Tag: چین

  • چین کی فیکٹری میں بڑا حادثہ، 36 افراد ہلاک

    چین کی فیکٹری میں بڑا حادثہ، 36 افراد ہلاک

    بیجنگ: چین کی ایک فیکٹری میں آتش زدگی کے ہول ناک واقعے میں 36 افراد ہلاک ہو گئے۔

    چینی میڈیا کے مطابق چین کے صوبے ہنان کی فیکٹری میں آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں چھتس افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔

    فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے 63 فائر ٹینڈرز نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کی، فیکٹری میں آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔

    لاطینی امریکا میں چھوٹا طیارہ رہائشی علاقے پر گر گیا، 8 ہلاکتیں

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق آنیانگ کے ہائی ٹیک زون میں واقع ایک فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے عمارت کے بڑے حصے کو لپیٹ میں لے لیا، حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

  • چین میں کورونا پھر سر اُٹھانے لگا، 6 ماہ  بعد مہلک وائرس سے پہلی موت

    چین میں کورونا پھر سر اُٹھانے لگا، 6 ماہ بعد مہلک وائرس سے پہلی موت

    بیجنگ : چین کے دارلحکومت بیجنگ میں چھ ماہ بعد کورونا سے پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی، 87 سالہ بیجنگ کے رہائشی جان کی بازی ہار گیا

    تفصیلات کے مطابق چین میں کوویڈ نائنٹن وائرس لوگوں کوپھرنشانہ بنانے لگا، بیجنگ میں چھ ماہ بعد پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی۔

    خبرر ساں ایجنسی نے بتایا کہ بیجنگ میں ستاسی سال کا ایک مریض چل بسا، چند دن پہلےاس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا

    چین میں رواں برس مئی کے بعد یہ پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے، چین میں کورونا وباء کے آغاز سے اب تک مجموعی ہلاکتیں پانچ ہزار دو سو ستائیس ہو چکی ہیں۔

    چوبیس گھنٹے کے دوران بیجنگ میں چھ سو اکیس اور ملک بھر میں چوبیس ہزار سے زائد نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    واضح رہے چین میں تاحال زیرو ٹالیرنس پالیسی کے تحت مختلف علاقوں میں سخت کورونا پابندیاں لاگو ہیں۔

    خیال رہے گذشتہ ہفتے چین میں صوبے گوانگ ژو میں شہریوں نے کورونا پابندیوں کے خلاف اعلانِ جنگ کیا تھا۔

    چین کے صوبے گوانگ ژو میں شہری کرونا ایس او پیز کے تحت نافذ کی گئی تمام رکاوٹیں توڑتے ہوئے باہر نکل آئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

  • چین میں شہری سخت کرونا پابندیوں سے تنگ آ گئے، اعلان جنگ

    چین میں شہری سخت کرونا پابندیوں سے تنگ آ گئے، اعلان جنگ

    بیجنگ: چین میں شہری سخت کرونا پابندیوں سے تنگ آ گئے ہیں، صوبے گوانگ ژو میں شہریوں نے اعلانِ جنگ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے صوبے گوانگ ژو میں شہری کرونا ایس او پیز کے تحت نافذ کی گئی تمام رکاوٹیں توڑتے ہوئے باہر نکل آئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

    شہریوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور تمام رکاوٹیں ہٹا دیں، شہریوں کی بغاوت کے پیشِ نظر چینی حکومت نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس بند کر دی۔

    بی بی سی کے مطابق لاک ڈاؤن توڑ کر گھروں سے نکلنے والے شہریوں کی پولیس کے ساتھ جھڑپ بھی ہوئی، لوگ کرونا کی سخت پابندیوں پر سخت غصہ ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہریوں نے پولیس کی گاڑی کو الٹایا، رکاوٹیں توڑ دیں، شہر کے ضلع ہیزو میں اس بات پر سخت کشیدگی پیدا ہو گئی ہے کہ وہ گھروں میں قید ہو کر رہ گئے ہیں۔

    صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لیے چینی حکومت نے علاقے میں فسادات کی ٹیمیں تعینات کر دی ہیں، واضح رہے کہ کرونا وبا کے بعد گوانگ ژو میں کووِڈ نائنٹین کے پھیلاؤ میں پہلی بار شدت آئی ہے۔

    خراب معاشی اعداد و شمار کی وجہ سے چین کی صفر کووِڈ پالیسی بہت زیادہ دباؤ میں ہے۔

  • چین میں قید پاکستانیوں سے متعلق تفصیلات سامنے‌ آگئیں

    چین میں قید پاکستانیوں سے متعلق تفصیلات سامنے‌ آگئیں

    اسلام آباد : وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چین کی مختلف جیلوں میں 236 پاکستانی قید ہیں، جن میں 3خواتین بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت خارجہ نے چین میں قید پاکستانیوں سے متعلق تفصیلات پیش کردیں۔

    وزارت خارجہ نے بتایا کہ چین کی مختلف جیلوں میں 236 پاکستانی قید ہیں، جن میں 3خواتین بھی شامل ہیں۔

    وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ بیجنگ میں 121 ،شنگھائی میں 12 اور چنگدو میں 13 پاکستانی اور گاونفشرو میں 90 پاکستانی قید ہیں۔

    تحریری جواب میں کہا گیا کہ دونوں مالک میں سزا یافتہ افراد کی منتقلی کا معاہدہ 2020 میں نافذ العمل ہوا۔

    وزارت خارجہ نے کہا کہ 21 پاکستانیوں کی منتقلی کے لیے درخواست 2022 میں چینی وزرات انصاف کو دی، منتقلی کی منظوری کیلئے پاکستانی مشن چینی حکام سے رابطے میں ہے۔

  • چین کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے ہیپاٹائٹس اے ویکسین کی 1 لاکھ خوراکوں کا عطیہ

    چین کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے ہیپاٹائٹس اے ویکسین کی 1 لاکھ خوراکوں کا عطیہ

    اسلام آباد: چین کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے ہیپاٹائٹس اے ویکسین کی 1 لاکھ خوراکیں عطیہ کی گئیں، وفاقی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں ابھی بھی ہزاروں افراد ریلیف کیمپس میں رہ رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد ہوا، تقریب میں چین کی جانب سے پاکستان کو ہیپاٹائٹس اے ویکسین کی 1 لاکھ خوراکیں عطیہ کی گئیں۔

    وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے سائنو ویک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر گاؤ چیانگ سے عطیہ وصول کیا۔

    اس موقع پر وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے، چین نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے، سندھ اور بلوچستان میں ابھی بھی ہزاروں افراد ریلیف کیمپس میں رہ رہے ہیں۔

    وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ 1 لاکھ ہیپاٹائٹس اے کی ویکسین کا عطیہ سیلاب متاثرین کے لیے بہترین تحفہ ہے۔

  • چین اور سعودی عرب اگلے سال تک پاکستان کی مالی ضروریات کا خیال رکھیں گے

    چین اور سعودی عرب اگلے سال تک پاکستان کی مالی ضروریات کا خیال رکھیں گے

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا کہنا ہے کہ چین اور سعودی عرب جون 2023 تک پاکستان کی مالی ضروریات کا خیال رکھیں گے، دونوں ممالک نے 13 ارب ڈالر کا پیکج فراہم کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین اور سعودی عرب نے 13 ارب ڈالر کا پیکج فراہم کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔

    وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ چین قرضے رول اوور کرنے سمیت 8.8 ارب ڈالر کی معاونت کرے گا، چین 4 ارب ڈالر کے ڈپازٹس کی واپسی رول اوور کرے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو 3.3 ارب ڈالر کے چینی کمرشل قرضے بھی فراہم کیے جائیں گے، چین اس کے علاوہ 1.45 ارب ڈالر کی اضافی فنانسنگ کرے گا۔

    وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے بھی 4.2 ارب ڈالر کی اضافی رقم فراہم کرنے کا امکان ہے، 3 ارب ڈالر کے اضافی ذخائر اور مؤخر ادائیگی پر تیل کی سہولت شامل ہے، سعودی عرب گوادر میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس تعمیر کرے گا۔

    انہوں نے کہا کہ چینی اور سعودی قیادت نے وزیر اعظم کو تعاون کی یقین دہانی کروا دی، دونوں ملک جون 2023 تک پاکستان کی مالی ضروریات کا خیال رکھیں گے۔

    وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ چین نے ایم ایل ون اور کراچی سرکلر ریلوے پر کام جلد شروع کرنے پر اتفاق کیا۔

  • بیٹی کو کاٹنے والے کیکڑے کو باپ نے زندہ کھا لیا

    بیٹی کو کاٹنے والے کیکڑے کو باپ نے زندہ کھا لیا

    والد کی بیٹی سے محبت کے بارے میں تو سبھی جانتے ہیں، لیکن کیا آپ نے ایسا کبھی سنا ہے کہ بیٹی کو نقصان پہچانے والے جانور کو والد زندہ کھا لے؟

    چین میں ایک شخص نے بیٹی کا انتقام لینے کے لیے کیکڑے کو زندہ کھا لیا، جس کے بعد خود اسپتال پہنچ گیا۔

    چین کے صوبے زجیانگ میں ایک شخص پیٹ اور کمر کی شدید تکلیف کی شکایت لے کر اسپتال پہنچا تو ڈاکٹروں کو اس کی بیماری کی وجہ سمجھ نہیں آئی۔

    جس کے بعد اس کی بیوی نے ڈاکٹر کو بتایا کہ ایک چشمے کے قریب میری بیٹی پر ایک چھوٹے کیکڑے نے حملہ کیا تھا، جس پر مشتعل ہوکر میرے شوہر نے اسے اٹھا کر کھا لیا۔

    یہ بات معلوم ہونے کے بعد ڈاکٹروں نے مریض کے خون کے ٹیسٹ کیے اور پھر انہیں معلوم ہوا کہ انتقام لینے کی اس کوشش کے باعث وہ شخص 3 مختلف پیراسائیٹ انفیکشنز کا شکار ہوگیا ہے۔

    تشخیص کے بعد لیو کی حالت بہتر ہورہی ہے مگر اسے اب بھی کئی ماہ تک علاج کرانا ہوگا۔

  • اربوں روپے کی لاٹری جیتنے والے شخص کا بیوی اور بچوں کو بے خبر رکھنے کا فیصلہ

    اربوں روپے کی لاٹری جیتنے والے شخص کا بیوی اور بچوں کو بے خبر رکھنے کا فیصلہ

    چین میں ایک شخص نے اربوں روپے کی لاٹری جیتنے کے بعد اپنے گھر والوں سے اس بات کو چھپا لیا، اس شخص کا کہنا ہے کہ اس نے یہ بات اپنے گھر والوں کی بھلائی کے لیے ان سے چھپائی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق چین میں ایک شخص نے 21 کروڑ 90 لاکھ یو آن (6 ارب پاکستانی روپے سے زائد) کی لاٹری جیتنے کے بعد اس بات کو اپنی بیوی اور بچے سے چھپا لیا۔

    لی (پورا نام ظاہر نہیں کیا گیا) نامی شخص کے مطابق اسے ڈر ہے کہ انعامی رقم بیوی بچوں کی شخصیت خراب نہ کر دے۔

    چین کے صوبے گوانگشی میں انعامی رقم لینے کے لیے یہ شخص جب دفتر پہنچا تو اس نے ایک کاسٹیوم پہنا ہوا تھا جس سے اس کا چہرہ چھپ گیا تھا۔

    اس شخص نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے اپنے بیوی بچوں کو اس خوف سے لاٹری جیتنے کا نہیں بتایا کہ کہیں وہ بہت زیادہ مطمئن ہو کر مستقبل میں محنت نہ کریں یا بالکل ہی کوئی کام نہ کریں۔

    اس شخص نے 50 لاکھ یو آن فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کردیے ہیں اور اس کا کہنا ہے کہ اس نے ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا کہ باقی رقم کے ساتھ کیا کرنا ہے۔

    اس کے مطابق جب لاٹری جیتنے کا علم ہوا تو پوری رات ہوٹل میں گزاری کیونکہ ڈر تھا کہ لاٹری ٹکٹ گم نہ ہوجائے۔

  • کرونا وبا کے بعد ہمارے طلبہ کا چین واپس جانے کا مطالبہ پورا ہو رہا ہے: سفارتی حکام

    کرونا وبا کے بعد ہمارے طلبہ کا چین واپس جانے کا مطالبہ پورا ہو رہا ہے: سفارتی حکام

    اسلام آباد: سفارتی حکام نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سب سے بڑا پل چین میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ ہیں، کرونا وبا کے بعد ہمارے ان طلبہ کا واپس جانے کا مطالبہ پورا ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے حوالے سے اعلیٰ سفارتی حکام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری کوشش ہے کہ ہمارے طلبہ کی تعداد چین میں سب سے زیادہ غیر ملکی طلبہ کے طور پر بحال ہو جائے۔‘

    سفارتی حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی شراکت داری اسٹریٹیجک نوعیت کی شراکت داری ہے، وزیر اعظم کے دورے کے دوران کوئی بڑا معاہدہ نہیں ہوگا، لیکن ہماری باہمی انڈرسٹینڈنگ ہوگی، اس وقت چین اپنے اگلے 5 سالہ منصوبے کو حتمی شکل دے رہا ہے۔

    حکام نے بتایا کہ وزیر اعظم کو دورے کی دعوت چینی صدر شی جی پنگ کی طرف سے ثمر قند میں ہونے والی ملاقات میں دی گئی تھی، مارچ 2020 کے بعد یہ پاکستان کا پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے، اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کانگریس کے بعد یہ کسی سربراہ کا پہلا دورہ چین ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کے دورے سے قبل چین کا اہم فیصلہ

    سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو وزیر اعظم کی تمام ملاقاتوں میں متوقع طور پر موجود ہوں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ پاکستان چین کی طرف سے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹوز پر بھی بات کرے گا، یو این میں تعاون اور اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی اصلاحات پر بھی بات کی جائے گی، پاکستان سیکیورٹی کونسل میں مستقل ممبران کے اصول کے خلاف ہے، ہم یو ایف سی یعنی یونائیٹیڈ فار چینج گروپ کے رکن ہیں، اور چین ہمارے ساتھ ہے۔

    سفارتی حکام کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے دورے میں سی پیک منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لے کر انھیں آگے بڑھایا جائے گا۔

  • چینی صدر شی جن پنگ کے حوالے سے اہم خبر

    چینی صدر شی جن پنگ کے حوالے سے اہم خبر

    بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ ایک اور مدت کے لیے کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکریٹری اور ملک کے صدر منتخب ہو گئے۔

    چینی میڈیا کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ تیسری بار 5 سال کے لیے کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکریٹری اور ملک کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔

    چین کی کمیونسٹ پارٹی نے ہفتے کے روز ملک کی تمام لیڈرشپ میں شی جن پنگ کی ’بنیادی پوزیشن‘ کی توثیق کی، اور انھیں تیسری مرتبہ پارٹی اور ملک کی باگ ڈور سونپی۔

    چینی صدر کی نئی ٹیم میں لی کیانگ، ژاؤ لیجی، وانگ ہوننگ، کائی کی، ڈنگ ژوئی ژیانگ اور لی ژی کو شامل کیا گیا ہے، چین میں دو بار سے زائد صدارت کے عہدے پر پابندی تھی، گزشتہ روز نئی ترمیم کے بعد شی جن پنگ کے تیسری بار صدر منتخب ہونے کی راہ ہموار کی گئی۔

    بیجنگ میں کمیونسٹ پارٹی کے ایک ہفتے تک جاری رہنے والے اجلاس کے اختتام پر، چین کی حکمران جماعت نے بڑے پیمانے پر رد و بدل کی منظوری دی، متعدد اعلیٰ عہدیدار مستعفی ہوئے۔

    چینی صدر نے خطاب میں کہا ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہیں، آئندہ سو سال مزید ترقی کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے۔

    الجزیرہ کے مطابق پارٹی کے 2 ہزار 300 مندوبین اجلاس میں شریک تھے اور اجلاس کو اچھی طرح سے منضبط کیا گیا تھا، تاہم اجلاس میں ایک ناخوش گوار واقعہ بھی پیش آیا، جب سابق چینی صدر ہوجن تاؤ کو عظیم ہال آف دی پیپل میں اختتامی تقریب سے باہر لے جایا گیا، اس سلسلے میں کوئی سرکاری وضاحت بھی جاری نہیں کی گئی ہے۔

    مندوبین نے پارٹی کے چارٹر میں تبدیلیوں پر مشتمل ایک قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی، قرارداد کے مطابق پارٹی کے تمام اراکین ’پارٹی سینٹرل کمیٹی اور مجموعی پارٹی میں کامریڈ شی جن پنگ کی بنیادی پوزیشن کو برقرار رکھنے‘ کے پابند ہوں گے۔