Tag: چین

  • چین کی خطے کے دیگر ممالک کی افواج کے ساتھ تعاون کی حکمت عملی

    چین کی خطے کے دیگر ممالک کی افواج کے ساتھ تعاون کی حکمت عملی

    بیجنگ: چین نے کہا ہے کہ وہ خطے کے دیگر ممالک کی افواج کے ساتھ تعاون کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے روسی فوجی مشقوں میں حصہ لینے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، یہ مشقیں 20 اگست سے 5 ستمبر تک جاری رہیں گی۔

    چینی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ مشقوں میں شمولیت روس کے ساتھ دو طرفہ تعاون کے معاہدے کا حصہ ہے، ان فوجی مشقوں کا مقصد دیگر ممالک کی فوج کے ساتھ تعاون کو گہرا کرنا ہے۔

    فوجی مشقوں میں بھارت، بیلا روس، منگولیا، تاجکستان اور دیگر ممالک کی فوج بھی حصہ لے گی، رواں سال چین اور روسی فوج کے درمیان یہ دوسری فوجی مشقیں ہیں۔

    چین میں گرمی، فیکٹریاں 6 دن کے لیے بند

    واضح رہے کہ بیجنگ اور ماسکو کے درمیان قریبی دفاعی روابط ہیں اور چین نے کہا ہے کہ وہ دو طرفہ تعلقات کو ’’اعلیٰ سطح پر‘‘لے جانا چاہتا ہے۔

    ’’ووسٹوک‘‘ (مشرقی) فوجی مشقوں کا اعلان ماسکو نے گزشتہ ماہ کیا تھا۔ خیال رہے کہ امریکا کی جانب سے تائیوان کے ساتھ بڑھتے روابط کو چین اشتعال انگیز قرار دے چکا ہے اور اس سے چین اور امریکا کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، جس کے بعد چین نے تائیوان کے قریب بھی سمندر میں فوجی مشقیں منعقد کیں۔

  • چین کو اشتعال دلانے کی کوشش، واشنگٹن کا بھارت کے ساتھ چینی سرحد پر جنگی مشقوں کا اعلان

    چین کو اشتعال دلانے کی کوشش، واشنگٹن کا بھارت کے ساتھ چینی سرحد پر جنگی مشقوں کا اعلان

    واشنگٹن: چین کو مزید اشتعال دلانے کی کوشش کرتے ہوئے واشنگٹن نے بھارت کے ساتھ متنازع چینی سرحد پر جنگی مشقوں کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کے بعد امریکا کی جانب سے چین کو اشتعال دلانے کی ایک اور کوشش سامنے آ گئی۔ واشنگٹن نے بھارت کے ساتھ چینی سرحد کے قریب جنگی مشقوں کا اعلان کر دیا۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکا اور بھارت کے درمیان فوجی مشقیں اکتوبر میں ہوں گی، مشقوں میں اعلیٰ سطح کی فوجی تربیت پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔

    دوسری جانب چین اور تائیوان کا تنازعہ خطرناک رخ اختیار کرنے لگا ہے، تائیوان نے بھی جنگی طیاروں کی پروازیں اور بحری گشت بڑھا دیا۔

    چین نے تائیوان کے اطراف میزائل داغ دیے

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق تائیوان نے ممکنہ چینی حملے کے خلاف ساحل پر نصب میزائل بھی الرٹ کر دیے ہیں۔

    تائیوان حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ چین کی فوجی مشقیں حملے کی تیاری ہیں، چین کی افواج ہماری فضائی اور بحری حدود میں داخل ہو چکی ہیں۔

    پلوسی کے دورے کے موقع پر چین نے رد عمل میں تائیوان کے اطراف سمندر میں کئی میزائل داغ دیے تھے، چین نے تائیوان کے اردگرد بڑے پیمانے پر فوجی مشقیں بھی شروع کر دی تھیں۔

  • چینی ماہرین نے کینیا کے لوگوں کے ڈھائی گھنٹے بچا لیے

    چینی ماہرین نے کینیا کے لوگوں کے ڈھائی گھنٹے بچا لیے

    نیروبی: چینی ماہرین نے کینیا کے لوگوں کے ڈھائی گھنٹے بچا لیے، چین کی تعمیر کردہ سڑکوں نے لمبے سفر کو مختصر کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کینیا نے نیروبی ایکسپریس وے کو عوامی آزمائش کے لیے کھول دیا ہے، کینیا کے صدر اوہورو کینیاٹا نے اپنے ملک میں ترقی کو فروغ دینے اور سفری اوقات میں کمی کے لیے چینی تعمیر کردہ سڑکوں کو قابل تعریف قرار دیا۔

    چائنا روڈ اینڈ برج کارپوریشن نے 27 کلومیٹر نیروبی ایکسپریس وے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ماڈل کے تحت تعمیر کیا ہے، اس سڑک کی آزمائش مئی میں شروع ہوئی تھی۔

    کینیاٹا نے نیروبی ایکسپریس وے اور نئے بنائے گئے نیروبی ایسٹرن بائی پاس کی کمیشننگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا اب ماچاکوس کاؤنٹی کے ملولونگو سے کیمبو کاؤنٹی کے ریرونی تک سفر میں 15 سے 24 منٹ لگتے ہیں۔

    انھوں نے کہا ایکسپریس وے سے پہلے، اس سفر میں کم از کم 3 گھنٹے لگتے تھے جو ادیس ابابا جانے اور واپس آنے کے فضائی سفر کے برا بر ہے۔

    نیروبی ایسٹرن بائی پاس کا منصوبہ چائنا کمیونیکیشن کنسٹرکشن کمپنی نے جنوری میں شروع کیا تھا اور اس نے بائی پاس کو اصل 2 لین والے سنگل کیرج وے سے چوڑا کر کے 4 لین اور6 لین والے دوہرے کیرج وے میں تبدیل کر دیا ہے۔

  • چین کا انڈونیشیا کی مدد کے لیے اہم اقدام

    چین کا انڈونیشیا کی مدد کے لیے اہم اقدام

    جکارتہ: انڈونیشیا کا کہنا ہے کہ چین انڈونیشیا کی برآمدات بڑھانے کے لیے پام آئل کی درآمدات میں اضافہ کر رہا ہے، اس سے مقامی کسانوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے بحری امور اور سرمایہ کاری کے رابطہ کار وزیر کا کہنا ہے کہ چین کا انڈونیشیا سے خام پام آئل (سی پی او) کی درآمدات میں اضافہ کرنے کا وعدہ، مؤخر الذکر کی برآمدی قدروں کو بڑھانے اور تازہ پھلوں کے گچھوں (ایف ایف بی) کی قیمت میں اضافے میں نمایاں مدد کرے گا۔

    لوہت بنسر پنڈجیتن نے ایک تحریری بیان میں کہا کہ انڈونیشیا سے سی پی او درآمدی حجم میں اضافہ کرنے کے بارے میں چین کے عزم کے لیے آپ کے بہت شکر گزار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس سے ہمیں یہاں انڈونیشیا میں پام آئل کے تقریباً 1 کروڑ 60 لاکھ مقامی کسانوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

    دنیا کے سب سے بڑے پام آئل پیدا کرنے والے ملک میں کسانوں کے درمیان ایف ایف بی کی قیمتیں اس وقت ذخیرہ اندوزی اور ضرورت سے زیادہ سپلائی کی وجہ سے کم ہو رہی ہیں۔

    انڈونیشین پام آئل ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ انڈونیشیا میں پام آئل کا موجودہ ذخیرہ حد سے زیادہ 70 لاکھ ٹن تک پہنچ گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ چین ہماری پام آئل کی تجارت کو بڑھا کر انڈونیشیا کی مدد جاری رکھے گا۔

  • چین کے شہر ووہان میں پھر لاک ڈاؤن

    چین کے شہر ووہان میں پھر لاک ڈاؤن

    ووہان: چین کے شہر ووہان میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چینی حکومت نے ووہان کی دس لاکھ آبادی والے علاقے جیانگزیا میں محض 4 کیس رپورٹ ہونے پر پورے ضلع میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا۔

    حکام نے شہریوں کو 3 روز تک گھروں میں رہنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق چینی حکومت نے 24 گھنٹے سے بھی کم عرصے میں پورے شہر میں قرنطینہ کا اعلان کیا۔

    واضح رہے کہ چین کے شہر ووہان میں 23 جنوری 2020 میں دنیا کا سب سے پہلا کرونا لاک ڈاؤن لگایا گیا تھا، جسے 8 اپریل میں اٹھا لیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ ایک کروڑ 10 لاکھ آبادی والے ووہان شہر میں ایک مارکیٹ سے دسمبر 2019 میں پہلی مرتبہ کرونا وائرس کا پتا چلا تھا، جس کے بعد اس شہر کو 76 دنوں کے لیے سیل کر دیا گیا تھا اور یہ دنیا سے پوری طرح کٹ گیا تھا۔

    چین کے ہوبائی صوبے میں واقع ووہان کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر رہا ہے، وائرس سامنے آنے کے بعد اس شہر کو عالمی سطح کی تحقیقات کا بھی سامنا رہا، یہ جاننے کے لیے کووِڈ 19 کی وبا کیسے پھیلی۔

    ووہان شہر کی وباؤں کے سلسلے میں تحقیقات کرنے والی لیبارٹری پر بھی سازشی تھیوریوں پر یقین رکھنے والوں کی نگاہیں مرکوز رہیں۔

  • چین میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان

    چین میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان

    بیجنگ: چین میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین نے بدھ سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔

    نیشنل ڈیویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن (این ڈی آر سی) کے مطابق پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 300 یوآن (تقریباً 44.46 ڈالر) فی ٹن اور 290 یوآن فی ٹن کمی کی جائے گی۔

    این ڈی آر سی نے ملک کی تین بڑی تیل کمپنیوں، چائنہ نیشنل پیٹرولیم کارپوریشن، چائنہ پیٹرو کیمیکل کارپوریشن اور چائنہ نیشنل آف شور آئل کارپوریشن کے ساتھ ساتھ دیگر آئل پروسیسنگ کمپنیوں کو تیل کی پیداوار کو برقرار رکھنے اور مستحکم سپلائی کو یقینی بنانے کے لیے نقل و حمل کو آسان بنانے کی ہدایت کی ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں یہ چوتھی اور 28 جون کے بعد لگاتار تیسری بار کمی کی گئی ہے ہے۔

    قیمتوں کے تعین کے موجودہ طریقہ کار کے تحت اگر بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں 50 یوآن فی ٹن سے زیادہ تبدیلی 10 دنوں تک برقرار رہتی ہے تو چین میں تیل اور ڈیزل جیسی ریفائنڈ آئل مصنوعات کی قیمتوں میں اسی کے مطابق ردوبدل کیا جاتا ہے۔

  • ایشیائی ممالک عالمی طاقتوں کے مہرے نہ بنیں: چین

    ایشیائی ممالک عالمی طاقتوں کے مہرے نہ بنیں: چین

    جکارتہ: چینی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایشیائی ممالک عالمی طاقتوں کے ہاتھوں شطرنج کے مہرے نہ بنیں، ہمارے خطے کا مستقبل ہمارے ہاتھوں میں ہونا چاہیئے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے انڈونیشیا میں آسیان (ایسوسی ایشن آف ساؤتھ ایسٹ ایشین نیشنز) کے سیکریٹریٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک عالمی طاقتوں کے ہاتھوں شطرنج کے مہرے نہ بنیں۔

    چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے کے بہت سے ممالک پر فریق بننے کے لیے دباؤ ہے، خطے کو جغرافیائی سیاسی اعتبار سے الگ رکھنا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے خطے کا مستقبل ہمارے ہاتھوں میں ہونا چاہیئے۔

    چین نے چند روز قبل افغانستان کے لیے تجارتی اور سرمایہ کاری کے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے 37 ملین ڈالرز دیے جائیں گے۔

    چین کی جانب سے کہا گیا تھا کہ افغانستان کے لیے ہمارے پاس اقتصادی تعمیرِنو کے طویل المدتی منصوبے ہیں جس میں تجارت کو ترجیح دی جائے گی۔

  • بھارت اور چین پر وبائی امراض کے حملے کا خطرہ

    بھارت اور چین پر وبائی امراض کے حملے کا خطرہ

    گرم موسم کی وجہ سے پگھلتے گلیشیئرز جہاں بہت سے نقصانات کا سبب بن رہے ہیں، وہیں ماہرین نے ایک اور بڑے خطرے کی طرف اشارہ کردیا ہے جو بھارت اور چین کو لاحق ہوسکتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سائنسدانوں نے گلوبل وارمنگ کے باعث تیزی سے گلیشیئرز پگھلنے کے نتیجے میں بھارت اور چین کو لاحق خطرات سے خبردار کردیا ہے۔

    سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ تبت کے گلیشیئرز پر وبائی امراض کی صلاحیت رکھنے والے 968 نامعلوم جرثومے دریافت ہوئے ہیں جو امراض پھیلانے کا مؤجب بن سکتے ہیں۔

    سائنسدانوں کے مطابق ممکنہ طور پر خطرناک بیکٹیریا کا اخراج چین اور بھارت کو متاثر کرسکتا ہے اور ان جرثوموں میں نئی ​​وبائی بیماریاں پیدا کرنے کی بھی صلاحیت موجود ہے۔

    مزید پڑھیں: پگھلتی برف سے وائرسز اور بیماریوں کا پنڈورا بکس کھل جائے گا

    ایک تحقیق کے مطابق مجموعی طور پر جرثوموں کی 968 اقسام کی شناخت کی گئی ہیں جن میں سے کچھ سائنس کے علم میں تھیں تاہم، 98 فیصد اقسام نامعلوم ہیں۔

    سائنسدانوں کو تشویش ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں گلیشیئرز پگھلنے سے خطرناک جرثومے خارج ہو سکتے ہیں اور تبت کے گلیشیئر سے آنے والا پانی وبائی امراض کو جنم دے سکتا ہے کیونکہ یہ چین اور بھارت میں بالترتیب دریائے زرد، یانگسی اور گنگا کو پانی فراہم کرتا ہے۔

    گزشتہ سال کے سیٹلائٹ تجزیے سے پتہ چلتا ہے کہ تقریباً تمام گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں جس سے دنیا بھر میں خطرناک پیتھوجینز کے اخراج کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔

  • برکس اجلاس :  چین  کا پاکستان کی حمایت کا اعادہ

    برکس اجلاس : چین کا پاکستان کی حمایت کا اعادہ

    بیجنگ : چین نے ایک رکن کی جانب سے برکس اجلاس میں شرکت روکنے کے بعد پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ  عالمی ترقی کا فروغ آگے بڑھانے میں پاکستان کے اہم کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی وزارت خارجہ کےترجمان نے برکس اجلاس کے بعد بیان میں کہا ہے کہ عالمی ترقی پرڈائیلاگ کا فیصلہ برکس ممالک میں مشاورت سے ہواتھا، پاکستان گلوبل ڈیولپمنٹ انیشیٹو کےدوستوں کےگروپ کا اہم رکن ہے۔

    چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ چین عالمی ترقی کافروغ آگے بڑھانے میں پاکستان کے اہم کردار کو قدرکی نگاہ سےدیکھتا ہے اور عالمی ترقی کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

    ترجمان نے کہا کہ پاکستان عالمی ترقیاتی اقدام کونافذ کرنےمیں ترجیحی شراکت دار ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز پاکستانی دفتر خارجہ نے تصدیق کی تھی کہ برکس سربراہی اجلاس میں ایک رکن نے پاکستان کی شرکت کو روک دیا، امید ہے آئندہ ترقی پذیر ممالک کی شرکت کو یقینی بنائی جائے گی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم ترقی پذیر ممالک کے مفادات کے فروغ میں چین کے کردار کوسراہتے ہیں، چین کیساتھ ملکر پاکستان عالمی امن اور جامع ترقی کے لیے مضبوط آواز اٹھا رہاہے۔

  • چین میں کرپٹو کے خلاف سخت کریک ڈاؤن

    چین میں کرپٹو کے خلاف سخت کریک ڈاؤن

    چین کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن وی چیٹ نے اپنے پلیٹ فارم پر نان فنجیبل ٹوکنز (این ایف ٹی) اور کرپٹو خدمات پرسخت پابندیاں عائد کردی ہیں۔

    چینی حکومت کی جانب سے کرپٹو کرنسی اور ڈیجیٹل اثاثوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی آگئی ہے اور اسی تناظر میں وی چیٹ نے بھی اپنے پلیٹ فارم پر کرپٹوسے متعلق اکاؤنٹس بند کردیے ہیں۔

    وی چیٹ کی ڈیویلپر کمپنی ٹینسیٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے اپنے پلیٹ فارمز پر کرپٹو کے اجرا، تجارت، اس میں سرمایہ کاری اوراین ایف ٹی کو غیر قانونی کاروبار قرار دے دیا ہے، اس حوالے سے اپنے ضابطہ اخلاق کے سیکشن 3.24 میں اسے غیر قانونی کاروبار کے زمرے میں شامل کردیا ہے۔

    اگر کوئی اکاؤنٹ کرپٹو کی لین دین، اس کے اجرا اور سرمایہ کاری میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی ہوگی، اور ہو سکتا ہے کہ اس اکاؤنٹ کو مستقل طور پر بین کردیا جائے۔

    واضح رہے کہ رواں سال مارچ کے آخر میں وی چیٹ کے ڈیولپرز ٹینسینٹ نے حکومتی پالیسیوں کومد نظر رکھتے ہوئے مذکورہ ایپ پر کرپٹو اور این ایف ٹی کے پبلک اکاؤنٹس سے منسلک تمام لنکس کو بلاک کردیا تھا، جس کا مقصد پرانے اور رسکی نان فنجیبل ٹوکنز کی خرید و فروخت کا سدباب کرنا تھا۔

    وی چیٹ نے جن این ایف ٹی ٹریڈنگ پلیٹ فارمز تک رسائی پر پابندی عائد کی، ان میں آئی باکس، آرٹ میٹا، ون میٹا اور دیگر بڑے نام شامل تھے۔

    یاد رہے کہ چینی قوانین کے تحت کرپٹو کرنسی کی تجارت اور مائننگ پر سخت پابندی عائد ہے، تاہم این ایف ٹی کو حاصل قانونی حیثیت کے بارے میں ابہام موجود ہیں۔