Tag: چین

  • حکومت پنجاب چین کے ساتھ آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے تیار ہے: مریم نواز

    حکومت پنجاب چین کے ساتھ آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے تیار ہے: مریم نواز

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب شنگھائی کے حکام کے ساتھ آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا دورہ چین جاری ہے جہاں ان سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی شنگھائی کمیٹی کے ڈپٹی سیکریٹری زؤ زونگ منگ نے ملاقات کی۔

    مسٹر زؤ زونگ منگ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پُرتپاک خیر مقدم کیا، ملاقات میں ڈپٹی سیکریٹری زؤ زونگ منگ نے پنجاب اور شنگھائی کے درمیان معاشی تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم اور تجارت، سرمایہ کاری، سائنس، ٹیکنالوجی، انڈسٹری میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

    ملاقات میں معاشی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقعے پر مریم نواز نے پاکستانی طلبہ، ماہرین کو ٹریننگ اور تعلیم کے مواقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور شنگھائی بیسڈ کمپنیوں کو پنجاب کے اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

    اس موقعے پر مریم نواز نے کہا کہ شنگھائی کا فنانشل اور ٹریڈ حب کے طور پر ابھرنا قابل تحسین امر ہے، آٹو موبل، آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں شنگھائی کی کمپنیوں سے اشتراک کار چاہتے ہیں۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ چینی تعاون سے پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری تیزی سے فروغ پارہی ہے، حکومت پنجاب شنگھائی حکام سے آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں ملک نواز شریف اور شہباز شریف کے ادوار حکومت میں مزید قریب آئے اور اہل چین سے انس میرے خون میں شامل ہے، سیاسی ومعاشی عدم استحکام کے بعد معیشت بڑھوتری کی طرف گامزن ہیں، چین کی کمپنیوں کو سرمایہ کاری پر ترجیحاً سہولیات دی جائیں گی۔

    دوسری جانب ڈپٹی سیکریٹری زؤ زونگ منگ نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری، انفرا اسٹرکچر، عوامی رابطے اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔

  • سرد خانے میں آگ لگنے سے 9 مزدور جان سے گئے

    سرد خانے میں آگ لگنے سے 9 مزدور جان سے گئے

    چین کے شمالی صوبے شنڈونگ میں سرد خانے کی تعمیر کے دوران آگ بھڑک اُٹھی، جس کے باعث 9 مزدور لقمہ اجل بن گئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق چین کے شمالی صوبے شنڈونگ میں ‘لانرن’ نامی مقامی کمپنی کے لئے سرد خانے کی تعمیر کے دوران ‘آئسولیشن سامان’ میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔

    افسوسناک واقعے میں 9 مزدور زندگی کی بازی ہار گئے، پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں نامعلوم افراد نے یہودیوں کی عبادت گاہ کو نذر آتش کردیا، اڈاس اسرائیل نامی سیناگوگ کو اس وقت آگ لگائی گئی جب کچھ افراد اندر عبادت کررہے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سیناگوگ کا زیادہ تر حصہ جل کر راکھ ہوگیا ہے، تاہم واقعے میں کسی شخص کو بھی سنگین زخم نہیں آئے۔ عینی شاہد نے دو افراد کو دیکھا تھا جنہوں نے ماسک پہنا ہوا تھا۔

    پولیس نے کہا کہ ملزمان کی تلاش کے لیے پیٹرولنگ بڑھا رہے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کے انٹرویوز کی مدد سے بھی سراغ لگانے کی کوشش کریں گے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا شام میں بشارالاسد حکومت کے خاتمے پر ردعمل

    آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں میں موجود سیناگوگ کے بورڈ ممبر بینجمن کلین کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ آگ لگنے کے وقت کچھ افراد عبادت میں مصروف تھے اور ایک دھماکے دار آواز سنائی دی۔ انہوں نے کہا کہ سیناگوگ کے اندر مائع مواد ڈالا گیا تھا اور آگ لگائی گئی۔

  • معیشت کے لیے اچھی خبر، چینی کمپنی پنجاب میں روبوٹک آلات کا پلانٹ لگائے گی

    معیشت کے لیے اچھی خبر، چینی کمپنی پنجاب میں روبوٹک آلات کا پلانٹ لگائے گی

    بیجنگ: صوبہ پنجاب کی معیشت کے لیے اچھی خبر ہے کہ چینی کمپنی پنجاب میں روبوٹک زرعی آلات کا پلانٹ لگائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورہ چین کا آج پہلا روز ہے، ان کی موجودگی میں محکمہ زراعت پنجاب اور اے آئی فورس ٹیک کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہوئے ہیں، جس کے تحت چینی کمپنی پنجاب میں روبوٹک زرعی آلات کا مینوفیکچرنگ پلانٹ لگائے گی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے اے آئی فورس ٹیک کے بانی ڈاکٹر ہان اور سی ای او سے ملاقات کی، اور انھیں مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کے سلسلے میں بھرپور تعاون کی یقین دہائی کرائی، مریم نواز نے انھیں پنجاب میں جدید زرعی اصلاحات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

    وزیر اعلیٰ نے روبوٹک ٹیکنالوجی سے مزین جدید ترین زرعی آلات کا معائنہ کیا، اور زراعت سیکٹر میں روبوٹک مشینری، اور ٹولز متعارف کرانے کے عزم کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں زراعت کی جدید ٹیکنالوجی اپنا کر کاشتکار کو خوش حال بنانا ہمارا عزم ہے۔

    دریں اثنا، وزیر اعلیٰ پنجاب کی دعوت پر اے آئی فورس ٹیک کا وفد جلد پنجاب کا دورہ کرے گا۔

  • چین : دریا میں کشتی الٹنے سے 8 افراد ہلاک

    چین : دریا میں کشتی الٹنے سے 8 افراد ہلاک

    بیجنگ: چین کے جنوب مغربی صوبہ گوئی ژو کے دریا میں ایک کشتی کے الٹنے کے نتیجے میں 8افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ 5افراد کو بچا لیا گیا۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حادثے کی وجہ کشتی میں گنجائش سے زیادہ مسافروں کو بٹھانا بتایا گیا ہے۔

    قومی ایمرجنسی مینجمنٹ وزارت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کشتی چلانے کے قواعد و ضوابط کی شدید خلاف ورزی کی گئی، جس میں حد سے زیادہ وزن ڈالا گیا۔

    چینی خبر رساں ادارے "سائکسین” کے مطابق مذکورہ کشتی مقامی دیہاتیوں کو دریا کے پار جڑی بوٹیاں جمع کرنے کے لیے لے جارہی تھی۔

    حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر موجود مقامی شخص نے میڈیا کو بتایا کہ دریا پر چلنے والی کشتیاں عموماً مسافروں کو لے کر نہیں جاتیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل چین کے صوبے سیچوان میں اگست کے مہینے میں ہونے والے کان کنی کے حادثے میں 8افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    گزشتہ ماہ مارچ میں شمالی چین کے صوبے ہیبے میں ایک گیس دھماکے میں7 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔

    اس کے علاوہ فروری میں مشرقی شہر نانجنگ میں ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 15 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    رواں سال جون میں چین کی چونگ کنگ میونسپلٹی میں ایک کشتی الٹنے سے 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کشتی پر سوار عملہ مقامی ڈریگن بوٹ ریس کے لیے ٹریننگ کر رہا تھا اور عملے میں سے کسی نے بھی لائف جیکٹ نہیں پہن رکھی تھی۔

  • چین کا کرارا جواب، امریکا کو فوجی استعمال کی اہم اشیا کی برآمدات پر پابندی لگا دی

    چین کا کرارا جواب، امریکا کو فوجی استعمال کی اہم اشیا کی برآمدات پر پابندی لگا دی

    بیجنگ: چین نے تجارتی کشیدگی میں اضافے کے بعد امریکا کو اہم معدنیات کی برآمد پر پابندی لگا دی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین نے منگل کے روز امریکا کو گیلیم، جرمینیم اور اینٹیمونی کی برآمدات پر پابندی عائد کر دی ہے، جن کا فوجی استعمال وسیع پیمانے پر کیا جاتا ہے۔

    چین کے چِپ سیکٹر پر واشنگٹن کے تازہ ترین کریک ڈاؤن کے ایک دن بعد چین کے جوابی اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تناؤ مزید بڑھ گیا ہے۔ بیجنگ نے گزشتہ برس معدنیات کی اہم برآمدات کو محدود کرنا شروع کیا تھا اور اس کا اطلاق صرف امریکی مارکیٹ پر کیا جا رہا تھا۔

    وہ معدنیات جو فوجی اور سویلین دونوں مقاصد کے لیے استعمال ہوتی ہیں، چینی وزارت تجارت نے ان پر قومی سلامتی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا تھا، حالیہ پابندی کے حکم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکا کو جو گریفائٹ آئٹمز بھیجے جا چکے ہیں ان کے استعمال پر بھی سخت نگاہ رکھنے کی ضرورت ہے۔

    وزارت نے اپنے حکم میں کہا کہ اصولی طور پر گیلیم، جرمینیم، اینٹیمونی، اور سپر ہارڈ مٹیریلز کی امریکا کو برآمد کی اجازت نہیں ہوگی، اور اس پابندی کا نفاذ فوری طور پر ہوگا۔

    گیلیم اور جرمینیم کو سیمی کنڈکٹرز میں استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ جرمینیم کو انفرا ریڈ ٹیکنالوجی، فائبر آپٹک کیبلز اور سولر سیلز میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اینٹیمونی گولیوں اور دیگر ہتھیاروں میں استعمال ہوتی ہے، جب کہ الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹریوں کے حجم کے لحاظ سے گریفائٹ سب سے بڑا جزو ہے۔

    اس اقدام نے تازہ تشویش کو جنم دیا ہے کہ بیجنگ اب اگلی قدم کے طور پر دیگر اہم معدنیات کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے، بشمول نِکل یا کوبالٹ جیسے وسیع تر استعمال والی معدنیات۔ دوسری طرف وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ امریکا نئی پابندیوں کا جائزہ لے رہا ہے، اور اس کے جواب میں ’ضروری اقدامات‘ کرے گا۔

  • چین کا شام کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار

    چین کا شام کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار

    چین کی جانب سے شام کے مختلف علاقوں پر دہشت گردوں کے قبضے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لِن جیان نے بتایا کہ شمال مغربی شام کی صورتِ حال پر گہری تشویش ہے۔

    چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ شام کی قومی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، اُن کا کہنا تھا کہ صورتِ حال کو مزید خراب ہونے سے بچانے کے لیے شام کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز شام کے معاملے پر کریملن نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ شام کی صورتِ حال کا جائزہ لے رہے ہیں، شام کے صدر بشار الاسد کی حمایت جاری رکھیں گے۔

    کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف کا کہنا تھا کہ روس پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور صورتحال کو مستحکم کرنے کے لیے جو ضروری ہے اس کی بنیاد پر اپنے موقف کا تعین کرے گا۔

    دوسری جانب شامی باغیوں اور شامی فوج کے درمیان شام کے صوبے حلب میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، روسی اور شامی فضائیہ کی جانب سے باغیوں کو پسپا کرنے کیلئے فضائی حملے کئے جارہے ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق شامی باغیوں نے حلب میں صدر بشارالاسد کی رہائش گاہ پر قبضہ کرلیا جبکہ باغیوں کی شیلنگ سے 6 شہری جاں بحق ہوگئے۔

    اسرائیل کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں، حزب اللہ کا جوابی حملہ

    امریکا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے شام میں جاری کشیدگی روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ شام میں بڑھتی ہوئی خونریزی کے سبب سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے۔

  • چین میں دنیا کا سب سے بڑا سونے کا ذخیرہ دریافت

    چین میں دنیا کا سب سے بڑا سونے کا ذخیرہ دریافت

    چین میں بڑا سونے کا ذخیرہ دریافت ہوا ہے جس کو ممکنہ طور پر دنیا کا سب سے بڑا سونے کا ذخیرہ قرار دیا جا رہا ہے۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین میں سونے کے اس ذخیرہ کو ممکنہ طور پر دنیا کا سب سے بڑا سونے کا ذخیرہ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں 1 ہزار میٹرک ٹن اعلیٰ معیار کا سونا موجود ہے۔

    میڈیا کی رپورٹس کے مطابق چین کے صوبے ہنان میں دریافت ہونے والے اس سونے کے ڈپازٹ کی مالیت 83 ارب امریکی ڈالرز سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے دو کلومیٹر کی گہرائی میں تقریباً تین سو میٹرک ٹن سونا ہونے کا پتہ چلا ہے جبکہ یہاں زیادہ گہرائی میں مزید ذخائر ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت

    Gold Price in Pakistan Today- پاکستان میں آج سونے کی قیمت
  • چینی وزیر دفاع ڈونگ جُن کے خلاف کرپشن کی تحقیقات شروع

    چینی وزیر دفاع ڈونگ جُن کے خلاف کرپشن کی تحقیقات شروع

    بیجنگ: بدعنوانی کے الزام میں زیر تفتیش چینی وزیر دفاع ڈونگ جُن کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

    اے ایف پی کے مطابق وزیر دفاع ڈونگ جُن کے خلاف کرپشن کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، اگر ان رپورٹس کی تصدیق ہو جاتی ہے تو وہ صرف ایک سال کے دوران فوج میں بڑے کریک ڈاؤن کا شکار ہونے والے تیسرے وزیر دفاع بن جائیں گے۔

    وزیر دفاع کے خلاف تحقیقات چینی فوج میں بدعنوانی کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا حصہ ہے، وہ مسلسل تیسرے شخص ہیں جنھیں اس عہدے پر تفتیش کا سامنا ہے۔

    ڈونگ جُن سابق بحری کمانڈر ہیں، انھیں گزشتہ سال دسمبر میں لی شنگ فو کی جگہ وزیر دفاع بنایا گیا تھا، اس دوران چین نے جاسوسی سمیت مختلف الزامات میں قید 3 امریکی شہریوں کو رہا کیا۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے چینی ہم منصب سے گفتگو میں امریکی شہریوں کی رہائی کا معاملہ اٹھایا تھا۔

    واضح رہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے ایک دہائی قبل اقتدار میں آنے کے بعد سے سرکاری بدعنوانی کے خلاف بھرپور مہم چلائی ہے، پچھلے برس اس مہم نے مسلح افواج پر توجہ مرکوز کی ہے، 2023 کے موسم گرما کے بعد سے تقریباً 20 فوجی اور دفاعی صنعت کے اہلکاروں کو ہٹایا گیا ہے۔

    کرپشن کی تحقیقات کا ہدف بننے والی شخصیات میں نمایاں ڈونگ جُن سے پہلے کے وزرائے دفاع تھے، جن کے بارے میں سرکاری میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ وی فینگے اور لی شانگفو دونوں کو حکمراں کمیونسٹ پارٹی سے نکال دیا گیا ہے اور ان کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات جاری ہیں۔

  • ٹرمپ کی دھمکی پر چین اور کینیڈا نے اپنا رد عمل ظاہر کر دیا

    ٹرمپ کی دھمکی پر چین اور کینیڈا نے اپنا رد عمل ظاہر کر دیا

    چین نے ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کے جواب میں ان پر واضح کیا ہے کہ کسی بھی تجارتی جنگ میں کوئی کامیاب نہیں ہوگا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیر کے روز دھمکی دی گئی تھی کہ وہ اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلے روز سے ہی میکسیکو، کینیڈا اور چین سے آنے والی تمام درآمدات پر کسٹم ڈیوٹی عائد کر دیں گے۔

    اس بیان کے رد عمل میں منگل کے روز چین نے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی تجارتی جنگ میں کوئی کامیاب نہیں ہوگا، واشنگٹن میں چینی سفارت خانے کے ترجمان لیو پینگیو نے کہا چین یہ سمجھتا ہے کہ امریکا کے ساتھ اس کا اقتصادی اور تجارتی تعاون فریقین کے لیے فطری طور پر فائدہ مند ہے۔

    کینیڈا نے بھی ٹرمپ کو یاد دہانی کرائی کہ اس کا امریکا کے لیے توانائی کی ترسیل میں کتنا بنیادی کردار ہے، کینیڈا کی نائب وزیر اعظم کرسٹیا فریلینڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ’’دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری تعلق متوازن اور متبادل نفع پر مبنی ہے، بالخصوص امریکی کارکنان کے حوالے سے۔‘‘ انھوں نے باور کرایا کہ اٹاوا حکومت امریکا کی نئی حکومت کے ساتھ ان امور کو زیر بحث لائے گی۔

    ٹرمپ نے میکسیکو، کینیڈا اور چین کو نئے ٹیکسز کی دھمکی دے دی

    واضح رہے کہ منگل کی شام ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ 20 جنوری کو اقتدار میں آتے ہی پہلے روز سے میکسیکو اور کینیڈا سے امریکا آنے والی تمام درآمدات پر 25 فی صد کسٹم ڈیوٹی عائد کر دیں گے، اور چین سے آنے والی درآمدات پر عائد کسٹم ڈیوٹی میں 10 فی صد کا اضافہ کر دیں گے، تاکہ ان تینیوں ممالک کو غیر قانونی تارکین وطن اور منشیات کا سلسلہ روکنے پر مجبور کیا جا سکے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ اپنے اقتصادی ایجنڈے پر عمل درآمد کے لیے ٹرمپ کے پاس موجود ہتھیاروں میں کسٹم ڈیوٹی ایک بنیادی ہتھیار کی حیثیت رکھتی ہے، تاہم کئی اقتصادی ماہرین خبردار کر چکے ہیں کہ کسٹم ڈیوٹی میں اضافہ نمو کو نقصان پہنچائے گا، اور اس سے افراط زر کا اوسط بڑھ جائے گا، اس لیے کہ ان اضافی اخراجات کا بوجھ آخر کار صارفین پر ہی آئے گا۔ لیکن منتخب صدر کی قریبی شخصیات نے باور کرایا ہے کہ کسٹم ڈیوٹی سودے بازی کے لیے ایک مفید کارڈ ہے۔

  • جرمنی نے چین اور ایران کو پابندیوں کی دھمکی دے دی

    جرمنی نے چین اور ایران کو پابندیوں کی دھمکی دے دی

    جرمنی نے ماسکو کی حمایت کرنے پر چین اور ایران کو پابندیوں کی دھمکی دے دی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جرمن وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ چین نے روس کی حمایت جاری رکھی تو پابندیوں کے لیے تیار ہوجائے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ چین یوکرین تنازع میں روس کو فوجی مدد فراہم کررہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف بھی مزید پابندیاں لگائی جارہی ہیں، ایران کی جانب سے مسلسل روس کو یوکرین پر حملوں کے لیے ڈرون فراہم کیے جارہے ہیں۔

    دوسری جانب چین نے جرمن وزیر خارجہ کے روس کی فوجی مدد کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

    چین کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ فوجی مصنوعات کی برآمدات کو ذمہ داری سے سنبھالتے ہیں، ہم نے کبھی بھی تنازع کے کسی فریق کو ہتھیار فراہم نہیں کیے۔

    علاوہ ازیں روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ صدر ولادیمیر پیوٹن نے جوہری حملوں سے متعلق نئی پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔

    روسی میڈیا رپورٹ کے مطابق روس دشمن طاقتوں یا فوجی بلاکس کی جارحیت روکنے کے لیے ایٹمی حملے کرسکتا ہے جن کے پاس ایٹمی ہتھیار نہیں۔

    روسی صدر کا کہنا تھا کہ جارحیت کرنے والے کو احساس ہونا چاہیے کہ انتقامی کارروائی خوفناک ہوگی، روس اپنا اور اتحادیوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائے گا۔