 ہزار افراد کی قاتل

    چین کی فضائی آلودگی ہر روز 4 ہزار افراد کی قاتل

    واشنگٹن: امریکا میں کیے جانے والے ایک سروے سے معلوم ہوا کہ چین کی فضائی آلودگی ہر روز 4 ہزار افراد کی موت کا سبب بن رہی ہے۔

    یونیورسٹی آف کیلی فورنیا میں کی جانے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ چین میں ہر سال 16 لاکھ اموات آلودگی کے باعث پیدا ہونے والے امراض قلب، پھیپھڑوں کے امراض اور فالج کے باعث ہوتی ہیں۔

    واضح رہے کہ چین میں کوئلے کا استعمال توانائی کے حصول کا اہم ذریعہ ہے اور یہی چین کی فضا کو جان لیوا حد تک آلودہ کرنے کا سبب بھی ہے۔

    مزید پڑھیں: بدترین فضائی آلودگی کا شکار 10 ممالک

    تحقیق کے سربراہ رابرٹ رہوڈ کے مطابق چین کی 38 فیصد آبادی اپنی زندگی کا بیشتر حصہ اس فضا میں گزار رہی ہے جسے عالمی معیارات کے تحت غیر صحت مند قرار دیا جا چکا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ چین کی فضائی آلودگی میں سردی کے موسم میں خطرناک حد تک اضافہ ہوجاتا ہے کیونکہ حرارت کے حصول کے لیے بڑے اور چھوٹے پیمانے پر کوئلے ہی کو جلایا جاتا ہے۔

    دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے مطابق فضائی آلودگی کے باعث ہر سال 5.5 ملین لوگ ہلاک ہوجاتے ہیں۔

    اس سے قبل بھی کئی بار فضائی آلودگی کے انسانی صحت پر خطرناک اثرات کے بارے میں آگاہ کیا جاچکا ہے۔

    اس سے قبل ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ فضائی آلودگی انسانی دماغ پر اثر انداز ہوتی ہے اور یہ مختلف دماغی بیماریوں جیسے الزائمر وغیرہ کا سبب بن سکتی ہے۔ ریسرچ کے مطابق ایک دماغی اسکین میں فضا میں موجود آلودہ ذرات دماغ کے ٹشوز میں پائے گئے تھے۔

    ایک اور تحقیق کے مطابق فضائی آلودگی ان لوگوں پر خاص طور پر منفی اثرات ڈالتی ہے جو کھلی فضا میں کام کرتے ہیں جیسے مزدور اور کسان وغیرہ۔ ماہرین کے مطابق یہ کھلی فضا میں کام کرنے والے افراد کی استعداد کو متاثر کرتی ہے جس کے نتیجے میں ان کی کارکردگی میں کمی واقع ہوجاتی ہے۔

  • چین سے لندن تک ٹرین سروس کا آغاز

    چین سے لندن تک ٹرین سروس کا آغاز

    بیجنگ: چین نے اپنے صوبے ژی جیانگ سے برطانیہ کے دارالحکومت لندن تک پہلی مال بردار ٹرین سروس کا آغاز کردیا۔ ٹرین براستہ قازقستان، روس، بیلا روس، پولینڈ، جرمنی، بیلجیئم اور فرانس سے لندن جائے گی۔

    چینی اخبار کے مطابق 12 ہزار کلومیٹر کا سفر طے کر کے یہ ٹرین 18 دن میں اپنا سفر طے کرے گی۔ اس سروس کے تحت پہلی ٹرین 1 جنوری کو اپنے سفر کا آغاز کر چکی ہے جو 18 جنوری کو اپنی منزل پر پہنچ جائے گی۔

    اس سروس کے آغاز کے بعد برطانیہ یورپ کا وہ آٹھواں ملک بن گیا ہے جہاں چین کی مال بردار ٹرین سروس فعال ہوگئی ہے۔ لندن جانے والی خصوصی مال بردار ٹرین یہاں سے گھریلو استعمال کی اشیا سمیت گارمنٹس، بیگز، سوٹ کیسز اور دیگر مصنوعات لے کر جائے گی۔

    چینی ریلوے انتظامیہ کے مطابق چین سے برطانیہ تک یہ ٹرین سروس دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو بہتر کرے گی۔ یہ سروس صدر شی چن پنگ کی پالیسی ’ایک خطہ ایک روڈ‘ کے تحت شروع کی گئی ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایک ہی ٹرین اتنا لمبا سفر طے نہیں کرسکتی لہٰذا مختلف مقامات پر ٹرین پر رکھے کنٹینرز کو دوسری ٹرین میں منتقل کیا جائے گا۔

  • ہاتھی دانت کی تجارت ۔ دنیا کی سب سے بڑی مارکیٹ بند ہوجائے گی؟

    ہاتھی دانت کی تجارت ۔ دنیا کی سب سے بڑی مارکیٹ بند ہوجائے گی؟

    بیجنگ: چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال کے آخر تک ملک میں ہونے والی ہاتھی دانت کی تمام تجارت پر پابندی عائد کردے گا جس کے بعد امید ہے کہ ہاتھی دانت کی، دنیا کی سب سے بڑی غیر قانونی مارکیٹ کا خاتمہ ہوجائے گا۔

    چین نے یہ فیصلہ ہاتھی دانت کی تجارت میں بے پناہ اضافہ اور اس کے باعث ہونے والی ہاتھیوں کی آبادی میں خطرناک کمی کے باعث دنیا بھر کے دباؤ کی وجہ سے کیا ہے۔

    چین اور امریکا ہاتھی دانت کی تجارت کے لیے دنیا کی دو بڑی مارکیٹیں سمجھی جاتی ہیں۔ دنیا بھر میں جمع کیا جانے والا ہاتھی دانت کا 50 سے 70 فیصد حصہ چین میں اسمگل کیا جاتا ہے۔

    ivory-3

    ہاتھی دانت ایک قیمتی دھات ہے اور عالمی مارکیٹ میں اس کی قیمت کوکین یا سونے سے بھی کہیں زیادہ ہے۔ اسے سفید سونا کہا جاتا ہے، اور یہی اس کے شکار کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

    ہاتھی دانت کو زیورات، مجسمے اور آرائشی اشیا بنانے میں استعمال کیا جاتا ہے۔ خوبصورت اور شفاف ہونے کی وجہ سے یہ نہایت مہنگا ہے اور دولت مند افراد اسے منہ مانگے داموں خریدنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔

    ivory

    ivory-2

    عالمی ادارہ برائے تحفظ ماحولیات آئی یو سی این کے مطابق ایک عشرے قبل پورے براعظم افریقہ میں ہاتھیوں کی تعداد 4 لاکھ 15 ہزار تھی، لیکن ہاتھی دانت کے لیے ہاتھیوں کے بے دریغ شکار کی وجہ سے اب یہ تعداد گھٹ کر صرف 1 لاکھ 11 ہزار رہ گئی ہے۔

    ماہرین کے مطابق ہاتھی دانت کی تجارت نہ صرف ہاتھیوں کی نسل کو ختم کر سکتی ہے بلکہ اس سے حاصل ہونے والی رقم غیر قانونی کاموں میں بھی استعمال کی جارہی ہے۔ اس غیر قانونی تجارت کو کئی عالمی جرائم پیشہ منظم گروہوں کی سرپرستی حاصل ہے۔

    elephants

    چین میں تحفظ جنگلی حیات کے لیے کام کرنے والے افراد ایک عرصہ سے ہاتھی دانت کی تجارت کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے موقع پر جب چین ایک بڑی معاشی طاقت بن چکا ہے، جنگلی حیات کی اس قسم کی غیر قانونی تجارت چین کا چہرہ مسخ کرنے کے برابر ہے۔

    تاہم اب ان کا کہنا ہے کہ ہاتھیوں کا تحفظ اسی صورت ممکن ہے جب اس پابندی پر خلوص نیت سے عمل کیا جائے۔

  • چین شمالی کوریا کے معاملے میں کوئی مدد نہیں کر رہا,ٹرمپ

    چین شمالی کوریا کے معاملے میں کوئی مدد نہیں کر رہا,ٹرمپ

    واشنگٹن : نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہناہےکہ چین شمالی کوریا کو لگام دینے میں ناکام رہاہے۔

    تفصیلات کےمطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نومنتخب امریکی صدر نے اپنے پیغام میں کہا ہےکہ ’چین امریکہ سے یک طرفہ تجارت کر کے پیسے کما رہا ہے لیکن شمالی کوریا کے معاملے میں کوئی مدد نہیں کر رہا‘۔

    نومنتخب امریکی صدر نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ ’ایسا نہیں ہو گا‘۔ یہ واضح نہیں ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا کی جوہری میزائل بنانے کی صلاحیت پر شک کا اظہار کر رہے تھے یا وہ اس کو روکنے کا کوئی قدم اٹھائیں گے۔

    یاد رہے کہ شمالی کوریا کے رہنماپیانگ یانگ نے سالِ نو کے موقعے پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ بین البراعظمی میزائل تیاری کےآخری مراحل میں ہے۔

    مزید پڑھیں:شمالی کوریا کا پانچواں جوہری میزائل کا کامیاب تجربہ

    پیانگ یانگ نے گذشتہ سال بھی دو جوہری تجربات کیے تھے جن میں سے ایک کو اب تک شمالی کوریا کا سب سے طاقتور تجربہ کہا جا رہا ہے۔

    شمالی کوریا نے حال ہی میں دعویٰ کیا تھا کہ اس نے امریکہ تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے میزائل کی تیاری میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔

    مزید پڑھیں:اقوام متحدہ کی شمالی کوریا کے ایٹمی تجربے کی مذمت

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے ایک قرارداد کے ذریعے شمالی کوریا سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ جوہری اور میزائل تجربات بند کر دے۔

  • پینگولین کی کھال کی سب سے بڑی کھیپ پکڑی گئی

    پینگولین کی کھال کی سب سے بڑی کھیپ پکڑی گئی

    شنگھائی: چین میں جانوروں کی اسمگلنگ کی سب سے بڑی کھیپ پکڑی گئی جس میں پینگولین کی کھال کو اسمگل کیا جارہا تھا۔ ان کھالوں کا وزن 3 ٹن تھا۔

    چینی سرکاری میڈیا کے مطابق نائجیریا سے آنے والی اس کھیپ کو لکڑی کی مصنوعات کے ایک کنٹینر میں رکھا گیا تھا۔ کسٹم اہلکاروں نے ٹرک کے ساتھ آنے والے افراد کو گرفتار کرلیا ہے جو مبینہ طور پر اس سمگلنگ میں ملوث ہیں۔

    ماہرین کا اندازہ ہے کہ 3 ٹن کی کھال کے حصول کے لیے کم از کم ساڑھے 7 ہزار پینگولینوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا ہوگا۔

    چینی میڈیا کے مطابق پینگولین کی کھال غیر قانونی طور پر 700 ڈالر فی کلو گرام فروخت ہوتی ہے اور پکڑی جانے والی کھال کی مالیت 2 ملین ڈالر سے زائد ہے۔

    dress
    پینگولین کی کھال سے تیار کردہ بیش قیمت لباس

    گو کہ چین میں اس جانور کو خطرے کا شکار جنگلی حیات کی فہرست میں رکھا گیا ہے اور اس کی تجارت پر مکمل پابندی عائد ہے تاہم اس کے باوجود وہاں پینگولین کی غیر قانونی تجارت جاری ہے۔

    واضح رہے کہ پینگولین دنیا میں سب سے زیادہ غیر قانونی طور پر شکار کیا جانے والا ممالیہ ہے۔ اس کی کھپلی نما کھردری کھال چین کی روایتی دواؤں میں استعمال کی جاتی ہے جبکہ چین، جاپان، تائیوان اور کوریا میں اس کا گوشت بے حد شوق سے کھایا جاتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق پینگولین کی اسمگلنگ میں تیزی سے ہوتے اضافے کے باعث بر اعظم ایشیا میں اس کی معدومی کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

    pangolin-2

    سنہ 1975 میں جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت کے خلاف اقوام متحدہ کے زیر نگرانی ایک معاہدہ سائٹس منظور ہوچکا ہے جس پر 180 ممالک دستخط کرچکے ہیں۔

    اس معاہدے کے مرکزی خیال پر کچھ عرصہ قبل منعقد کی جانے والی کانفرنس میں مختلف ممالک کی حکومتوں نے پینگولین کی تجارت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • چین میں رنگا رنگ روشنیوں کا میلہ

    چین میں رنگا رنگ روشنیوں کا میلہ

    چین میں سالانہ رائل لالٹین فیئر کا آغاز ہوگیا۔

    8

    7

    6

    ہر سال منائے جانے والے اس میلے میں سینکڑوں دیو ہیکل فن پارے شرکا کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

    4

    3

    2

    جونہی رات ہوتی ہے، شہر دیوہیکل رنگ برنگی لالٹینوں سے جگمگا اٹھتا ہے۔

    5

    1

    روشنیوں کا یہ میلہ چینی کلینڈر کے 15 ویں دن یعنی فروری میں شروع ہونے والے لالٹین فیسٹیول تک جاری رہے گا۔

  • جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس 29 دسمبر کو چین میں

    جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس 29 دسمبر کو چین میں

    بیجنگ: سی پیک سے متعلق جوائنٹ کو آرڈینیشن کمیٹی کے بیجنگ میں ہونے والے چھٹے اجلاس کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر اعلیٰ کے پی کے بھی چینی دار الحکومت پہنچ گئے۔

    پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق جے سی سی کا اجلاس 29 دسمبر کو ہوگا۔ اجلاس میں متعلقہ اداروں کے سربراہان، وفاقی سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہیں۔

    جے سی سی میں شرکت کے لیے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک چین پہنچ چکے ہیں۔ دیگر صوبوں کے وزیر اعلیٰ کی شرکت بھی متوقع ہے۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے آج جے سی سی میٹنگ سے قبل پاکستان کی حکمت عملی کا جائزہ اور تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ صوبائی قیادت کی شمولیت سے منصوبے کو اعلیٰ سطح پر سیاسی اونر شپ ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں اگلے مرحلے کے کئی منصوبوں کی منظوری متوقع ہے۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ صوبوں میں صنعتی زونز کا قیام صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے عمل میں لایا جائے گا۔ جے سی سی میں پاک چین صنعتی تعاون پر اہم پیشرفت متوقع ہے۔

  • پاکستان اسٹاک ایکسچینج، 40 فی صدحصص فروخت

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج، 40 فی صدحصص فروخت

    کراچی : پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 40 فیصد حصص 4 چینی کمپنیوں کو فروخت کردیے گئے ہیں، امریکی اور یورپی ممالک کی موجودگی میں سب سے زیادہ بولی لگانے والی چینی کمپنیاں بازی لے گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 40 فیصد حصص کی 4 چینی کمپنیوں کے کنسورشیم نے سب سے زیادہ پیشکش کر کے بولی جیت لی جس کے بعد پاکستان اسٹاک ایکس چینج کی ڈی میوچلائزیشن کا ایک اور مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی کمپنیوں کے کنسورشیم جس میں شنگھائی اسٹاک ایکس چینج نے 28 روپے فی شیئر کی پیشکش کی ہے جس کے باعث 40 فیصد حصص کی مجموعی مالیت 8 ارب 90 کروڑ روپے ہوگی۔

    psx

    یاد رہے رواں سال کے آغاز میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے اسٹاک ایکسچینج کو ضم کر کے پاکستان اسٹاک ایکسچینج تشکیل دے دیا گیا تھا جس کے بعد اس کے 14 ہزار پوائنٹس کی بہتری دیکھنے میں آئی تھی۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے مختلف ممالک کے سرمایہ کاری گروپس سے 22 دسمبر تک پیشکشیں طلب کی تھیں جس کے بعد آج سرمایہ کاروں کی جانب سے لگائی جانے والی بولیوں کا موازنہ کیا گیا اور سب سے زیادہ بولی دینے والی چینی کمپنیوں کو 40 فی صد حصص فروخت کردیئے گئے جس سے طو یل المدتی سرمایہ کاری کا آغاز ہو جائے گا۔

    اس حوالے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے، اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے اونچی بولی دینے والی چینی کمپنیاں چائنہ فننانشل فیچرز، شنگھائی اسٹاک ایکسچینج اور شن جین اسٹاک ایکسچینج کو 40 فی صد فروخت کردیئے گئے ہیں جب کہ دو مقامی مالیاتی ادارے بھی بولی کے عمل میں شامل تھے تاہم حتمی منظوری سیکورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے لی جائے گی۔

  • کلائمٹ چینج کے باعث دنیا بھر میں غیر معمولی واقعات

    کلائمٹ چینج کے باعث دنیا بھر میں غیر معمولی واقعات

    واشنگٹن: امریکی سائنسی ماہرین نے حال ہی میں ایک چونکا دینے والی رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ موسمیاتی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج نے سال 2015 میں دو درجن سے زائد ایسے موسمیاتی مظاہر پیدا کیے جن کا اس سے پہلے تصور بھی ناممکن تھا۔

    ماہرین نے ان واقعات میں سنہ 2015 میں کراچی کو اپنا نشانہ بنانے والی خوفناک اور جان لیوا ہیٹ ویو کو بھی شامل کیا ہے۔

    report-1

    امریکا کے نیشنل اوشینک اینڈ ایٹموسفیریک ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کی گئی اس تحقیقاتی رپورٹ میں دنیا بھر میں ہونے والے 24 سے 30 ایسے غیر معمولی واقعات کی فہرست بنائی ہے جو اس سے پہلے کبھی ان علاقوں میں نہیں دیکھے گئے۔

    ان واقعات میں دنیا کے 11 علاقوں بشمول پاکستان اور بھارت کی ہیٹ ویو، برطانیہ میں سردیوں کے موسم میں سورج کا نکلنا، اور امریکی شہر میامی کے ایسے سیلاب کو شامل کیا گیا ہے جو اس وقت آیا جب سورج سوا نیزے پر تھا۔

    report-2
    امریکی شہر میامی میں آنے والا سیلاب

    رپورٹ میں مزید واقعات میں جنوب مشرقی چین کی شدید بارشیں، جبکہ شمال مغربی چین کی سخت گرمی، برفانی خطے الاسکا کے درجہ حرارت میں اضافہ اور اس کی وجہ سے وہاں کے جنگلات میں آتشزدگی، اور مغربی کینیڈا میں ہونے والی سخت خشک سالی شامل ہے۔

    ادارے کے پروفیسر اور رپورٹ کے نگران اسٹیفنی ہیئرنگ کے مطابق ان عوامل کی وجوہات کا تعین ہونا ضروری ہے۔

    report-3
    الاسکا کے جنگلات میں آگ

    انہوں نے کہا کہ دنیا کو تیزی سے اپنا نشانہ بناتا کلائمٹ چینج دراصل قدرتی عمل سے زیادہ انسانوں کا تخلیق کردہ ہے اور ہم اپنی ترقی کی قیمت اپنے ماحول اور فطرت کی تباہی کی صورت میں ادا کر رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: کلائمٹ چینج سے مطابقت کیسے کی جائے؟

    پروفیسر اسٹیفنی کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ غیر معمولی تو ضرور ہے تاہم غیر متوقع ہرگز نہیں اور اب ہمیں ہر سال اسی قسم کے واقعات کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ مراکش میں ہونے والی ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق عالمی کانفرنس کوپ 22 میں بھی ماہرین متنبہ کر چکے تھے کہ موسمیاتی تغیرات میں مزید شدت آتی جائے گی اور یہ دنیا کے تمام حصوں کو متاثر کرے گی۔