Tag: چین

  • چین نے شینزو 16 کے ذریعے پہلا سویلین خلاباز خلا میں بھیج دیا

    چین نے شینزو 16 کے ذریعے پہلا سویلین خلاباز خلا میں بھیج دیا

    بیجنگ: چین کا خلائی جہاز شینزو 16 تین خلابازوں کو لے کر روانہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کا خلائی جہاز شینزو 16 تیان گانگ خلائی اسٹیشن کے لیے منگل کو روانہ ہو گیا، 3 خلانوردوں سمیت مشن میں ایک سویلین سائنس دان بھی شامل ہے۔

    مشن کی خاص بات ایک سویلین سائنس دان کی شمولیت ہے، یونیورسٹی کے پروفیسر ہائچاؤ خلا میں جانے والے پہلے چینی شہری ہیں۔

    چین رواں عشرے کے آخر تک چاند پر بھی انسانی مشن بھیجنا چاہتا ہے، یہ مشن خلائی اسٹیشن پر مختلف تجربات بھی کرے گا، مشن کے دوران 3 رکنی عملہ 5 ماہ تک خلائی اسٹیشن پر قیام کرے گا۔

    جِنگ ہیپینگ، ژو یانگزو، اور گُوئی ہائچاؤ پر مشتمل یہ عملہ خلائی اسٹیشن پر شینزو 15 کے خلابازوں کی ذمہ داریاں سنبھالے گا، جو نومبر سے چین کے نئے مکمل ہونے والے تیان گانگ خلائی اسٹیشن پر موجود ہیں۔

    چین کے پروفیسر جو خلا میں جا کر تاریخ رقم کرنے والے ہیں

    واضح رہے کہ یہ 2021 کے بعد سے خلائی اسٹیشن پر چین کا پانچواں انسان بردار مشن ہے۔

  • موسمیاتی تبدیلیاں: چین میں گرمی کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    موسمیاتی تبدیلیاں: چین میں گرمی کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    بیجنگ: عالمی ماحولیاتی تبدیلی کا اثر چین پر بھر پڑنے لگا جہاں گرمی کا 147 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق شنگھائی میں آج مئی کے مہینے کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا، شنگھائی میں 147 سال کے بعد درجہ حرارت 36.1 ڈگری تک جا پہنچا، جو اس عرصے کے دوران سب سے زیادہ ہے۔

    اس سے قبل شنگھائی میں مئی 1876 میں درجہ حرارت 35.7 ڈگری تک پہنچا تھا جبکہ 1903، 1915 اور 2008 میں بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.7 تک پہنچا تھا۔

    شنگھائی میں درجہ حرارت عام طور پر جون، جولائی اور اگست میں 36 ڈگری سے اوپر جاتا ہے۔ چین میں اس سال مارچ سے غیرمعمولی گرم موسم جاری ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق چین کے جنوبی صوبوں میں اگلے چند دنوں کے دوران شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ گلوبل وارمنگ موسم کی سختی کو بڑھا رہی ہے، جنوب مشرقی اور جنوبی ایشیا میں کئی ممالک حالیہ ہفتوں کے دوران مہلک ترین ہیٹ ویوز اور بڑھتے درجہ حرارت کا سامنا کر رہے ہیں۔

    موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں اقوام متحدہ کے بین الحکومتی پینل کی حالیہ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ “گلوبل وارمنگ میں ہر اضافہ متعدد اور ایک ساتھ ہونے والے خطرات کو تیز تر کرے گا۔

    مئی میں اقوام متحدہ نے خبردار کیا تھا کہ اگلے پانچ سالہ گرم ترین دور ہوگا جب کہ گرین ہاؤس گیسز اور ایل نینو مل کر درجہ حرارت میں اضافہ کا سبب بنے گے۔

  • چین کے پروفیسر جو خلا میں جا کر تاریخ رقم کرنے والے ہیں

    چین کے پروفیسر جو خلا میں جا کر تاریخ رقم کرنے والے ہیں

    بیجنگ: چین پہلی بار اپنے ایک سویلین شہری کو خلا میں بھیج رہا ہے، خلا میں جانے والے خوش قسمت گوئی ہیچاؤ بیجنگ کی یونیورسٹی آف ایروناٹکس اینڈ ایسٹرو ناٹکس میں پروفیسر ہیں۔

    چین کی مینڈ اسپیس ایجنسی کا کہنا ہے کہ منگل کو پہلے شہری خلا باز کو بھیجنے کے لیے راکٹ مشن کے دیگر خلابازوں کو لے کر اڑے گا۔

    اسپیس ایجنسی کے ترجمان لن ژیقیانگ نے صحافیوں کو بتایا کہ اسپیس اسٹیشن جانے والے پے لوڈ ایکسپرٹ گوئی ہیچاؤ بیجنگ کی یونیورسٹی آف ایروناٹکس اینڈ ایسٹرو ناٹکس میں پروفیسر ہیں۔

    اب تک خلا میں بھیجے گئے تمام چینی خلا باز پیپلز لبریشن آرمی کا حصہ رہے ہیں۔

    اسپیس ایجنسی کے ترجمان لن ژیقیانگ کا کہنا ہے کہ پروفیسر گوئی بنیادی طور پر خلائی سائنس کے تجرباتی پے لوڈز کے مدار میں آپریشن کے لیے ذمہ دار ہوں گے، مشن کے کمانڈر جینگ ہیپینگ ہیں اور عملے کا تیسرا رکن ژو یانگ زو ہیں۔

    مینڈ سپیس ایجنسی کے مطابق وہ منگل کو شمال مغربی چین میں جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے روانہ ہونے والے ہیں۔

    صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کے خلائی خواب کے منصوبوں پر عمل درآمد میں تیزی آئی ہے۔

    دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت نے اپنے فوجی خلائی پروگرام میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، اس پروگرام میں انسانوں کو چاند پر بھیجا جانا بھی شامل ہے۔

    بیجنگ کئی برسوں سے ان سنگ میلوں کو عبور کرنے کی کوشش میں ہے جس میں امریکا اور روس اس سے بہت آگے ہیں۔

    چین چاند پر ایک اڈہ بنانے کا بھی منصوبہ بنا رہا ہے اور ملک کی نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ اس کا مقصد سنہ 2029 تک ایک انسانی مشن شروع کرنا ہے۔

  • چین کا بھی کینیڈین سفارتکار کو ملک بدر کرنے کا اعلان

    چین کا بھی کینیڈین سفارتکار کو ملک بدر کرنے کا اعلان

    بیجینگ: کینیڈا کی جانب سے چینی سفارتکار کو ملک بدر کرنے کے بعد اب چین نے جواب میں شنگھائی میں تعینات کینیڈین سفارتکار کو ملک بدر کرنے کا اعلان کردیا۔

    خبر ایجنسی کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے جاری بیان میں کہا کہ شنگھائی میں تعینات کینیڈین سفارتکارکو ملک بدرکردیں گے، کینیڈین سفارتکارکی ملک بدری کینیڈاکے اقدام کےجواب میں ہے۔

    وزارت خارجہ کے مطابق شنگھائی میں تعینات کینیڈین سفارتکار کو 13 مئی تک چین چھوڑنا ہوگا۔

    کینیڈا نے چینی سفارتکار کو ملک بدر کر دیا

    واضح رہے کہ کینیڈا نے رکن پارلیمنٹ اور ان کے اہلخانہ کو دھمکیاں دینے کے الزام میں ایک چینی سفارتکار کو ملک بدر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    کینیڈا کے رکن پارلیمنٹ نے چین پر تنقید کی تھی جس کے بعد کینیڈ اکی وزیر خارجہ ملانی جولی نےخبردار کیا کہ آئندہ کسی نے ایسا رویہ اپنایا تو اسے بھی گھر بھیجا جائےگا۔

  • آرمی چیف کا دورہ چین، چینی ہم منصب سے ملاقات

    آرمی چیف کا دورہ چین، چینی ہم منصب سے ملاقات

    اسلام آباد: پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر چین کا دورہ کر رہے ہیں جہاں ان کی چینی ہم منصب سے تفصیلی ملاقات ہوئی، ملاقات میں فوجی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر چین کا دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ پیپلز لبریشن آرمی پی ایل اے آرمی ہیڈ کوارٹرز پہنچے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو چینی چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

    آرمی چیف کی چینی ہم منصب سے تفصیلی ملاقات بھی ہوئی، ملاقات میں باہمی سیکیورٹی امور اور فوجی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔

    دونوں جانب سے خطے میں امن و استحکام کی ضرورت پر زور دیا گیا جبکہ فوجی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    آرمی چیف نے پی ایل اے کے جوانوں کی آپریشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی دیکھا اور جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور تربیتی معیار کو سراہا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف دیگر چینی عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

  • چین سے کمرشل قرض کی مد میں 30 کروڑ ڈالر موصول

    چین سے کمرشل قرض کی مد میں 30 کروڑ ڈالر موصول

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ چین سے کمرشل قرض کی مد میں 30 کروڑ ڈالر موصول ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے زرمبادلہ کے ذخائر کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ چین سے تجارتی قرض کی مد میں تیس کروڑ ڈالر موصول ہونے کے بعد اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 39 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہو گیا ہے۔

    ایس بی پی کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ذخائر 4.03 ارب ڈالر سے بڑھ کر 4.43 ارب ڈالر ہو گئے ہیں، جب کہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 60 لاکھ ڈالر اضافے سے 5 ارب 53 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہو گئے ہیں۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق مجموعی ملکی ذخائر 40 کروڑ ڈالر اضافے کے بعد 9 ارب 96 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہو گئے ہیں۔

  • بھارت دنیا کی سب سے زیادہ آبادی رکھنے والا ملک بن گیا

    بھارت دنیا کی سب سے زیادہ آبادی رکھنے والا ملک بن گیا

    نئی دہلی: بھارت آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے ملک چین کو پیچھے چھوڑ کر سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن گیا، بھارت کی آبادی 1 ارب 40 کروڑ سے تجاوز کر گئی۔

    اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت اب دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے، بھارت میں اب چین سے 29 لاکھ لوگ زیادہ ہیں اور ملک کی آبادی 140 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔

    چین میں شرح پیدائش میں کمی آئی ہے اور اس سال یہ منفی میں ریکارڈ کی گئی۔

    یو این ایف پی اے کی دی اسٹیٹ آف ورلڈ پاپولیشن رپورٹ 2023 جاری کی گئی ہے جس کا عنوان ہے، 8 ارب زندگیاں، لامحدود امکانات: حقوق اور انتخاب کا معاملہ۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کی آبادی اب 1428.6 ملین ہے، جبکہ چین کی آبادی 1425.7 ملین ہے، یعنی دونوں کی آبادی میں 29 لاکھ کا فرق ہے۔ رپورٹ میں تازہ ترین اعداد و شمار ڈیموگرافک انڈیکیٹرز کے زمرے میں دیے گئے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے آبادی کے اعداد و شمار کے ریکارڈ میں یہ پہلا موقع ہے کہ 1950 کے بعد ہندوستان کی آبادی چین سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • پاکستان میں خلائی سینٹر کی تعمیر، چین قرض دے گا

    پاکستان میں خلائی سینٹر کی تعمیر، چین قرض دے گا

    اسلام آباد: پاکستان میں خلائی سینٹر بنائے جانے کے منصوبے کے لیے چین نے ایک ارب یو آن (چین کرنسی) قرض دینے کی منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے پاکستان اسپیس سینٹر منصوبے کے لیے 1 ارب یو آن قرض دینے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی کابینہ نے منصوبے کے لیے قرض کے معاہدے کی منظوری دے دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری لی گئی۔

    پاکستان نے اسپیس سینٹر منصوبے کے لیے چین سے رعایتی قرض کی درخواست کی تھی، قرض پر سالانہ 2 فیصد سود جبکہ ون ٹائم مینجمنٹ فیس 0.25 فیصد ہوگی۔

    منصوبے کے لیے قرض پر سالانہ 0.2 فیصد کمٹمنٹ چارجز ہوں گے۔

  • چین نے اروناچل پردیش کو اپنا علاقہ قرار دے کر زنگنان کا نام دے دیا

    چین نے اروناچل پردیش کو اپنا علاقہ قرار دے کر زنگنان کا نام دے دیا

    بیجنگ: چین نے اروناچل پردیش کو اپنا علاقہ قرار دے کر زنگنان کا نام دے دیا۔

    تفصیلات کےمطابق چین نے اروناچل پردیش پر اپنا خود مختار علاقہ ہونے کا دعوے کرتے ہوئے اس کو زنگنان کا نام دے دیا ہے۔

    چین نے متنازعہ علاقے کے 11 مقامات کے نام بھی تبدیل کر دیے ہیں، ترجمان چینی وزارت خارجہ ماؤ نِنگ کا کہنا ہے کہ زنگنان (اروناچل پردیش) چین کے علاقے کا حصہ ہے۔

    شمال مشرقی ہندوستانی ریاست کا نام تبدیل کرنے کے حوالے سے بیان منگل کو ایک باقاعدہ میڈیا کانفرنس کے دوران چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے دیا۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس پیش رفت پر فوری طور پر بھارت کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے لیکن ماضی میں بھارت یہ دعویٰ کرتا رہا ہے کہ ارونا چل پردیش ہمیشہ سے بھارت کا اٹوٹ حصہ رہا ہے اور رہے گا۔

  • چین کا مودی کی سفاکی پر کرارا جواب

    چین کا مودی کی سفاکی پر کرارا جواب

    ارونا چل پردیش : چین نے متنازع ارونا چل پردیش کی 11 جگہوں کے نام تبدیل کر دیے ، چینی حکام کےاقدامات کےبعدمودی سرکار میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے مودی کی سفاکی پر کرارا جواب دیتے ہوئے متنازع اروناچل پردیش کی 11جگہوں کےنام تبدیل کر دیے۔

    اقدام امریکی سینیٹ کے متنازع علاقے پر بھارتی حق تسلیم کرنے کے جواب میں کیا گیا ، تبدیل کئے گئے ناموں میں 2 زمینی مقامات، 2شہر، 5چوٹیاں اور2 دریا شامل ہیں۔

    اس سے قبل 2017 اور 2021 میں بھی چین اروناچل پردیش کے علاقوں کےنام تبدیل کیا گیا تھا، اب تک چین اروناچل پردیش کے 33 مقامات کا نام تبدیل کر چکا ہے۔

    چینی حکام کےاقدامات کے بعد مودی سرکار میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ،بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ چینی اقدام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور متنازع علاقے کی حیثیت تبدیل کرنےکی کوشش ہے۔

    جس پر چینی حکام نے بھارت کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب امریکی سینیٹ سےقراردادمنظورکروائی تب بین الاقوامی قوانین یامتنازع حیثیت کاخیال نہیں آیا؟

    بھارتی عوام بھی دہائی دے رہی ہے کہ مودی کی غلط پالیسیوں نےہندوستان کوکہیں کا نہ چھوڑا اور سوال کیا کیامودی ہندوستان کو سپر پاورکےابھرتےعالمی تنازع کے ایندھن میں جھونک دے گا؟