Tag: چین

  • چین کا پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر دکھ کا اظہار

    چین کا پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر دکھ کا اظہار

    پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور جانی مالی نقصان پر چین کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں سے گہری ہمدردی ہے، یقین ہے پاکستانی عوام اس آفت پر قابو پا کر جلد بحالی کی طرف آئیں گے۔

    ترجمان چینی وزارت خارجہ کے مطابق چینی وزیرخارجہ وانگ ای نے اپنے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے تعزیت بھی کی ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ چینی سفارت خانہ پاکستان میں موجود چینی باشندوں کی خیر خبر لے رہا ہے، فی الحال سیلابی صورتحال میں کسی چینی شہری کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ ملک میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 650 سے تجاوز کرچکی ہے۔

    نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ 26 جون سے اب تک بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے ہونے والے حادثات میں اب تک 657 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا پاکستان میں سیلاب سے نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان میں سیلاب سے نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    اپنے بیان میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ انہیں سیلاب کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔

    سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور متاثرین کی امداد کے لیے عالمی تعاون جاری رکھا جائے گا۔

    صوابی : طوفانی بارشیں، 8 مکانات منہدم، درجنوں افراد جاں بحق

    یاد رہے پاکستان میں حالیہ تباہ کن بارشوں اور فلش فلڈز سے اب تک کم از کم 328 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں زیادہ تر خیبر پختونخوا کے رہائشی شامل ہیں۔

    بونیر میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث پہاڑوں سے پانی کا ریلہ گھروں پر آ گیا، جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔

  • چین کی پنجاب میں تیز ترین سرمایہ کاری کا ریکارڈ قائم

    چین کی پنجاب میں تیز ترین سرمایہ کاری کا ریکارڈ قائم

    لاہور (13 اگست 2025): چین کی جانب سے پنجاب میں تیز ترین سرمایہ کاری کا نیا منفرد ریکارڈ قائم ہو گیا ایم او یو پر دستخط بھی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چین کی جانب سے پنجاب میں تیز ترین سرمایہ کاری کا نیا منفرد ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔ بینک آف پنجاب اور چینی کمپنی چیلنج فیشن پرائیوٹ لمیٹڈ کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہوئے ہیں۔

    اس معاہدے کے تحت چیلنج ٹیکسٹائل گروپ پنجاب میں 150 ملین ڈالر سرمایہ کاری کرےگا اور صوبے میں 100 ایکڑ پر جدید ترین اسپیشل اکنامک زون بنایا جائے گا۔

    چیلنج گروپ کے تحت پنجاب میں پاکستان کی بڑی ایڈوانس ٹیکسٹائل مل لگائی جائے گی اور ماہانہ 6 ملین میٹر فیبرک استعمال کر کے 2 سے 8 ملین گارمنٹس پروڈکشن کی کرے گا۔

    چینی گروپ کے ذریعہ 8 ماہ کے دوران 18 ہزار اور 5 سال میں 25 ہزار افراد کو روزگار ملے گا۔ یہ گروپ معروف امریکن برانڈز کے ذریعے گارمنٹس ایکسپورٹ کرے گا جب کہ گارمنٹ کی تیاری کیلیے خام مال بھی پاکستان سے حاصل کرے گا۔ اس منصوبے سے سالانہ 100 ملین ڈالر سے زائد کی برآمدات متوقع ہیں۔

    دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے لاہور میں متعین چینی قونصل جنرل اور چیئرمین چیلنج گروپ نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے فروغ اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چیلنج گروپ کے ویگوہانگ نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کوسراہا۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پاک چین تجارتی، کاروباری شراکت داری کو مزید بلندیوں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ پنجاب میں جدید ترین گارمنٹ سٹی بنا رہے ہیں، جس کے لیے چیلنج گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے اور اس کی مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

  • برازیل سے کیسے تعلقات ہیں؟ چینی صدر کا بڑا بیان

    برازیل سے کیسے تعلقات ہیں؟ چینی صدر کا بڑا بیان

    چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ چین اور برازیل کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چینی اور برازیلین صدور کی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں دونوں ممالک کی معیشت کے لیے نئے کاروباری مواقعوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

    رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی جس میں دو طرفہ تجارت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ چین اور برازیل کو عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام جاری رکھنا چاہیے۔

    دوسری جانب امریکا نے چین کے ساتھ ٹیرف معاہدے میں مزید 3 ماہ کی توسیع کردی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حکم نامے پر دستخط کردیے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق چین امریکا ٹیرف معاہدے کی مدت آج ختم ہو رہی تھی تاہم ٹرمپ نے صدارتی حکم پر دستخط کرتے ہوئے چین کے ساتھ ٹیرف معاہدے میں 3 ماہ کی توسیع کر دی۔

    اس موقع پر امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چین کے ساتھ تجارتی مذاکرات میں پیش رفت متوقع ہے، چین اچھے برتاؤ کا مظاہرہ کررہا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ چین امریکا سے سویابین کی خریداری میں 4گنا اضافہ کرے گا، یاد رہے کہ نئے صدارتی حکم کے تحت موجودہ ٹیرف ریٹ اگلے 3 ماہ تک نافذ رہے گا۔

    غزہ پر مکمل قبضے کا منصوبہ، ٹرمپ اور نیتن یاہو میں کیا بات ہوئی؟

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکا اور چین نے جنیوا میں تجارتی مذاکرات کے بعد 90 دنوں کے لیے ٹیرف میں کمی کا اعلان کیا تھا ساتھ ہی اقتصادی اور تجارتی تعلقات پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

  • چین پھر دنیا پر سبقت لے گیا، پہلا ہیومنائیڈ روبوٹ شاپنگ مال کا افتتاح

    چین پھر دنیا پر سبقت لے گیا، پہلا ہیومنائیڈ روبوٹ شاپنگ مال کا افتتاح

    بیجنگ (11 اگست 2025): چین ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک بار پھر دنیا پر سبقت لے گیا، بیجنگ میں پہلے ہیومنائیڈ روبوٹ مال کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق چین نے بیجنگ میں کار ڈیلر شپ کی طرح دنیا کا پہلا ’’روبوٹ مال‘‘ کھول دیا ہے، یہ اپنی نوعیت کا منفرد 4S اسٹائل کا مخصوص اسٹور ہے، جہاں سے عام لوگ طرح طرح کے روبوٹ خرید سکیں گے۔

    ’4S‘ فارمیٹ کا مطلب ہے کہ مال میں ایک ہی چھت کے نیچے ’’سیل، سروس، اسپیئر پارٹس اور سروے (یعنی کسٹمر فیڈ بیک)‘‘ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ یہ انداز چین میں کار ڈیلرشپس کے ماڈل سے ملتا جلتا ہے، اب یہی انداز انسان نما روبوٹس کی فروخت کے سلسلے میں بھی اپنایا جائے گا۔

    چین روبوٹ مال

    اس مال میں یو بی ٹیک روبوٹکس (Ubtech Robotics) اور یونٹری روبوٹکس (Unitree Robotics) جیسے برانڈز سمیت 200 تک کمپنیوں کے 100 سے زیادہ اقسام کے روبوٹس فروخت کیے جائیں گے۔ یہ مال بیجنگ کے ہائی ٹیک ای ٹاؤن (E-Town) ڈسٹرکٹ میں واقع 4 منزلہ عمارت میں بنایا گیا ہے۔چین روبوٹ مال

    فروخت کے لیے دستیاب روبوٹس میں چھوٹے گھریلو گیجٹ سائز کے روبوٹ (جن کی قیمت تقریباً 2,000 یوان یا 278 امریکی ڈالر ہے) سے لے کر بڑے، زیادہ جدید اور کئی ملین یوان مالیت کے انسان نما روبوٹس شامل ہیں۔ مال میں کچھ شو پیس روبوٹس بھی رکھے گئے ہیں، جن میں ایک انسانی جسامت کا البرٹ آئن اسٹائن ہیومینائیڈ بھی شامل ہے، جس کی مالیت تقریباً 97,000 امریکی ڈالر ہے۔

    چین روبوٹ مال

    اس مال میں ایک ایسا ریستوران بھی موجود ہے جہاں انسان نما روبوٹ ویٹر کام کرتے نظر آئیں گے، یہ روبوٹس ہر کام خودکار طریقے سے کرتے ہیں، اس مال کے قیام کا مقصد روبوٹکس کے تحقیقی مراحل کو عام صارفین کے لیے قابل عمل بنانا ہے، یہاں ریسٹورنٹ کا آغاز چین میں ورلڈ روبوٹ کانفرنس کے دوران کیا گیا تھا اور کانفرنس کی میزبانی بھی ایک روبوٹ نے ہی کی تھی۔


    ترکیہ کے جدید ترین جنگی روبوٹ کتے نے دنیا کو حیران کر دیا


    مال میں صنعتی روبوٹس، میڈیکل روبوٹس، ڈلیوری روبوٹس، اور ایجوکیشنل روبوٹس شامل ہیں، صارفین یہاں روبوٹس کو قریب سے دیکھ سکتے ہیں، ان سے بات چیت کر سکتے ہیں، اور انھیں مختلف کام کرتے ہوئے آزما بھی سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ مال نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

  • چکن گونیا کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا

    چکن گونیا کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا

    بیجنگ(10 اگست 2025): چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ میں چکن گونیا کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا۔

    چین کی مقامی حکام کا کہنا ہے صرف ایک ماہ کے دوران 8 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، چینی حکام نے مرض کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سخت اقدامات شروع کردیے۔

    متاثرہ علاقوں میں مچھر مارنے کیلئے ڈرونز سے اسپرے کیا جارہا ہے، حکام نےکھلے مقامات سے ایسے برتن ہٹانے کا حکم دیا ہے جن میں موجود پانی مچھروں کی افزائش کا باعث بن سکتی ہو۔

    گھروں میں پانی جمع کرنے والے برتنوں کو نہ ہٹانے پر 10,000 یوآن (تقریباً 1,400 ڈالر) تک جرمانہ عائد کیا جا رہا ہے۔ عوام کو مچھروں سے بچاؤ کے اقدامات اور مشتبہ علامات کی صورت میں فوری طبی امداد لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔

    ماہرین کے مطابق، غیر معمولی بارشوں اور بلند درجہ حرارت نے اس وبا کو مزید شدید کیا ہے۔ اگرچہ زیادہ تر کیسز معمولی ہیں اور 95 فیصد مریض ایک ہفتے میں صحت یاب ہو جاتے ہیں، لیکن اس کا تیزی سے پھیلاؤ تشویش کا باعث ہے۔ ہانگ کانگ میں بھی ایک 12 سالہ بچے میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، جو فوشان سے واپس آیا تھا۔

    واضح رہے کہ چکن گونیا ایک ایسی وبا ہے جس نے خصوصاً کراچی کے شہریوں کی بڑی تعداد کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے اور لوگ جوڑوں کے درد کی وجہ سے شدید تکلیف میں مبتلا ہیں۔

    عام طور پر اس کا بیماری یا وائرس کا کوئی مصدقہ علاج تو نہیں لیکن احتیاطی تدابیر اور صحت مند غذا کے استعمال سے اس کی تکلیف سے نجات کافی حد تک ممکن ہے۔

    چکن گونیا عام طور پر ایشیا، افریقہ اور جنوبی امریکا میں پھیلتا ہے، لیکن چین میں اس کی اس سطح کی شدت پہلی بار دیکھی جا رہی ہے۔ فی الحال اس کی کوئی ویکسین دستیاب نہیں ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/chikungunya-easy-treatment-haddi-guddi/

  • امریکا روس تنازع، چین کا بڑا بیان سامنے آگیا

    امریکا روس تنازع، چین کا بڑا بیان سامنے آگیا

    چین نے امریکا اور روس کے تعلقات میں بہتری سے متعلق اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔

    چینی میڈیا کے مطابق ٹیلی صدر شی جن پنگ نے صدر پیوٹن سے فون پر گفتگو کے دوران کہا کہ چین، روس اور امریکا میں رابطہ برقرار رکھنے، تعلقات کو بہتر بنانے اور یوکرین کے بحران کے سیاسی حل کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر پیوٹن کے درمیان 15 اگست کو الاسکا میں ملاقات طے پائی ہے۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرکے پیوٹن سے ملاقات کے متعلق آگاہ کیا ہے۔

    اس سے قبل چین نے غزہ شہر پر قبضے کے منصوبے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اپنے خطرناک اقدامات بند کرے۔

    خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جمعے کو جاری پیغام میں کہا کہ غزہ فلسطینی عوام کا ہے اور یہ فلسطینی سرزمین کا ناقابلِ تقسیم حصہ ہے۔

    چین نے کہا کہ غزہ میں انسانی بحران کو کم کرنے اور یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنانے کا صحیح راستہ فوری جنگ بندی ہے۔

    ٹرمپ کا خوف، بھارت روس سے تیل کی خریداری کم کرنے پر تیار

    ترجمان چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ غزہ تنازع کا مکمل حل جنگ بندی پر منحصر ہے، تب ہی کشیدگی میں کمی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے اور علاقائی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ وہ غزہ میں جلد اسرائیلی جنگ ختم کرنے میں مدد کیلیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلیے تیار ہے۔

  • چین کے سیاحتی مقام پر پُل ٹوٹنے سے 5 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    چین کے سیاحتی مقام پر پُل ٹوٹنے سے 5 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    بیجنگ(7 اگست 2025): چین کے علاقے سنکیانگ میں سیاحتی مقام پر واقع پُل ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق شمال مغربی چین کے علاقے سنکیانگ میں کیبلز ٹوٹنے کے بعد پُل ایک جانب جھک گیا تھا، پُل ٹوٹنے سے اس وقت وہاں موجود 29 افراد نیچے گر گئے تھے۔

    اس حادثے میں پانچ افراد افراد ہلاک اور 24 زخمی ہو گئے ہیں حادثے کے بعد سیاحتی مقام کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔

    حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

    65 مربع کلومیٹر پر پھلیے ہوئے اس علاقے کو Xiata کہا جاتا ہے، یہ علاقہ ایک قدرتی منظر پیش کرتا ہے جس میں ایک پہاڑی، وادی، اور ایک دریا کے ساتھ ساتھ ثقافتی باقیات جیسے ایک قدیم قصبے کے کھنڈرات شامل ہیں۔

    اس سے قبل چار سیاحتی کشتیاں چین کے صوبہ گوئی چو کے بی جیے شہر کے ایک سیاحتی مقام پر تیز ہوا کے باعث پانی میں الٹ گئیں تھی حادثے میں 10 افراد ہلاک جبکہ 70 افراد زخمی ہوئے تھے۔

  • پاکستان کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں روانہ

    پاکستان کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں روانہ

    اسلام آباد (31 جولائی 2025): پاکستان کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں روانہ ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے جمعرات کی صبح جنوب مغربی چین کے صوبے سیچوان میں واقع شیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے کوائژو-1A کیریئر راکٹ کے ذریعے پاکستان کے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ-01 کو کامیابی کے ساتھ مقررہ مدار میں بھیج دیا۔ یہ سیٹلائٹ قومی اراضی کے سروے، آفات کی پیش گوئی، اور بچاؤ و امدادی سرگرمیوں جیسی خدمات فراہم کرنے کا کام انجام دے گا۔

    یہ پاکستان کے خلائی پروگرام میں بڑی پیش رفت ہے، یہ جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ چین کے شِی چانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں روانہ کیا گیا ہے۔ اس مصنوعی سیارے سے ملک میں سیلاب، زلزلے، لینڈ سلائیڈنگ، گلیشیئرز کے پگھلنے کی بروقت اطلاع مل سکے گی، یہ سیٹلائٹ جغرافیائی خطرات کی نشان دہی کر کے سی پیک کو بھی مدد دے گا، اور دوسری طرف پاکستان میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور شہری پھیلاؤکی نگرانی ہو سکے گی۔

    اس مشن کی کامیابی کے ساتھ سپارکو نے پاکستان کے خلائی سفر میں ایک اور کامیابی کا اضافہ کر دیا ہے، کامیاب لانچنگ کے بعد خلا میں پاکستان کے فعال مصنوعی سیاروں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔


    پاکستان اور امریکا کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا، وزارت خزانہ


    وفاقی وزیر احسن اقبال نے انجینئرز اور سائنس دانوں کو مبارک باد دی، چیئرمین سپارکو نے کہا کہ سیٹلائٹ لانچ پائیدار ترقی کی جانب ایک قدم ہے، اس سے پاکستان نے خلائی پروگرام کا ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا ہے، یہ سیٹلائٹ فصلوں کی پیداوار، انفراسٹرکچر اور شہری پھیلاؤ کی نگرانی میں مددگار ثابت ہوگا، سیلاب، زلزلے اور زمینی کھسکاؤ کی بروقت پیشگوئی ممکن ہو سکے گی۔

    انھوں نے کہا اس سیٹلائٹ سے گلیشیئرز کے پگھلاؤ اور جنگلات کی کٹائی پر نظر رکھی جا سکے گی، ماحولیاتی نگرانی اور قدرتی وسائل کے مؤثر انتظام میں یہ سیٹلائٹ معاون ہوگا، جب کہ سی پیک منصوبوں میں جیو ہیزرڈز اور ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس کی شناخت میں بھی مدد ملے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ سیٹلائٹ مختلف ماحولیاتی حالات میں ڈیٹا حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، اس کی لانچنگ سپارکو کے وژن 2047 اور قومی خلائی پالیسی کا حصہ ہے۔

  • چین کے روبوٹ باکسروں نے دنیا کو حیران کر دیا، ویڈیو دیکھیں

    چین کے روبوٹ باکسروں نے دنیا کو حیران کر دیا، ویڈیو دیکھیں

    شنگھائی میں پیر 28 جولائی کو منعقدہ ’ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کانفرنس 2025 (WAIC) کے دوران چین نے روبوٹکس کے شعبے میں اپنی تازہ ترین کمالات کے مظاہرے سے دنیا کو حیران کر دیا ہے، شائقین نے نہ صرف باکسنگ کرنے والے ہیومنائیڈ ربوٹس کی مہارت دیکھی بلکہ مہجونگ کھیل کھیلنے والے روبوٹ بھی۔

    نمائش میں سب سے زیادہ توجہ باکسنگ رِنگ میں اترنے والے انسانی روبوٹس نے حاصل کی، جنھوں نے ہیڈ گئیر پہنا ہوا تھا، اور وہ ایک دوسرے کو زور دار پنچ، ہُک اور کراس مار رہے تھے، یہ باکسنگ روبوٹ یونی ٹری (Unitree) نامی چینی روبوٹکس کمپنی نے تیار کیا ہے، روبوٹ کا نام G1 ہے، جس کا وزن تقریباً 35 کلوگرام (77.16 پاؤنڈ) ہے اور اس کا قد 1.32 میٹر (4.3 فٹ) ہے۔

    مقابلے کے دوران روبوٹ باکسر کو رِنگ کے باہر موجود آپریٹرز ایک ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلا رہے تھے، باکسنگ مقابلے میں روبوٹس کو نہایت پھرتی، توازن، اور مؤثر حرکتوں کا مظاہرہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے، ان میں مکے، لاتیں مارنے اور گر کر دوبارہ کھڑے ہونے جیسی صلاحیتیں شامل ہیں۔ G1 روبوٹ میں نصب مختلف سینسرز کی وجہ سے یہ انسانوں کی طرح جنگی مہارتیں مؤثر طریقے سے انجام دینے کے قابل ہے۔


    اوپن اے آئی کے سربراہ نے پوڈ کاسٹ میں چیٹ جی پی ٹی کے حوالے سے ہولناک بات کا اعتراف کر لیا


    اے آئی کانفرنس میں ایک اور روبوٹ نے بھی لوگوں کو حیران کیا، یہ روبوٹ چین کا ایک کھیل مہجونگ کھیل رہا تھا اور انسانوں نے بھی اس کے ساتھ مقابلے میں حصہ لیا، اس روبوٹ میں یہ خصوصیت ہے کہ یہ ایسے حالات میں بھی فیصلے کر سکتا ہے جہاں میز پر موجود معلومات مکمل نہ ہوں، اور مقابل انسان کے اقدامات بھی غیر متوقع ہوں۔

    یہ روبوٹ بنانے والی ٹیکنالوجی کمپنی PsiBot کے شریک بانی چن یوان پے (Chen Yuanpei) نے کہا: ’’سب سے مشکل بات یہ ہے کہ مہجونگ کے علم کو روبوٹ ماڈل میں کیسے شامل کیا جائے، کیوں کہ زیادہ تر کمپنیاں یا عمومی الگورتھمز کے لیے یہ کرنا مشکل ہوتا ہے۔‘‘

    واضح رہے کہ ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کانفرنس 26 سے 28 جولائی تک جاری رہی، جس میں 800 سے زائد ٹیکنالوجی کمپنیوں اور ماہرین کو اپنے کام پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔

  • بچے کی پیدائش پر والدین کو 500 ڈالر دینے کا اعلان

    بچے کی پیدائش پر والدین کو 500 ڈالر دینے کا اعلان

    بیجنگ : بچے کی پیدائش پر والدین کو 500 ڈالر دینے کا اعلان کردیا گیا جبکہ شہری کو ہر بچے کی پرورش کیلئے 1500 ڈالر بھی ملیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے کم ہوتی آبادی سے نمٹنے کیلئے نیا فیصلہ کرلیا ، بچے کی پیدائش پر والدین کو پانچ سو ڈالر دینے کا اعلان کردیا۔

    حکومتی فیصلے کا مقصد چین کی گرتی ہوئی شرح پیدائش میں اضافہ کرنا ہے، حکومتی امداد کے نتیجے میں تقریباً دو کروڑ خاندانوں کو بچوں کی پرورش میں مدد ملے گی۔

    چینی حکومت اپنے شہریوں کو ہر بچے کی پرورش کیلئے پندرہ سو ڈالر فراہم کرے گی، چین کی آبادی میں مسلسل تیسرے سال کمی واقع ہوئی ہے۔

    اسکیم جس کا اعلان پیر کو کیا گیا تھا، والدین کو فی بچہ 10,800 یوآن تک کی پیشکش کرے گا۔

    مزید پڑھیں : تیسرے بچے کی پیدائش پر 50 ہزار، لڑکا پیدا ہونے پر گائے انعام میں دینے کا اعلان

    خیال رہے چین میں 2024 کے دوران صرف 95 لاکھ بچے پیدا ہوئے، جو کہ 2016 کے مقابلے میں آدھے سے بھی کم ہیں۔

    یاد رہے 2016 وہ سال تھا جب چین نے اپنی تین دہائیوں پر محیط ’ایک بچے کی پالیسی‘ کا خاتمہ کیا تھا۔

    تاہم شادی کی شرح بھی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، جب کہ نوجوان جوڑے بچوں کی پرورش کے اخراجات اور کیریئر کے دباؤ کے باعث اولاد پیدا کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔