Tag: چین

  • چین سے 15 ارب ڈالر قرض کی ری شیڈولنگ، حکومتی کوششیں تیز

    چین سے 15 ارب ڈالر قرض کی ری شیڈولنگ، حکومتی کوششیں تیز

    اسلام آباد : چین سے پندرہ ارب ڈالر توانائی کے قرض ری شیڈولنگ کیلئے وفاقی وزرا پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چین سے15 ارب ڈالرتوانائی قرض کی ری شیڈولنگ کیلئے حکومت نے کوششیں تیز کردی اور وفاقی وزراپر مشتمل کمیٹی قائم کردی۔

    ذرائع نے بتایا کہ وزیرخزانہ، وزیرتوانائی، وزیراقتصادی امور اور سیکرٹری وزارت خزانہ کمیٹی میں شامل ہوں گے جبکہ کمیٹی کی معاونت کیلئے سی پی پی اے، پی پی آئی بی، بینک حکام اور چینی نمائندہ پر ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔

    ذیلی کمیٹی چار ہفتوں میں چائینیز توانائی منصوبوں کے قرض کی ریشیڈولنگ کیلئے تجاویز دے گی، جس کے بعد وزیرخزانہ کی قیادت میں قائم کمیٹی دو ہفتوں تک ذیلی کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لے گی اور مین کمیٹی سفارشات کا حتمی جائزہ لے کر وزیراعظم شہباز شریف کو رپورٹ پیش کرے گی۔

    رپورٹ کی تجاویز درست ہونے کی صورت میں وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی۔۔ وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی قیادت میں قائم کمیٹی چائینیز حکام سے بھی رابطہ میں رہے گی۔

    رپورٹ تجاویز میں قرض کی اقساط کی مدت کو بڑھانا یا دیگر تجاویز شامل ہو سکتی ہیں تاہم رپورٹ کی وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد چین کو باقاعدہ طور پر آگاہ کیا جائے گا

  • پرانی گاڑی چھوڑیں نئی خریدیں، چینی عوام کو پیشکش

    پرانی گاڑی چھوڑیں نئی خریدیں، چینی عوام کو پیشکش

    چین نے شہریوں کو اپنی پرانی گاڑیوں کو ترک کرنے اور نئی گاڑیاں خریدنے کے لیے مالی امداد (سبسڈی) میں اضافہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے اپنے شہریوں کو پرانی گاڑیاں ترک کرنے اور نئی گاڑیاں خریدنے کی ترغیب دینے کے لیے مالی امداد میں اضافہ کیا ہے۔

    چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ چینی حکام نے قومی آٹو موبائل تجدید پروگرام کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    وزارت تجارت اور چھ دیگر سرکاری محکموں کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کی خریداری کے لیے سبسڈی کو اپریل کے مقابلے میں 10ہزار یوآن(1ہزار399ڈالر) سے دوگنا کرتے ہوئے 20ہزار یوآن کردیا گیا ہے۔

    new car

    ایندھن سے چلنے والی مسافر گاڑیوں کی خریداری کے لیے سبسڈی 7 ہزار یوآن سے بڑھا کر 15ہزار یوآن کر دی گئی ہے۔

    نئی پالیسی کا اطلاق رواں سال 24 اپریل سے 10 جنوری 2025 کے درمیان جمع کرائی جانے والی سبسڈی کی درخواستوں پر ہوگا۔

    انڈسٹری کے اعداد و شمار کے مطابق چین میں رواں سال جنوری سے جولائی تک تقریبا 50 لاکھ نئی انرجی مسافر گاڑیاں اور ایندھن سے چلنے والی65لاکھ 70ہزارگاڑیاں انفرادی صارفین کو فروخت کی گئیں جو بالترتیب گزشتہ سال کے مقابلے میں 33.7 فیصد اضافہ اور 15 فیصد کم ہیں۔

    چائنا ایسوسی ایشن آف آٹوموبائل مینوفیکچررز کے اعداد و شمار کے مطابق ’این ای ویز‘ کی فروخت جولائی میں 991,000 یونٹس تک پہنچ گئی جو کہ سالانہ 27 فیصد زیادہ ہے جبکہ این ای وی کی پیداوار جولائی میں 984,000 یونٹس رہی، جو کہ سال بہ سال 22.3 فیصد زیادہ ہے۔

  • چین  نے ایران کو  ایک بار پھر حمایت کی یقین دہانی

    چین نے ایران کو ایک بار پھر حمایت کی یقین دہانی

    چینی وزیر خارجہ وانگ ای کا اہم بیان سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے ایک بار پھر تہران میں حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایران کو چین کی حمایت کا یقین دلایا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری سے ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران میں حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کا قتل ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔

    چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ چین ایران کی خودمختاری، سلامتی اور قومی وقار کی حمایت کرتا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل سے غزہ جنگ بندی مذاکرات کو بھی براہ راست نقصان پہنچا ہے، حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کا قتل علاقائی امن و استحکام کیلئے خطرہ بنا ہے۔

    اس سے قبل ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مغرب کے دُہرے معیار سے اسرائیل کی ظالمانہ کارروائیوں میں ہر روز اضافہ ہورہا ہے۔

    ایرانی صدر نے یورپی کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ امریکا اور مغربی ممالک کے دُہرے معیار سے اسرائیل کا حوصلہ بڑھ رہا ہے۔

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسرائیلی کارروائیوں سے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ بڑھ رہا ہے۔

    جاپان میں خطرناک زلزلے کی وارننگ جاری

    اُنہوں نے یورپی کونسل کے صدر سے کہا کہ غزہ اور پورے خطے میں صیہونی حکومت کی دہشتگردی اور گھناؤنے جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔

  • چین میں بحری جہاز میں ہولناک دھماکے نے مصروف ترین بندرگاہ کو ہلا کر رکھ دیا، ویڈیو وائرل

    چین میں بحری جہاز میں ہولناک دھماکے نے مصروف ترین بندرگاہ کو ہلا کر رکھ دیا، ویڈیو وائرل

    بیجنگ: چین میں ایک بحری جہاز میں ہولناک دھماکے سے مصروف ترین بندرگاہ ننگبو ژوشان لرز کر رہ گئی، دھماکے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کی مصروف ترین سمجھی جانے والی چینی بندرگاہ پر تائیوان کے ایک کنٹینر شپ میں دھماکا ہوا، وائرل ویڈیو میں جہاز سے خوف ناک شعلے بلند ہوتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

    چین کی ننگبو ژوشان بندرگارہ پر ہونے والے دھماکے کی شدت ایک کلومیٹر دور تک محسوس کی گئی، دھماکے کے وقت اس جہاز کے نزدیک سے لائبیریا کا پرچم بردار جہاز گزر رہا تھا، تاہم وہ جہاز محفوظ رہا۔

    جس جہاز میں دھماکا ہوا ہے وہ تائیوان کی کنٹینر شپنگ کمپنی یانگ مِنگ میرین ٹرانسپورٹ کی ملکیت تھا، واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، متاثرہ جہاز پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، بتایا جا رہا ہے کہ جہاز کے عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔

    ژی جیانگ صوبے کی ایمرجنسی مینجمنٹ ایڈمنسٹریشن نے بتایا کہ دھماکا جمعہ کی دوپہر تقریباً 1 بجکر 40 منٹ پر وائی ایم موبیلٹی نامی کنٹینر جہاز کے اگلے حصے کے قوس پر ہوا، جہاز خطرناک مواد لے کر جا رہا تھا، تاہم، حکام نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کیا تھا۔


  • پیرس اولمپکس میں چین کی حکمرانی برقرار

    پیرس اولمپکس میں چین کی حکمرانی برقرار

    پیرس اولمپکس 2024 کے چھٹے روز چین نے مزید دو طلائی تمغے حاصل کر کے میڈلز فہرست میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہوئی ہے۔

    دنیا میں کھیلوں کے سب سے بڑے میلہ اولمپکس 2024 پیرس میں جاری ہے اور دنیا بھر کے کروڑوں شائقین مختلف کھیلوں سے محظوظ ہو رہے ہیں۔

    اولمپکس گیمز کے چھٹے روز چین نے مزید دو طلائی تمغے حاصل کر کے اپنے گولڈ میڈلز کی تعداد 11 کر لی اور تمغوں کی دوڑ میں اپنی برتری کو برقرار رکھا ہوا ہے۔

    چھٹے روز امریکی ایتھلیٹس کی کارکردگی بھی شاندار رہی جنہوں نے مختلف کھیلوں میں مزید 4 گولڈ میڈل جیت لیے۔ یوں میڈلز ٹیبل پر امریکا کئی حریف ممالک کو پچھاڑتا ہوا 9 گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن پر براجمان ہوگیا ہے۔

    میزبان فرانس، آسٹریلیا اور جاپان 8، آٹھ گولڈ میڈلز کے ساتھ بالترتیب تیسری سے پانچویں پوزیشن پر ہیں۔

    ایکواڈور مردوں کی بیس کلومیٹر واک کے ذریعے گیمز میں اپنا پہلا میڈل جیتنے میں کامیاب رہا۔

    پیرس اولمپکس کے تمام مقابلے اے اسپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

  • چین کا قرض رول اوور کرنے  کے لئے پاکستان سے بڑا مطالبہ

    چین کا قرض رول اوور کرنے کے لئے پاکستان سے بڑا مطالبہ

    اسلام آباد : چین نے قرض رول اوور کرنے کے لئے پاکستان سے بڑا مطالبہ کردیا، چین سمیت 3 ممالک کی جانب سے 12 ارب کا رول اوور کرانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے قرض رول اوور کیلئے شرح سود میں اضافہ، چینی آئی پی پیزادائیگیاں کلیئر کرنے کیلئے شیڈول کا مطالبہ کردیا ہے۔

    وزارت خزانہ ذرائع نے بتایا کہ چین نے 2 فیصد تک مزید شرح سود بڑھانے کا مطالبہ کیا تاہم مشکل معاشی صورتحال پر شرح سود نہ بڑھانے کی درخواست کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای کی جانب سے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ اسٹیٹ بینک میں رکھوائے گئے، جس میں ایک ارب ڈالر پر 3 فیصد اور ایک ارب ڈالر پر 6.5 فیصد تک شرح سود عائد ہے۔

    ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کیلئے قرضہ رول اوور پر آئی ایم ایف کو بھی اعتماد میں لیاجائے گا، وزیراعظم آفس ،وزارت خزانہ 3سے 5سال کیلئے میچورٹی ٹائم بڑھانے کیلئے بات جلد فائنل کریں گے۔

  • بڑی خبر، چین 3 پاور پلانٹس کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے پر رضا مند ہو گیا

    بڑی خبر، چین 3 پاور پلانٹس کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے پر رضا مند ہو گیا

    اسلام آباد: چین اپنے 3 پاور پلانٹس کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے پر رضا مند ہو گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق چین امپورٹڈ کوئلے سے چلنے والے 3 پاور پلانٹس کو مقامی کوئلے پر تبدیل کرنے پر رضا مند ہو گیا، امپورٹڈ کوئلے پر چلنے والی چین کے یہ تینوں پاور پلانٹس مہنگی ترین بجلی پیدا کر رہے ہیں۔

    اس سلسلے میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر توانائی اویس لغاری چین کے دورے پر ہیں، چین نے پاکستانی وفد کو تینوں کول پاور پلانٹس کی ری پروفائلنگ کے حوالے سے بھی مثبت جواب دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ان پلانٹس میں 1320 میگاواٹ کا ساہیوال، 1320 میگاواٹ کا حب اور 1320 میگاواٹ کا پورٹ قاسم پاور پلانٹ شامل ہیں۔

    دونوں ممالک کے حکام میں امپورٹڈ کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کے معاملات کو آگے بڑھانے کا طریقہ کار بھی طے پا گیا ہے، تینوں پاور پلانٹس کی کنورشن اور ری پروفائلنگ کے متعلق پاکستان اور چینی حکام کی ملاقاتیں جاری رہیں گی۔

    چین نے پاکستانی وفد کو پانڈا بانڈز کے معاملے میں بھی مکمل سپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہائی کرا دی ہے۔

  • چاند کی مٹی میں پانی؟ چین نے سائنس کی دنیا کا بڑا کارنامہ انجام دے دیا

    چاند کی مٹی میں پانی؟ چین نے سائنس کی دنیا کا بڑا کارنامہ انجام دے دیا

    چین نے چاند پر زندگی کے امکان کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا ہے، چینی سائنس دانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے پہلی بار چاند کی مٹی میں پانی کے مالیکیولز دریافت کر لیے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے سائنس دانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ 2020 میں ’چانگ ای 5 مشن‘ نے واپسی پر چاند کی مٹی کے جو نمونے لائے تھے، ان میں سالماتی پانی سے ’بھرپور‘ ہائیڈریٹڈ منرل پایا گیا ہے۔

    اس تحقیق کے نتائج پیر کو جریدے نیچر آسٹرونومی میں شائع ہوئے ہیں، یہ تحقیق چائنیز اکیڈمی آف سائنسز (سی اے ایس) کے انسٹی ٹیوٹ آف فزکس کے سائنس دانوں نے کی ہے، انھوں نے دعویٰ کیا کہ غیر شناخت شدہ منرل کرسٹل جسے ’نامعلوم قمری معدن‘ (ULM-1) کا نام دیا گیا ہے، یہ پانی اور امونیا مالیکیولز سے بھرپور ہے۔

    یہ ایک ایسی دریافت ہے جو یہ سمجھنے کے لیے بنیادی ثابت ہو سکتی ہے کہ چاند بتدریج کیسے تیار ہوا اور اس کے وسائل سے کیسے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ ناسا کے مطابق کئی دہائیوں پہلے جب امریکی اپولو خلاباز چاند سے نمونے لائے تھے، تو ان نمونوں میں پانی کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی تھی، اور سائنس دان اس نتیجے پر پہنچے کہ چاند کی مٹی مکمل طور پر خشک ہے۔

    لیکن واضح رہے کہ ناسا کے ایک انفراریڈ ڈیٹیکٹر نے پہلے ہی 2020 میں چاند پر پانی کی موجودگی کی تصدیق کر دی تھی، جب کہ سائنس دانوں کو 1960 اور 1970 کی دہائی کے نمونوں کے حالیہ تجزیوں میں بھی پانی کے آثار ملے تھے۔

    ULM-1 کیا ہے؟

    سائنس دانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ چاند کی سطح پر پایا جانے والا ULM-1 (Unknown lunar mineral) پانی اور امونیم سے بھرپور معدن ہے جس کا فارمولا (NH4, K, Cs, Rb)MgCl3-6H2O ہے۔

    محققین نے ریسرچ کیا تو پتا چلا کہ معدن کے مالیکیولر فارمولے میں زیادہ سے زیادہ 6 عدد بلوریں پانی شامل ہیں، اور جہاں تک اس نمونے کی کمیت ہے، تو اس کا 41 فی صد حصہ پانی کے مالیکیولز پر مشتمل ہے۔

    اس معدن کی ساخت اور اجزائے ترکیبی ’نووگرابیلنووائٹ‘ سے ملتے جلتے ہیں، یعنی روس کے ایک آتش فشاں سے نکلنے والا منرل، یہ پانی سے بھرپور آتش فشانی گیسوں کے ساتھ گرم بیسالٹ اور کارنالائٹ (ایک زمینی بخاراتی معدنی) کے رد عمل سے بنتا ہے۔

    سائنس دانوں کے مطابق امونیم کی موجودگی سے اس بات کی نشان دہی ہوتی ہے کہ چاند پر اضافی یا غیر مطلوبہ گیس کے خاتمے کی تاریخ زیادہ پیچیدہ ہے، اور یہ بھی پتا چلتا ہے کہ چاند پر رہائش کے سلسلے میں یہ کتنا اہم ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔

    تحقیق کے نتائج یہ بھی بتاتے ہیں کہ پانی کے مالیکیول چاند کے سورج کی روشنی والے علاقوں میں ہائیڈریٹڈ نمکیات کے طور پر برقرار رہ سکتے ہیں۔

    Chang’e-5

    چانگ ای 5 گزشتہ چار دہائیوں میں چاند سے نمونے جمع کر کے لانے والا دنیا کا پہلا مشن تھا، اس سے قبل جنوری 2019 میں چاند کے زیادہ دور والے علاقے میں Chang’e-4 نے تاریخی پہلی لینڈنگ کی تھی۔ اور ابھی پچھلے مہینے Chang’e-6 نے بھی چاند کے سلسلے میں تحقیقات کے تحت چاند کے دور والے حصے سے پہلے نمونے جمع کر کے اپنا مشن مکمل کر لیا ہے۔

  • چین میں حماس اور الفتح کے درمیان مفاہمت کی کوششیں کامیاب، اعلان بیجنگ پر دستخط

    چین میں حماس اور الفتح کے درمیان مفاہمت کی کوششیں کامیاب، اعلان بیجنگ پر دستخط

    بیجنگ: چین کی میزبانی میں فلسطین کی مزاحمتی تحریکیں الفتح اور حماس کے درمیان مصالحتی کوششوں میں کامیاب پیش رفت ہوئی ہے۔

    چین کے مرکزی ٹیلی وژن کے مطابق فلسطینی گروپوں نے دارالحکومت بیجنگ میں اکٹھا ہو کر مصالحتی بات چیت کی، حماس کی جانب سے اسماعیل ہنیہ جب کہ الفتح کے نائب سربراہ محمود علول نے اپنی تنظیم کی نمائندگی کی۔

    فلسطینی دھڑوں کے مصالحتی اجلاس میں حماس اور الفتح سمیت 14 فلسطینی گروپوں نے شرکت کی، الفتح اور حماس نے مصالحت کے حوالے سے اعلان بیجنگ پر دستخط بھی کیے کہ فلسطین میں امن ہونا چاہیے، ریاست کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

    حماس، الفتح اور دیگر فلسطینی گروپوں کے قائدین آج چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی موجودگی میں میڈیا نمائندوں سے ملاقات کریں گے، چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چوننگ کے مطابق بات چیت میں الفتح اور حماس کئی موضوعات کو زیر بحث لائے اور ان میں حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی، دونوں تنظیمیں فلسطینی وحدت کو یقینی بنانے کے لیے بات چیت جاری رکھنے پر متفق ہو گئی ہیں۔

    خان یونس میں وحشیانہ اسرائیلی بمباری میں 81 فلسطینی شہید

    خیال رہے کہ فلسطینی تنظیمیں حماس اور فتح ایک دوسرے کی حریف ہیں اور ماضی میں ان کے درمیان کئی بار تصادم بھی ہو چکا ہے۔

  • چین، شاپنگ سینٹر میں آگ بھڑک اُٹھی، 16 افراد ہلاک

    چین، شاپنگ سینٹر میں آگ بھڑک اُٹھی، 16 افراد ہلاک

    چین کے صوبے سیچوان کے شاپنگ سینٹر میں اچانک آگ خوفناک آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں 16 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ متعدد افراد عمارت میں پھنس گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو چین کے مغربی صوبے سیچوان کے شہر زیگونگ کے ایک شاپنگ سینٹر میں مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے کے قریب اچانک آگ لگ گئی۔

    شاپنگ سینٹر میں آگ لگنے کے سبب 16 افراد جھلس کر زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ شاپنگ سینٹر کی 14 منزلہ عمارت میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لئے ریسکیو حکام کوششوں میں مصروف ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق مقامی فائر ڈپارٹمنٹ سے 300 کے قریب ایمرجنسی ورکرز اور درجنوں گاڑیاں جائے وقوعہ کی طرف روانہ کی گئیں جس کے بعد آگ بجھادی گئی۔

    بھارت: آسمانی بجلی گرنے سے 38 افراد ہلاک

    حکام کا کہنا ہے کہ شاپنگ سینٹر کی عمارت سے کل 30 افراد کو بچا لیا گیا ہے جبکہ ابھی یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ اندر مزید کتنے افراد موجود ہیں۔