Tag: چین

  • چینی وزیر دفاع جنرل لی شانگفو منظر عام سے غائب ہو گئے

    چینی وزیر دفاع جنرل لی شانگفو منظر عام سے غائب ہو گئے

    بیجنگ: چینی وزیر خارجہ کے بعد وزیر دفاع کے منظر عام سے غائب ہونے پر قیاس آرائی شروع ہو گئیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزیر دفاع لی شانگفو کے منظرعام سے غائب ہونے پر قیاس آرائیاں ہونے لگی ہیں، وہ دو ہفتوں سے عوام کے سامنے نہیں آئے۔

    امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل نے کہا ہے کہ چینی وزیر دفاع کو عہدے سے ہٹایا جا رہا ہے، لی شانگفو کے خلاف یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ انھیں بدعنوانی کے کسی مقدمے میں سائیڈ لائن کر دیا گیا ہے۔

    چین کے وزیر دفاع لی شانگفو دو ہفتوں سے عوام کے سامنے نہیں آئے اور اہم میٹنگز میں شرکت بھی نہیں کی، جاپان میں امریکی سفیر نے چین کے وزیر دفاع لی شانگفو کے منظر عام سے غائب ہونے کے بارے میں سوال اٹھایا۔

    روئٹرز کے مطابق صدر شی جن پنگ کے اقتدار کے گزشتہ عشرے کے دوران چینی فوجی طاقت جتنی بڑھی اتنا ہی امریکا کے ساتھ اس کے تعلقات تلخ ہو گئے، اور جنرل لی شانگفو چینی فوج کو جدید تر بنانے کی اس مہم کا اہم حصہ رہے، وہ رواں سال ہی ترقی کرتے ہوئے وزیر دفاع بنے تاہم چھ ماہ کے اندر ہی وہ کرپشن کی تحقیقات کے بادل تلے غائب ہو گئے۔

    صدر شی جن پنگ نے جس طرح جنگی قوت کو بہتر بنانے کے لیے کوششیں کیں، اسی طرح شی کی مہم کا ایک حصہ اُس بدعنوانی کو ختم کرنا بھی تھا جس نے چین کی فوج اور دیگر ریاستی اداروں کو طویل عرصے سے جکڑ رکھا ہے۔

    واضح رہے کہ چین کی خلائی اور سائبر جنگ کی ترقی کے رہنما اور پھر ملٹری پروکیورمنٹ کے سربراہ 65 سالہ لی شانگفو کو مارچ میں وزیر دفاع بنایا گیا تھا۔ وزیر دفاع لی سے پہلے بھی کئی اعلیٰ چینی فوجی افسران کو ملازمتوں سے برطرف کیا جا چکا ہے۔

  • چین میں کرپشن پر ہائی پروفائل کارپوریٹ سربراہ کو سزائے موت

    چین میں کرپشن پر ہائی پروفائل کارپوریٹ سربراہ کو سزائے موت

    بیجنگ: چین میں کرپشن پر ہائی پروفائل کارپوریٹ سربراہ وانگ بن کو مہلت کے ساتھ سزائے موت دے دی گئی۔

    چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمیونسٹ پارٹی کے سابق سربراہ اور چائنا لائف انشورنس کے سابق چیئرمین وانگ بن کو تقریباً 325 ملین یوآن (44.5 ملین ڈالر) رشوت لینے اور تقریباً 56.4 ملین یوآن کے بیرون ملک ڈپازٹ چھپانے کے جرم میں منگل کو 2 سال کی مہلت کے ساتھ سزائے موت سنائی گئی۔

    دو سالہ مہلت ختم ہونے کے بعد وانگ کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا جائے گا، شینڈونگ صوبے کی عدالت کے جاری کردہ فیصلے کے مطابق عمر قید کے دوران وانگ بن پیرول یا سزا میں کمی کے اہل نہیں ہوں گے۔

    عدالت نے وانگ بن کو تاحیات سیاسی حقوق سے بھی محروم کر دیا ہے، اور ان کے تمام اثاثے بھی ضبط کر لیے گئے۔ عدالتی فیصلے میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ آیا وانگ اس فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں یا نہیں۔

    چینی صدر شی جن پنگ نے مالیاتی شعبے میں کرپشن کے خلاف جو کریک ڈاؤن شروع کیا ہے اس میں یہ پہلی ہائی پروفائل سزا ہے۔

  • چین نے افغانستان کے لیے اپنا سفیر تعینات کر دیا

    چین نے افغانستان کے لیے اپنا سفیر تعینات کر دیا

    کابل: چین نے افغانستان کے لیے اپنا سفیر تعینات کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے افغانستان میں اپنا سفیر تعینات کر دیا، چینی سفیر جاؤ شینگ نے اپنا تعیناتی خط ارگ میں وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند کو پیش کر دیا۔

    چینی سفیر جاؤ شینگ کو بدھ کو صدارتی محل (ارگ) میں گارڈ آف آرنر پیش کیا گیا۔

    افغانستان میں امریکی انخلا کے بعد طالبان کے ہاتھوں حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سے چین کابل کے ساتھ مؤثر طریقے سے سفارتی تعلقات قائم کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔

    واضح رہے کہ افغانستان میں چین کا اثر و رسوخ بڑھتا جا رہا ہے، جس سے افغانستان میں امن کے قیام میں مدد مل سکتی ہے، تاہم چین نے بھی تاحال دیگر ممالک کی طرح امارت اسلامیہ کو تسلیم نہیں کیا ہے۔

  • ویڈیو: صحرا میں سیر کے دوران عجیب واقعہ، لوگوں کے بال کھڑے ہو گئے

    ویڈیو: صحرا میں سیر کے دوران عجیب واقعہ، لوگوں کے بال کھڑے ہو گئے

    چین کے صوبے سنکیانگ میں واقع صحرائے کومتاغ میں گائیڈ اور سیاحوں کے ایک گروپ کو انوکھے تجربے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

    ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں سیاحوں کے ایک گروپ کو صحرا میں سفر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس میں اچانک ان کے بال ہیج ہاگس کی طرح کھڑے ہوجاتے ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی سیاحونں کا یہ گروپ صحرائی ٹیلے کے اوپر پہنچا تو ان کے بال کھڑے ہوگئے اور سنسناہٹ جیسی آواز گونجنے لگی۔

    جس کے باعث یہ افراد ٹیلے پر چار سے پانچ منٹ ہی گزار سکے اور پھر نیچے اتر گئے۔

    اس حوالے سے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ  ایسا اس لیے ہوا کیونکہ سیاحوں کے سر پر ایسے بادل موجود تھے جن میں برقی رو موجود تھی۔

    ایسے بادلوں میں پانی کے بخارات، برف کے کرسٹلز اور دیگر عناصر سے ماحول میں برقی رو دوڑ جاتی ہے جس سے بال اوپر کی جانب کھڑے ہو جاتے ہیں۔

  • پاک چین دوستی، سی پیک سبوتاژ کی ہر کوشش ناکام ہوگی: چین

    پاک چین دوستی، سی پیک سبوتاژ کی ہر کوشش ناکام ہوگی: چین

    بیجنگ: چین نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی اور اقتصادی راہداری (سی پیک) کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان چینی وزارتِ خارجہ وینگ بن ون نے بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان دوستی اور سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں گی۔

    انھوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے کام جاری رکھے گا، اور پاکستان میں چینی اہلکاروں اور منصوبوں اور تحفظ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

    چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہری، ادارے اور کمپنیاں محتاط رہیں۔

  • چین کے مشرقی علاقوں میں زلزلہ، کئی عمارتیں منہدم، 21 افراد زخمی

    چین کے مشرقی علاقوں میں زلزلہ، کئی عمارتیں منہدم، 21 افراد زخمی

    چین کے مشرقی علاقوں میں زلزلہ آنے کے سبب 21 افراد زخمی ہوگئے جب کہ 126 کے قریب عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرقی چین میں اتوار کی صبح آنے والے زلزلے کے باعث 126 عمارتیں منہدم ہوگئیں جب کہ کم از کم 21 افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔

    اطلاعات کی مطابق زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، مشرقی چین میں زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی، امریکی جیولوجیکل سروے نے اس کی شدت 5.4 بتائی ہے۔

    چین کے زلزلہ نیٹ ورکس سینٹر کے مطابق، 5.5 کی شدت کا زلزلہ چین کے دارالحکومت بیجنگ سے تقریباً 300 کلومیٹر (185 میل) جنوب میں ڈیزو شہر کے قریب صبح 2:33 بجے آیا،

    سرکاری نشریاتی ادارے چائنا سینٹرل ٹیلی ویژن اور دیگر خبر رساں اداروں نے بتایا کہ زلزلے کے نتیجے میں 126 مکانات منہدم ہوئے اور 21 افراد زخمی ہوئے۔

    ٹی وی براڈکاسٹروں نے ڈیزو کے رہائشیوں کو دکھایا جو زلزلے کے بعد باہر کی طرف بھاگتے ہوئے صبح کے اندھیرے میں فٹ پاتھوں پر بیٹھے تھے، سوشل میڈیا پر موجود ویڈیو میں ایسی اینٹیں دکھائی دے رہی ہیں جو منہدم دیواروں سے گری تھیں۔

  • چین میں بارشوں سے سڑک پر بننے والے گڑھے میں گاڑی گرنے کی خوفناک ویڈیو

    چین میں بارشوں سے سڑک پر بننے والے گڑھے میں گاڑی گرنے کی خوفناک ویڈیو

    بیجنگ: چین میں زبردست بارشوں کے بعد ایک سڑک پر بننے والے گہرے گڑھے میں گاڑی گر گئی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے علاقے ہیلون جیانگ میں ڈوکسوری طوفان نے تباہی مچا دی ہے، ایک علاقے میں طوفان میں پل کا ایک حصہ بھی بہہ گیا جس کے باعث کئی گاڑیاں اس میں گر کر حادثے کا شکار ہو گئیں۔

    ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ایک گاڑی کو خوف ناک طور پر گڑھے میں گرتے دیکھا جا سکتا ہے، سڑک پر گڑھا اس طرح اچانک سامنے آتا ہے کہ ڈرائیورز کو پتا نہیں چل پاتا، جس کی وجہ سے کئی گاڑیاں گڑھے میں گریں۔

    یہ ویڈیو ایک گاڑی کے ڈیش بورڈ پر لگے کیمرے میں ریکارڈ ہوئی، جو حادثے کی شکار گاڑی کے بالکل پیچھے چل رہی تھی، اور خود حادثے سے بال بال بچ گئی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی اچانک گڑھے میں جا گری اور دیگر گاڑیوں میں سوار لوگ اس کی مدد کے لیے فوری طور پر پہنچے۔

    خوش قسمتی سے اس حادثے میں ڈرائیور محفوظ رہا، لوگوں نے اسے بڑی مشکل سے لیکن بہ حفاظت گاڑی سے کھینچ کر نکال لیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گڑھے میں پہلے بھی گاڑیاں گری ہوئی تھیں۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان حادثات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    واضح رہے کہ ہیلونگ جیانگ ڈوکسوری کی زد میں آنے والا تازہ ترین مقام ہے، جس کی وجہ سے متعدد افراد ہلاک اور ہزاروں افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

  • چین کا یوم استحصال کشمیر پر اقوام متحدہ سے بڑا مطالبہ

    چین کا یوم استحصال کشمیر پر اقوام متحدہ سے بڑا مطالبہ

    بیجنگ: کشمیریوں کے یوم سیاہ پر چین نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگز نے کہا کشمیر کے تنازع پر چین کا مؤقف مستقل اور واضح ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

    ترجمان ماؤ ننگز کا کہنا تھا کہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان تاریخی مسئلہ ہے، فریقین کشمیر کے تنازع کو بات چیت اور مشاورت سے حل کریں۔

    دوسری جانب ترکیہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یکطرفہ اقدام کے چار سال مکمل ہونے پر انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے تقریب ہوئی۔

    ترک پارلیمنٹیرین نے تقریب میں شرکت کی، تقریب میں کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کیا گیا۔

    اس کے علاوہ انقرہ میں بھارتی جبر اور مظالم کی عکاسی کے لئے دو روزہ تصویری نمائش جاری ہے جہاں ترک سول سوسائٹی سے وابستہ اہم شخصیات نے نمائش کا دورہ کیا۔

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے

    واضح رہے کہ آج مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدام کے 4 سال مکمل ہو گئے، پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے، شہر شہر کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے مظاہرے ہوں گے۔

  • چین نے 6 ماہ بعد پاکستان میں  نئے  سفیر کا تقرر کردیا

    چین نے 6 ماہ بعد پاکستان میں نئے سفیر کا تقرر کردیا

    اسلام آباد : جیانگ ژائی ڈانگ پاکستان کیلئے چین کے نئے سفیر نامزد کردیئے گئے ، نئےسفیرجلد پاکستان آ کر اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے 6 ماہ بعد پاکستان میں نئے سفیر کا تقرر کردیا ، جیانگ ژائی ڈانگ کو پاکستان کیلئے چین کا سفیر نامزد کیا گیا ہے۔

    نئےسفیرجلد پاکستان آ کر اپنا عہدہ سنبھالیں گے، نامزد سفیر جیانگ ژائی ڈانگ چین کے ڈپلومیٹک سروس کے سینئیر آفیسر ہیں۔

    نانگ رانگ کی واپسی کے بعد سے مس پانگ چن شوئی بطور ناظم الامور ہی سفارت خانہ چلا رہی ہیں۔

    دوسری جانب چین کے لیے نامزد پاکستان کے نئے سفیر خلیل ہاشمی بھی بیجنگ جانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں، خلیل ہاشمی ستمبر میں چین میں بطور سفیر پاکستان اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔

  • چین نے پاکستان کا 2.4 ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور کردیا

    چین نے پاکستان کا 2.4 ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور کردیا

    اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چین کی جانب سے پاکستان کا قرض رول اوور کیے جانے کی تصدیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ٹوئٹر پر جاری بیان کہا کہ چین نے پاکستان کے ذمے 2.4 ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور کردیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ چین کے ایکزم بینک نے 2 سال کیلئے 2.4 ارب ڈالر رول اوور کر دیا، 2023-24 کیلئے 1.2 ارب اور 2024-25 کیلئے 1.2 ارب ڈالر دینے تھے۔

    اسحاق ڈار نے ٹوئٹ میں لکھا کہ پاکستان کو ان 2 سال کا اس رقم پر صرف سود ادا کرنا ہو گا۔