Tag: چین

  • وزیر اعظم کا چین میں مسافر طیارے کے حادثے پر اظہار افسوس

    وزیر اعظم کا چین میں مسافر طیارے کے حادثے پر اظہار افسوس

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے چین میں مسافر طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غم کی اس گھڑی میں ہم چین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    چین کے علاقے گوانگشی ژوانگ میں ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہونے کی وجہ سے اس میں سوار تمام 132 مسافروں کی موت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں مسافر طیارے کے حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔

    وزیر اعظم نے لکھا حادثے میں المناک جانی نقصان پر دکھ ہوا، ہم غم کی اس گھڑی میں چین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ ایک بوئنگ 737 مسافر جیٹ لائنر جس میں 132 افراد سوار تھے، آج دوپہر 2 بج کر 38 منٹ پر جنوبی چین کے خود مختار علاقے گوانگشی ژوانگ میں ایک پہاڑی مقام پر گر کر تباہ ہو گیا۔

    چین میں 132 مسافروں کو لے جانے والا طیارہ گر کر تباہ

    چین کی سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (سی اے اے سی) نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ، چائنا ایسٹرن ایئر لائنز کا ہے، یہ طیارہ شہر کنمنگ سے گوانگژو سٹی کے لیے پرواز پر تھا، اور وزو شہر پر اس کا رابطہ منقطع ہوا۔

    طیارے میں 123 مسافر اور عملے کے 9 ارکان سوار تھے، تاحال ہلاکتوں کی تعداد معلوم نہیں ہو سکی ہے، ریسکیو آپریشن بھی جاری ہے، چائنا میڈیا گروپ (سی ایم جی) نے مقامی ہنگامی انتظامی عملے کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ حادثے سے پہاڑی پر آگ لگ گئی تھی، جسے بجھا دیا گیا ہے۔

    طیارہ حادثے کے فوراً بعد، چینی صدر شی جن پنگ نے امدادی کارروائیوں کے لیے ہر ممکن کوشش کا حکم جاری کیا۔

  • پاکستان  میں بھارتی میزائل گرنے کا واقعہ ،  چین کا ردعمل آگیا

    پاکستان میں بھارتی میزائل گرنے کا واقعہ ، چین کا ردعمل آگیا

    بیجنگ : چینی وزارت خارجہ نے پاکستان میں بھارتی میزائل گرنے کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے دونوں ممالک پر جلد بات چیت اور مذاکرات کرنے پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی حدود میں بھارتی میزائل گرنے کے واقعے پر چین کا ردعمل آگیا ، چینی وزارت خارجہ کی جانب سے بیان میں دونوں ممالک پر جلد بات چیت اور مذاکرات کرنے پر زور دیا۔

    چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھارتی میزائل گرنے کا واقعہ علم میں ہے، دونوں ممالک کو معاملے پر بات کرنی اور جائزہ لینا چاہیے۔

    چین نے کہا بھارت اور پاکستان مذاکرات اور میزائل گرنے کی تحقیقات کریں اور واقعے سے متعلق معلومات کو شیئرکیا جائے ساتھ ہی رپورٹنگ طریقہ کار طے کیا جائے تاکہ ایسے واقعہ پھر نہ ہو۔

    یاد رہے اس سے قبل امریکا نے پاکستان میں بھارتی میزائل گرنے کے معاملے پر تبصرے سے انکار کردیا تھا ، اس حوالے سے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے کہا تھا کہ بھارتی وزارت دفاع نے واقعے کو حادثہ قراردیا ہے، میزائل گرنے کے معاملے پر اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔

    خیال رہے کہ 9مارچ کو ایک انہونا اور خطرناک واقعہ ہوا تھا، بھارت سے ایک سپرسانک میزائل 250 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے پاکستان میں گرا تھا، بھارتی میزائل 40 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرتے ہوئے پاکستانی علاقے میں گرا تھا۔

  • 3 ہزار سال قدیم جانور، جسے انسان نے حملے کر کے معدوم کردیا

    3 ہزار سال قدیم جانور، جسے انسان نے حملے کر کے معدوم کردیا

    اب سے 3 ہزار سال قبل زمین پر موجود ایک خطرناک جانور، جو مگر مچھ سے مشابہ ہے، انسانوں کی جانب سے اس قدر بہیمانہ حملوں کا نشانہ بنایا گیا کہ اس کی نسل معدوم ہوگئی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق چین میں 3 ہزار سال قبل گھومنے والے 19 فٹ لمبے مگر مچھ جیسی قدیم مخلوق کو رسماً سر کاٹ کر مارنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ماہرین کا خیال ہے کہ نو دریافت شدہ قسم کو صدیوں تک بے رحمی سے شکار کر کے ناپید ہونے تک انسانوں نے پہنچایا، ماہرین نے 3 ہزار سے 34 سو سال قبل مارے جانے والی 2 مخلوقات کی جزوی طور پر محفوظ باقیات کا تجزیہ کیا۔

    ماہرین نے دریافت ہونے والی نئی قسم کا نام ہانیوسوچس سائینینس کے نام پر رکھا، یہ نویں صدی کے شاعر تھے جنہوں نے جنوبی چین کے صوبے گونگ ڈونگ کے دریائے ہان کا ڈیلٹا چھوڑنے کے لیے مگرمچھوں کو خبردار کیا تھا۔

    تاریخی روایات کے مطابق ہان یو، جو ٹینگ سلطنت کے دوران حکومتی عہدے دار بھی تھا، نے ان مخلوقات سے چھٹکارہ پانے کے لیے ایک خنزیر اور بکری بھی قربان کی تھی۔

    لیکن بد قسمتی سے وہ وہاں باقی رہے اور کہا جاتا ہے کہ سینکڑوں سال بعد جب جنوبی چین میں انسانوں نے ہجرت کی اور شکار شروع کیا تو وہ ان کی نسل ناپید ہوتی گئی۔

    اس سے قبل یہ جانور انسانوں کا ہدف ہونے کے باوجود قدیم چین میں خطرناک شکاری تھا، یونیورسٹی آف ٹوکیو کی ماہرین کی ٹیم کو باقیات پر شدید حملوں اور حتیٰ کہ سر کاٹنے کے شواہد بھی ملے۔

  • 4 سالہ بچے کی ڈرائیونگ کی مہارت نے سب کو حیران کردیا

    4 سالہ بچے کی ڈرائیونگ کی مہارت نے سب کو حیران کردیا

    چین میں 4 سالہ بچے نے انڈوں کے درمیان سے کھلونا گاڑی گزار کر سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

    چین میں ایک بچے نے سڑک پر 2 درجن سے زائد انڈے سجا دیے اور پھر اپنی ڈرائیونگ کی مہارت دکھائی۔

    4 سالہ بچے نے اپنی کھلونا کار کو درجنوں انڈوں کے درمیان سے گزار کر سب کو حیرت میں مبتلا کردیا، اس دوران سڑک پر رکھے انڈوں میں سے کوئی ایک بھی نہیں ٹوٹا۔

    بچے کی حیرت انگیز ڈرائیونگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جسے دیکھ کر ہر کوئی اس کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگیا۔

  • وسیع و عریض صحرا کو کام میں لا کر بجلی بنانے کا چینی منصوبہ

    وسیع و عریض صحرا کو کام میں لا کر بجلی بنانے کا چینی منصوبہ

    بیجنگ: چین اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ماحول دوست طریقوں کی طرف جارہا ہے اور اس سلسلے میں صحرائے گوبی میں سورج اور ہوا سے چلنے والے پاور پلانٹس منصوبوں پر غور کیا جارہا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے اور قابل تجدید انرجی پر انحصار بڑھانے کے لیے چین صحرائے گوبی میں 450 گیگا واٹ (ساڑھے 4 لاکھ میگا واٹ) کے سولر اور ونڈ پاور پلانٹس لگانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

    چین کے صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ ملک میں سولر اور ونڈ پاور کو کم از کم 1200 گیگا واٹ کیا جائے گا اور 2030 تک کاربن کے اخراج کو کم کیا جائے گا۔ نیشنل ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے ڈائریکٹر ہی لائفینگ نے کہا کہ چین تاریخ کا سب سے بڑا سولر اور ونڈ پاور پلانٹ بنانے جا رہا ہے۔

    چین نے سنہ 2021 کے آخر تک 306 گیگا واٹ سولر پاور کپیسٹی اور 328 گیگا واٹ ونڈ کپیسٹی انسٹال کی تھی، صحرا میں ایک سو گیگا واٹ کی سولر انرجی کا پراجیکٹ پہلے شروع ہو چکا ہے۔

    ہی لائفینگ نے کہا کہ اس منصوبے کے لیے کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ اور الٹرا ہائی وولٹیج کی ٹرانسمیشن لائنز کی ضرورت ہوگی تاکہ گرڈ سسٹم کا آپریشن کسی رکاوٹ کے بغیر چل سکے۔

    کوئلے سے چلنے والا پلانٹ سولر اور ونڈ پاور سپلائی کو خراب موسم میں چلتا رکھنے میں مدد کرے گا۔

    اس سے قبل چین کے نائب وزیر اعظم ہان زینگ نے کہا تھا کہ چین کو انرجی کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لیے بنیادی طور پر کوئلے پر انحصار کرنا پڑے گا۔

    این ڈی آر سی نے اپنے 2022 کے پلان میں کہا ہے کہ چین کوئلے اور کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کو بھی جاری رکھے گا تاکہ توانائی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • یوکرین: چین نے امریکا کے چہرے سے نقاب ہٹا دیا

    یوکرین: چین نے امریکا کے چہرے سے نقاب ہٹا دیا

    بیجنگ: چین کا کہنا ہے کہ امریکا یوکرین کے معاملے میں غلط معلومات پھیلا کر منافقت کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا اپنی ذمہ داری سے بچنے کے لیے چین کو بدنام کرنے اور اس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے یوکرین کے معاملے میں مسلسل غلط معلومات پھیلا رہا ہے، جو کہ منافقانہ اور قابل نفرت عمل ہے۔

    وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے جمعہ کو ایک رپورٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان خیالات کا اظہار کیا۔

    ایک نامعلوم سینیئر امریکی دفاعی اہل کار نے کہا تھا کہ چین یوکرین کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتا رہتا ہے، لیکن وہ دیگر ممالک کی طرح روس کی مذمت کرنے اور پابندیاں عائد کرنے کو تیار نہیں، نہ ہی اس کا یوکرین کے مسئلے کے سفارتی حل کی کسی کوشش میں حصہ لینے کا ارادہ ہے۔

    وانگ نے کہا کہ امریکا غلط معلومات کے پرچار سے یوکرین بحران شروع کرنے کی ذمہ داری کو چھپا نہیں سکتا، بلکہ اس سے بحران سے فائدہ اٹھانے کا امریکی ارادہ بے نقاب ہو رہا ہے۔

    چینی ترجمان نے امریکی دعوؤں کی قلعی کھولتے ہوئے کہا کہ امریکا ایمان داری سے اپنے اس دعوے کا جواب دے کہ نیٹو کی توسیع کو فروغ دینا امن کی خاطر ہے، کیا اس نے یہ مقصد حاصل کر لیا ہے؟

    انھوں نے کہا امریکا کا دعویٰ تھا کہ وہ یورپ میں جنگ کو روکے گا، کیا ایسا کیا گیا؟ امریکا نے بحران کے پُرامن حل کے لیے کوششوں کا دعویٰ کیا، لیکن اس نے فوجی امداد کی فراہمی اور ڈیٹرنس بڑھانے کے علاوہ امن کے لیے کیا کیا ہے؟

  • وزیر اعظم آج چینی صدر کے ظہرانے میں شرکت کریں گے

    وزیر اعظم آج چینی صدر کے ظہرانے میں شرکت کریں گے

    بیجنگ: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج چینی صدر کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں شرکت کریں گے جبکہ چینی صدر اور وزیر اعظم سے ان کی ملاقات کل ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان اور چیئرمین چائنا انرجی انجینیئرنگ کارپوریشن کی میٹنگ ہوگی، میٹنگ میں کراچی کو پانی کی فراہمی کے منصوبے پر عملدر آمد سے متعلق گفتگو ہوگی۔

    فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں کے بعد وزیر اعظم گریٹ ہال روانہ ہوں گے جہاں وہ چینی صدر کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں شرکت کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آج شام کو وزیر اعظم ازبکستان کے صدر سے ملاقات کریں گے، چینی وزیر اعظم اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، جس کے بعد اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں دوبارہ سرمایہ کاروں سے میٹنگز ہوں گی۔

    فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مائننگ اور ہاؤسنگ کمپنیوں کی مینجمنٹ پاکستان میں سرمایہ کاری پر گفتگو کرے گی۔ وزیر اعظم کی تھنک ٹینکس سے ملاقات بہت مفید رہی، چینی صدر اور وزیر اعظم سے ان کی ملاقات کل ہوگی۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ چین کے بعد جس ٹیم کو ویلکم کیا گیا وہ پاکستان کی ٹیم ہے، چینی تماشائیوں نے کل پاکستانی ٹیم کا شاندار استقبال کیا۔

  • وزیر اعظم عمران خان 3 سے 6 فروری تک چین کا دورہ کریں گے

    وزیر اعظم عمران خان 3 سے 6 فروری تک چین کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان 3 سے 6 فروری تک چین کا دورہ کریں گے جہاں وہ ونٹر اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، وزیر اعظم چین کے صدر اور وزیر اعظم سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان 3 سے 6 فروری تک چین کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم چینی قیادت کی خصوصی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ونٹر اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، وزیر اعظم کے ہمراہ کابینہ ارکان اور اعلیٰ سرکاری افسران پر مشتمل وفد بھی ہوگا۔

    خیال رہے کہ بیجنگ جلد ہی اولمپک گیمز کے موسم گرما اور سرما ایڈیشن کی میزبانی کرنے والا پہلا شہر بنے گا، چین نے کرونا وائرس کے باوجود سرمائی اولمپکس کے انعقاد کے لیے محتاط انتظامات کیے ہیں۔

    ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان دورے میں چین کے صدر اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں سی پیک، تجارتی اور اقتصادی تعاون مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

    ملاقاتوں میں اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

    وزیر اعظم کا دورہ پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کی تقریبات کا اختتام ہوگا، دورہ چین میں متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر بھی دستخط ہوں گے۔

    علاوہ ازیں وزیر اعظم بیجنگ میں ممتاز کاروباری رہنماؤں اور چینی تھنک ٹینکس سے خطاب کریں گے جبکہ بیجنگ میں تعلیمی اداروں اور میڈیا نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

  • حکومت کا چین، روس اور قازقستان سے 5 ارب ڈالر قرض لینے کا فیصلہ

    حکومت کا چین، روس اور قازقستان سے 5 ارب ڈالر قرض لینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے چین، روس اور قازقستان سے 5 ارب ڈالر قرض لینے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کے موقع پر 3 ارب ڈالر قرض کا معاہدہ طے پائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے چین، روس اور قازقستان سے 5 ارب ڈالر قرض لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چین سے 3 ارب، روس اور قازقستان سے 2 ارب ڈالر قرض ملنے کا امکان ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چین سے 3 ارب ڈالر کا قرض زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم کرنے کے لیے ملے گا، جبکہ قازقستان اور روس سے ملنے والے 2 ارب ڈالر ایم ایل ون پر خرچ ہوں گے۔

    ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وزارت اقتصادی امور نے قرض لینے کے لیے منصوبہ تیار کر لیا۔

    وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کے موقع پر 3 ارب ڈالر قرض کا معاہدہ طے پائے گا، چین سے ملنے والے 3 ارب ڈالر کا ابتدائی معاہدہ ایک سال کے لیے ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قازقستان اور روس سے 2 ارب ڈالر کا معاہدہ بھی جلد کیے جانے کا امکان ہے۔

  • چین مصنوعی چاند بنائے گا

    چین مصنوعی چاند بنائے گا

    بیجنگ: چین بہت جلد مصنوعی چاند کو متعارف کروا دے گا جس میں زمین کے سیٹلائیٹ جیسی کشش ثقل اور ماحول موجود ہوگا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق چین کی جانب سے شوژو نامی شہر میں ایک ایسا تحقیقی مرکز تعمیر کیا جارہا ہے جہاں چاند جیسا ماحول تشکیل دیا جائے گا، یہ اپنی طرز کا پہلا تحقیقی ادارہ ہوگا جہاں مقناطیس کو استعمال کر کے چاند جیسے ماحول کو بنایا جائے گا۔

    اس مرکز کے اندر ایک ویکیوم چیمبر ایک چھوٹے چاند کا گھر ہوگا جہاں چاند کی سطح جیسی چٹانیں وغیرہ موجود ہوں گی۔

    چائنا یونیورسٹی آف مائننگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سائنسدان لی ریولین نے بتایا کہ اس مرکز سے چین کے خلائی منصوبوں کو تقویت ملے گی اور ماہرین کو مختلف باتوں کی کھوج کرنے مین مدد مل سکے گی، جیسے چاند پر انفراسٹرکچر کی تعمیر وغیرہ۔

    چین کی جانب سے خلائی پروگرامز پر اربوں ڈالرز خرچ کیے جارہے ہیں اور متعدد مشنز روانہ کیے گئے ہیں جیسے چاند کے تاریک حصے پر دنیا کا پہلا مشن بھیجنا اور 2021 میں مریخ پر پہلے مشن کا کامیابی سے پہنچنا۔

    چین نے 2021 میں روس کے ساتھ مل کر چاند پر ایک مشترکہ تحقیقاتی مرکز کی تعمیر کے منصوبے کا اعلان بھی کیا تھا جبکہ وہ 2030 تک چاند پر اپنے خلا بازوں کو بھیجنے کا بھی خواہش مند ہے۔

    چینی سائنس دانوں کو توقع ہے کہ مصنوعی چاند مستقبل میں چاند پر بھیجے جانے والے مشنز میں اہم کردار ادا کرسکے گا جبکہ خلا بازوں کو کم کشش ثقل کے لیے تیار ہونے کا موقع مل سکے گا۔

    لی ریولین نے بتایا کہ اس سے یہ تعین کرنے میں بھی مدد مل سکے گی کہ مہنگی اور بھاری مشینری کو وہاں پہنچانے سے قبل چاند کی سطح پر تھری ڈی پرنٹنگ ممکن ہے یا نہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ چاند جیسے ماحول میں کچھ تجربات سے ہمیں چند اہم اشارے بھی مل سکیں گے جیسے چاند کی سطح کے اندر کہاں پھنسے ہوئے پانی کو دیکھنا چاہیئے وغیرہ۔

    مگر چاند جیسے ماحول کے لیے تیار ہونے والے کمرے میں مقناطیسی کشش کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے سائنسدانوں کو ابھی متعدد ٹیکنالوجیز تیار کرنے کی ضرورت ہے۔