Tag: چین

  • چین سے 11 الیکٹرک بسیں  پاکستان پہنچ گئیں

    چین سے 11 الیکٹرک بسیں پاکستان پہنچ گئیں

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز 19 فروری کو الیکٹرک بسوں کا افتتاح کریں گی، جو ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین سے 11 الیکٹرک بسیں لاہور پہنچ گئیں، جو ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

    محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام نے بتایا کہ 16 الیکٹرک بسیں کراچی سےلاہور کچھ دنوں میں پہنچ جائیں گی ، پہلے فیز میں 27 الیکٹرک بسوں کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر چلایا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز 19 فروری کو الیکٹرک بسوں کا افتتاح کریں گی۔

    الیکٹرک بسوں کا چارجنگ اسٹیشن گرین ٹاون ہوگا ، ایک بس میں 60 مسافر سفرکرتے ہیں

    کمپنی تمام بسیں محکمہ ٹرانسپورٹ کے حوالے کرے گی جبکہ فیصل آباد اور بہاولپور کیلئے بھی الیکٹرک بسوں کے ٹینڈر جاری کئے گئے ہیں ، جو کہ پنجاب بھر میں ماحول دوست اقدام کو مزید وسعت دینے کی نشاندہی کرتے ہیں۔

  • آبنائے تائیوان سے کینیڈین بحری جہاز گزرنے پر چین کو غصہ آ گیا

    آبنائے تائیوان سے کینیڈین بحری جہاز گزرنے پر چین کو غصہ آ گیا

    تائپے: کینیڈا کے جنگی بحری جہاز کی آبنائے تائیوان آمد پر چین نے شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین نے کینیڈین جنگی جہاز کی آبنائے تائیوان میں آمد پر غصے کا اظہار کیا ہے، چین کی فوج نے پیر کو کہا کہ آبنائے سے گزرنے والا کینیڈا کا جنگی جہاز حساس آبی گزرگاہ میں ’’امن کو نقصان پہنچا رہا ہے۔‘‘

    چینی فوج کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ کینیڈا کے اقدامات جان بوجھ کر مشکلات میں اضافہ کرنے اور آبنائے تائیوان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں۔

    ترجمان نے کہا چین نے مانیٹرنگ کے لیے اپنی فضائی اور بحری افواج کو علاقے کی طرف روانہ کر دیا ہے اور وہ تمام خطرات اور اشتعال انگیزیوں کا سختی سے مقابلہ کرے گا۔

    دنیا کا اسٹیج چین کے حوالے کرنے پر امریکا زندگی بھر افسوس کرتا رہے گا، سابق برطانوی وزیر اعظم کا انٹرویو

    کینیڈا نے چین کے رد عمل پر فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ تائیوان کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس نے پیر کی صبح 6 بجے سے 24 گھنٹوں کے دوران جزیرے کے قریب 41 چینی طیارے اور 9 جنگی جہاز ریکارڈ کیے ہیں۔

    تائیوان کی وزارت دفاع نے پیر کو کہا کہ آبنائے کا تعلق چین سے نہیں ہے، یہ تائیوان کا ہے، اور تناؤ پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش سے عالمی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔

    واضح رہے کہ اتوار کو کینیڈا کا بحری جنگی جہاز آبنائے تائیوان سے گزرا تھا۔ بیجنگ تائیوان کو ایک باغی صوبے کے طور پر دیکھتا ہے اور اس جزیرے کو چینی سرزمین سے الگ کرنے والے پانیوں پر دائرہ اختیار کا دعویٰ کرتا ہے۔

    دوسری طرف امریکا اور اس کے اتحادی باقاعدگی سے اس 180 کلومیٹر (112 میل) آبنائے سے گزرتے ہیں، تاکہ اس کی حیثیت ایک بین الاقوامی آبی گزرگاہ کے طور پر مستحکم کی جا سکے، تاہم اس پر چین شدید ناراض ہوتا ہے۔

  • دنیا کا اسٹیج چین کے حوالے کرنے پر امریکا زندگی بھر افسوس کرتا رہے گا، سابق برطانوی وزیر اعظم کا انٹرویو

    دنیا کا اسٹیج چین کے حوالے کرنے پر امریکا زندگی بھر افسوس کرتا رہے گا، سابق برطانوی وزیر اعظم کا انٹرویو

    لندن: برطانیہ کے سابق وزیر اعظم جان میجر نے ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ پر بڑی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کا اسٹیج چین کے حوالے کرنے پر امریکا زندگی بھر افسوس کرتا رہے گا۔

    برطانیہ کے سابق وزیر اعظم جان میجر بھی ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف بول پڑے، وہ عصری سیاست پر شاذ و نادر ہی براہِ راست رائے پیش کرتے ہیں، تاہم انھوں نے بی بی سی ریڈیو 4 کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ انھوں نے ٹرمپ کی انتظامیہ جیسی کوئی چیز پہلے کبھی نہیں دیکھی، انھوں نے متنبہ کیا کہ واشنگٹن عالمی قیادت کو ایک زیادہ مطلق العنان طاقت (چین) کے حوالے کرنے پر زندگی بھر افسوس کرتا رہے گا۔

    جان میجر نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا امریکا پیچھے ہٹ کر تنہائی میں جا رہا ہے، جس سے عالمی اسٹیج پر چین ایک ممکنہ متبادل کے طور پر ابھرے گا اور اس سے دنیا بھر میں جمہوریت کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

    1990 سے 1997 تک وزیر اعظم رہنے والے جان میجر نے نائب امریکی صدر جے ڈی وینس کی میونخ کانفرنس میں تقریر کی بھی شدید مذمت کی۔ انھوں نے نائب امریکی صدر کو منافق اور آمر پسند قرار دیا جو یورپ کو تو آزادئ اظہار پر لیکچر دے رہے ہیں لیکن ولادیمیر پیوٹن کے روس کے ساتھ بغل گیر ہو رہے ہیں۔

    جان میجر نے کہا امریکا پہلی بار اپنے اتحادیوں کو چھوڑ رہا ہے، اور یورپی ملکوں کو امریکا کو روس کی گود میں بیٹھنے کا تاثر ملا ہے۔ انھوں نے کہا امریکا کی انفرادی سوچ 18 سال میں خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔

    جان میجر کا کہنا تھا کہ یوکرین سے مشاورت کیے بغیر ٹرمپ انتظامیہ روس کو رعایت دے رہا ہے، چین اور روس مزید اثر و رسوخ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے، اس لیے دنیا بھر میں جمہوریت کو چین کے ممکنہ متبادل سے خطرہ ہے، انھوں نے کہا کہ یہ ایک بدصورت قوم پرستی ہے جو زیادہ تر عدم برداشت والے دائیں بازو سے پروان چڑھ رہی ہے۔

  • امریکا کا چین اور روس کے ساتھ ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ ختم کرنے کا عندیہ

    امریکا کا چین اور روس کے ساتھ ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ ختم کرنے کا عندیہ

    امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سخت حریف ممالک چین اور روس کے ساتھ ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین اور روس ہمارے ساتھ ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ میں ہیں، جو اچھا شگون نہیں ہے۔

    ٹرمپ نے کہا کہ دفاعی اخراجات پر امریکا کا ہزار ارب ڈالر خرچ ہو رہا ہے، جو دیگر چیزوں پر ہونا چاہیے۔ ان اخراجات کی کمی کے لیے دونوں ممالک سے بات چیت ہو سکتی ہے۔

    امریکی صدر نے مزید کہا کہ روس کو جی سیون سے نکالنا غلطی تھی۔ روس کی اس میں دوبارہ شمولیت پر خوشی ہوگی۔

    واضح رہے کہ چین اور روس کو دنیا میں امریکا کے حریف ممالک مانا جاتا ہے۔ تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری بار امریکی صدر کا حلف اٹھانے کے فوری بعد روسی صدر

    ولادیمیر پیوٹن اور چین کے صدر شی جن پنگ کو ویڈیو کال کی تھی جبکہ تین روز قبل ٹرمپ نے روسی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ بھی کیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/trump-confirms-call-with-putin/

  • اینٹ کا جواب پتھر سے، امریکا پر چین کا جوابی ٹیرف لاگو ہو گیا

    اینٹ کا جواب پتھر سے، امریکا پر چین کا جوابی ٹیرف لاگو ہو گیا

    بیجنگ: اینٹ کا جواب پتھر سے، یا ’جیسے کو تیسا‘ کے مصداق چین کا جوابی ٹیرف آج سے امریکا پر لاگو ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی مصنوعات پر چین کے درآمدی ٹیکس کا اطلاق آج پیر سے ہو گیا ہے، چینی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی کوئلے اور مائع قدرتی گیس پر 15 فی صد سرحدی ٹیکس لگایا گیا ہے۔

    امریکی خام تیل، زرعی مشینری اور بڑے انجن والی کاروں پر 10 فی صد ٹیرف عائد ہوگا، گزشتہ ہفتے امریکا نے چین کی تمام درآمدی مصنوعات پر 10 فی صد ٹیرف عائد کیا تھا۔

    ایک دوسرے پر اضافی ٹیرف لاگو کرنے کے اقدامات سے دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی جنگ بڑھ گئی ہے، لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس کی پرواہ نہیں ہے، اس لیے انھوں نے مزید ممالک پر محصولات عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔

    اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کی فوٹیج دیکھ کر ٹرمپ کو کیا ہوا؟

    واضح رہے کہ اتوار کو ٹرمپ نے کہا کہ وہ امریکا میں تمام اسٹیل اور ایلومینیم کی درآمدات پر 25 فی صد ٹیرف عائد کریں گے، جس کا مکمل اعلان آج پیر کو کیا جائے گا۔ سپر باؤل کے لیے جاتے ہوئے ایئر فورس ون پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ دوسری اقوام پر باہمی محصولات کی منصوبہ بندی بھی کر رہے ہیں، تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ کس کو نشانہ بنایا جائے گا۔

    گزشتہ ہفتے چینی حکام نے ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنی گوگل کی اجارہ داری کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کیا تھا، اور ڈیزائنر برانڈز کیلون کلین اور ٹومی ہلفیگر کے امریکی مالک PVH کو بیجنگ کی ’ناقابل اعتماد ادارے‘ کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ چین نے 25 نایاب دھاتوں پر برآمدی کنٹرول بھی نافذ کر دیا ہے، جن میں سے کچھ بہت سی برقی مصنوعات اور فوجی ساز و سامان کے اہم اجزا ہیں۔

  • پاناما ’بی آر آئی‘ سے دست بردار، چین کا امریکی مداخلت کے خلاف سخت رد عمل

    پاناما ’بی آر آئی‘ سے دست بردار، چین کا امریکی مداخلت کے خلاف سخت رد عمل

    بیجنگ: پاناما نے ’بی آر آئی‘ سے دست بردار ہونے کا اعلان کیا ہے، جس پر چین نے امریکی مداخلت کے خلاف سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاناما کی ’بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو‘ سے دست برادری پر امریکا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے چینی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ واشنگٹن کی سرد جنگ کی ذہنیت ابھی ختم نہیں ہوئی۔

    ترجمان وزارت خارجہ لن جیان نے کہا ہم بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے نقصان پر امریکا کی مذمت کرتے ہیں، امریکا چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور مفادات کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو امریکی دباؤ اور زبردستی کے ذریعے سبوتاژ کرنا، اور بی آر آئی پر مفاہمت کی یادداشت کی تجدید نہ کرنے کا پاناما کا فیصلہ افسوس ناک ہے۔

    امریکی دھمکیاں، کینیڈا کے وزیراعظم نے ساتھیوں کو خبردار کردیا

    واضح رہے کہ پاناما نے اعلان کیا ہے کہ وہ چین کے ساتھ بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے معاہدے سے دست بردار ہو رہا ہے، اس طرح وہ پہلا لاطینی امریکی ملک بن گیا ہے جو چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے باہر نکلا ہے، صدر حوزے راؤل ملینو نے کہا کہ انھوں نے ہدایت کر دی ہے کہ حکام بیجنگ کو 90 دن میں دست برداری کا نوٹس بھیجے۔

    بی آر آئی 150 سے زائد ممالک کی شراکت والا اقتصادی تعاون کا منصوبہ ہے، جس میں 20 سے زائد لاطینی امریکی اور کیریبین ممالک بھی شامل ہیں۔ ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ پاناما مجموعی دوطرفہ تعلقات اور دونوں ملکوں کے طویل المدتی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے بیرونی مداخلت کے دباؤ میں نہیں آئے گا اور درست فیصلہ کرے گا۔

  • پاکستان اور چین کے درمیان اہم معاہدوں پر دستخط

    پاکستان اور چین کے درمیان اہم معاہدوں پر دستخط

    بیجنگ : پاکستان اور چین کے درمیان  قابل تجدید توانائی، کھاد اور تعمیرات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں پاکستان اور چین میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی۔

    تقریب میں ٹھٹھہ سمینٹ کمپنی اور چین کے چنگ گانگ کنسٹرکشن گروپ کے درمیان ایم اویوپردستخط ہوئے، جس کے تحت پاکستان میں سمینٹ کی پیداوار میں پانچ ٹن یومیہ اضافے کیلئے پروڈکشن لائن لگائی جائے گی۔

    اس کے علاوہ سندھ کے محکمہ توانائی اورچین کی منگ یانگ توانائی کمپنی کے درمیان بھی ایم اویوپردستخط ہوئے، جس کے تحت چینی کمپنی پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں پرتعاون کرے گی۔

    سندھ حکومت اورچینی کمپنی میں کوئلےکی گیسی فکیشن اور یوریا کے پیداواری پلانٹ کے منصوبے کی یادداشت پر دستخط کیے۔

    گذشتہ روز صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے 5 روزہ دورہ چین کے دوران اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کی تھی۔

    ملاقات کے بعد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب ہوئی تھی ۔ جس میں دونوں رہنماؤں نے سائنس و ٹیکنالوجی، میڈیا، صاف توانائی اور سماجی و اقتصادی ترقی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔

    دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے بنیادی مفادات کے امور پر ایک دوسرے کی حمایت کا اعادہ کیا تھا۔

  • امریکی ٹیرف کے جواب میں چین کا بڑا فیصلہ

    امریکی ٹیرف کے جواب میں چین کا بڑا فیصلہ

    امریکا کے چینی درآمدات پر 10 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے اعلان کے بعد چین کی جانب سے بھی رد عمل سامنے آگیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ٹیرف کے جواب میں چین نے امریکا سے ایل این جی اور کوئلے کی درآمدات پر 15 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ امریکا سے خام تیل کی درآمدات پر 10 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

    چینی وزارت کامرس کا کہنا ہے کہ امریکا سے درآمد زرعی مشینوں اور پک اپ ٹرک پر بھی 10 فیصد ٹیرف لگایا جائے گا، امریکی ٹیرف کے اقدامات ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2 روز قبل بڑے تجارتی شراکت داروں چین، کینیڈا اور میکسیکو پر نئے ٹیرف لگادیئے تھے۔

    دوسری جانب امریکا کی پڑوسیوں سے تجارتی جنگ کا خطرہ ٹل گیا، صدر ٹرمپ نے میکسیکو اور کینیڈا پراضافی ٹیرف 30 دن کیلئے روک دیا۔

    ٹرمپ کا کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور میکسین صدر کلاڈیا سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، میکسیکو اور کینیڈا نے غیر قانونی تارکین وطن اور منشیات روکنے کیلئے اقدامات کی یقین دہانی کرادی ہے۔

    امریکا کی پڑوسیوں سے تجارتی جنگ کاخطرہ ٹل گیا

    میکسیکو نے امریکی سرحد پر نیشنل گارڈز کے 10 ہزار اہلکار تعینات کرنے کا اعلان کردیا ہے، واضح رہے کہ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے اضافی ٹیرف لگا دیا تھا، جس پر پڑوسیوں نے جوابی ٹیرف عائد کر دیا تھا۔

  • امریکی دھمکی، پاناما کی چین سے شاہراہِ ریشم پر معاہدے کی تجدید نہ کرنے کی یقین دہانی

    امریکی دھمکی، پاناما کی چین سے شاہراہِ ریشم پر معاہدے کی تجدید نہ کرنے کی یقین دہانی

    پاناما سٹی: امریکا کی جانب سے سخت دھمکی کے بعد پاناما نے چین کے ساتھ شاہراہِ ریشم پر معاہدے کی تجدید نہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

    پاناما نے شاہراہِ ریشم پر چین سے معاہدے کی تجدید نہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے اتوار کے روز گفتگو میں پاناما کے صدر ہوزے راؤل ملینو نے کہا شاہراہ ریشم پر چین کے ساتھ معاہدے کی تجدید نہیں کریں گے۔

    اے پی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاناما کے رہنما ہوزے راؤل ملینو کو دھمکی دی کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کینال کے علاقے پر چینی اثر و رسوخ کو فوری طور پر کم کریں یا امریکا کی طرف سے ممکنہ جوابی کارروائی کے لیے تیار رہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ملینو نے عالمی تجارت کے لیے نہایت اہم آبی گزرگاہ کے انتظام کے حوالے سے نئی امریکی حکومت کے دباؤ کی مزاحمت کی ہے، ملینو نے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ روبیو نے ’’نہر پر قبضہ کرنے یا طاقت کے استعمال کی کوئی حقیقی دھمکی نہیں دی۔‘‘

    چین کا ’امریکی ٹیرف پالیسی‘ پر شدید ردعمل

    ملینو نے روبیو کے ساتھ اپنی بات چیت کو ’’باعزت‘‘ اور ’’مثبت‘‘ بھی قرار دیا اور کہا کہ انھیں ایسا نہیں لگا کہ چین کے ساتھ معاہدے اور اس کی درستگی کے خلاف کوئی حقیقی خطرہ موجود ہو۔

    صدر نے کہا کہ وہ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے ساتھ اپنے معاہدے کی میعاد ختم ہونے پر تجدید نہیں کریں گے۔ چین کے اس منصوبے میں پاناما بھی شامل ہوا تھا، جس کے بارے میں یہ کہا جاتا ہے کہ اس کے تحت ترقیاتی منصوبوں اور انفراسٹرکچر کے لیے جو فنڈز فراہم کیے جاتے ہیں اس سے غریب ممالک چین کے بہت زیادہ مقروض ہو جائیں گے۔

    صدر کا مزید کہنا تھا کہ یہ معاہدہ جلد ختم کیا جا سکتا ہے، انھوں نے کہا ملاقات میں پاناما سے قریب چینی بندرگاہوں کے معاملے پر بات ہوئی ضرور لیکن کینال کی خود مختاری زیر بحث نہیں آئی، یہ کینال پاناما کے زیر انتظام ہے اور رہے گی۔

  • صدر مملکت آصف زرداری کل 4 روزہ دورے پر چین روانہ ہوں گے

    صدر مملکت آصف زرداری کل 4 روزہ دورے پر چین روانہ ہوں گے

    صدر مملکت آصف علی زرداری کل چار روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہوں گے انہیں چینی ہم منصب نے دورے کی دعوت دی تھی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کل سے 8 فروری تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ انہیں چینی ہم منصب ژی جن پنگ نے چین آنے کی دعوت دی تھی۔

    صدر مملکت اس دورے کے دوران چینی ہم منصب اور وزیر اعظم سمیت ودیگر قیادت سے ملاقاتیں کرینگے۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور چین تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    اس دورے کے دوران ہونے والی ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی وتجارتی تعاون، انسداد دہشتگردی، سیکیورٹی تعاون کے معاملات زیر غور آئیں گے جب کہ چین کے سی پیک اور مستقبل کے روابط کے منصوبوں پر توجہ دی جائے گی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے جاری اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان عالمی اور علاقائی جغرافیائی سیاسی صورتحال اور کثیر الجہتی فورمز پر تعاون پر ببھی غور کیا جائے گا۔

    اس دورے کے دوران صدر آصف زرداری ہربن 9 ویں ایشیائی سرمائی کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کرینگے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور چین میں اعلیٰ سطح تبادلوں کی روایت کو اجاگر کرتا ہے۔