Tag: چین

  • چین کے لیے پاکستانی طلبہ کی پروازیں شروع

    چین کے لیے پاکستانی طلبہ کی پروازیں شروع

    اسلام آباد: کرونا کے باعث پابندیوں میں نرمی کے بعد پاکستانی طلبہ کی پہلی پرواز چین روانہ ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے لیے پاکستانی طلبہ کی پروازیں شروع ہو گئیں، پہلی پرواز اسلام آباد ایئر پورٹ سے 105 طلبہ کو لے کر آج صبح پیر کو روانہ ہو گئی۔

    وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے پاکستانی طلبہ کے وفد کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے الوداع کیا، پی آئی اے کا خصوصی طیارہ طلبہ کو لے کر چین کے شہر ژیانگ پہنچے گا۔

    رانا تنویر حسین نے ایئر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی خصوصی کوششوں کے باعث پاکستانی طلبہ وبا کے بعد اب چین جا کر اپنی تعلیم مکمل کر سکیں گے، کرونا کے باعث چین میں پڑھنے والے طلبہ کا کافی نقصان ہوا ہے۔

    انھوں نے کہا ہم چین کے صدر شی جن پنگ کی خصوصی کوششوں پر ان کے شکر گزار ہیں، چین کی حکومت اور چین کا ایمبیسی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    رانا تنویر نے کہا حج آپریشن کے باعث طیاروں اور فلائٹس کی کمی تھی، اس لیے طلبہ کے لیے پی آئی اے کے خصوصی طیارے کا انتظام کیا گیا، طلبہ کے پہلے بیچ کا جانا خوش آئند ہے، اس کے بعد مزید پروازیں بھی چلائی جائیں گی۔

    انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے طلبہ کی واپسی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے خصوصی ہدایت کی تھی۔

  • کیا چین کو خلائی مخلوق کے سگنل موصول ہوگئے؟ ذرائع ابلاغ نے خبر شائع کر کے ہٹا دی

    کیا چین کو خلائی مخلوق کے سگنل موصول ہوگئے؟ ذرائع ابلاغ نے خبر شائع کر کے ہٹا دی

    چین نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ خلائی مخلوق کی کسی تہذیب کے سگنل وصول کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے، تاہم اس خبر کے شائع ہونے کے بعد کچھ ہی دیر بعد اسے ہٹا دیا گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق چین کا دعویٰ ہے کہ اس کی دیوہیکل اسکائی آئی دوربین ممکنہ طور پر ایلین (خلائی مخلوق) تہذیبوں کے سگنلز پکڑنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

    ریاستی حمایت یافتہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیلی نے اس حوالے ایک رپورٹ شائع کی تھی، لیکن بعد میں اس دریافت کے بارے میں شائع شدہ رپورٹ اور پوسٹس کو حذف کر دیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں بیجنگ نارمل یونیورسٹی، چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کی قومی فلکیاتی رصد گاہ اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، برکلے کی ماورائے زمین تہذیب کی تلاش کی ٹیم کے چیف سائنس دان ژانگ ٹونجی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ دنیا کی سب سے بڑی ریڈیو ٹیلی اسکوپ اسکائی آئی کے ذریعے دریافت کیے گئے نیرو (تنگ) بینڈ برقی مقناطیسی سگنلز پچھلے پکڑے گئے سگنلز سے مختلف ہیں اور ٹیم ان کی مزید جانچ کر رہی ہے۔

    یہ واضح نہیں ہے کہ رپورٹ کو بظاہر چین کی سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت کے سرکاری اخبار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیلی کی ویب سائٹ سے کیوں ہٹا دیا گیا، حالانکہ یہ خبر پہلے ہی سوشل نیٹ ورک ویبو پر ٹرینڈ کرنا شروع کر چکی تھی اور دیگر بشمول ریاست کے زیر انتظام ذرائع ابلاغ نے بھی اسے شائع کیا تھا۔

    ستمبر 2020 میں اسکائی آئی، جو کہ چین کے جنوب مغربی صوبہ گوئیژو میں واقع ہے اور اس کا قطر 500 میٹر (1,640 فٹ) ہے، نے باضابطہ طور پر بیرونی زندگی کی تلاش کا آغاز کیا۔

    رپورٹ کے مطابق سائنس دان ژانگ نے بتایا کہ ٹیم نے 2019 میں جمع کیے گئے ڈیٹا پر کارروائی کرتے ہوئے 2020 میں مشکوک سگنلز کے دو سیٹوں کا پتہ لگایا، اور 2022 میں ایک اور مشکوک سگنل ایکسپو پلینیٹ کے اہداف کے مشاہدے سے ملا۔

    چین کی اسکائی آئی کم فریکوئنسی والے ریڈیو بینڈ میں انتہائی حساس ہے اور ایلین تہذیبوں کی تلاش میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مشتبہ سگنلز تاہم کسی قسم کی ریڈیو مداخلت بھی ہو سکتے ہیں، اس پر مزید تفتیش کی ضرورت ہے۔

  • پاکستان کے اعلیٰ سطح ٹرائی سروس ملٹری وفد کا چین کا دورہ

    پاکستان کے اعلیٰ سطح ٹرائی سروس ملٹری وفد کا چین کا دورہ

    اسلام آباد: پاکستان کے اعلیٰ سطح ٹرائی سروس ملٹری وفد نے چین کا دورہ کیا جس کی قیادت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے اعلیٰ سطح ٹرائی سروس ملٹری وفد نے چین کا دورہ کیا، عسکری وفد کا دورہ 9 سے 12 جون کے درمیان ہوا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران پاکستان اور چین کی اعلیٰ سطح کی فوجی قیادت کی ملاقات ہوئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چینی وائس چیئرمین سی ایم سی جنرل ژھانگ نے وفود کی قیادت کی۔

    دونوں جانب سے بین الاقوامی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو ہوئی جبکہ باہمی دفاعی تعاون پر مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور چین نے اسٹریٹجک شراکت داری پر عزم کا اعادہ بھی کیا، دونوں جانب سے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے رابطوں میں تسلسل پر اتفاق کیا گیا۔

    دونوں جانب سے تربیت، ٹیکنالوجی اور انسداد دہشت گردی تعاون کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

  • جنگلات میں آتشزدگی سے نمٹنے کے لیے چین کا تعاون

    جنگلات میں آتشزدگی سے نمٹنے کے لیے چین کا تعاون

    اسلام آباد: پاکستان کے جنگلات میں آتشزدگی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے چین کے ساتھ مشترکہ فریم ورک کے تحت میٹنگ کی گئی، میٹنگ میں دونوں ممالک کے ماہرین پر مشتمل جوائنٹ ورکنگ گروپ کی تشکیل کی بنیاد رکھی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جنگلات میں آتشزدگی کے خطرے سے نمٹنے اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے پاک چین تعاون فریم ورک کے تحت اعلیٰ سطح کے وفد کی آن لائن میٹنگ ہوئی۔

    میٹنگ کا مقصد جنگلات میں لگنے والی آگ کے خطرات سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔

    پاکستان کی جانب سے وفد کی قیادت چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے کی جبکہ چینی وفد کی سربراہی بین الاقوامی تعاون اور ریسکیو ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل مسٹر لیو ویمن نے کی۔

    اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے کی معاونت، ممبران این ڈی ایم اے، جوائنٹ سیکریٹری ای اے ڈی، ڈی جی پنجاب ایمرجنسی سروس 1122، ڈی جی سول ڈیفنس، ڈی آئی جی جنگلات اور وزارت موسمیاتی تبدیلی نے کی۔

    مسٹر لیو ویمن نے بلوچستان میں ہونے والی آتش زدگی پر کامیابی سے قابو پانے میں حکومت پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور بذریعہ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی قبل از وقت وارننگ، مشترکہ نگرانی کے نظام اور فوری رسپانس کے حوالے سے مکمل تعاون کی پیشکش کی۔

    اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے کی تجویز پر اتفاق کرتے ہوئے دونوں ممالک کے ماہرین پر مشتمل جوائنٹ ورکنگ گروپ کی تشکیل کی بنیاد رکھی گئی تاکہ اس سلسلے کو آگے بڑھایا جا سکے۔

  • چین: دوران ٹیک آف مسافر طیارے کو بڑا حادثہ پیش آ گیا (ویڈیو)

    چین: دوران ٹیک آف مسافر طیارے کو بڑا حادثہ پیش آ گیا (ویڈیو)

    بیجنگ: چین سے تبت کے لیے اڑان بھرنے والا تبتی طیارہ رن وے پر اچانک حادثے کا شکار ہو کر خوف ناک شعلوں میں گِھر گیا، جس کے باعث 36 مسافر زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح جنوب مغربی چین میں چونگ چنگ ژیانگبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر تبت ایئر لائن کا طیارہ A319 ٹیک آف کی کوشش کرتے ہوئے رن سے اتر گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔

    چین کی سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیارے کے پائلٹس کو گڑ بڑ محسوس ہونے پر انھوں نے طریقہ کار کے مطابق ایمرجنسی میں ٹیک آف روک لیا، تاہم طیارہ رن وے سے اترنے کی وجہ سے انجن کو نقصان پہنچا اور اس میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔

    حادثے کے بعد سامنے آنے والی ویڈیو فوٹیجز میں مسافروں کو چیختے ہوئے طیارے سے جان بچانے کے لیے بھاگتے دیکھا گیا، حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں عملے کے 9 ارکان سمیت 122 افراد سوار تھے، جن میں 36 مسافروں کو معمولی زخم آنے پر انھیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    حادثے کے بعد سے چونگ چنگ ژیانگبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو عارضی بند کیا گیا، اور متعدد پروازوں کو بھی منسوخ کرنا پڑا۔

    تبت ایئر لائن کا یہ طیارہ چینی شہر چونگ چنگ سے تبت کے شہر نینگچی جا رہا تھا، پرواز میں اچانک فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی، جس پر پائلٹس نے ٹیک آف روکا تو اس کوشش میں طیارہ رن وے سے اتر گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔

    طیارے کو آگ لگنے سے شدید نقصان پہنچا ہے، جائے وقوعہ پر شہریوں کے بنائے گئے ویڈیو کلپس میں ایئر بس کی بائیں جانب آگ جلتی ہوئی دکھائی دیتی ہے، آگ لگتے ہی فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

    یہ واقعہ چائنا ایسٹرن ایئر لائنز کے طیارے کے مہلک حادثے کے 2 ماہ سے بھی کم وقت کے بعد پیش آیا ہے، جس کی وجہ سے سی اے اے سی نے ممکنہ حفاظتی خامیوں کو تلاش کرنے کے لیے سیکٹر بھر میں معائنہ شروع کر دیا ہے۔

  • عمارت کے ملبے تلے دفن 2 افراد پچاس گھنٹوں بعد زندہ نکال لیے گئے

    عمارت کے ملبے تلے دفن 2 افراد پچاس گھنٹوں بعد زندہ نکال لیے گئے

    بیجنگ: وسطی چین میں منہدم ہونے والی ایک عمارت کے ملبے تلے دفن 2 افراد کو زندہ نکال لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ اتوار کو وسطی چین میں ایک عمارت کے منہدم ہونے کے 50 گھنٹے بعد دو افراد کو بچا لیا گیا، جس میں درجنوں افراد پھنس چکے ہیں یا لاپتا ہو گئے ہیں۔

    رہائشی عمارت کے انہدام کا واقعہ چین کے صوبے ہنان کے دارالحکومت چانگشا میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں 39 افراد لاپتا ہو گئے ہیں، اور اب تک عمارت کے ملبے سے 7 افراد کو بہ حفاظت نکالا جا چکا ہے۔

    پولیس نے حادثے کے بعد عمارت کے مالک سمیت 9 افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ ملبے تلے نکالے جانے والے افراد کی حالت تشویش سے باہر ہے اور اسپتال میں ان کی نگہداشت جاری ہے۔

    حکام کے مطابق ملبے تلے تقریباً 20 افراد پھنسے ہوئے ہیں، جب کہ مزید 39 کا ہفتہ کے آخر تک کوئی پتا نہیں تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ عمارت کے مالک کے علاوہ، انھوں نے تین افراد کو ڈیزائن اور کنسٹرکشن کے حوالے سے اور پانچ دیگر کو اس وجہ سے گرفتار کیا ہے کیوں کہ انھوں نے عمارت کی چوتھی سے چھٹی منزل تک ایک گیسٹ ہاؤس کے لیے غلط حفاظتی تخمینہ لگایا تھا۔

  • باس نے ملازمین کے موبائل کی چارجنگ کا اسکرین شاٹ مانگ لیا

    باس نے ملازمین کے موبائل کی چارجنگ کا اسکرین شاٹ مانگ لیا

    دنیا بھر میں مختلف کمپنیوں کے باسز ملازمین سے زیادہ سے زیادہ کام لینے کے لیے نت نئے طریقے اپناتے ہیں اور ایسے ہی ایک طریقے کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے شہر ووہان میں ایک چھوٹی کمپنی کے باس نے حال ہی میں اپنے ملازمین کو حکم دیا کہ وہ کام ختم کر کے گھر جانے سے قبل انہیں اپنے موبائل فون کی بیٹری کے اسکرین شاٹس بھیجیں۔

    رپورٹس کے مطابق حالیہ مہینوں میں کمپنی کی خراب کارکردگی کی وجہ سے باس نے فیصلہ کیا کہ وہ اندازہ لگائے کہ ملازمین دفتر میں کام کرنے کے بجائے اپنے اسمارٹ فون پر کتنا وقت گزارتے ہیں۔

    ملازمین کو یہ ہدایت اس لیے دی گئی تاکہ یہ اندازہ لگایا جاسکے کہ کام کے دوران انہوں نے کتنا کام کیا اور کتنا وقت موبائل استعمال کرتے ہوئے ضائع کیا۔

    کمپنی کے ایک ملازم نے باس کی جانب سے کارکردگی بڑھانے کے اس متنازعہ طریقے کو بے نقاب کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا اور بتایا کہ اسے اور دیگر ملازمین کو روزانہ اپنا کام ختم کرتے ہی موبائل کی بیٹری کا اسکرین شاٹ باس کو بھیجنا پڑتا ہے۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مذکورہ کمپنی کے باس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور اس اقدام کو پرائیویسی کے خلاف قرار دیا جارہا ہے۔

    سوشل میڈیا پر تنقید کیے جانے کے بعد کمپنی کے صدر نے کہا کہ اس طریقے کا مقصد اپنے ملازمین کی پرائیویسی کی خلاف ورزی کرنا نہیں تھا بلکہ اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ کمپنی کی پیداواری صلاحیت کو بڑھایا جاسکے۔

  • چین کی جانب سے مبارک باد

    چین کی جانب سے مبارک باد

    اسلام آباد: چین نے میاں شہباز شریف کو وزیر اعظم پاکستان بننے پر مبارک باد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے پاکستان کے 23 ویں وزیر اعظم کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں، مختلف ممالک کی جانب سے مبارکبادیں موصول ہو رہی ہیں، چین نے بھی انھیں مبارک باد دی ہے۔

    چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان سے اپنی روایتی دوستی جاری رکھنا چاہتا ہے، اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پُر عزم ہے۔

    چین نے اعلیٰ معیار کے سی پیک اور مشترکہ مستقبل کے لیے بھی عزم کا اظہار کیا، ترجمان نے کہا کہ چین اور پاکستان اسٹریٹجک پارٹنر ہیں۔

    شہباز شریف کا وزیراعظم بنتے ہی نریندرمودی کو اہم پیغام

    یاد رہے گزشتہ روز بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعظم منتخب ہونے پر شہباز شریف کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کی خواہش ہے کہ خطے میں امن اور استحکام ہو تاکہ ہم ترقیاتی چیلنجز اور لوگوں کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کر سکیں۔

    شہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے پر امریکا کا اہم بیان سامنے آگیا

    شہباز شریف کے وزیر اعظم منتخب ہونے پر امریکا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کسی ایک سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتے، آئین کی پاسداری کے عمل کی حمایت کرتے ہیں۔ جین ساکی نے کہا کہ جمہوری خوش حال پاکستان امریکا کے مفاد میں ہے، نئی لیڈر شپ کے ساتھ تعلقات جاری رکھیں گے۔

  • لائیو اسٹریمنگ سے متعلق چین کا اہم فیصلہ

    لائیو اسٹریمنگ سے متعلق چین کا اہم فیصلہ

    بیجنگ: چین نے لائیو اسٹریمنگ سیکٹر کے ضابطوں کو مزید سخت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سائبر اسپیس ایڈمنسٹریشن آف چائنا، اسٹیٹ ٹیکسیشن ایڈمنسٹریشن اور اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن فار مارکیٹ ریگولیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ لائیو اسٹریمنگ اکاؤنٹ رجسٹریشن کے انتظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔

    سرکلر کے مطابق لائیو اسٹریمرز کے ساتھ ساتھ لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کو صارفین میں افواہیں پھیلانے، خود کو فائدہ پہنچانے یا جھوٹی تشہیر کے ذریعے مصنوعات کی فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    سرکلر میں کہا گیا ہے کہ پلیٹ فارمز اور متعلقہ اداروں کو انفرادی انکم ٹیکس کی ادائیگی طے شدہ شرائط کے مطابق ادا کرنے کی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہوگا، اور جو کوئی بھی ٹیکس چوری یا ٹیکس سے متعلق کسی دوسرے جرم کا ارتکاب کرے گا اسے قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

    سرکلر میں یہ بھی بتایا گیا کہ اداروں کی جانب سے پلیٹ فارمز، اداروں اور لائیو اسٹریمرز کے قانونی حقوق اور مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔

  • چین کا پاکستان کے قومی وقار کے دفاع میں حمایت کا اعلان

    چین کا پاکستان کے قومی وقار کے دفاع میں حمایت کا اعلان

    بیجنگ: چین نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی سالمیت، اور قومی وقار کے دفاع میں حمایت کااعلان کر دیا ہے۔

    چینی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہمیشہ کی طرح پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کی حفاظت میں اس کی مدد کریں گے، چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست اور مضبوط ترین حامی ہے۔

    ادھر چینی وزیر خارجہ کی شاہ محمود قریشی سے چین میں ملاقات ہوئی ہے، ترجمان چینی وزارت خارجہ نے اس ملاقات کے حوالے سے بیان میں کہا کہ گریٹ پاور ٹیم میں خطے کے چھوٹے ممالک نشانہ نہیں بننے چاہیئں۔ چینی وزارت خارجہ نے خطے میں روس اور یوکرین جنگ کے تناظر میں کہا کہ چھوٹے اور درمیانے ممالک سرد جنگ کا ہتھیار نہیں بنیں گے۔

    چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ ہم سرد جنگ کے دور کی سوچ کو دوبارہ پروان چڑھنے نہیں دیں گے، ایشیائی ممالک میں محاذ آرائی والی کیفیت کو نہ دہرایا جائے، چھوٹے اور درمیانے ممالک کو سرد جنگ کا ہتھیار نہ بنایا جائے۔